New Age Islam
Mon Mar 17 2025, 01:30 AM

Urdu Section ( 4 Oct 2023, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Love For The Humanity Demonstrates One's Love Of The Prophet انسانیت سے محبت ہی نبی سے محبت کی سچی دلیل ہے

  نیو ایج اسلام اسٹاف رائٹر

 28 ستمبر 2023

 صرف جلوسوں میں شرکت کرنا، سبز جھنڈے لگانا اور ڈی جے پر نعتیں بجانا نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلّم سے سچی محبت کی دلیل نہیں۔

 اہم نکات:

 1. انسانیت سے محبت نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلّم سے سچی محبت کی دلیل ہے۔

 2. صبر و تحمل وہ خوبی ہے جس کا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پوری زندگی مظاہرہ کیا ہے۔

 3. انتہا پسندی اور فرقہ واریت کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ناپسند فرمایا۔

 4. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی توہین کرنے والوں کو معاف فرمایا۔

 -----

 12 ربیع الاول (پیغمبر اسلام صلی اللّٰہ علیہ وسلّم کا یوم پیدائش) اور عشقِ رسول کا کیا مطلب ہے۔ مسلمانوں کا ایک طبقہ آزادی سے قبل جمعیت علمائے ہند کی طرف سے نکالے گئے جلوس محمدی میں شرکت کر کے، گلیوں میں سبز جھنڈے لگا کر، گلیوں کو سجا کر، نعرے لگا کر اور نعت خوانی کی کیسٹیں لگا کر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا یوم ولادت مناتا ہے۔ جبکہ دوسرا طبقہ یہ دلیل دیتا ہے کہ اس دن کو صحابہ کرام نے نہیں منایا اور نہ ہی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمانوں کو یہ حکم دیا کہ وہ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلّم کی ظاہری حیات کے بعد آپ کا یوم دلادت منائیں۔

 حقیقت یہ ہے کہ تمام مذاہب میں یہ روایت رہی ہے کہ وہ اپنی تاریخ کے اہم دنوں کو مناتے اور یاد کرتے ہیں۔ یہودی، عیسائی، مسلمان، بدھ مت، جین، ہندو اور دیگر مذاہب کے ماننے والے اپنی مذہبی شخصیات کی زندگی میں پیش آنے والے اہم دنوں یا ان کی یوم پیدائش یا اپنی تاریخ کے اہم واقعات کو مناتے ہیں۔ قرآن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت کی اہمیت اور ان کے آسمان پر اٹھائے جانے کے دن کے بارے فرماتا ہے:

 "اور وہی سلامتی مجھ پر جس دن میں پیدا ہوا اور جس دن مروں اور جس دن زندہ اٹھایا جاؤں

" (مریم:33)

 عیسیٰ مسیح کی زندگی کے اہم دنوں کی یاد میں عیسائی کرسمس اور ایسٹر کا دن مناتے ہیں۔ اور نبی کی یوم پیدائش کو ہمیشہ بارہ وفات کے طور پر منایا جاتا رہا ہے لیکن اس نے جشن کی شکل تب اختیار کی جب راجیو گاندھی حکومت نے پیغمبر کی یوم پیدائش کے دن قومی تعطیل کا اعلان کیا۔

 جلوس محمدی کا احیاء بطور جشن ولادت کے صرف دو دہائی قبل ہی ہوا۔ نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلّم کا یوم ولادت منانے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن اسے صحیح اسلامی جذبے کے ساتھ منایا جائے اور اس انداز میں منایا جائے جس طرح خود نبی صلی اللہ علیہ وسلم تہوار منایا کرتے تھے۔

 آج مسلمانوں کے جلوس اور ان کا طرز عمل اسلامی اقدار کے مطابق نہیں ہے۔ قرآن مسلمانوں کو حکم دیتا ہے کہ وہ اپنے دین کو کھیل تماشہ نہ بنائیں۔ لہٰذا میلاد النبی منانے کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ غریبوں کی خدمت ک جائے، دن میں پانچ وقت کی نماز ادا کی جائے، پڑوسیوں کے ساتھ اچھا سلوک رکھا جائے، صدقہ دیا جائے اور مسکینوں کو کھانا کھلایا جائے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ ڈی جے پر نعت بجا کر فتنہ انگیزی نہ کریں اور مسلمانوں اور غیر مسلموں کے سکون اور آرام کو غارت نہ کریں۔

اسلام محبتِ رسول کے دکھاوے کو نہیں مانتا بلکہ زندگی کے تمام معاملات میں عشقِ رسول کے عملی مظاہرے کا مطالبہ کرتا ہے۔ قرآن کا فرمان ہے کہ کسی بھی مسلمان کا ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہوتا جب تک کہ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی جان سے زیادہ عزیز نہ سمجھے۔ جو شخص نماز چھوڑتا ہو، پڑوسیوں پر ظلم کرتا ہو، فرقہ واریت کے نام پر خونریزی کرتا ہو اور روئے زمین پر فساد پھیلاتا ہو وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کا دعویٰ کیسے کر سکتا ہے۔

 عشق رسول کے نام پر توہین رسالت کو بنیاد بنا کر خونریزی کرنا اور فساد مچانا ایک ایسا عمل ہے جسکی واضح تردید قرآن اور احادیث دونوں میں وارد ہوئی۔ قرآن مسلمانوں کو تلقین کرتا ہے کہ توہین اور اشتعال انگیزی کی صورت میں مسلمان صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ آج کل عشق رسول کے نام پر مسلمانوں اور غیر مسلموں پر تشدد اور ان کے قتل کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ بچے یتیم اور عورتیں بیوہ ہو رہی ہیں اور عشق رسول کے نام پر گھر اجاڑے جا رہے ہیں۔ بلکہ سچائی تو یہ ہے کہ اس طرح کی حرکتیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے غیض و غضب اور خدا کے عتاب کو دعوت دیتی ہیں۔

 فرقہ واریت بھی ایک ایسی ہی برائی ہے جس نے پوری امت مسلمہ کی زندگی کو جہنم بنا رکھا ہے۔ قرآن اسلام کے اندر فرقوں کی اجازت نہیں دیتا اور جو لوگ خدا اور اس کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سچی محبت کا دعویٰ کرتے ہیں وہ فرقہ وارانہ نظریات کی اشاعت نہیں کر سکتے اور نہ ہی اپنے فرقوں پر فخر کرتے ہیں۔ کیونکہ فرقہ وارانہ اختلافات امت میں تفرقہ پیدا کرتے ہیں اور نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلّم کی ناراضگی کا باعث بنتے ہیں۔ فرقہ واریت کی وجہ سے مسلمانوں نے اپنی اپنی مسجدوں کو الگ کر لیا۔ اب ہر فرقے کی اپنی ایک الگ مسجد ہے جس میں دوسرے فرقوں سے تعلق رکھنے والوں کو داخل ہونے کی اجازت نہیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ظاہری حیات مبارکہ میں ہی منافقین نے امت میں تفرقہ پیدا کرنے کے مقصد سے ایک الگ مسجد تعمیر کی تھی جس کا نام مسجد ضرار تھا۔ اللہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اس مسجد میں جانے سے منع فرمایا۔ آج کے مسلمانوں کا بھی کچھ یہی حال ہو چلا ہے کہ وہ ایک مسجد بناتے ہیں اور ان میں پھوٹ پڑ جاتی ہے گوکہ ان کی مسجدیں مسجد ضرار ہیں۔ مسلمانوں کو خود سے یہ سوال کرنا چاہیے کہ کیا نبی صلی اللہ علیہ وسلم ایسی مساجد کو دکھ کر خوش ہوں گے؟

 حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو بیماروں کو شفا دینے کا معجزہ عطا کیا گیا تھا۔ لہٰذا مسیحیوں کے اندر ضرورت مندوں کی مدد کرنے اور بیماروں کے علاج معالجے کا جذبہ یکساں طور پر پایا جاتا ہے۔ وہ غریبوں اور ناداروں کے لیے ہسپتال، یتیم خانے اور اسکول بنواتے ہیں۔ عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم مسلمانوں سے قربانی پیش کرنے اور غریبوں کی خدمت کرنے اور جان دینے کا تقاضا کرتا ہے نہ کہ اور عشقِ رسول کے نام پر جان لینے کا۔

 آج مسلمانوں میں فرقہ واریت، انتہا پسندی اور بے راہ روی کی وجہ سے زبردست پھوٹ ہے، اور اس کی وجہ ان کے دلوں کا محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے خالی ہونا ہے۔ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو چھوڑ کر آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلّم کے دین کو کھیل تماشہ بنا بیٹھے ہیں۔ آج مسلمان یہ مان بیٹھے ہیں کہ وہ محض نعرے بازی، جلوسوں میں شرکت اور ڈی جے پر چلا چلا کر نعت پڑھ کر وہ خدا اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو راضی کر لیں گے۔ خدا اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم صرف ان لوگوں سے راضی ہیں جو زندگی کے تمام معاملات میں، جنگ میں اور امن میں، خوشی اور غم میں، اچھے اور برے وقتوں میں صرف اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے ہیں۔ جس کے دل میں انسانیت کے لیے محبت نہ ہو وہ مدعی عشق رسول نہیں ہو سکتا۔ اللہ اور اس کے رسول کا مسلمانوں کو حکم ہے کہ وہ انسانیت سے محبت کریں اور انسانیت کی خدمت کریں اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے قربانی پیش کریں۔

------------------

 English Article: Love For The Humanity Demonstrates One's Love Of The Prophet

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/love-humanity-demonstrates-prophet/d/130820

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..