New Age Islam
Thu Jan 16 2025, 01:46 PM

Urdu Section ( 20 Aug 2021, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Muharram Religious Gatherings and Speeches محرم کی مجالس، جلسے اور تقاریر

شکیل شمسی

20 اگست، 2021

آج یوم عاشورہ ہے لیکن کورونا کی وبا کے باعث آج ہندوستان میں بھر جو تعزیئے اور علم کے جلوس روایتی انداز میں نکالے جاتے تھے وہ نہیں نکل رہے ہیں، بلکہ انفرادی طو ر پر لوگ کربلاؤں اور امام باڑوں میں جاکر امام عالی مقام کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ واضح ہو کہ محرم شروع ہوتے ہی پورے ہندوستان میں مجلسوں اور ذکر شہادت کے جلسوں کا انعقاد ہونا شروع ہوجاتا ہے۔ جن مجالس اور جلسوں میں ہندوستان کے نامور علماء واعظین اور خطیب بارگاہ شہدان کربلا میں نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اس بار ان مجلسوں کا اہتمام بہت محدود پیمانے پر انجام دیا گیا، مگر یہ جدید ٹکنالوجی موجود ہونے کا فائدہ لوگوں نے خوب اٹھایا اور صبح سے لے کر دیر رات تک یوٹیوب اور فیس بک پر مجالس براہ راست نشر ہوتی رہیں جس کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں بیٹھ کر بھی مجالس سن سکے۔ ویسے اس بار کورونا کی پابندیاں اتنی سخت نہیں تھیں جتنی گزشتہ سال تھیں او رکم سے کم گھروں، مسجدوں اور امام باڑوں میں تو کم سے کم پچاس لوگ مجلسوں اور جلسوں میں شریک رہے۔ مجھے بھی یوٹیوب کی مہربانی سے کئی ذاکرین اور علماء کی مجالس گھر بیٹھ کر سننے کا موقع ملا او رمجھے اس بات کا شدت کے ساتھ احساس ہوا کہ زیادہ تر منبر کا حق ادا نہیں کررہے ہیں۔ زیادہ ترلوگ چودہ سو سال پرانے اختلاف کو بیان کرنے او راپنے مسلک کے حق پر ہونے کی دلیلیں دینے میں لگے ہے۔

 آج امت مسلمہ کن مسائل سے دو چار ہے، آج مسلمانوں کو کس قسم کے حملوں کا سامنا ہے اور آج کے مسلم نوجوانوں کو کس طرح مشکلیں جھیلنا پڑر ہی ہیں اس پر شاید ہی کسی عالم دین یا مبلغ نے بات کی ہو۔ وہ تاریخی واقعات جن کو اب تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ وہ عقیدوں کا اختلاف جو گزشتہ چودہ سو برس سے مسلمانوں کے درمیان موجود ہے اس کو آج کیسے بدلا جاسکتا ہے؟ کچھ لوگوں کی کوشش یہی تھی کہ عقیدے کو تاریخ بنادیں اور تاریخ کو عقیدے میں تبدیل کردیں۔ اس بات سے سب واقف ہیں کے محرم کے دنوں میں مسلم علماء کو اپنی بات کہنے کے لئے اتنا بڑاپلیٹ فارم ملتا ہے جتنا سال بھرنصیب نہیں ہوتا۔ محرم کے ابتدائی دس دنوں میں نوجوان بھی بڑی تعداد میں امام باڑوں، مسجدوں اور خانقاہوں میں ہونے والے اجتماعات میں شریک ہوتے ہوئے نظر آتے ہیں، مگر اس بھیڑ تک اسلام کو صحیح پیغام پہنچانے کے بجائے زیادہ لوگ مسلکی تنازعات کے بارے میں گفتگو کرنے لگتے ہیں۔ کچھ لوگوں کی خواہش بس اتنی ہوتی ہے کہ کوئی ایسا جملہ کہہ دیں کہ وہاں موجود حاضرین کی واہ واہ سے چھتیں اڑجائیں۔ کچھ لوگوں کی تمنا ایسی ہوتی ہے کہ حاضرین تک کوئی پیغام پوری تقریر کے دوران پہنچے نہ پہنچے،لیکن ان کے طرز خطابت کا ہر شخص قائل ہوجائے۔ ویسے ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ نواسہئ رسول کی شہادت اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کے ذکر کے دوران ان کی تعلیمات کا ذکر ہوتا، مسلمانوں کو ایک دوسرے سے قریب کرنے کے ساتھ ساتھ دوسری قوموں کو بھی مدعو کیا جاتا اور ان کو بتایا جاتاکہ اسلام جنگ وجدال کا مذہب نہیں صبر، ایثار اور قربانی پر یقین رکھنے والوں کا مذہب ہے۔

 مگر افسوس کی بات ہے کہ کچھ لوگ دوسرے مسلکوں پر شرک و بدعت کا الزام لگانے کو ہی اسلام کی تبلیغ کا سب سے بڑا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کچھ علماء کا یہی ماننا ہے کہ نزاعی اور اختلافی مسائل کو اجاگر کرنے سے ہی تمام مسلمانوں کو راحت ملے گی۔ ایک صاحب کی تقریر مجھے دیکھنے اور سننے کا موقع ملا ان کی پوری تقریر کا محور وہ مصرعہ تھا جو علامہ اقبال کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے وہ طرح طرح کی دلیلیں پیش کررہے تھے کہ ہم زندہ جاوید کا ماتم کیوں نہیں کرتے۔مگر ان کو نہیں معلوم کہ کربلا والوں کے ماتم کئے جانے کا جواب چودہ سو سال پہلے امام حسین علیہ السلام کے صاحبزادے حضرت زین العابدین علیہ السلام دے چکے ہیں۔ ان سے جب کسی نے کہا کہ ”مولاشہادت تو آپ کی میراث ہے اس پر آپ کیوں روتے ہیں توانہوں نے کہا کہ نواسہئ رسول کی لاش پر گھوڑے دوڑائے جائیں؟ کیا یہ ہماری میراث ہے کہ ہمارے خیموں میں آگ لگائی جائے؟ کیا یہ ہماری میراث ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی نواسیوں اور ہمارے گھر کی محترم خواتین کے بازوؤں میں رسی باندھ کر ان کو کوفہ و شام کے بازاروں میں گھمایا جائے؟ اس لئے ہمارا تو یہی کہنا ہے کہ جو لوگ ماتم کرتے ہیں ان کو کرنے دیا جائے جو نہیں کرتے وہ اپنی طرح سے امام حسین کو یاد کریں او رامت میں جو اختلافات ہیں ان کو ہوا دے کر نفاق میں تبدیل نہ کریں۔ ہم علماء ذاکرین،واعظین او رمبلغین سے التجا کرتے ہیں کہ وہ اپنی تقریر وں کا محور اس نکتے کو بنائیں کہ اس پر آشوب دور میں مسلمانوں کو متحد کیا جاسکتا ہے؟

20 اگست،2021، بشکریہ: انقلاب، نئی دہلی

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/muharram-religious-speeches/d/125246

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism

 

Loading..

Loading..