New Age Islam
Fri May 23 2025, 05:56 PM

Urdu Section ( 2 Oct 2023, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Muslim Minds Are Shaped By the Holy Quran's Teachings- Concluding Part قرآن مجید کی تعلیمات کی روشنی میں مسلمان کے ذہن کی تشکیل ہوتی ہے

پروفیسر سید محمد سلیم

29 ستمبر،2023

عالم حیونات: او رکبھی قرآن مجید عالم حیوانات کا رخ کرتا ہے۔ انسان کو جانور وں اورچوپایوں کے حسن وجمال کی طرف متوجہ کرتاہے:

”اور (اسی نے) گھوڑوں او رخچروں او رگدھوں کو (پیداکیا) تاکہ ان پر سوار کرسکو اور وہ (تمہارے لئے) باعث زینت بھی ہوں“۔ (النحل:8)

”اور ان میں تمہارے لئے رونق (اوردل کشی بھی) ہے جب تم شام کو چراگاہ سے (واپس) لاتے ہو اور جب تم صبح کو (چرانے کے لئے) لے جاتے ہو“۔(النحل:6)

”موسیؑ نے کہا وہ فرماتاہے زرد رنگ کی گائے ہونی چاہئے،جس کا رنگ ایسا شوخ ہوکہ دیکھنے والوں کا جی خوش ہوجائے“۔(بقرہ:69)

عالم انسانیت: او رکبھی قرآن مجید عالم انسانیت کی طرف متوجہ ہوتاہے۔و ہ مردانہ حسن وجمال او رنسوانی رعنائی او رزیبائی کو پیش فرماتاہے:۔

”وہ اللہ ہے جس نے تمہیں شکل وصورت بخشی پھر تمہاری صورتوں کو اچھا کیا۔“(مومن:64)

”اور ہم نے انسان کو بہترین شکل وصورت بخشی پھرتمہاری صورتوں کو اچھا کیا۔“(بلد:4)

”خواہ ان عورتوں کا حسن تمہیں کتناہی پسند ہو۔“(احزاب:52)

”ان نعمتوں کے درمیان خوبصورت،خوب سیرت بیویاں ہوں گی۔“(الرحمن:70)

”اور ان میں نیچی نگاہ رکھنے والی(حوریں) ہوں گی جنہیں پہلے نہ کسی انسان نے ہاتھ لگایا او رنہ کسی جِن نے“۔(الرحمن: 56)

مال ودولت: کبھی قرآن مجید دنیا کے مال ومتاع کی خوبصورتی اور پسندید گی کی طرف متوجہ کرتاہے:

”مال او راولاد(تو صرف) دنیاوی زندگی کی زینت ہیں“۔ (کہف:46)

”لوگوں کے لئے ان خواہشات کی محبت (خوب) آراستہ کردی گئی ہے(جن میں) عورتیں اور اولاد اور سونے اور چاندی کے جمع کئے ہوئے خزانے او رنشان کئے ہوئے خوبصورت گھوڑے اور مویشی اور کھیتی (شامل ہیں)، یہ (سب)دُنیوی زندگی کا سامان ہے، او راللہ کے پاس بہتر ٹھکانا ہے“أ(آل عمران:14)

کبھی قرآن مجید انسانوں کو آرائش او رزیبائش کرنے کی ترغیب دیتاہے:

”اے اولاد آدم! تم ہر نماز کے وقت اپنا لباس زینت (پہن)لیا کرو“۔ (اعراف:31)

”فرما دیجئے: اللہ کی اس زینت (و آرائش) کو کس نے حرام کیاہے جو اس نے اپنے بندوں کیلئے پیدافرمائی ہے۔“(اعراف:32)

حسن اعمال: کبھی قرآن مجید انسان کو حسن معنوی کی طرف متوجہ کرتاہے، اخلاق جمیلہ اور حسن سیرت پر توجہ مبذول کراتاہے۔ اس سلسلے کی یہ آیتیں ملاحظہ ہوں:

”اللہ کارنگ اختیار کرو۔ اللہ کے رنگ سے اچھا کس کارنگ ہوسکتا ہے“۔(بقرہ:138)

”درحقیقت تمہارے لئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (کی ذات مبارکہ) میں نہایت حسین نمونہ (حیات) ہے۔(احزاب:21)

جنت کی زندگی کا حسن: ایک مومن کو حسن عمل او رجزائے عمل کا اجر ثواب جنت کی صورت میں حاصل ہوگا۔ جنت میں ہر طرح کا حسن وجمال اور خوبی وکمال ہوگا۔ مادی حسن، مادی آرام وآسائش،نفسیاتی سکون وطمانیت اور روحانی سروروانبساط ہرشے وہاں مہیا ہوگی۔ وہ انسانی زندگی کا کمال اور حسن وجمال کا بھی کمال ہے:

”پس اللہ انہیں (خوف الہٰی کے سبب سے) اس دن کی سختی سے بچالے او رانہیں (چہروں پر) رونق وتازگی  اور (دلوں میں) سرورومسرت بخشے گا،اور ااس بات کے عوض کہ انہوں نے صبر کیا ہے(رہنے کو) جنت اور (پہننے کو) ریشمی پوشاک عطا کرے گا، یہ لوگ اس میں تختوں پر تکیے لگائے بیٹھے ہوں گے، نہ وہاں دھوپ کی تپش پائیں گے او رنہ سردی کی شدّت،اور (جنت کے درختوں کے) سائے ان پر جھک رہے ہونگے اور ان کے (میوؤں کے)گچھے جھک کر لٹک رہے ہوں گے، اور (خدام) ان کے گرد چاندی کے برتن اور (صاف ستھرے) شیشے کے گلاس لئے پھرتے ہوں گے، اور شیشے بھی چاندی کے (بنے) ہوں گے جنہیں انہوں نے (ہر ایک کی طلب کے مطابق) ٹھیک ٹھیک اندازہ سے بھرا ہوگا، او رانہیں وہاں (شراب طہور کے) ایسے جام پلائے جائیں گے جن میں زنجبیل کی آمیزش ہوگی،(زنجبیل) اس (جنت) میں ایک ایسا چشمہ ہے جس کا نام ”سلسبیل“ رکھا گیا ہے، او ران کے ارد گرد ایسے (معصوم) بچے گھومتے رہیں گے، جو ہمیشہ اسی حال میں رہیں گے، جب آپ انہیں دیکھیں گے تو بکھرے ہوئے موتی گمان کریں گے، او رجب آپ (بہشت پر) نظرڈالیں گے تو وہاں (کثرت سے) نعمتیں اور (ہر طرف) بڑی سلطنت دیکھیں گے،ان (کے جسموں) پر باریک ریشم کے سبز اور دبیزاطلس کے کپڑے ہونگے، اور انہیں چاندی کے کنگن پہنائے جائیں گے او ران کا ربّ انہیں پاکیزہ شراب پلائے گا، بے شک یہ تمہارا صلہ ہوگا اور تمہاری محنت مقبول ہوچکی۔“(الانسان:11/تا22)

اقوال رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں بھی حسن وجمال او رطہارت ونظافت اختیار کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے:

”اللہ تعالیٰ حسین ہے، حسن کو پسند کرتاہے“۔(مسلم)

”اللہ تعالیٰ پاکیزگی کو پسند کرتاہے۔“(ترمذی)

”اللہ تعالیٰ پاک ہے، پاکیزہ شے کو قبول کرتاہے۔“(مسلم)۔”اللہ تعالیٰ پسند کرتا ہے کہ بندہ اس کی دی ہوئی نعمتوں کا اظہار کرے۔“(ترمذی)

مسلمان ایسی قوم ہے جو کتاب الہٰی قرآن مجید کی ساختہ پرداختہ ہے۔قرآن اس کا دین ہے۔ قرآن اس کا ایمان ہے۔ قرآن اس کی عبادت ہے۔قرآن اس کا قانون ہے۔قرآن اس کی زندگی کو ایک خاص نہج پر ترتیب دیتاہے، اس کے ذہن کی تشکیل کرتاہے، اس کے طور طریقے،انداز فکر اور انداز نظر سب قرآن کی ہدایت کے تحت متشکل ہوتے ہیں۔اس کی انفرادی اور اجتماعی زندگی دونوں قرآن مجید کے سرچشمہ سے مستفید ہوتی ہیں۔ فیضان قرآن، دل ودماغ کی سوکھی کھیتوں کی آبیاری کرتاہے۔ یہی کتاب یعنی قرآن مجید مسلمانوں کا وظیفہ حیات ہے اور روزانہ قرآن مجید کی تلاوت کرنا زندگی کے لائحہ عمل کا سرنامہ ہے۔

قرآن مجید کی تعلیمات کی روشنی میں مسلمان کے ذہن کی تشکیل ہوتی ہے۔ ذات کا شعور اور خالق ذات کا شعور تو انسان کی فطرت میں ودیعت کردہ موجود ہے۔ یہ شعور تو وجدانی او روہبی ہے۔ اس کے بعد انسانی شعور کا ارتقاء اکتسابی طو رپر ہوتاہے۔ انسانی شعور کا یہ سفر قرآن مجید کی مندرجہ بالاآیات کی روشنی میں او ران کی ہدایات کے مطابق طے پاتاہے۔پہلے انسان کو ارد گرد کی مادی دنیا کا احساس ہوتا ہے۔مادی اشیاء سے اپنے گوناگو ں روابط او رمادی اشیاء کے مختلف فوائد کا احساس ہوتاہے۔ یہ انسان کا افادی شعور ہے جوبیدار ہوتاہے۔ جن مادی اشیاء کو پہلے وہ صرف فوائد کے نقطہ نظر سے استعمال کرتاتھا ان کو اب وہ حسن وجمال پھیلا ہوا ہے۔ اس کی نگاہ  میں شان حسن پیدا ہونے لگتی ہے، اب اس کا شعور جمال بیدار ہوتاہے، پھر مخلوق پر غور کرتے کرتے ان کے فوائد او رجمال کی قدر کرتے ہوئے اس کا ذہن خالق وجمال اور فاطر کمال کی طرف منتقل ہوجاتاہے اور وہ ہرشے میں صنعت کردگار کو دیکھتا ہے۔

قرآن مجید کی آیات انسان کے اندر موجود حسن لطیف کو قدرت، حکمت، فیض وکرم او رحسن ورعنائی کے چمن زاروں سے گزار کر شعور عرفان کے چمنستان میں پہنچا دینا چاہتی ہیں۔ یہ بہت بڑی نعمت ہے او رجب تک انسان ا س کا احساس واعتراف نہیں کرتا،کماحقہ استفادہ نہیں کرسکتا۔

29 ستمبر،2023،بشکریہ: انقلاب، نئی دہلی

--------------------

Part: 1 - The Holy Qur'an Encourages Humans to Contemplate Natural Events and Scenes-Part-1 قرآن مجید انسان کو مناظر ِقدرت اور مظاہر ِفطرت کا مشاہدہ کراتا اور اُن پر غورو فکرکی دعوت دیتا

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/muslim-holy-quran-teachings-concluding-part/d/130802

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..