مفتی عبد المالک مصباحی
گیارہواںقسط
2 اپریل 2023
ان چیزوں کا بیان جن میں روزہ
نہ رکھنے کی اجازت ہے
ام المومنین عائشہ صدیقہ رضی
اللہ عنہا سے مروی ہے وہ کہتی ہیں کہ حمزہ بن عمر و سلمی بہت روزہ رکھتے تھے انھوں
نے نبی کریم ﷺ سے دریافت کیا کہ سفرمیں روزہ رکھوں؟آپ ﷺ نے جوابا ارشاد فرمایا:چاہو
رکھو اور چاہو نہ رکھو۔
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہٗ
بیان فرماتے ہیں:کہ سولہویں رمضان کو رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ہم جہاد میں گئے ہم میں بعض
نے روزہ رکھا اور بعض نے نہ رکھا تو نہ روزہ داروں نے غیر روزہ داروں پر عیب لگایااور
نہ ا نھوں نے ان پر۔ (مسلم شریف)
حضرت انس ابن مالک رضی اللہ عنہٗ
بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے مسافر سے آدھی نماز معاف
فرمادی (چار والی دو پڑھنے کا حکم دیا گیا) اور مسافر اور دودھ پلانے والی اور حاملہ
سے روزہ معاف فرمادیا کہ ان کو اجازت ہے کہ اس وقت نہ رکھیں بعد میں وہ مقدار پوری
کرلیں)۔ (ابوداؤد، ترمذی، ابن ماجہ و نسائی)
مسئلہ:
حمل، بچہ کو دودھ پلانا، مرض، بڑھاپا، خوف ہلاک واکراہ، نقصان عقل اور جہاد یہ سب روزہ
نہ رکھنے کے عذر ہیں۔ ان وجوہ سے اگر کوئی روزہ نہ رکھے گا تو گنہگار نہیں۔ (درمختار)
مسئلہ:جن
لوگوں نے ان عذروں کے سبب روزہ توڑا ان پر فرض ہے کہ ان روز و ں کی قضا رکھیں اور ان
قضا روزوں میں ترتیب فرض نہیں اس لیے اگر ان روزوں کے پہلے نفل روزے رکھے تو یہ نفلی
روزے ہوگئے مگر حکم یہ ہے کہ عذر جانے کے بعد دوسرے رمضان کے آنے سے پہلے قضارکھ لیں۔
حدیث میں فرمایا گیا ہے کہ جس پر اگلے رمضان کی قضا باقی ہے اور وہ نہ رکھے اس کے اس
رمضان کے روزے قبول نہ ہوں گے اور اگر روزے نہ رکھے اور دوسرا رمضان آگیا تو اب پہلے
اس رمضان کے روزے رکھے قضا نہ رکھے بلکہ اگر غیر مریض اور مسافر نے قضاکی نیت کی جب
بھی قضا نہیں بلکہ اسی رمضان کے روزے ہیں۔
(در مختار )
مسئلہ:
شیخ فانی یعنی وہ بوڑھا جس کی عمر ایسی ہوگئی کہ اب روز بروز کمزور ہی ہوتا جا ئے گا
جب وہ روزہ رکھنے سے عاجز ہو یعنی نہ اب رکھ سکتا ہے اور نہ ہی آئندہ اس میں اتنی طاقت
آنے کی امید ہے کہ روزہ رکھ سکے گا اسے روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے اور ہر روزہ کے بدلے
میں فدیہ یعنی دونوں وقت ایک مسکین کو بھر پیٹ کھانا کھلانا اس پر واجب ہے یا ہر روزہ
کے بدلے میں صدقہئ فطر کے مقدار مسکین کو د ے دے۔ (در مختار)
مسئلہ:اگر
ایسا بوڑھا گرمیوں میں گرمی کی وجہ سے روزہ نہیں رکھ سکتا تو گرمی میں نہ رکھ کر سردی
میں رکھے اور ایسا کرنا اس پر فرض ہے۔ (رد المختار)
مسئلہ:
اگر فدیہ دینے کے بعد اتنی طا قت آگئی کہ روزہ رکھ سکے تو فدیہ صدقہ ئ نفل ہو کر رہ گیا ان روزوں کی قضا رکھے۔ (عالمگیری)
مسئلہ:
یہ اختیار ہے کہ شروع ہی رمضان میں پورے رمضان کا بیک وقت فدیہ دے دے یا آخر میں دے۔ (ایضاً)
مسئلہ:
عورت بغیر شوہر کی اجازت کے نفل روزے نہ رکھے اور اگر رکھ لے تو شوہر توڑوا سکتا ہے
مگر توڑے گی تو قضا واجب ہوگی اور اس کی قضا میں بھی شوہر کی اجازت در کار ہے۔ (ایضاً)
مسئلہ:
رمضان اور قضاے رمضان کے لیے شوہر کی اجازت کی کچھ ضرورت نہیں۔ بلکہ اس کے منع کرنے
پر بھی رکھے۔ (در مختار،رد
المختار)
۔۔۔(جاری) ۔۔۔
-----------------------
مفتی عبد المالک مصباحی متعدد
کتابوں کے مصنف اور مختلف مقامات پر تدریس و خدمات انجام دے چکے ہیں جن میں سے چند
یہ ہیں: بحیثیت مفتی و شیخ الحدیث، دار العلوم غوثیہ ہبلی، کرناٹک، بانی رکن مفتی و
صدر مدرس دار العلوم سلیمانیہ رحمانیہ، بیکانیر، بانی و مہتمم، مفتی و صدر مدرس دار
العلوم غریب نواز بیکانیر، راجستھان، مفتی و صدر مدرس، مدرسہ ونوا لیبومسلم لیگ، فیجی(نزدآسٹریلیا)،
بانی و جنرل سکریٹری مدینہ ایجوکیشنل سوسائٹی، سیتا مڑھی، بہار، ناظم اعلیٰ دارالعلوم
رضاے مصطفی،بکھری،باجپٹی،سیتامڑھی،بہار، مفتی و صدر مدرس مدرسہ شاہ خالد،گیبرون،بٹسوانہ(افریقہ)،
مفتی سنی دارالافتا،مدینہ مسجد،آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ، جنرل سکریٹری رضا فاؤنڈیشن،آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ،
ڈائریکٹر دارین اکیڈمی (جہاں فی الحال دینی و عصری تعلیم دی جاتی ہے) آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ،
بانی ادارہ افکار رضا،جمشیدپور،جھارکھنڈ، چیف ایڈیٹر دوماہی رضاے مدینہ(اردو،ہندی)،آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ
۔
----------------------
New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Women in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Women In Arab, Islamophobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism