New Age Islam
Sat Jul 19 2025, 05:19 PM

Urdu Section ( 20 March 2023, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

The Knowledge-Filled Light Radiated From the Aurangabad Region سرزمین اورنگ آباد سے بکھرتی علم کی روشنی

افسر رضا قادری

17 مارچ،2023

بہار کے تاریخی ضلع اورنگ آباد میں صدیوں سے علم وعمل کی شمع روشن ہے۔ اسی سرزمین پر امجھر شریف میں ہندوستان میں سلسلہ قادریہ کی بنیاد رکھنے والے عظیم المرتبت بزرگ قطب الاقطاب فردالافراد سید السادات نائب غوث الثقلین سیدنا محمد پاک قادری بغدادی ثم امجھری علیہ الرضوان کی آمد ہوئی۔ ان کی آرامگاہ بھی یہیں ہے۔ ان کے فیوض سے ایک دنیا مستفیض ہورہی ہے۔ ان کے ہی نام نامی سے منسوب دارالعلوم فیضان سیدنا اورنگ آباد شہر کے قلب میں 1991 میں قائم کیا گیا۔ اس کے بانی گل گلزار قادریت اولاد غوث اعظم جگر کوشہئ سیدنا پاک امام ملت علامہ مفتی سید شاہ اصغر امام قادری، قاضی شہر اورنگ آباد ہیں۔

حضرت سیدنا محمد پاک قادریؒ کامزار مبارک سرزمین امجھر شریف میں آج بھی مرجع خلائق اورزیارت گاہ عام وخاص بنا ہوا ہے۔ انہیں کے فیض رواں کانتیجہ ہے جو علم وفن کا یہ عظیم ومستحکم قلعہ اکناف عالم میں علم و ادب کی ضیاپاشی کر رہا ہے۔ اس ادارہ کی چار منزلہ عمارت پر شکوہ اور دلفریب ہے۔ اس کا وسیع و عریض میدان بھی قابل دید ہے۔ یہ ادارہ تقریباً 300 بیرونی اور 200 مقامی بچوں کی کفالت کرتاہے۔ اس میں دینی علوم کے علاوہ عصری علوم کی تعلیم کابھی معقول انتظام ہے۔ بہار، جھارکھنڈ،چھتیں گڑھ اور اوڈیشہ کا یہ واحد ادارہ ہے جس کا جامع ازہر قاہرہ، مصر سے معادلہ ہے۔ یہاں مالی طور پر کمزور بچوں کی مالی امداد بھی کی جاتی ہے۔ خارجی اوقات میں مطالعہ کے لیے ایک بڑی لائبریری بھی ہے۔ لائق وفائق او رقابل اساتذہ کی نگرانی میں 1991 سے یہ ادارہ اپناعلمی سفر طے کررہا ہے۔ اس ادارہ نے اب تک سیکڑوں علماء حفاظ اور قراء کی جماعت تیار کی ہے جو مختلف علاقوں میں علم وفن کی روشنی پھیلا رہے ہیں۔

دارالعلوم فیضان سیدنا میں افتاء، حفظ، تجوید وقرأت اوردرس نظامی کے مکمل کورس کے ساتھ ہی ہندی، انگلش، ریاضی او رکمپیوٹر کی تعلیم کابھی عمدہ نظام ہے۔ اس ادارے کے روح رواں علامہ سید شاہ اصغر امام قادری نے یہاں ایک عالی شان ہسپتال کھولنے کابھی منصوبہ بنایا ہے جہاں بلاتفریق مذہب و ملت سبھی کو مفت علاج کی سہولت دستیاب ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی انجینئرنگ کالج اور آئی ٹی آئی کھولنے کا بھی ارادہ ہے۔ اسی طرح بی پی ایس سی اور یوپی ایس سی کی کوچنگ کے لیے سینٹر قائم کیا جائے گا۔ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے گرلس انٹر کالج او رلڑکے لڑکیوں کو ہنر مند بنانے کے مقصد سے الیکٹریشین، پلمبرنگ اور سلائی کے سینٹر بھی کھولے جائیں گے۔ امام ملت علامہ سید شاہ اصغر امام قادری کی سربراہی میں اورنگ آباد ضلع کے ہسپورہ میں دارالعلوم سیدنا امجھرشریف قائم کیا گیا۔ یہ ادارہ حضرت سید نا محمد قادری بغدادی ثم امجھر ی علیہ الرحمہ والرضوان کی آرام گاہ کے ٹھیک داہنی سمت واقع ہے۔ یہ ادارہ چار منزلہ عمارت پر مشتمل ہے۔ اس ادارے میں تقریباً دوسو بیرونی ومقامی بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ بیرونی طلبہ کے لیے مفت قیام وطعام کاانتظام ہے۔ بچوں کی ضروریات کی تمام چیزیں طلبہ کو مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ یہاں حفظ وقرأت کے ساتھ رابعہ تک درس نظامی کی تعلیم کا نظم ہے۔ طلبہ کے لیے ایک معیاری لائبریری بھی ہے۔ ادارہ ہی سے متصل دومنزلہ جامع مسجد سیدنا ہے جو جدید وقدیم نقش ونگاری سے مرصع ہے۔مسجد ومدرسہ کے مابین ایک خوبصورت میدان بھی ہے جس میں فارغ اوقات میں اساتذہ وطلبہ تفریح ومذاکرہ کرتے ہیں۔ امجھر شریف سے متصل مسلم آبادی میں دارالعلوم سیدنا کی شاخ ہے، جہاں پرائمری تک کی تعلیم کاانتظام ہے۔ امام ملت علامہ سید شاہ اصغر امام قادری نے لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے مقصد سے اورنگ آباد میں 2007 میں جامعہ رقیہ للبنات قائم کیا۔ اس کی چار منزلہ عمارت میں سیکورٹی کے جدید انتظامات کے ساتھ ہی ضروریات زندگی کی سبھی سہولتیں دستیاب ہیں۔ جامعہ میں 250 بچیاں زیر تعلیم ہیں۔ جامعہ رقیہ للبنات میں عالمیت،تجوید وقرأت، انگلش، ہندی،ریاضی،کمپیوٹر،سلائی کٹائی او رامور خانہ داری کی تعلیم وتربیت کانظم ہے۔ یہاں بھی ایک کشادہ لائبریری ہے جہاں طالبات کلاس کے بعد مطالعہ کرتی ہیں۔ وسیع وعریض ہال ہے جہاں طالبات متعدد علمی وادبی تقریبات کا انعقاد کرتی ہیں۔اب تک سیکڑوں،عالمہ، فاضلہ اور قاریہ یہاں سے سند فراغت حاصل کر کے ملک کے مختلف گوشوں میں دینی وملی خدمات انجام دے رہی ہیں۔

17 مارچ،2023، بشکریہ: انقلاب،نئی دہلی

--------------

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/knowledge-light-radiated-aurangabad-region/d/129357

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..