New Age Islam
Fri Mar 21 2025, 06:45 AM

Urdu Section ( 31 Oct 2022, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

National Development Is Hidden In Higher Education: Dr. Shafiqur Rahman Baraq اعلیٰ تعلیم میں پوشیدہ ہے قوم کی ترقی: ڈاکٹر شفیق الرحمن برق

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے یوم تاسیس کے موقع پر سنبھل میں برادرانِ جامعہ کے عزائم

ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی سنبھلی، نیو ایج اسلام

31 اکتوبر،2022

 جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے 102 ویں یوم تاسیس کے موقع پر برادرانِ جامعہ کی جانب سے النور پبلک اسکول، نخاسہ، سنبھل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر ڈاکٹر شفیق الرحمن برق صاحب (ممبر آف پارلیمنٹ)، مہمان اعزازی کے طور پر جناب ضیاء الرحمن برق صاحب (ایم ایل اے، کندرکی)، سرکردہ شخصیات اور برادران جامعہ نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر شفیق الرحمن برق نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ قوم کی ترقی کا راز تعلیم میں ہی پوشیدہ ہے۔ ڈاکٹر شفیق الرحمن برق نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے قیام کے وقت ملک کے حالات پر بھی روشنی ڈالی۔ مہمان اعزازی جناب ضیاء الرحمن برق صاحب جو بذات خود علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ ہیں، نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ دونوں عظیم ادارے قوم وملت کی گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جناب ضیاء الرحمن برق نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ اکابرین کے تعلیمی مشن کو جاری رکھاجائے گا۔ ڈاکٹر شفیق الرحمن برق اور جناب ضیاء الرحمن برق نے النور پبلک اسکول اور القلم پبلک اسکول کی کامیابی پر ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کی ہر ممکن سپورٹ جاری رہے گی۔

مولانا محمد سہیل قاسمی نے کہا کہ سر سید احمد خان اور بانیانِ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے درمیان اختلاف ہونے کے باوجود اُن کے مخلص ہونے کی وجہ سے دونوں تعلیمی اداروں کو اللہ نے ایسی مقبولیت عطا فرمائی کہ آج دونوں ہی عالمی ادارے ہیں۔ ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے برادران جامعہ کا استقبال کرتے ہوئے تقریب کے انعقاد کا مقصد بیان کیا اور انہوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی مختصر تاریخ بیان کی۔ ایم جی ایم کالج کے لیکچرار ڈاکٹر ریاض انور صاحب نے کہا کہ سنبھل میں تعلیمی پسماندگی دور کرنے کی مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔ کائنات انٹرنیشنل اسکول کے منیجر خواجہ محمد فہیم نے کہا آج سے دس سال قبل شہر سنبھل میں ہمارے اپنے ادارے موجو د نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کے پاس آپشن نہیں تھا، اب الحمد للہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی سے تعلیم یافتہ حضرات نے شہر سنبھل میں متعدد اسکول قائم کردئے ہیں اور ان شاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ دہلی سے تشریف لائے انجینئر محمد جاوید نے سنبھل میں طلبہ وطالبات کے لئے کیرئیر کاؤنسلنگ پر خاص زور دیا تاکہ بچوں کو اپنا مستقبل طے کرنے میں زیادہ دشواریاں نہ آئیں۔ پروگرام کا آغاز مولانا محمد عظیم فلاحی کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ جنید ابراہیم نے نظامت کے فرائض بحسن خوبی انجام دئے۔

مشن انٹرنیشنل اسکول کے پرنسپل شان رب علیگ، سماجی کارکن جناب توصیف ایڈووکیٹ، ماسٹر مقصود حسن، شاویز دانش ندوی، یمانی ندوی، عیسیٰ قاسمی، درّیز بدر، نور الامین، حکیم محمد ریان، محمد سہیم، محمد کمال، سیف الرحمن، سعد نعمانی، تہذیب الاسلام، نور الحسن، محمد شاہ عالم، اشوان الرحمن،محمد معراج اور تنویر ایڈووکیٹ نے برادرانِ جامعہ خاص کر ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی کو اس نوعیت کا پروگرام منعقد کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر برادران جامعہ نے عزم کیا کہ سنبھل میں تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں داخلے اور تعلیم یافتہ طبقہ کو اندرون وبیرون ملک میں ملازمت دلانے کے لئے رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ سنبھل کے سینکڑوں افراد جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی سے تعلیم حاصل کرکے سنبھل اور سنبھل کے باہر مختلف مقامات پر تعلیمی خدمات انجام دے رہے ہیں یا اپنے روزگار سے منسلک ہیں، مگر اپنی مادر علمی کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں۔

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/national-education-shafiqur-rahman-baraq/d/128305

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..