New Age Islam
Sun Apr 20 2025, 06:36 PM

Urdu Section ( 19 Dec 2023, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

The Quran and Finger Prints قرآن اور فنگر پرنٹ

سہیل ارشد، نیو ایج اسلام

19دسمبر،2023

قرآن کا یہ اعجاز ہے کہ یہ کبھی فرسودہ نہیں ہوتا۔ ہر دور کی سائنسی ترقی اور سائنسی دریافتوں کی تائید قرآن سے ہوتی آئی ہے۔ ہر سائنسی دریافت اور نظریات کی تشکیل کے بعد یہ حقیقت سامنے آتی یے کہ اس کی طرف قرآن نے چودہ سو سال پہلے ہی اشارہ کردیا تھا۔ جیسے جیسے مشرق اور مغرب میں عام لوگوں میں قرآن کے تحقیقی مطالعہ کا رجحان بڑھ رہا یے ویسے ویسے قرآن کی آیتوں کی نئی نئی تاویلیں سامنے آرہی ہیں اور قرآن کی حقانیت مزید مستحکم ہورہی ہے۔

گزشتہ کچھ مدت سے امریکہ اور یوروپ کے عیسائیوں اور دہریوں میں قرآن کے مطالعے میں دلچسپی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ۔یہ لوگ قرآن کے انگریزی ترجمے کی مدد سے قرآن کے معانی و مفاہیم کو سمجھنے کی اپنے طور پرکوشش کررہے ییں۔چونکہ یہ لوگ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھتے ہیں چنانچہ وہ اپنے اپنے ذہنی میلان اور طرز فکر کی بنیاد پر قرآن کی آیتوں کی تاویل پیش کرتے ہیں۔ اس کا ایک فائدہ یہ ہے کہ قرآن کی آیتوں میں علم کے نئے نئے گوشے نمایاں ہورہے ہیں۔ اس کڑی میں امریکہ کے نئے قارئین نے قرآن کی سورہ القیامہ کی آیت میں معنی کا ایک نیا گوشہ دریافت کیا ہے۔ اس سورہ کی آیت نمبر 3 ملاحظہ ہو۔

۔"کیا خیال رکھتا ہے آدمی کہ جمع نہ کرینگے ہم اس کی ہڈیاں۔ کیوں نہیں ہم ٹھیک کر سکتے ہیں اس کی پوریاں۔ ۔۔"۔

یہاں مولانا محمودالحسن لفظ بنان کا معنی پوریاں لیتے ہیں۔ مولانا اشرف علی تھانوی بھی یہی معنی لیتے ہیں ۔۔ مولانا شبیر احمد عثمانی اس آیت کی تفسیر میں لکھتے ہیں۔

۔"پوریوں کی تخصیص شاید اس لئے کہ یہ اطراف بدن ہیں اور ہر چیز کے بننے کی تکمیل اس کے اطراف پر ہوتی ہے۔ چنانچہ ہمارے محاورے میں ایسے موقع پر بولتے ییں کہ میری پور پور میں درد یے۔۔اس سے مراد تمام بدن ہوتا ہے۔ دوسرے پوریوں میں باوجود چھوٹی ہونے کے صنعت کی رعایت زیادہ اور عادتاً یہ زیادہ دشوار اور باریک کام ہے۔ لہذا، جو اس پر قادر ہوگا وہ آسان پر بطریق اولی قادر ہوگا۔۔۔"۔۔

منکرین حیات بعد موت پر یقین نہیں رکھتے تھے اس لئے کہتے تھے کہ کیا جب ہم مر کر مٹی ہو جائیں گے تو ہم پھر سے اٹھائے جائیں گے۔ ؟جب ہماری ہڈیاں الگ ہوکر بکھر جائیں گی تو پھر ہماری ہڈیاں کیسے اکٹھی ہوں گی؟ ان کے اسی سوال پر قرآن میں خدا کہتا ہے کہ ہم تمہاری ہڈیا ں تو کیا تمہاری پور پور کو پھر سے جوڑ دینے پر قادر ہیں۔

یہ تو اس آیت کا روایتی مفہوم ہے جو صدیوں سے لیا جارہا  ہے ۔ لیکن انگریزی میں پوریوں کی جگہ بنان کا ترجمہ فنگر ٹپس کیا گیا ہے۔ جب فنگر ٹپس معنی لیا گیا تو اس آیت میں معنی کی ایک اور جہت کھل گئی۔ امریکی قارئین نے یہ رائے ظاہر کی کہ یہاں فنگر ٹپس سے مراد فنگر پرنٹ ہوسکتا ہے۔ 18ویں صدی میں ماہرین اناٹومی نے یہ دریافت کی کہ انسان کی انگلیوں کے نشان بالکل انوکھے ہوتے ہیں اور ایک شخص کی انگلیوں کے نشان دوسرے شخص کی انگلیوں سے بالکل مختلف ہوتے ہیں۔ اس لئے کسی شخص کی انگلی کے نشان کو اس کی پہچان کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ وکی پیڈیا کے مطابق جرمن سائنسداں جوہانن کرسٹوفر انڈریاس مائیر نے سب سے پہلے یہ دعوی کیا کہ ہر انسان کا نقش انگشت انوکھا اور منفرد ہوتا ہے۔ اور ڈارون کے بھتیجے فرانکس گالٹن نے 1880 میں نقش انگشت کوکسی شخص کی شناخت کے وسیلے کے طور پر استعمال۔پر تجربے کئے اور 1892ء میں پہلی بار نقش انگشت کوشناخت کے لئے سرکاری طور پر استعمال کیاگیا۔

لہذا، قرآن کے جدید اسکالر اس رائے پر پہنچے ہیں کہ اس آیت میں قرآن فنگر پرنٹ کی بات کررہا یے۔ خدا منکرین سے یہ کہہ رہا ہے کہ ہم تمہاری ہڈیوں کو ہی نہیں بلکہ تمہاری فنگر پرنٹس تک کو پہلی صورت میں واپس لا سکتے ہیں۔ یعنی جب ہم تمہیں دوسری بار اٹھائینگے تو تم ہر لحاظ سے اپنی پہلی صورت میں واپس آؤگے ۔ تمہاری فنگر پرنٹس تک وہی ہونگی جو موت سے پہلے تھیں۔

وکی پیڈیا کے مطابق فنگر پرنٹس کا شناخت کے لئے استعمال دور نزول قرآن میں کوئی نئی بات نہیں تھی۔ بابل اور چین میں قبل مسیح دور میں نقش انگشت کا استعمال انسانوں کی شناخت کے لئے کیا جاتا تھا۔ لہذا، قرآن نے نقش انگشت کا حوالہ اس لئے دیا کہ انسانی سماج میں قبل مسیح دور سے ہی انسانی جسم کی سب سے لطیف خصوصیت کے طور پرنقش انگشت کو تسلیم۔کیا جاتا رہا تھا۔ اس تناظر میں قرآن میں پور کی جگہ نقش انگشت کا مفہوم زیادہ منطقی اور سائنٹفک ہے۔

---------------

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/quran-finger-prints/d/131341

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..