New Age Islam
Sat Jun 14 2025, 11:20 PM

Urdu Section ( 13 Jul 2024, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Muslim Voice against Extremism? انتہا پسندی کیخلاف مسلم آواز؟

اسد مفتی

12 جولائی ، 2024

انگلینڈ اور ویلز میں کیتھولک چرچ کے نمائندے مسلمانوں اور بالخصوص برطانیہ بھر میں رہائش رکھنے والے مسلمانوں پر یک زبان ہو کر بھرپور تنقید کر رہے ہیں۔ کارڈینل کارمک مرفی نے واشگاف طور پر اپنی تقریر میں اعلان کیا ہے کہ مسلم کمیونٹی کے رہنما برطانیہ میں دہشت گردی کی مذمت اور اس کے سدباب کیلئے کافی انتظامات نہیں کر رہے۔ کیتھولک چرچ آف انگلینڈ اینڈ ویلز کے ان نمائندوں کا کہنا ہے کہ برطانیہ کےمسلمان انتہا پسندوں اور خودکش حملہ آوروں کی کارروائیوں کی اتنی شدت سے مذمت نہیں کرتے جتنی انہیں کرنی چاہئے۔ آرچ بشپ آف کنٹریری ڈاکٹر کیری نے اپنے ایک بیان میں مسلمان رہنمائوں کی لاتعلقی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اعتدال پسند مسلمان بھی ’’اللّٰہ کا نام‘‘ لیکر کی جانے والی خودکش حملوں جیسی انتہا پسندانہ کارروائیوں کی مناسب انداز میں مذمت نہیں کرتے اس پر کارڈینل مرفی نے کہا کہ میں ڈاکٹر کیری کے بیان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں انہوں نے کہا ڈاکٹر کیری کا بیان حقیقت پر مبنی ہے اور یہ وقت کی ضرورت کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرچ بشپ آف کنٹریری نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے مسلمان رہنمائوں پر تنقید کی جو دہشت گردوں کو دہشت گردی کی تربیت اور ترغیب دینے والوں کی مذمت میں پیچھے رہتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا بھی دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر کیری نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ مسلمانوں اور عیسائیوں کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں پر صرف کیا ہے۔

یہ سب کچھ مجھے آپ کے گوش گزار اس لئے کرنا پڑا کہ گزشتہ ماہ روم میں ایک لیکچر کے دوران ڈاکٹر کیری نے کہا تھا کہ لوگ اسلام کے نام پر مذہبی نعرہ لگا کر جب کہیں کسی پر خودکش حملہ کرتے ہیں تو لوگ ان معصوم انسانوں کی ہلاکت کے بعد مذمت کیلئے اعتدال پسند مسلمانوں کی طرف دیکھتے ہیں لیکن چند مسلمان رہنمائوں کو چھوڑکر اکثریت اس فعل کی مذمت نہیں کرتی میرے حساب سے دنیا بھر میں اس وقت مسلمان زیر عتاب ہیں اور یہ یونہی نہیں ہے غیر مسلموں سے دشمنی کی فصل وہاں بھی لہلہا اٹھی ہے جہاں اس کا بیج بھی نہیں ڈالا گیا تھا اور اسکی وجہ مسلمانوں کی کم علمی ہے۔ ہمارا یہ المیہ ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں کوئی ایسا عالم نہیں ہے جو بقول شخصے ایک ’’مجدد اور اسلامی مسیحا‘‘ بھی کہلا سکے اور اکثراس غلط فہمی یا خوش فہمی کا شکار ہیں کہ اسلام دنیا میں تیزی سے پھیل رہا ہے وہ مغربی ممالک اور امریکہ میں مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ایک حوالے کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور عوام کو یہ افیون کھلانے کی کوشش کرتے ہیں کہ ایک دن دنیا میں اسلام کا غلبہ ہو گا اور ان کی نشاۃ ثانیہ کا دیرینہ خواب پورا ہو جائے گا۔مانا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد پہلے سے زیادہ ہے اسی حساب سے ان کی جہالت بھی پہلے سے زیادہ ہے۔کیا اسلامی ارکان کی ادائیگی سے وہ مقاصد حاصل ہو رہے ہیں جن مقاصد کا حصول اسلام کے مدنظر تھا؟ اسلام میں عصری تقاضوں کے مطابق اجتہاد اور تشریح کی واضح طور پر گنجائش موجود ہے توکیوں دنیا بھر کے مسلمان جدید علوم مثلاً سائنس، فزکس، کیمسٹری، ریاضی انفارمیشن ٹیکنالوجی، خلائی معلومات، جغرافیہ، بیالوجی اور سائیکالوجی جیسے مضامین اور شعبوں سے نابلد کیوں ہیں؟۔ یہ حقیقت ہے کہ چاہے سارے عالم کے وسائل اور دولت پر ہمارا قبضہ ہو جائے اور آبادی کے حوالے سے دنیا پر غالب بھی ہو جائیں ہم اس وقت تک ترقی یافتہ ممالک کی گرد بھی نہیں پا سکتے جب تک ہم عصری علوم سے آشنا نہیں ہوتے اور ہمارے اندر کوئی نظریاتی انقلاب نہیں آتا۔ گزشتہ پانچ صدیوں سے مسلمان روبہ زوال ہیں اور اسکی وجہ جدید نظام فکر کا فقدان اور غیر ترقی یافتہ سوچ کا حامل ہونا ہے۔ حرف آخر کے طور پر مجھے یہ کہنے میں کوئی باک نہیں کہ اگر ہم یہ سمجھ رہے ہیں کہ ’’مسلم خوبیداہ‘‘ بیدار ہو گا عصری علوم حاصل کرے گا سائنس میں نام پیدا کرے گا اور ہزارسال کےبعد وہ ’’کچھ‘‘ بنے گا تو یہ ایسا ہی ہےکہ بقول شاعر؎

دمید دانہ و بالید در آشیاں گہے شد

در  انتظارِ  ہما  دانہ    چیدنم     بنگر

آسان زبان میں اس کا ترجمہ کچھ یوں ہے ’’میں دانہ بکھیر رہا ہوں کہ یہ دانہ پھوٹے گا، پودا نکلے گا، درخت بنے گا، اور ’’ھما‘‘ آئے گا اپنا آشیانہ بنائے گا جب یہ ھما ہمارے سر پر سے گزرے گا تو ہم بادشاہ بن جائیں گے‘‘

آخر میں ایک لطیفہ حاضر ہے پختہ عمر کی ایک عورت ڈاکٹر کے پاس گئی اور پوچھا ’’چہرے کو خوبصورت بنانے کی فیس کتنی ہو گی؟‘‘ڈاکٹر نے کہا ’’پانچ ہزار روپے‘‘ عورت تعجب سے بولی ’’یہ تو بہت زیادہ ہے کوئی سستا علاج بتائیے؟‘‘

’’ہاں کیوں نہیں‘‘ آپ گھونگھٹ نکالنا شروع کر دیجئے‘‘ ڈاکٹر نے جل کر جواب دیا۔

12 جولائی 2024، بشکریہ:چٹان، سری نگر

----------------

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/muslim-voice-extremism/d/132696

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..