New Age Islam
Fri Dec 13 2024, 08:22 AM

Urdu Section ( 10 May 2021, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Prophet (SAW) Could Have Settled in Mecca after Its Conquest Part-31 فتح مکہ کے بعد مکہ ہی مستقر بن سکتا تھا، مگر آپؐ نے ایسا نہیں کیا، پاسِ عہد مانع تھا

مولانا ندیم الواجدی

7 مئی 2021

مہاجرین اور انصار:

دوسری طرف انصار صحابہ کے فضائل بھی بے شمار ہیں۔ محدثین نے اپنی کتابوں میں انصار کے فضائل پر مستقل ابواب قائم کئے ہیں، اس موضوع پر مستقل کتابیں بھی لکھی گئی ہیں، انصار کی فضیلت کے لئے یہ بات کیا کم ہے کہ یہ لقب خود اللہ نے انہیں عطا کیا ہے، جیسا کہ قرآن کریم میں ہے:  ’’اور مہاجرین وانصار میں سے جو لوگ پہلے ایمان لائے۔‘‘ (التوبہ:۱۰۰)  ایک روایت میں ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: انصار کی محبت ایمان کی علامت ہے اور ان سے بغض رکھنا نفاق کی علامت ہے۔ (صحیح البخاری: ۱/۱۲، رقم الحدیث: ۱۷، صحیح مسلم:۱/۸۵، رقم الحدیث: ۷۴) ایک مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انصار کی کچھ خواتین اور بچوں کو شادی کی کسی تقریب سے واپس آتے ہوئے دیکھا، آپؐ انہیں دیکھ کر کھڑے ہوگئے اور ارشاد فرمایا: مجھے لوگوں میں سب سے زیادہ محبوب تم ہو، یہ بات آپؐ نے تین مرتبہ ارشاد فرمائی۔ (صحیح البخاری: ۵/۳۲، رقم الحدیث: ۳۷۸۵، صحیح مسلم:۴/۱۹۴۸، رقم الحدیث: ۲۵۰۸) ایک مرتبہ انصاری صحابہ کرامؓ سے خطاب کرتے ہوئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اے گروہ ِانصار! کیا میں تمہارے پاس اس وقت نہیں آیا جب تم راہ راست سے بھٹکے ہوئے تھے، اللہ نے میری وجہ سے تمہیں ہدایت عطا فرمائی؟ کیا میں تمہارے پاس اس وقت نہیں آیا جب تم مختلف گروہوں میں بٹے ہوئے تھے، اللہ نے میری وجہ سے تمہارے دلوں میں الفت پیدا فرمادی؟ انہوں نے عرض کیا: کیوں نہیں، یا رسولؐ اللہ! اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تم لوگ یہ کیوں نہیں کہتے کہ آپؐ ہمارے پاس اس وقت تشریف لائے جب آپؐ کی قوم نے آپؐ  کو وطن سے نکالا ہم نے آپؐ  کو پناہ دی، آپؐ ہمارے پاس شکستہ حالت میں آئے تھے ہم نے آپؐ کی مدد ونصرت کی۔ انہوں نے عرض کیا: نہیں! یا رسول اللہﷺ! آپؐ  کا ہمارے پاس تشریف لانا اللہ اور اس کے رسولؐ کا ہم پر احسان ہے۔ (مسند احمد بن حنبل:۱۹/۷۸، رقم الحدیث: ۱۲۰۲۱)

انصار کے لئے یہ کتنی بڑی فضیلت اور کس قدر عظیم سعادت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے ساتھ رہنا پسند فرمایا حالانکہ فتح مکہ کے بعد آپ وہاں تشریف لے جاسکتے تھے، لیکن انصار سے آپ نے جو وعدہ فرمایا تھا اسے پورا فرمایا اور دنیا سے پردہ فرمانے کے بعد قیامت تک کے لئے آرام گاہ کے طور پر اسی سرزمین کا انتخاب فرمایا۔  ایک مرتبہ آپؐ نے یہ بھی فرمایا کہ اگر لوگ کسی ایک گھاٹی کی طرف جارہے ہوں اور انصار دوسری گھاٹی کی طرف تو میں انصار کے ساتھ چلنا پسند کروں گا، اگر ہجرت نہ ہوتی تو میں انصار ہی میں سے ایک ہوتا۔ (سنن الترمذی:۵/۷۱۲، رقم الحدیث: ۳۹۰۱، مسند احمد بن حنبل:۱۶/۳۰۳، رقم الحدیث: ۱۰۵۰۸)

اوس و خزرج

یثرب کے ان دو قبیلوں کا ذکر پہلے بھی آچکا ہے۔ یہ دونوں قبیلے یمن سے یہاں آکر آباد ہوئے تھے۔ ابتدا میں شیر و شکر ہو کر رہے، بعد میں عربوں کی جنگجو فطرت غالب آئی اور یہ دونوں قبیلے آپس میں دست و گریباں رہنے لگے۔ خزرج عددی اعتبار سے بڑا  اور اوس نسبتاً چھوٹا قبیلہ تھا۔ یہ دونوں قبیلے بات بات پر لڑنے کے لئے تیار رہتے تھے، ان کے درمیان بے شمار جنگیں ہوئیں، آخر ی لڑائی جو ہجرت سے کچھ پہلے لڑی گئی جنگ بُعاث کے نام سے مشہور ہے۔ یہ اس قدر ہولناک اور خونریز تھی کہ برسوں چلتی رہی اور اس میں دونوں قبیلوں کے تمام بہادر افراد مارے گئے۔ یہ آگ اس وقت تھمی جب ان دونوں قبیلوں کو اللہ تعالیٰ نے اسلام کے سایۂ رحمت میں جگہ دینے کا فیصلہ کیا۔ اسلام قبول کرنے کے بعد یہ دونوں متحد ہو کر رہنے لگے۔ قرآن کریم میں اوس و خزرج پر اللہ تعالیٰ کے اس بے پایاں احسان و کرم کا بہ طور خاص ذکر کیا گیا ہے۔ فرمایا: ’’اور اللہ تعالیٰ نے تم پر جو انعام کیا ہے اسے یاد رکھو، ایک وقت وہ تھا جب تم ایک دوسرے کے دشمن تھے، پھر اللہ نے تمہارے دلوں کو جوڑ دیا اور تم اللہ کے فضل سے بھائی بھائی بن گئے۔‘‘(آل عمران:۱۰۳)

اوس و خزرج مشرک و بت پرست تھے، یہ دونوں قبیلے قلب شہر میں رہتے تھے۔ اطراف میں کچھ یہودی قبائل آباد تھے جو نہایت مضبوط قلعوں میں رہتے تھے۔ یہودی نہ صرف یہ کہ اپنا علمی دبدبہ رکھتے تھے، بلکہ ان کو یہ زعم بھی تھا کہ وہ آسمانی کتاب کے حامل ہیں۔ تہذیبی، تمدنی اور ثقافتی اعتبار سے بھی یہ لوگ علاقے پر چھائے رہتے تھے۔ مالی اعتبار سے بھی مضبوط تھے، اوس و خزرج نے اپنی توانائی جنگوں میں ضائع کردی تھی۔ ایک طرح سے وہ یہودیوں کے دست نگر رہتے تھے اور ان سے مرعوب بھی ۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری سے قبل ہی یثرب کے ان دو قبیلوں کے کافی لوگ مسلمان ہوچکے تھے، جو رہ گئے تھے وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری کے بعد مسلمان ہوگئے،  ان میں کچھ لوگ ایسے بھی تھے جو ظاہراً تو مسلمان ہوگئے مگر دل سے اپنے پرانے دین پر ہی قائم رہے۔ ایسے لوگوں میں دو نام اہمیت کے ساتھ قابل ذکر ہیں، ایک ابوعامر اور دوسرا عبداللہ بن اُبی بن سلول۔ دونوں کا تعلق خزرج سے تھا۔ ابوعامر کی نیکی اور دینداری کی دور دور تک شہرت تھی۔ لوگ اسے عزت کی نظر سے دیکھتے تھے۔ دوسری طرف عبداللہ بن اُبی اپنی سوجھ بوجھ اور دانش مندی کی وجہ سے مشہور تھا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری سے عین قبل اوس و خزرج کے مابین اس بات پر اتفاق ہوچکا تھا کہ عبداللہ بن اُبی کے سر پر یثرب کے بادشاہ کا تاج رکھ دیا جائے۔ تاج تیار ہوچکا تھا، بس کسی تقریب میں اُسے پہنانے کی رسم باقی تھی کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مدینے میں تشریف لے آئے، آپؐ کے تشریف لانے کے بعد سب کے چراغ بجھ گئے، نہ ابوعامر کے تقوے اور طہارت کی اہمیت باقی رہی اور نہ عبداللہ بن اُبی کی سیاسی بصیرت میں کسی کے لئے کوئی دل کشی رہی۔  سب کا مرجع اور مرکز آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات والا صفات بن گئی، دونوں کو اپنی مذہبی اور سیاسی قیادت چھننے کا بڑا ملال تھا جو آخری وقت تک رہا، بہ ظاہر تو انہوں نے اپنی قوم کے ساتھ کلمہ شہادت پڑھ لیا، مگر دل سے کافر کے کافر ہی رہے۔ قرآن نے ایسے لوگوں کے لئے ایک نئی اصطلاح وضع کی؛ المنافقون۔ منافقین کا یہ ٹولہ شروع ہی سے سرگرم رہا اور تاریخ کے ہر دور میں اپنا کردار ادا کرتا رہا۔

قبائلِ یہود

مدینے کے اطراف میں یہودیوں کے تین بڑے قبیلے آباد تھے، بنو قینقاع، بنو نضیر اور بنو قریظہ۔ کچھ اور چھوٹے چھوٹے قبیلے بھی ان کے ارد گرد بسے ہوئے تھے۔ جب تک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت ظاہر نہیں ہوئی تھی یہودی علماء اپنے عوام کو مستقل طور پر یہ بتلاتے رہتے تھے کہ عنقریب نبی آخر الزماں تشریف لانے والے ہیں اور وہ اِن علامات کے ساتھ ظاہر ہوں گے، یثرب ان کا دار الہجرت ہوگا۔ اوس و خزرج کے وہ لوگ جو یہودی علماء کے پاس آتے جاتے اور اٹھتے بیٹھتے تھے یہ باتیں سن چکے تھے، اس لئے جب انہوں نے حج کے سفر میں یہ سنا کہ مکہ مکرمہ میں ایک شخص نے نبوت کا دعویٰ کیا ہے تو انہوں نے علماء یہود کی بتلائی ہوئی نشانیوں کے آئینے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت کا عکس دیکھنے کی کوشش کی۔ تب  ان پر منکشف ہوگیا کہ یہ تو وہی آخری پیغمبر ہیں جن کی پیش گوئی آسمانی کتابوں میں ہے، اس لئے انہوں نے سبقت کی اور یہ دین قبول کرلیا، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ یہودی پہلے اسلام قبول کرتے اور آپؐ پر ایمان لاتے، کیونکہ وہ آسمانی کتاب تورات کے حامل تھے، انہیں معلوم تھا کہ آخری پیغمبر کا ظہور ہونے والا ہے اور وہ ہجرت کرکے یہاں تشریف لانے والے ہیں، مگر جب آپ ﷺیہاں تشریف لے آئے تو علماء یہود کی اکثریت کا اور ان کے ساتھ عوام کا رویہ معاندانہ اور مخالفانہ رہا، آپؐ کی تشریف آوری سے یہود کے مذہبی وقار میں کمی آنے لگی، مشرکین میں یہودیت کی اشاعت بھی رک گئی اور وہ یہ سوچنے لگے کہ اوس و خزرج اور مکہ سے آئے ہوئے لوگ ان پر غالب آجائیں گے اور خطے میں ان کو جو سیاسی اور سماجی برتری حاصل ہے وہ ختم ہوجائے گی۔مستقبل کے ان ہی اندیشوں نے انہیںقبولِ حق سے باز رکھا۔

اسلام اور پیغمبر اسلام سے یہودیوں کے عناد اور دشمنی کی کچھ اور بھی وجوہات تھیں، جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہجرت کرکے مدینے میں تشریف لائے تو آپؐ نے بیت المقدس کی طرف رخ کرکے نماز پڑھنی شروع کی، کیونکہ اس وقت بیت المقدس ہی قبلہ تھا، مکہ مکرمہ میں بھی مسلمان بیت المقدس ہی کی طرف رخ کرکے نماز ادا کرتے تھے۔ بیت المقدس واحد ایسا مقام ہے جو تینوں آسمانی شریعتوں کے ماننے والوں کی عقیدت کا مرکز رہا ہے اور آج تک ہے۔

یہودیوں  نے جب یہ دیکھا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم عبادت کے وقت اپنا رخ بیت المقدس کی طرف کر لیتے ہیں تو  انہیں ایک گونہ خوشی ہوئی اور اس پر فخر بھی ہوا کہ مسلمان انہی کے قبلے کی طرف رخ کرتے ہیں، لیکن سن ۲؍ ہجری میں تحویل قبلہ کا واقعہ پیش آیا، تمام مسلمان مسجد حرام کی طرف رخ کرکے نماز پڑھنے لگے۔اس واقعے نے یہودیوں کے اعزاز کو شدید طور پر متاثر کیا اور ان کے فخر کو سخت چوٹ پہنچائی، وہ یہ کہنے لگے کہ محمدؐ ہر بات میں ہماری مخالفت کرنا چاہتے ہیں، قبلہ بدلنے کا معاملہ بھی اسی سے جڑا ہوا ہے، حالانکہ یہودیوں کا یہ خیال قطعاً غلط تھا۔ اللہ نے یہ بات پہلے ہی واضح کردی تھی کہ قبلے کا معاملہ محض علامتی ہے، اللہ ہر جگہ موجود ہے، اس کی عبادت کے لئے مشرق و مغرب سب برابر ہیں۔

یہود کو مشرکین کے مقابلے میں برتری حاصل تھی، اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ آسمانی شریعت کی اتباع کے دعویدار تھے اور ان کے پاس آسمانی کتاب بھی موجود تھی ۔ مشرکین ِ مدینہ یہودیوں کے اس تفوق اور برتری کے معترف تھے، ہر معاملے میں ان سے دب کر رہتے تھے، ایک طرح سے یثرب کا نظامِ حکومت یہودیوں ہی کے ہاتھوں میں تھا۔ رسول اللہ ﷺکی تشریف آوری نے ان کی حیثیت عرفی کو متاثر کیا تھا۔ اب اقتدار و اختیار کا مرکز آپؐ کی ذات بن چکی تھی۔ مشرکین میں سے اگر کسی کے بچے پیدا ہوتے ہی مرجاتے تھے یا کسی کے اولاد نہ ہوتی تھی تو وہ یہ منت مانتا تھا کہ اگر میرے بچہ ہوا تو میں اسے یہودی بنائوںگا، اس طرح بہت سے مشرک والدین کے گھروں میں یہودیت فروغ پا رہی تھی۔ ان کے بچے یہودی بنتے جارہے تھے۔ یہودی علماء اس صورت حال سے خوش رہتے تھے، مگر اسلام نے لوگوں کے دلوں سے یہ توہم بھی نکال دیا کہ یہودی بنانے کے عہد سے بچے زندہ رہتے ہیں۔ اس سے بھی یہودیوں کے کاز کو سخت نقصان پہنچا۔ (جاری ہے)

7 مئی 2021، بشکریہ: انقلاب، نئی دہلی

Related Article

Part: 1- I Was Taken to the Skies Where the Sound Of Writing with a Pen Was Coming (Part-1) مجھے اوپر لے جایا گیا یہاں تک کہ میں ایسی جگہ پہنچا جہاں قلم سے لکھنے کی آوازیں آرہی تھیں

Part: 2- Umm Hani! ام ہانی! میں نے تم لوگوں کے ساتھ عشاء کی نماز پڑھی جیسا کہ تم نے دیکھا، پھرمیں بیت المقدس پہنچا اور اس میں نماز پڑھی، پھر اب صبح میں تم لوگوں کے ساتھ نماز پڑھی جیسا کہ تم دیکھ رہی ہو

Part: 3 - Allah Brought Bait ul Muqaddas before Me and I Explained its Signs اللہ نے بیت المقدس کو میرے روبرو کردیااور میں نے اس کی نشانیاں بیان کیں

Part: 4- That Was A Journey Of Total Awakening وہ سراسر بیداری کا سفر تھا، جس میں آپؐ کو جسم اور روح کے ساتھ لے جایا گیا تھا

Part: 5- The infinite power of Allah Almighty and the rational proof of Mi'raj رب العالمین کی لامتناہی قدرت اور سفر معراج کی عقلی دلیل

Part: 6- The Reward of 'Meraj' Was Given by Allah Only to the Prophet معراج کا انعام رب العالمین کی طرف سے عطیۂ خاص تھا جو صرف آپؐ کو عطا کیا گیا

Part: 7- Adjective of Worship مجھے صفت ِ عبدیت زیادہ پسند اور عبد کا لقب زیادہ محبوب ہے

Part:-8- Prophet Used To Be More Active Than Ever In Preaching Islam During Hajj رسولؐ اللہ ہر موسمِ حج میں اسلام کی اشاعت اور تبلیغ کیلئے پہلے سے زیادہ متحرک ہوجاتے

Part: 9- You Will Soon See That Allah Will Make You Inheritors Of The Land And Property Of Arabia تم بہت جلد دیکھو گے کہ اللہ تعالیٰ تمہیں کسریٰ اور عرب کی زمین اور اموال کا وارث بنا دیگا

Part: 10- The Prophet That the Jews Used To Frighten Us With یہ وہی نبی ہیں جن کا ذکر کرکے یہودی ہمیں ڈراتے رہتے ہیں

Part: 11- Pledge of Allegiance بیعت ثانیہ کا ذکر جب آپؐ سے بنی عبدالاشہل کے لوگوں نے بیعت کی،ایمان لائے اور آپ ؐسے رفاقت و دفاع کا بھرپور وعدہ کیا

Part: 12 - Your Blood Is My Blood, Your Honour Is My Honour, and Your Soul Is My Soul تمہارا خون میرا خون ہے، تمہاری عزت میری عزت ہے، تمہاری جان میری جان ہے

Part: 13- The event of migration is the boundary between the two stages of Dawah ہجرت کا واقعہ اسلامی دعوت کے دو مرحلوں کے درمیان حدّ فاصل کی حیثیت رکھتا ہے

Part: 14- I Was Shown Your Hometown - The Noisy Land Of Palm Groves, In My Dream مجھے خواب میں تمہارا دارالہجرۃ دکھلایا گیا ہے، وہ کھجوروں کے باغات والی شوریدہ زمین ہے

Part: 15- Hazrat Umar's Hijrat and the Story of Abbas bin Abi Rabia تو ایک انگلی ہی تو ہے جو ذرا سی خون آلود ہوگئی ہے،یہ جو تکلیف پہنچی ہے اللہ کی راہ میں پہنچی ہے

Part: 16- When Allah Informed The Prophet Of The Conspiracy Of The Quraysh جب اللہ نے آپؐ کو قریش کی سازش سے باخبرکیا اور حکم دیا کہ آج رات اپنے بستر پر نہ سوئیں

Part: 17- Prophet Muhammad (SAW) Has Not Only Gone But Has Also Put Dust On Your Heads محمدؐنہ صرف چلے گئے ہیں بلکہ تمہارے سروں پر خاک بھی ڈال گئے ہیں

Part: 18- O Abu Bakr: What Do You Think Of Those Two Who Have Allah As a Company اے ابوبکرؓ: ان دو کے بارے میں تمہارا کیا خیال ہے جن کے ساتھ تیسرا اللہ ہو

Part: 19- The Journey of Hijrat Started From the House of Hazrat Khadija and Ended At the House of Hazrat Abu Ayub Ansari سفر ِ ہجرت حضرت خدیجہ ؓکے مکان سے شروع ہوا اور حضرت ابوایوب انصاریؓ کے مکان پر ختم ہوا

Part: 20- O Suraqa: What about a day when you will be wearing the Bracelets of Kisra اے سراقہ: اس وقت کیسا لگے گا جب تم کسریٰ کے دونوں کنگن اپنے ہاتھ میں پہنو گے

Part:21- The Holy Prophet's Migration And Its Significance نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہجرت کا واقعہ اور اس کی اہمیت

Part: 22- Bani Awf, the Prophet Has Come اے بنی عوف وہ نبیؐ جن کا تمہیں انتظار تھا، تشریف لے آئے

Part: 23- Moon of the Fourteenth Night ہمارے اوپر ثنیات الوداع کی اوٹ سے چودہویں رات کا چاند طلوع ہوا ہے

Part: 24- Madina: Last Prophet's Abode یثرب آخری نبیؐ کا مسکن ہوگا، اس کو تباہ کرنے کا خیال دل سے نکال دیں

Part: 25- Bless Madinah Twice As Much As You Have To Makkah یا اللہ: جتنی برکتیں آپ نے مکہ میں رکھی ہیں اس سے دوگنی برکتیں مدینہ میں فرما

Part: 26- Construction of the Masjid-e-Nabwi مسجد نبویؐ کی تعمیر کیلئے جب آپؐ کو پتھر اُٹھا اُٹھا کر لاتا دیکھا تو صحابہؓ کا جوش دوچند ہو گیا

Part: 27- The First Sermon of the Holy Prophet after the Migration and the Beginning of Azaan in Madina ہجرت کے بعد مدینہ منورہ میں حضورﷺ کا پہلا خطبہ اور اذان کی ابتداء

Part: 28- The Lord of the Ka'bah رب کعبہ نے فرمایا، ہم آپ ؐکے چہرے کا بار بار آسمان کی طرف اُٹھنا دیکھ رہے تھے

Part: 29- Holy Prophet’s Concern for the Companions of Safa نبی کریمؐ کو اصحابِ صفہ کی اتنی فکر تھی کہ دوسری ضرورتیں نظر انداز فرمادیتے تھے

Part: 30- Exemplary Relationship of Brotherhood مثالی رشتہ ٔ اخوت: جب سرکار ؐدو عالم نے مہاجرین اور انصار کو بھائی بھائی بنا دیا

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/prophet-saw-settled-mecca-after-part-31/d/124808

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..