New Age Islam
Tue Apr 29 2025, 07:31 AM

Urdu Section ( 25 March 2023, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Thirty Lessons of Ramadan: Second Lesson on the Respect of Ramadan – Part 2 رمضان کے تیس اسباق: دوسرا سبق، رمضان المبارک کا احترام

مفتی عبد المالک مصباحی

دوسری قسط

25 مارچ 2023

دوسرا سبق: رمضان المبارک کا احترام

 رمضان المبارک نہایت مقدس اور بابرکت مہینہ ہے۔ بڑے خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اس کا ادب و احتر ام کر کے دونوں جہان کی نعمتوں سے سرفراز ہوتے ہیں۔

احترام رمضان کا تذکرہ کرتے ہوئے مدنی آقا صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا:

 رمضان کا مہینہ آگیا ہے جو کہ بہت ہی بابرکت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کے روزے تم پر فر ض کئے ہیں۔ اس میں آسمان کے درواز ے کھول دیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں۔ سر کش شیطانوں کو قید کر لیا جاتا ہے۔ اس میں اللہ تعالیٰ کی ایک رات ”شب قدر“ہے جو ہز ار مہینوں سے بڑھ کر ہے جو اس کی بھلائی سے محروم ہوا وہی محروم ہے۔ (سنن نسائی، ج۴، ص ۹۲۱)

بلاشبہ یہ رمضان المبارک کا احترام ہے کہ اس کی آمد ہوتے ہی شیطان زنجیروں میں جکڑ دئے جاتے ہیں، رحمت کے درواز ے کھول دئے جاتے ہیں۔ (بخاری و مسلم)

رحمت کی گھنگھور گھٹائیں ساون بھادوں کی طرح برسنے لگتی ہیں۔ رحمت و برکت اور بھلائی کی باد بہاری سے اللہ کے مخلص بندوں کے دل و دماغ معطر ہونے لگتے ہیں۔

آتش پرست دامن رحمت میں:رمضان کے احترام سے اپنے تو مالا مال ہوتے ہی ہیں اگر کوئی غیر بھی اس کا احترام بجا لائے تو وہ بھی فیضان رمضان سے محروم نہیں رہتا۔ جیسا کہ مندرجہ ذیل واقعہ سے ظاہر ہے۔

”بخارا میں ایک مجوسی (آتش پرست) رہتا تھا ایک مرتبہ وہ رمضان میں اپنے بیٹے کے ساتھ مسلمانوں کے بازار سے گزررہا تھا۔ اس کے بیٹے نے کوئی چیز اعلانیہ طور پر کھانی شروع کردی مجوسی نے جب یہ دیکھا تو مارے غیرت کے اس نے اپنے بیٹے کو ایک طمانچہ رسید کردیا اور ڈانٹتے ہوئے کہا:

 رمضان المبارک کے مہینے میں تمہیں مسلمانوں کے بازار میں کھاتے ہوئے شرم نہیں آتی؟ تمہارے اس عمل سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ نیز رمضان المبارک کی عظمت کی پامالی بھی، اس لیے آئندہ پھر کبھی ایسی حرکت نہ کرنا۔

اطاعت شعار بیٹا یہ سب کچھ سننے کے بعد نہایت سنجیدگی سے سوال کیا:

 ابا جان!آپ بھی تو رمضان میں کھاتے پیتے ہیں۔ اس کے والد نے جواب دیا ہاں، میں کھاتا ضرور ہوں مگر اپنے مکان کے اندر چھپ کر کھاتا پیتا ہوں، سرعام کھا پی کر اس مبارک مہینہ کی بے حرمتی نہیں کرتا۔

کچھ عرصہ بعد اس آدمی کا انتقال ہو گیا۔ کسی نے خواب میں اسے جنت میں ٹہلتے ہوئے دیکھا حیرت میں ڈوب کر دریافت کیا کہ تو مجوسی تھا پھر جنت میں کیسے؟

اس نے جواب دیا واقعی میں مجوسی تھا لیکن جب میری موت کاوقت قریب آیا تو اللہ تبارک و تعالیٰ نے مجھ پر کرم فرمایا۔ رمضان المبارک کے احترام کی برکت سے اللہ عزو جل نے مجھے ایمان کی دولت سے سرفراز فرما دیا اور ساتھ ہی جنت میں داخل فرماکر اپنی بے انتہا نعمتوں سے مالا مال بھی۔ (نزہۃ المجالس،ج۱۔ ص۷۱۲)

اس واقعہ سے معلوم ہواکہ رمضان کے احترام سے اگر ایک مجوسی فیض یا ب ہوگیا تو مسلمان اگر اس کا احترام بجالاے اوردل و جان سے اس کی تعظیم کرے تو پھر بھلاکیوں کر اس پر رحمت و انوار کی برسات نہ ہوگی؟

شیطان جب قید ہو جاتے ہیں تو پھر گناہ کیوں؟

اب یہاں پر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ مذکورہ حدیث کی روشنی میں جب شیطان قید کر دیا جاتا ہے تو پھر رمضان میں لوگ گناہ کیوں کر تے ہیں؟

 اس کا جواب دیتے ہوئے علماے کرام ارشاد فرماتے ہیں:

حقیقت میں ابلیس اپنی ذریتوں کے ساتھ قید کر دیا جاتا ہے۔ اب اس مہینہ میں جو کوئی بھی گناہ کرتا ہے وہ اپنے نفس امارہ کی شرارت سے کرتا ہے نہ کہ شیطان کے بہکانے سے،اس لیے حدیث پاک اپنی جگہ بالکل صاف اور واضح ہے۔آدمی کو چا ہیے کہ اپنے گناہوں کی شامت سے ڈرتارہے تاکہ ہر موقع پر ا س کی حفاظت ہوتی رہی۔ (مرآۃ المناجیح۔ج۳۔ ص۳۳۱)

رمضان کے احترام کا یہ مطلب ہے کہ اس میں گناہوں سے بچا جائے۔جھوٹ،غیبت، چغلی اور بد کلامی سے اپنے آپ کو بچایا جائے،صرف کھانا پینا بند کر دینے کو رمضان کا کامل احترام نہیں کہا جا سکتا۔ رمضان کے مقصد کو حاصل کرنا ہی اصل میں رمضان کا احترام ہے۔ اللہ رب العزت ہمیں رمضان کے احترام اور روزوں کی پابندی اور حفاظت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ سیدالمرسلینﷺ۔۔

-----------------

مفتی عبد المالک مصباحی متعدد کتابوں کے مصنف اور مختلف مقامات پر تدریس و خدمات انجام دے چکے ہیں جن میں سے چند یہ ہیں: بحیثیت مفتی و شیخ الحدیث، دار العلوم غوثیہ ہبلی، کرناٹک، بانی رکن مفتی و صدر مدرس دار العلوم سلیمانیہ رحمانیہ، بیکانیر، بانی و مہتمم، مفتی و صدر مدرس دار العلوم غریب نواز بیکانیر، راجستھان، مفتی و صدر مدرس، مدرسہ ونوا لیبومسلم لیگ، فیجی(نزدآسٹریلیا)، بانی و جنرل سکریٹری مدینہ ایجوکیشنل سوسائٹی، سیتا مڑھی، بہار، ناظم اعلیٰ دارالعلوم رضاے مصطفی،بکھری،باجپٹی،سیتامڑھی،بہار، مفتی و صدر مدرس مدرسہ شاہ خالد،گیبرون،بٹسوانہ(افریقہ)، مفتی سنی دارالافتا،مدینہ مسجد،آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ، جنرل سکریٹری رضا فاؤنڈیشن،آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ، ڈائریکٹر دارین اکیڈمی (جہاں فی الحال دینی و عصری تعلیم دی جاتی ہے) آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ، بانی ادارہ افکار رضا،جمشیدپور،جھارکھنڈ، چیف ایڈیٹر دوماہی رضاے مدینہ(اردو،ہندی)،آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ ۔

--------------

Part: 1 - Thirty Lessons of Ramadan: Welcome to Ramadan and First Lesson on the Virtues of Ramadan – Part-1 رمضان کے تیس اسباق: استقبال رمضان اور فضائل رمضان

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/thirty-lessons-ramadan-respect-part-2/d/129400

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..