New Age Islam
Wed Apr 23 2025, 06:47 AM

Urdu Section ( 23 March 2022, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

A Hindu Girl in Sindh Was Killed For Refusing To Marry a Muslim; Her Family Had Complained To the Authorities, but the Accused Did Not Stop سندھ : شادی سے انکار پر ہندو لڑکی کا قتل، 'وڈیرے سے شکایت کی لیکن ملزم باز نہ آیا'

محمد زبیر خان

22 مار چ 2022

پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع سکھر کے نواحی علاقے میں ایک 18 سالہ ہندو لڑکی پوجا کے قتل کے بعد سکھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے تاہم پولیس کی جانب سے ایک ملزم کی گرفتاری کے بعد ان مظاہروں کو ختم کر دیا گیا۔

پوجا کماری کے قریبی عزیز اجے کمار نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ اس واقعے کے بعد 'پوجا اب مزاحمت کی علامت بن چکی ہے اور اب اس کی عزت ہمارے دلوں میں بہت بڑھ گئی ہے۔'

سکھر پولیس کی جانب سے درج مقدمہ میں مدعی مقدمہ مقتولہ پوجا کماری کے والد صاحب ادی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ تین ملزمان ان کی بیٹی پوجا کماری کو اغوا کرنے کے لیے ان کے گھر میں داخل ہوئے تاہم مزاحمت کا سامنا کرنے پر انھوں نے پوجا کو قتل کردیا۔

حکام کے مطابق پولیس انصاف کے تقاضوں کو پورا کرے گی اور اس سلسلے میں واقعہ کی اعلیٰ سطح پر نہ صرف تفیش ہورہی ہے بلکہ اس کے ہر پہلو کا جائزہ لیا جارہا ہے اور توقع ہے کہ باقی ملزمان کو بھی جلد از جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

پوجا کے قریبی عزیز اجے کمار کہتے ہیں کہ پوجا کماری کے قتل پر نہ صرف مقامی ہندو غم وغصہ کا شکار ہیں بلکہ علاقے کے مسلمانوں نے بھی اس پر احتجاج کیا ہے اور مقتولہ کے گھر پر تعزیت کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔

‘مزاحمت’ پر قتل کیا گیا

اجے کمار کہتے ہیں کہ قاتلوں نے 'ایک ہیرا قتل کیا ہے۔' ان کا کہنا ہے کہ پوجا ایک ایسی لڑکی تھی جس کی سارے علاقے اور برادری میں مثالیں دی جاتی تھیں۔

'پوجا اپنے علاقے میں سب کو پیاری تھی۔ سب کا خیال رکھتے تھی۔ سب اس کو چاہتے تھے۔ اس کی مثالیں دی جاتی تھیں کہ دیکھو وہ کیسے اپنے باپ کا بازو بنی ہوئی تھی۔ وہ بچپن ہی سے کچھ مختلف تھی۔ وہ عام بچوں کی طرح نہیں تھی بلکہ بہت بہادر اور جرات مند تھی۔'

اجے کمار کہتے ہیں کہ مقدمے میں نامزد ملزم پوجا کماری کا قریبی پڑوسی ہے جو طاقتور اور امیر ہے جبکہ پوجا اور ان کے والد صاحب ادی کا خاندان کمزور اور غریب ہے۔

اجے کمار کا کہنا تھا کہ نامزد ملزم کافی عرصے سے پوجا کماری کے پیچھے پڑا ہوا تھا اور انھیں آتے جاتے تنگ کرتا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ ماضی میں مبینہ قاتل نے پوجا کے ساتھ بھرے بازار میں بھی بدتمیزی کی تھی جس کے بعد پولیس میں رپورٹ کی گئی تھی تاہم پولیس کارروائی کے باوجود اس شخص کو ضمانت مل گئی تھی۔

اجے کمار کہتے ہیں کہ واقعہ والے روز جب پوجا کے والد صاحب ادی گھر سے باہر گئے تو تو ملزم اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ گھر پر پہنچا جہاں انھوں نے پوجا کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔

'مگر پوجا بہت بہادر تھی۔ اس نے مزاحمت کی۔وہ تین لوگ تھے اور پوجا تنہا۔ اس موقع پر پوجا سلائی کررہی تھی۔ اس کے پاس قینچی موجود تھی۔ پوجا نے اسی قینچی کو بطور ہتھیار استعمال کیا اور جب وہ کسی بھی طور پر قابو نہیں آئی تو ملزم نے پستول سے پوجا پر فائرنگ کر کے انھیں قتل کر دیا۔'

پوجا کماری کے قتل کے بعد سکھر میں احتجاج کیا گیا

------

بیٹی نہیں بیٹا تھی

پوجا کماری کے والد نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی چھ بیٹیاں ہیں اور کوئی بیٹا نہیں ہے۔

'زندگی نے کبھی ایسے حالات نہیں دیکھے کہ میں پوجا کو پڑھا سکتا۔ گھر کا خرچہ پورا کرتا کہ پوجا کے سکول کے اخراجات پورا کرتا۔ اسی وجہ سے وہ ہمیشہ گھر ہی میں رہی تھی۔'

ان کا کہنا تھا کہ پوجا ان کی سب سے بڑی بیٹی تھی جو خود کم عمر ہونے کے باوجود ان کی مدد کرنے کی خواہشمند تھیں۔

صاحب ادی اپنی بیٹی کو یاد کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ پوجا نے کبھی کپڑوں وغیرہ کے لیے ضد نہیں کی اور کبھی کسی چیز کا مطالبہ نہیں کیا تھا۔

'جب یہ تھوڑی بڑی ہوئی تو مجھ سے کہنے لگی کہ میں آپ کا بیٹا ہوں۔ آپ کے ساتھ مزدوری کرنے جاؤں گئیں۔ ظاہر ہے مزدوری کے لیے تو نہیں لے جا سکتا تھا۔ مگر اس کو سلائی کڑھائی کا شوق تھا۔ جس وجہ سے میں نے اس کو سلائی کڑھائی کا کورس گھر کے قریب ہی کروایا تھا۔'

صاحب ادی بتاتے ہیں کہ ان کی سلائی کڑھائی کا کورس مکمل کرنے کے بعد پوجا نے محلے کے لوگوں کے لیے یہ کام کرنا شروع کر دیا۔

'اس کے ہاتھوں میں اتنی صفائی تھی کہ جو بھی اس سے ایک دفعہ کام کرواتا، وہ دوبارہ پوجا ہی سے کرواتا تھا۔ اس طرح اس کو کام چل نکلا تھا۔ وہ خود تو پڑھ نہیں سکی تھی، مگر اپنے چھوٹی بہنوں کو سکول میں داخل کروا دیا تھا۔'

ان کا کہنا تھا کہ کام شروع کرنے کے بعد پوجا ان کا سہار بن گئی تھی۔

'وہ کہتی تھی کہ کیا ہوا کوئی میری بہنوں کا کوئی بھائی نہیں ہے۔ میں ان کا بھائی ہوں کیا ہوا آپ کو کوئی بیٹا نہیں ہے میں تو ہوں۔'

پوجا کے والد کہتے ہیں کہ جو وہ خود گھر پر نہیں ہوتے تھے تو انھیں کبھی پریشانی نہیں ہوتی تھی کیونکہ انھیں یقین تھا کہ پوجا گھر پر سب سنبھال لے گی۔

'میں بوڑھا ہوگیا ہوں مگر پوجا کی محنت نے مجھے جوان کردیا تھا۔ لیکن اب لگتا ہے کہ دوبارہ بوڑھا ہو گیا ہوں۔'

22 مار چ 2022، بشکریہ:بی بی سی اردو

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/hindu-girl-sindh-killed-refusing-marry/d/126634

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..