مفتی عبد المالک مصباحی
18 اپریل 2023
ہاے افسوس! رمضان المبارک
کا مقدس مہینہ اپنی تمام تر عظمتوں اور برکتوں کے ساتھ آہستہ آہستہ ہم سے رخصت
ہوتا جارہاہے۔ ماہ مقدس کی وہ گھڑیاں جو گنہ گاروں کے سیاہ کارناموں کو رحمت
ومغفرت کے پانی سے دھل رہی تھیں بس اب جدا ہونے کو ہیں۔ ایک مومن کا دل ان گھڑیوں
کی آمد پر جتنا خوش تھا اب اس کی جدائی میں اسے کہیں زیادہ مغموم اور دکھی ہے۔رحمت
وبرکت کا یہ مہینہ ایک قابل قدراور فیاض و سخی مہمان کی طرح ہم پر سایہ فگن ہوا
اور اب کچھ دنوں بعدرخصت ہورہاہے جویقینا افسوس اور غم کامقام ہے۔
اسلام میں جہاں انفرادی
طور پر تزکیہ نفس و روح کی طرف مائل کیاگیاہے وہیں اجتماعی زندگی اور اجتماعی
معاملات پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اجتماعی زندگی کے اسی مقصود کو عملی جامہ
پہنانے کے لیے با جماعت نماز،جمعہ، عیدین اورحج کا اہتمام کیاجاتاہے تنہانماز کے
مقابلے میں جماعت سے نماز پڑھنے میں ستائیس گنا ثواب کی بشارت اسی اہمیت کے پیش
نظر ہے (بخاری شریف ج ا،۳۳۲)
اجتماعی زندگی کو مستحکم
بنانے کے لیے ہی ہفتہ میں ایک دن”جمعہ“ کو خصوصی درجہ دیاگیا ہے۔جس کی اہمیت دل
ودماغ میں راسخ کرنے کے لیے اللہ تبارک وتعالیٰ نے قرآن مجید میں پوری ایک
سورہ’نازل فرمائی جسے سورہ جمعہ کے نام سے جاناجاتاہے۔ جس میں خاص نماز جمعہ کی
اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے ارشادفرمایا۔
یٰٓاَیُّھَاالَّزِیْنَ
اٰمَنُوْا اِذَا نُوْدِیَ للصَّلوٰۃَ مِنْ یَّوْمِ اْلجُمْعَۃِ فَاسْعَوْا اِلیٰ
ذِکْرِاللّٰہِ وَذَرُو الْبَیْعَ ذٰلِکُمْ خَیْرُ لَّکُمْ اِنْ کُنْتُمْ
تَعْلَمُوْن۔ (پارہ ۱۸۔الجمعہ۹)
ترجمہ:اے ایمان والو! جب
نماز کے لیے جمعہ کے دن اذان دی جائے، تو ذکر خدا کی طرف دوڑو اور خرید وفروخت
چھوڑ دو تمھاے لیے بہتر ہے اگر تم جانتے ہو۔
حضور صلی اللہ تعالیٰ
علیہ وسلم فرماتے ہیں:
تمھارے افضل دنوں سے جمعہ
کا دن ہے،اسی میں آدم علیہ السلام پیدا کیے گئے اور اسی میں انتقال کیا اور اسی
میں نفخہ ہے (دوسری بار صور پھونکاجانا)اور اسی میں صعقہ ہے (پہلی بار صور پھونکا
جانا)اس دن میں مجھ پر در ود کی کثرت کرو کہ تمھارا درود مجھ پر پیش کیاجاتا ہے
لوگوں نے عرض کی یارسول اللہ!(عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم)اس وقت حضور (صلی
اللہ تعالیٰ علیہ وسلم))ہمارا درود کیوں کر پیش کیاجائے گا،جب حضور (صلی اللہ
تعالیٰ علیہ وسلم)انتقال فرماچکے ہوں گے؟ فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے زمین پر انبیا
کے جسم کو کھانا حرام کردیا ہے۔ (سنن نسائی،ص: ۷۳۲)
حضور صلی اللہ تعالیٰ
علیہ وسلم فرماتے ہیں:
جمعہ کے دن مجھ پر درود
کی کثرت کرو کہ یہ دن مشہودہے،اس میں فرشتے حاضر ہوتے ہیں اور مجھ پر جو درود پڑھے
گا پیش کیاجائے گا۔ابو دردا رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں:میں نے عرض کی اور موت کے
بعد؟فرمایا:بے شک!اللہ (عزوجل) نے زمین پر انبیا کے جسم کو کھانا حرام کردیا
ہے،اللہ کا نبی زندہ ہے،روزی دیاجاتاہے۔ (سنن ابن ماجہ،ج۲،ص:۲۹۱)
حضور صلی اللہ تعالیٰ
علیہ وسلم فرماتے ہیں:
جمعہ تمام دنوں کا سردار
ہے اور اللہ کے نزدیک سب سے بڑا اوروہ اللہ کے نزدیک عیداضحی و عید الفطر سے بھی
بڑا ہے،اس میں پانچ خصلتیں ہیں۔
(۱)اللہ
تعالیٰ نے اسی میں آدم علیہ السلام کو پیداکیا۔
(۲)اور
اسی میں زمین پر انھیں اتارا۔
(۳)اور
اسی میں انھیں وفات دی۔
(۴) اور
اس میں ایک ساعت ایسی ہے کہ بندہ اس وقت جس چیز کا سوال کرے وہ اسے دے گا،جب تک
حرام کا سوال نہ کرے۔
(۵)اور
اسی دن قیامت قائم ہوگی،کوئی فرشتہ مقرب و آسمان وزمین اور ہوا اور پہاڑ اور در
یاایسا نہیں کہ جمعہ کے دن سے ڈرتانہ ہو۔ (سنن ابن ماجہ،ج۲،ص:۸)
ان احادیث مبارکہ سے جمعہ
کی عظمت کا اندازہ لگایاجاسکتاہے۔جب پورے سال کے جمعہ کی یہ عظمت و فضیلت ہے
تورمضان تو بہرحال خصوصی بزرگی کا حامل مہینہ ہے اس لیے رمضان کے جمعوں کا خصوصی
اہتمام کرنا اور بھی زیادہ ضروری ہے۔اللہ تعالیٰ ہم سبھوں کو اس کے احترام کی
توفیق مرحمت فرمائے۔آمین ثم آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ
جمعۃ الوداع کی حقیقت:
اسی ماہ مبارک کے آخری
جمعہ کو ”جمعۃ الوداع“کے نام سے جا نا جا تا ہے۔ ”جمعۃ الوداع“ کی اگرچہ شرعی
اعتبارسے کوئی خاص اہمیت نہیں،لیکن چوں کہ یہ رمضان کے مہینہ کا آخری جمعہ ہے اب
پھر دوبارہ اتنی اہمیت کا حامل مہینہ ملے یا نہ ملے۔
کیابھروسہ ہے زندگانی کا
آدمی بلبلاہے پانی کا
اس لیے خاص اہتمام کے
ساتھ اسے ادا کیا جاتاہے۔بہت سے ایسے لوگ جو پورے سال جمعہ میں بھی حاضر نہیں ہوتے
وہ اپنی سیاہ کاریوں پر نادم و شرمندہ ہوکر انعام الٰہی سے سرفراز ہونے کے لیے خاص
طور سے اس دن آتے ہیں۔اللہ تبارک و تعالیٰ اپنی رحمت کاملہ سے جمعہ کی اجتماعی
نماز کی برکت سے ایسے لوگوں کی ندامت وپشیمانی کو بھی بنظر استحسان ملاحظہ فرماکر
اپنی رحمت بیکراں سے مالامال دیتاہے اس لیے اس جمعہ کا اہتمام کیاجاتاہے
غلط فہمی کا ازالہ:
جمعۃالوداع کے حوالے سے
لوگوں کا ذہن یہ ہے کہ اس میں امام کے لیے خطبہ میں اَلْوِدَاعُ اَلْوِدَاعُ یَا
شَہْرَرَمْضَانُ کہنا ضروری ہے اگر بھولے سے کہیں امام صاحب خطبہ ئ جمعہ میں
اَلْوِدَاعُ اَلْوِدَاعُ یَا شَہْرَرَمْضَان کہنا بھول جائیں تو بڑا ہنگامہ اور
واویلامچایا جاتاہے۔ان لوگوں کی جانکاری کے لیے خاص طورسے عر ض ہے کہ رمضان کے
آخری جمعہ میں اَلْوِدَاعُ اَلْوِدَاعُ یَا شَہْرَرَمْضَان کہناضروری نہیں ہے اگر
بھولے سے امام کبھی نہ پڑھ سکے اور خطبہ مکمل کردے تو بھی نماز بلاکراہت ہوجائے
گی۔اس پر کسی طرح کی چہ می گوئی اور اعتراض کی ضرورت نہیں۔اللہ رب العزت ہمیں دینی
مسائل سیکھنے کا جذبہ اور عمل کی توفیق عطافرمائے۔آمین ثم آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ
----------------------------
مفتی عبد المالک مصباحی متعدد
کتابوں کے مصنف اور مختلف مقامات پر تدریس و خدمات انجام دے چکے ہیں جن میں سے چند
یہ ہیں: بحیثیت مفتی و شیخ الحدیث، دار العلوم غوثیہ ہبلی، کرناٹک، بانی رکن مفتی و
صدر مدرس دار العلوم سلیمانیہ رحمانیہ، بیکانیر، بانی و مہتمم، مفتی و صدر مدرس دار
العلوم غریب نواز بیکانیر، راجستھان، مفتی و صدر مدرس، مدرسہ ونوا لیبومسلم لیگ، فیجی(نزدآسٹریلیا)،
بانی و جنرل سکریٹری مدینہ ایجوکیشنل سوسائٹی، سیتا مڑھی، بہار، ناظم اعلیٰ دارالعلوم
رضاے مصطفی،بکھری،باجپٹی،سیتامڑھی،بہار، مفتی و صدر مدرس مدرسہ شاہ خالد،گیبرون،بٹسوانہ(افریقہ)،
مفتی سنی دارالافتا،مدینہ مسجد،آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ، جنرل سکریٹری رضا فاؤنڈیشن،آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ،
ڈائریکٹر دارین اکیڈمی (جہاں فی الحال دینی و عصری تعلیم دی جاتی ہے) آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ،
بانی ادارہ افکار رضا،جمشیدپور،جھارکھنڈ، چیف ایڈیٹر دوماہی رضاے مدینہ(اردو،ہندی)،آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ
۔
----------------------
URL:
New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Women in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Women In Arab, Islamophobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism