مولانا وحیدالدین خان برائے نیو ایج اسلام
کام کیا ہے۔کام نام ہے ممکن مواقع کو اپنے لیے اویل کرنا۔یعنی حالات کو پڑھ کر اپنے لیے نقشہ بنانا، اور اس کے لحاظ سے کام کرنا۔ رسول اللہ کی زندگی سے یہی معلوم ہوتا ہے۔جب آپ مکہ میں رہے،تو مکہ کے لحاظ سے کام کیا، اور جب مدینہ گئے تو مدینہ کے لحاظ سے کام کیا۔
مثلاً آپ نے مکہ میں تیرہ سال تک مشن کا کام کیا۔ مگر آپ نے مکہ میں بتوں کو نہیں توڑا،اور نہ ہی ان بتوں کے خلاف کوئی بیان بازی کی۔ اس کے برعکس، آپ نے یہ کیا کہ بتوں کی زیارت کے لیے آنے والے آڈینس (audience)کو دعوت دی۔ یعنی آپ کو یہ سمجھ میں آیا کہ مکہ میں دعوت کے کام کا موقع ہے، لیکن کعبہ سےبتوں کو ہٹانا قابل عمل نہیں ہے۔ اس لیے آپ نے وقتی طور پر ان بتوں کو اپنے حال پر باقی رکھا، اور بتوں کی زیارت کے لیے تمام عرب سے آنے والے آڈینس کے درمیان دعوت کا کام جاری رکھا۔
دنیا کا نظام اس طرح بنا ہے کہ یہاں ہر صورتِ حال میں کام کے مواقع موجود رہتے ہیں (الانشراح، 94:5-6)۔ لوگ اکثر مشکلات کا ذکر کرتے ہیں۔ صحیح طریقہ یہ ہے کہ ہر صورتِ حال میں کام کے مواقع تلاش کیے جائیں۔ ہر صورتِ حال میں مواقع (opportunities) کی بنیاد پر اپنے کام کی منصوبہ بندی کی جائے۔ مواقع کو تلاش کرنا، اور مواقع کی بنیاد پر اپنے عمل کا نقشہ بنانا، دانش مندانہ طریقہ ہے۔ یہ دنیا اسباب کی دنیاہے۔ اس دنیا میں وہی منصوبہ کامیاب ہوتا ہے، جو اسباب کی رعایت کرتے ہوئے بنایا جائے۔
اس دنیا میں منصوبہ بند کام کا نام کام ہے۔جو کام غیر منصوبہ بند انداز میں کیا جائے، وہ اپنے انجام کے اعتبار سے کوئی کام ہی نہیں۔ جب بھی ایسا ہو کہ آپ کا کوئی اقدام عملاًبے نتیجہ رہ جائے، تو ہرگز کسی دوسرے کو الزام نہ دیجیے، بلکہ خود اپنے منصوبے کی خامی تلاش کیجیے۔ اپنے منصوبے کی خامی کو درست کرکے آپ دوبارہ کامیابی تک پہنچ سکتے ہیں۔
URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/planned-work-work-/d/121919
New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Women in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Women In Arab, Islamophobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism