New Age Islam
Tue Mar 18 2025, 11:32 PM

Urdu Section ( 21 Feb 2023, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Ismail Merathi as a scientific and philosophical poet اسماعیل میرٹھی بحیثیت سائنسی وفلسفی شاعر

نظم‘‘آب زُلال’’ کے حوالے سے

ڈاکٹر محمد ذکی اللہ مصباحی ، نیو ایج اسلام

21 فروری 2023

اسماعیل میرٹھی نے اپنے عہد کے اہم شاعروں مثلاًحالی اور شبلی کی طرح اپنی شاعری کو بڑوں اور بچوں دونوں کے لیے تعلیم وتربیت کاذریعہ بنایا اور اس سمت میں نمایاں طور پر درسی کتابیں لکھیں۔ انھوں نے سادہ ، شائستہ ، شستہ اور سلیس زبان میں اردو سکھانے کے ساتھ ساتھ ان کتابوں میں اخلاقی موضوعات کو اس خوبی سے پیش کیا ہے کہ پڑھنے والے تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کے زیور سے آراستہ و پیراستہ ہو سکیں ۔ اسماعیل میرٹھی نے کئی نظمیں لکھیں ہیں جو صرف بچوں کے لیے ہیں۔ اور ہر عہد میں ان کی معنویت اور افادیت برقرار رہی ہے ۔انھو ں نے اردو اد ب کی کئی اصناف : غزل ، قصیدہ ، مثنوی ، نظم اور رباعی وغیرہ دیگر اصناف سخن پر طبع آزمائی کی ہے ۔اسماعیل میرٹھی نے نئی نظم یا جدید نظم سے اردو زبان وادب کو متعارف کیا اور اس میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ پروفیسر حامد حسین قادری اسماعیل میرٹھی کی نئی نظم؍جدید نظم کے معمار کے طور پر متعارف کراتے ہوئے رقمطراز ہیں ۔

‘‘حالی اور آزاد کے ہم عصر انیسویں صدی کے بہترین شاعر مولوی اسماعیل میرٹھی ہیں جن کی نظمیں محاسن شاعری میں آزاد وحالی دونوں سے بہتر ہیں۔’’

اسماعیل میرٹھی اردو کے ان شاعروں میں سے ہیں جنھوں نے جدید اردو نظم میں اولین ہیئتی تجربات کیے اور معریٰ نظمیں لکھیں۔اسماعیل میرٹھی کی نظموں کا اولین مجموعہ ‘‘ریزۂ جواہر’’کے نام سے ۱۸۸۵ء میں طبع ہوا تھاجس میں کئی نظمیں انگریزی نظموں کا ترجمہ ہیں۔ فزیکل سائنس(Physical Science)،علم ہندسہ اور علم ہیئت سے خاصی دلچسپی تھی جس کی جھلک واضح طو رپر ان کی نظموں میں دکھائی دیتی ہے ۔ وہ خواب وخیال کی دنیاکے شاعر نہیں بلکہ ایک عملی انسان تھے ۔ جن نظموں میں انھوں نے سائنس اور فلسفے کی بات کہی ہے ۔ انہی نظموں میں شہرہ آفاق نظم ‘‘آب زلال’’ ہے۔ جس کا مطلب (Pure water)یا‘‘شدھ جل’’یا ‘‘صاف پانی’’ ہے۔ذیل کے سطور میں نظم ‘‘آب زلال’’کا جائزہ اس حیثیت سے کیا جائے گاکہ انھوں نے اپنی اس نظم میں کس سائنسی اور فلسفی نظریہ کو پیش کیا ہے ۔ نظم ‘‘آب زلال’’میں اسماعیل میرٹھی کہتے ہیں:

یہ مل کر دو ہواؤں سے بنا ہے

گرہ کھل جائے تو فوراًہوا ہے

اس شعر کے اندر سائنسی نظریے کے اعتبار سے پانی کاکیمیکل فارمولاChemical Formula) ) H2Oکو پیش کیا ہے ۔جس میںChemical Bonds Molecules/ ہوتے ہیں جو ایک آکسیجن Oxygen اور دوہائیڈروجن (Hydrogen)آئٹم پر مشتمل ہو تاہے ۔

 اس کے بعد پانی کی سائنسی تعریف) (Definitionکرتے ہیں اور کہتے ہیں :

نظرڈھونڈھے مگر کچھ بھی نہ پائے

زبان چکھے مزہ ہر گز نہ آئے

ہواؤں میں لگایا خوب پھندا

انوکھا ہے تری قدرت کا دھندا

انگریزی میں پانی کی تعریف یوں کی جا تی ہے ۔

Water is an inorganic compound. It is a transparent, tasteless, odorless and nearly colorless chemical substance.

اس کے بعدقرآنی نظریہ اور فلسفہ ان اللہ علی کل شیء قدیر (۲؍۲۰) اورکن فیکون (۲؍۱۱۷)کو پیش کر تے ہوئے انھوں نے کہا ہے :

نہیں مشکل اگر تیری رضا ہو

ہوا پانی ہو اور پانی ہوا ہو

   پھر شعر نمبر۱۷ سے آگے Water cycle/ Hydrologic cycle کی تھیوری اور نظریہ کو خوبصورت انداز میں گردش آب (Water circulation) کے تحت اور اس کے مختلف اشکال اور روپ(Transfer processes) کو بتایا گیا ہے ۔ اس کی افادیت و اہمیت بڑی خوش اسلوبی کے ساتھ پیش کیا گیاہے ۔ پانی کے غلط استعمال کے نقصانا ت اور مضراثرات کیاکیا ہو سکتے ہیں،اس کو بھی بتایا گیا ہے ۔ محتاط انداز میں اس کے استعمال کے بجائے اس کا بیجااور اندھا دھند استعمال کا منفی اثر (Level of ground water )کا گھٹنا ہے ۔ اس کو کس خوبصورتی سے انھوں نے برتا ہے ۔ شعر دیکھیں:

زمیں آہستہ آہستہ گئی چوس

چھپائے مال کو جس طرح کنجوس

اخیر میں زمین پر پانی کی تقسیم اور اس کے حجم ومقدار کو پیش کیا ہے ۔ جو ایک سائنسی نظریہ ہے ۔ جس کو بڑی خوش اسلوبی سے انھوں نے نظم میں پرویا ہے ۔

تری کا تین چوتھائی میں ہے راج

توخشکی ایک چوتھائی میں ہے آج

 خلاصہ یہ کہ اسماعیل کی نظم‘‘آب زلال ’’نے پانی سے متعلق بہت سارے سائنسی فلسفے اور نظریات کو بہت باریکی سے پیش کیا ہے اور ‘‘آب زلال’’ کی خوبیوں کے ساتھ اس کے منفی اثرات کیا برآمد ہو سکتے ہیں اگر اس کا بیجا استعمال واستخدام ہو ،کو آسان اور سہل سادہ زبان واسلوب میں برتنے کی کامیاب کو شش کی ہے۔ اس ضمن میں قرآنی اور اسلامی نظریات و معتقدات کو بہت عمدگی اور خوش اسلوبی سے بیان کیا ہے ۔

مراجع ومصادر ومآخذ

(۱)          قرآن پاک

(۲)         خیابان اردو (درجہ یازدہم )این سی ای آرٹی ، نئی دہلی

(۳)         htttps://www.rekhta.org

(۴)         htttps://en.m.wikipedia.org/wiki/water

-------------

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/ismail-merathi-scientific-philosophical-poet/d/129161

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism

 

Loading..

Loading..