New Age Islam
Thu May 15 2025, 05:57 PM

Urdu Section ( 11 Nov 2023, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Pollution pervades from Lahore to New Delhi لاہور سے نئی دہلی تک فضائی آلودگی کا قہر

سہیل ارشد، نیو ایج اسلام

11 نومبر 2023

ہندوستان کی راجدھانی دہلی اور پاکستان کے قدیم شہر لایور کو عالمی ادارہء صحت کے ایک سروے میں دنیا کے دو سب سے زیادہ فضائی آلودگی والے شہر قرار دیا گیا ہے ۔ نئی دہلی پہلے نمبر پر ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے نئی دہلی میں دم گھونٹنے والی آلودگی سے عوام پریشان ہیں اور حکومت کے پاس اس کا کوئی کارگر حل نہیں ہے۔ نئی دہلی کی فضائی آلودگی کی شدت اتنی زیادہ ہے کہ فرانس ، آسٹریلیا اور جرمنی کے ٹیلی ویژن چینلوں پر اس پر خصوص رپورٹ پیش کی گئی ہے۔ نئی دہلی کی فضائی آلودگی عالمی ادارہء صحت کے مطابق عام سطح سے 35 گنا زیادہ ہے۔ اس آلودگی سے آنکھوں میں جلن اور گلے میں خراش اور کھانسی اور دیگر امراض تنفس کی شکایت ملتی ہے۔ لاہور میں بھی لوگوں نے آنکھوں میں جلن اور امراض تنفس کی شکایت کی ہے۔ لاہور میں فضائی آلودگی کی شدت کو دیکھتے ہوئے پنجاب حکومت نےریاست میں "اسموگ ایمرجنسی "نافذ کردی ہے اور صنعتی اکائیوں کو کچھ عرصے کے لئے بند کردیا گیا ہے۔اس کے علاوہ کارخانوں اور اینٹ بھٹوں کی چمنیوں اور گاڑیوں سے سیاہ دھواں اٹھنے پر ان کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔

دہلی میں اسکولوں کو بند کردیا گیا یے اور آلودگی کو کم کرنے کے لئے گاڑیوں کے لئے آڈ-ایون فارمولا لاگو کیا گیا لیکن سپریم ورٹ نے اس فارمولےپر سوال اٹھاتے ہوئے ریاستی حکومت سے پوچھا ہے کہ کیا گزشتہ برسوں میں اس فارمولے سے کوئی فائدہ ہوا تھا۔ عدالت نے اس فارمولے کو محض نمائشی عمل قراردیا اور اس کے برعکس اس نے تمام گاڑیوں کو اورینج ، (ڈیزل)، پٹرول اور سی این جی (بلیو) کے زمرے میں بانٹنے کا مشورہ دیا ہے اور اورینج زمرے پر پابندی لگانے کا مشورہ دیا ہے ۔ اس سلسلے میں عدالت نے حکومت سے کئے جانے والے اقدام پر رپورٹ مانگی ہے۔

فضائی آلودگی تو موجودہ زمانے میں ایک عام مسئلہ ہے لیکن نئی دہلی میں نومبر سے فروری کے دوران فضائی آلودگی کی سطح کافی بلند ہوجاتی ہے۔ اس کی وجہ ہہ ہے کہ اس دوران پنجاب ، ہریانہ ، اتر پردیش اور راجستھان میں فصلوں کی کٹائی کے بعد دوسری فصل کی بوائی کے لئے کھیتوں کی صفائی کے لئے سینکڑوں مربع کیلو میٹر زمین پر پرالی جلائی جاتی ہے جس سے دھویں کی تہہ فضا پر جم جاتی ہے۔ لہذا سپریم کورٹ نے پنجاب ، دہلی ، اتردیش اور راجستھان کی حکومتوں کو پرالی جلانے پر پابندی لگانے کی ہدایت دی ہے۔

نومبر میں دیوالی کا تہوار بھی منایا جاتا ہے جس میں بہت زیادہ آتش بازی کی جاتی ہے۔ صرف دہلی میں ہزاروں کلو گرام پٹاخے چھوڑے جاتے ہیں۔ان پٹاخوں سےبھی فضائی آلودگی میں کافی اضافہ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ گاڑیوں سے دھویں کا اخراج بھی آلودگی کی سنگینی میں اضافہ کرتا ہے۔ پٹاخوں سے پھیلنے والی آلودگی کو روکنے کے لئے دہلی پولیوشن کنٹرول کمیٹی نے یکم جنوری تک دہلی میں ہر طرح کی آتش بازی پر پابندی لگادی ہے۔ اس پابندی کے تحت پٹاخے بنانا ، ذخیرہ کرنا ، بیچنا اور چلانا سبھی آتے ہیں۔لیکن گزشتہ برسوں میں دیکھا گیا ہے کہ عوام کا ایک بڑا طبقہ ان پابندیوں کو نہیں مانتا ۔ 2021ء میں دہلی پولیس نے دیوالی کے دن 281 افراد کو پابندی کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جن میں 138 افراد پٹاخے بیچتے ہوئے اور 143 افراد آتش بازی کرتے ہوئے گرفتار ہوئے تھے 19702 کلوگرام پٹاخے ضبط کئے گئے تھے۔2020ء میں 850 افراد گرفتار کئے گئے تھے۔ 2020ء میں پولیس کو آتش بازی کے متعلق 2000پی سی آر کال موصول ہوئے تھے۔ ان اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ برسوں میں پابندیوں کی خلاف ورزی میں کمی آئی ہے اس کے باوجود اب بھی عوام میں آتش بازی کے نقصانات سے متعلق بیداری کا فقدان ہے اور اب بھی لوگ آتش بازی سے باز نہیں آتے۔ امسال بھی حکومت کی طرف سے آتش بازی پر پابندی پر عمل درآمد کرانے کے لئے 285 ٹیمیں تشکیل دی گئی پیں ۔ اس کے علاوہ پولیس اور سماجی کارکنوں کے ذریعے بیداری مہم بھی چلائی جاتی ہے ۔ اسکولوں میں بھی بچوں کو آتش بازی کے نقصانات سے آگاہ کیا جاتا ہے۔

بہرحال، فضائی آلودگی کو کم کرنے کی ذمہ داری کسی ایک طبقے پر نہیں ہے ۔ آلودگی کے کئئ اسباب ہیں جس کے لئے حکومت ، کسانوں ، صنعتی اداروں ، اسکولوں ، مذہبی رہنماؤں اور گارجین حضرات کو مل کر کام کرنا ہوگا اور ہر طبقے کو اپنا کردار پوری ذمہ داری سے ادا کرنا ہوگا۔ کووڈ کے دوران مذہبی سرگرمیوں کو محدود کردیا گیا تھا کیونکہ انسانی جانوں کو بچانا حکومتوں کی پہلی ترجیح تھی۔ فضائی آلودگی کا مسئلہ کووڈ سے بھی زیادہ سنگین ہے۔کووڈ میں تو ہندوستان میں صرف پانچ لاکھ 33 ہزار 293لوگ ہی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ فضائی آلودگی سے ہر سال ہندوستان میں بیس لاکھ افراد ہلاک ہوتے ییں۔ اس لئے ضروری ہے کہ آتش بازی پر پابندی پر عوام پوری طرح عمل کریں اور حکومت کسانوں کے ساتھ بیٹھ کر پرالی جلانے کا کوئی متبادل تلاش کرے۔

-----------------

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/pollution-pervades-lahore-new-delhi/d/131090

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..