New Age Islam
Sun Mar 23 2025, 04:36 PM

Urdu Section ( 9 Feb 2023, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

New Anti-blasphemy Law In Pakistan پاکستان میں انسداد اہانت کا نیا قانون

نیو ایج اسلام اسٹاف رائٹر

9 فروری 2023

اہانت یا مذہبی شخصیات و نشانات کے خلاف توہین آمیز اظہار رائے کو اسلامی معاشرے میں قابل تعزیر مانا گیا ہے اور بہت سارے اسلامی ممالک میں اس کی سزا موت ہے۔ غیر اسلامی ممالک میں بھی اہانت کوقانونا ً جرم قرار دیا گیا ہے لیکن وہاں سزا سخت نہیں ہے۔ صرف اٹلی وہ غیر اسلامی ملک ہے جہاں اہانت کی سزا سب سے زیادہ ہے اور وہ دوسال کی قید ہے۔ دنیا میں جن ممالک میں اہانت کو قانونا ً جرم قرار دیا گیا ہے ان کی تعداد 70 ہے ۔ان میں 32 ممالک اسلامی ہیں۔ پاکستان، سعودی عرب ، افغانستان ایران وغیرہ میں اہانت کی سزا موت ہے۔

پاکستان میں جنرل ضیاء الحق کے دور میں اہانت مخالف قوانین کو سخت بنایا گیا۔ اس کے بعد سے ہی پاکستان میں اہانت کے قوانین کو سنیوں کے نقطہء نظر سے اور شیعوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف وضع کیا گیا۔ اس کے بعد سے اہانت کے قوانین کا استعمال پاکستانی اقلیتوں کے خلاف ہونے لگا۔ قرآن اور رسول اسلام کے خلاف اہانت کی سزا پاکستان میں موت ہے۔ بعد کے زمانے میں اہانت مخالف قوانین کو مزید سخت بنایا گیا۔ دو سال قبل یہ قانون بنایا گیا کہ حضرت محمد ﷺ کے نام کے ساتھ خاتم النبین کہنا لازمی ہوگا۔ اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو اہانت رسول کا مرتکب قرار دیا جائیگا۔

پاکستان میں گزشتہ تین دہائیوں میں 1500 افراد کے خلاف توہین رسالت و قرآن کے تحت کیس درج کرائے گئے ہیں۔ ان میں مسلمانوں کی بھی ایک بڑی تعداد ہے۔ ظاہر ہے اہانت مخالف قوانین کا استعمال ذاتی رنجش اور مسلکی عناد کے تحت بھی کیا جاتا ہے۔

پاکستان میں اہانت کے کسی بھی مقدمے میں کسی کوموت کی سزا نہیں ہوئی ہےکیوں کہ یہ سب کیس کمزور بنیادوں پر درج کئے گئے تھے۔ پھر بھی عدالت سے بری ہونے والوں کو یا دوران مقدمہ ملزمین کو ہجومی تشدد کا نشانہ بنادیا جاتا ہے یا پھر ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ایک عیسائی عورت آسیہ بی بی کے خلاف اہانت رسول کا مقدمہ درج کیا گیا لیکن اسے عدالت سے بری کردیا گیا پھر انتہا پسند تنظیمیں اس کے خون کی پیاسی ہوگئیں۔ نتیجتہً اسے پاکستان چھوڑ کر کینیڈا میں پناہ لینی پڑی۔ رمشا مسیح بھی ایک عیسائی عورت تھی جس کے خلاف اہانت کا مقدمہ چلایا گیا۔

مسلکی بنیادوں پر بھی اکثر پاکستان کے مسلمان مخالف مسلک کے افراد کے خلاف اہانت رسول کا الزام لگاتے ہیں اور کیس درج کراتے ہیں۔

اس طرح اہانت مخالف قوانین پاکستان میں تشدد منافرت اور قتل کا ایک بڑا سبب ہیں۔ اب اس سلسلے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے پاکستانی نیشنل اسمبلی نے ایک نیا اہانت مخالف قانون پاس کیا ہے۔ اس قانون کے تحت اب پیغمبر اسلام کی ازواج مطہرات، صحابہ کرام اور پیغمبر اسلام کے دیگر رشتہ داروں کے خلاف تنقیدی بیانات کوبھی اہانت کے دائرے میں لایا گیا ہے۔ اس قانون کی رو سے اب مذہبی معاملے میں علمی بحث و تمحیص کا باب بھی بند کردیا گیا ہے۔ اس قانون کا اطلاق شیعہ فرقے پر ہوگا کیونکہ وہ برگزیدہ صحابہ کرام پر تاریخی بنیادوں پر تنقید کرتے ہیں۔

لیکن اس قانون کی زد میں کچھ سنی علماء بھی آئیں گے جو حضرت علی رضی اللہ عنہ اور حضرت امام حسین علیہ السلام کے ساتھ امیر معاویہ کی سیاسی رقابت کی بنیاد پر امیر معاویہ کی تنقید کرتے ہیں۔ان علماء میں پاکستان کے عالم دین انجینئر محمد علی مرزا سر فہرست ہیں جوعلی الاعلان دلائل کے ساتھ امیر معاویہ کی تنقید کرتے ہیں۔ چونکہ ان کے شاگرداور معتقدین پورے پاکستان میں پھیلے ہوئے ہیں اس لئے ان کو طاقت کے زور پر خاموش نہیں کرایا جاسکتا۔ لہذا، یہ قانون لایا گیا ہے تاکہ ایک تیر سے دو شکار کیا جاسکے۔ چونکہ حضرت امیر معاویہ بھی صحابی تھے اور کاتب وحی بھی تھے لہذا ان کے خلاف بھی تنقید کو نئے قانون کے تحت اہانت قرار دیا جائیگا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائیگا۔ غالباً یہ قانون طالبان کی حمایت یافتہ پاکستانی وہابی لابی کے دباؤ میں لایا گیا ہے۔ لیکن اس قانون پر عمل درآمد سے ملک میں مسلکی منافرت اور انتہاپسندی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ انجینئر علی مرزا جیسے علماء پر کسی بھی مقدمہ سے پاکستان میں ایک نیا فتنہ شروع ہوگا اور مسلکی تشدد کا باعث بنے گا۔

ایک لمبے عرصے سے اسلامی علماء میں امیر معاویہ کا سیاسی کردار علمی بحث کا موضوع رہا ہے۔ اہانت مخالف نئے قانون سے اب علمی بحث کا راستہ بند ہونے کا اندیشہ ہے۔ اہانت مخالف نیا قانون تحریک طالبان کے پاکستان میں بڑھتے ہوئے اثر کے پیش نظر شیعہ فرقے اور سنیوں کے ایک فرقے کے خلاف ایک نئے اقدام کی حیثیت سے دیکھا جانا چاہئے۔

----------

English Article: The New Pakistani Legislation on Blasphemy Targeted Against Shias

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/pakistani-legislation-blasphemy-shias/d/129062

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..