New Age Islam
Thu Apr 24 2025, 03:21 PM

Urdu Section ( 29 March 2023, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Thirty Lessons of Ramadan: Seventh Lesson on Sehri [pre-dawn meal] Part-7 رمضان کے تیس اسباق: ساتواں سبق، سحری کا بیان

مفتی عبد المالک مصباحی

ساتویں قسط

29 مارچ 2023

ساتواں سبق: سحری کا بیان

ہم اپنے پرور دگار کا جتنا بھی شکر اداکریں وہ کم ہے کہ اس نے ہمارے اوپر کس کس انداز سے رحم و کرم کی برسات کی ہے۔ رمضان المبارک کا ایک ایک لمحہ ہمارے لیے برکت وفضیلت کا انبار لیے ہوئے ہے۔ اس نے اپنی بندگی کے لیے روزہ رکھنے کا حکم دیا اور سحری کھانے پر ثواب کی خو ش خبری سنائی یہ کرم بالاے کرم نہیں تو کیا ہے؟

 حدیث شریف میں آیا: تَسَحَّرُوْا فَاِنَّ فِیْ السُّحُوْرِ بَرَکَۃُٗ۔ (بخاری،مسلم و ترمذی) سحری کھاؤ کہ سحری کھانے میں برکت ہے۔

آپ ﷺ نے یہ بھی ارشاد فرمایا: ہمارے اور اہل کتاب کے روزوں میں فرق”سحری“کا لقمہ ہے۔ (مسلم و ابوداؤد)

سرکار دوجہاں ﷺ کا ارشاد مبارک ہے: تین چیزوں میں برکت ہے، جماعت، ثرید اور سحری میں۔ (طبرانی)

طبیب دو عالم ﷺ کا فرمان عالیشان یہ بھی ہے: سحری کھانے سے دن کے روزہ پر استعانت کرو۔ اور قیلولہ سے رات کے قیام پر۔ (ابن ماجہ، بیہقی)

 سحری کی شروعات

ابتداے اسلام میں سحری کا تصور نہیں تھا۔ روزہ رکھنے والے کو غروب آفتاب کے بعد صرف اس وقت تک کھانے اور پینے کی اجازت تھی جب تک وہ سو نہ جائے اگرسو گیا تو اب اس کے لیے کھانا پینا ممنوع ہوگیا مگر اللہ رب العزت نے اپنے بندوں پر کرم کرتے ہوئے اس تعلق سے رخصت پیداکرنے کے لیے جو صورت پیداکی ا س کی رو داد کتب احادیث و تفاسیرمیں کچھ اس طرح بیان کی گئی ہے کہ حضرت صرمہ بن قیس رضی اللہ عنہ ایک محنتی کسان تھے ایک دن روزہ کی حالت میں پورے دن اپنے کھیت میں کام کرکے شام کو گھر لوٹے اپنی زوجہ محترمہ سے کھانا طلب کیا اور خود بستر پر دراز ہوگئے جب وہ کھانا لے کر آئیں توان کی آنکھ لگ گئی تھی جب انہیں کھانے کے لیے جگایا گیا تو انھوں نے کھانے سے انکار کردیا کیوں کہ ان دنوں سونے کے بعد جگ کر کھانے پینے کی اجازت نہیں تھی اس لیے انہوں نے بغیر کچھ کھائے پئے اگلے دن کا روزہ رکھ لیا نتیجہ یہ ہو اکہ کمزور ی کے باعث دن میں بے ہوش ہو گئے۔ آپ رضی اللہ عنہ کی یہ حالت زار دیکھتے ہوئے فرمان الٰہی نازل ہوا۔

 وَکُلُوْا وَاشْرَبُوْا حَتّٰی یَتَبَیَّنَ لَکُمُ الْخَیْطُ الْاَبْیَضُ مِنَ الْخَیْطِ الْاَسْوَدِ مِنَ الْفَجْرِ ثُمَّ اَتِّمُوْا الصِّیَامَ اِلَی الَّیْلِ۔ (البقرۃ،آیت: ۷۸۱)

اور کھاؤ اور پیؤ یہاں تک کہ تمھارے لیے ظاہر ہو جائے سپیدی کا ڈورا سیاہی کے ڈوراسے پو پھٹ کر۔ پھر رات آنے تک روزے پورے کرو۔ (کنز الایمان)

کھجور اور پانی سے سحری کرنا سنت ہے

حضرت انس بن مالک فرماتے ہیں حضور ﷺ سحری کے وقت مجھ سے فرماتے۔ میرا روزہ رکھنے کا ارادہ ہے۔ مجھے کچھ کھلاؤ تو میں کچھ کھجور یں او رایک برتن میں پانی پیش کرتا۔ (مشکوٰۃ،کتاب الصوم)

سحری کا وقت کب شروع ہوتا ہے؟

عربی کی مشہور لغت کی کتاب ”قاموس“ میں ہے کہ’سحر‘ اس کھانے کو کہتے ہیں جو صبح کے وقت کھایا جائے۔حضر ت علامہ علی بن سلطان محمد المعروف ملا علی قاری علیہ الرحمہ فرماتے ہیں: بعضوں کے نزدیک سحری کا وقت آدھی رات سے شروع ہو جاتا ہے۔ (مرقاۃ المفاتیح، شرح مشکوٰۃالمصابیح،ج:۴،ص: ۷ ۷ ۴)

سحری میں تاخیر افضل ہے۔ جیسا کہ حدیث مبارکہ میں ہے: حضرت سیدنا یعلیٰ بن مرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ پیارے سرکار، ﷺ نے فرمایا:

تین چیزوں کو اللہ عز و جل محبوب رکھتا ہے (۱) افطار میں جلدی (۲) سحری میں تاخیر اور (۳) نماز (کے قیام) میں ہاتھ پر ہاتھ رکھنا۔ (الترغیب و الترھیب ج،۲: ص: ۱۹ حدیث ۴)

سحری میں تاخیر سے کون سا وقت مراد ہے؟

سحری میں تاخیر کرنا مستحب ہے یعنی دیر سے سحری کرنے میں زیادہ ثواب ملتاہے۔ مگر اتنی تاخیر بھی نہ کی جائے کہ صبح صادق کا شبہ ہونے لگے!

یہاں ذہن میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ”تاخیر“سے مراد کون ساوقت ہے؟

حضرت مفتی احمد یار خا ں علیہ الرحمہ ”تفسیر نعیمی“ میں فرماتے ہیں کہ اس سے مراد رات کا چھٹا حصہ ہے۔

پھر سوال ذہن میں ابھرا کہ رات کا چھٹا حصہ کیسے معلوم کیا جائے؟

اس کا جواب یہ ہے کہ غروب آفتاب سے لے کر صبح صادق تک رات کہلاتی ہے۔ مثلاً کسی دن سات بجے شام کو سورج غروب ہوا اور پھر چار بجے صبح صادق ہوئی۔ اس طرح غروب آفتاب سے لے کر صبح صادق تک جو نو گھنٹے کا وقفہ گزرا وہ رات کہلایا۔ اب رات کے ان نو گھنٹوں کے برابر برابر چھ حصے کر دیجیے۔ ہر حصہ ڈیڑھ گھنٹے کا ہوا اب رات کے آخری ڈیڑھ گھنٹے (یعنی اڑھائی بجے تا چار بجے) کے دوران صبح صادق سے پہلے پہلے جب بھی سحری کی، وہ تاخیر سے کرنا ہوا۔ سحری و افطار کا وقت عموما ًروزانہ تبدیل ہوتا رہتا ہے۔ بیان کیے ہوئے طریقے کے مطابق جب بھی چاہیں رات کا چھٹا حصہ نکال سکتے ہیں اگر رات میں سحری کر لی اور روزہ کی نیت بھی کر لی۔ پھر بھی بقیہ رات میں جب چاہیں کھاپی سکتے ہیں۔ نئی نیت کی حاجت نہیں۔ (جاری)

----------------

مفتی عبد المالک مصباحی متعدد کتابوں کے مصنف اور مختلف مقامات پر تدریس و خدمات انجام دے چکے ہیں جن میں سے چند یہ ہیں: بحیثیت مفتی و شیخ الحدیث، دار العلوم غوثیہ ہبلی، کرناٹک، بانی رکن مفتی و صدر مدرس دار العلوم سلیمانیہ رحمانیہ، بیکانیر، بانی و مہتمم، مفتی و صدر مدرس دار العلوم غریب نواز بیکانیر، راجستھان، مفتی و صدر مدرس، مدرسہ ونوا لیبومسلم لیگ، فیجی(نزدآسٹریلیا)، بانی و جنرل سکریٹری مدینہ ایجوکیشنل سوسائٹی، سیتا مڑھی، بہار، ناظم اعلیٰ دارالعلوم رضاے مصطفی،بکھری،باجپٹی،سیتامڑھی،بہار، مفتی و صدر مدرس مدرسہ شاہ خالد،گیبرون،بٹسوانہ(افریقہ)، مفتی سنی دارالافتا،مدینہ مسجد،آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ، جنرل سکریٹری رضا فاؤنڈیشن،آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ، ڈائریکٹر دارین اکیڈمی (جہاں فی الحال دینی و عصری تعلیم دی جاتی ہے) آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ، بانی ادارہ افکار رضا،جمشیدپور،جھارکھنڈ، چیف ایڈیٹر دوماہی رضاے مدینہ(اردو،ہندی)،آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ ۔

------------------

Part: 1 – Thirty Lessons of Ramadan: Welcome to Ramadan and First Lesson on the Virtues of Ramadan – Part-1 رمضان کے تیس اسباق: استقبال رمضان اور فضائل رمضان

Part: 2 – Thirty Lessons of Ramadan: Second Lesson on the Respect of Ramadan – Part 2 رمضان کے تیس اسباق: دوسرا سبق، رمضان المبارک کا احترام

Part: 3 – Thirty Lessons of Ramadan: Third Lesson on the horrific consequences of desecrating Ramadan – Part 3 رمضان کے تیس اسباق: تیسرا سبق، رمضان المبارک کی بے حرمتی کاانجام

Part: 4 - Thirty Lessons Of Ramadan: Fourth Lesson On The Fasting Of Ramadan And its Intention – Part 4 رمضان کے تیس اسباق: چوتھا سبق، روزہ اور نیت

Part: 5-6 - Thirty Lessons Of Ramadan: Lessons Five and Six On The Rulings (Ahkaam) And Laws (Masaail) Of Taraaweeh پانچواں اور چھٹا سبق: تراویح کے احکام اور مسائل

URL: https://newageislam.com/urdu-section/thirty-lessons-ramadan-sehri-pre-dawn-meal-part-7/d/129435

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..