New Age Islam
Tue Mar 25 2025, 10:57 PM

Urdu Section ( 6 March 2023, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Big Family Affects Economic Conditions اسلامی ممالک میں بڑے کنبوں کا معاشی حالت پر اثر

سہیل ارشد ، نیو ایج اسلام

6 مارچ 2023

کسی بھی ملک کی معاشی خوش حالی یا بدحالی کا بہت حد تک انحصار وہاں کے وسائل اور آبادی کے درمیان توازن یا عدم توازن پر ہوتا ہے۔ اگر ملک میں آبادی کے لحاظ سے قدرتی وسائل اور زرعی پیداوار موجود ہیں تو ملک معاشی طور پر خوش حال ہوگا لیکن اگر معاشی اور زرعی وسائل آبادی کے لحاظ سے ناکافی ہیں تو ملک میں معاشی بدحالی اور غذائی قلت کا مسئلہ پیدا ہوگا۔

موجودہ دور میں اسلامی ممالک میں معاشی اور غذائی بحران کے اسباب کا جائزہ لیں تو یہ واضح ہوتا ہے کہ وہاں قدرتی اور زرعی وسائل کے مقابلے آبادی زیادہ ہے جسکی وجہ سے وہاں معاشی بدحالی اور غذائی بحران ہے۔ اگرچہ آبادی ہی اس بحران کی وجہ نہیں ہے مگر اس کی ا یک وجہ ضرور ہے۔

جن ممالک میں فی کنبہ افراد کی تعداد زیادہ ہے وہاں غذائی قلت اور معاشی بدحالی زیادہ دیکھی گئی اور جن ممالک میں فی کنبہ افراد کی تعداد کم ہے وہاں معاشی صورت حال نسبتاً بہتر ہے۔

مثال کے طور پر پاکستان کی معاشی صورت حال کو لیں۔ وہاں عوام بدترین معاشی اور غذائی بحران سے گذررہے ہیں۔ اس بحران کی کئی وجہیں ہیں جیسے لیڈران اور افسران کی بدعنوانی، اور درآمد اور برآمد میں عدم توازن اور قرض کا بوجھ ۔ ان سب کے ساتھ پاکستان میں فی کنبہ افراد کی تعداد تقریباً 7 ہے ۔ پاکستان کے مختلف صوبوں میں فی کنبہ افراد کی تعداد مختلف ہے۔ جیسے بلوچستان میں یہ تعداد 8 ہے جبکہ خیبر پختون خوا میں 7 ۔ سندھ میں 55۔6 ہے اور پنجاب میں 6 ہے۔ ۔ بلوچستان اور دیگر قبائلی علاقوں میں تین تین چار چار شادیوں کا چلن ہے اور ایک ایک کنبے میں 30 سے 35 بچے ہوتے ہیں۔ ایک شخص کے 59 بچے ہیں جبکہ غلام فرید نام کے ایک شخص کی چار بیویاں اور ان سے 23 بچے ہیں۔ ان کی پرورش اور دوسری ضروریات کے لئے اسے ماہانہ ڈیڑھ لاکھ کمانا پڑتا ہے۔ ایک کنبے میں سات آٹھ بچے عام بات ہے۔ ظاہر ہے کہ اتنے بڑے کنبے ملک کی معیشت پر ایک بڑا بوجھ ہیں۔ بہر حال، حال کے کچھ برسوں میں آبادی کی شرح میں کمی دیکھنے میں آئی ہے لیکن یہ کمی بہت سست رفتار ہے۔ پاکستان میں فیملی پلاننگ کا تصور مقبول نہیں ہے جس کی وجہ سے حکومت کی طرف سے کنبہ چھوٹا رکھنے کی مہم نہیں چلائی جاتی۔ لیکن اگر ملک کی آبادی اسی رفتار سے بڑھتی رہی تو عوام کے لئے مستقبل میں سنگین مسائل پیدا ہوں گے ۔

دوسرا ایشائی ملک جو شدید غذائی اور معاشی بحران کا شکار ہے وہ افغانستان ہے۔ افغانستان دنیا میں کنبہ کے افراد کے لحاظ سے سینیگال کے بعد دوسرے نمبر پر آتا ہے۔ جہاں سینیگال میں اوسط فی کنبہ تقریباً ساڑھے 8 افراد ہیں وہیں افغانستان میں فی کنبہ 8 افراد ہیں۔ افغانستان میں چونکہ قبائلی سماج ہے اور تعلیم کی کمی ہے اس لئے یہاں بھی چار شادیاں اور درجنوں بچے رکھنا عام بات ہے۔ یہ بھی یہاں کے غذائی بحران کی ایک وجہ ہے۔ یمن میں بھی فی کنبہ 6 سے زیادہ افراد رہتے ہیں جبکہ یہ عرب کا ایک غریب ملک ہے۔

دوسری طرف پاکستان کا سابق صوبہ اور موجودہ بنگلہ دیش ہے جس نے گزشتہ 50 برسوں میں آبادی کی شرح کو کم کرنے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے ۔ بنگلہ دیش 1971 میں پاکستان سے الگ ہوا۔ 1972 میں بنگلہ دیش میں اوسط فی کنبہ افراد 8 تھے جو آج بلوچستان اور افغانستان کی فی کنبہ تعداد افراد ہے۔ لیکن اس کے بعد بنگلہ دیش کے فی کنبہ افراد میں لگاتار کمی آئی۔2000ء میں یہ تعداد 5 پر آگئی تھی۔ اور 2011 میں یہ تعداد گھٹ کر 44۔4 ہو گئی تھی۔ 2021ء میں یہ تعداد مزید گھٹ کر صرف 4 رہ گئی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بنگلہ دیش میں عورتیں معاشی سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے لگی ہیں اور چھوٹے کنبے کی اہمیت اور فائدے سمجھتی ہیں۔ اس معاملے میں بنگلہ دیش ہندوستان سے بھی بہتر حالت میں ہے۔ ہندوستان میں فی کنبہ افراد کی تعداد 44۔4 ہے جونیپال کے برابر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بنگلہ دیش نے بہت کم وقت میں اقتصادی ترقی کی ہے اور ایشیا کی ایک ابھرتی ہوئی معیشت بن گیا ہے۔ جبکہ پاکستان ،اور افغانستان میں عورتوں کو تعلیم سے دور رکھ کر انہیں معاشی سرگرمیوں سے دور رکھا گیا ہے۔ بچیوں کی کم عمری کی شادی اور ایک سے زیادہ شادیاں آبادی میں اضافے اور بڑے کنبے کی وجہ ہیں۔ بڑا کنبہ بچہ مزدوری کی بھی وجہ بنتا ہے۔ افغانستان کے بچے ہر روز مال بردار ٹرکوں کے نیچء چھپ کر سامان بیچنے کے لئے پاکستان آتے ہیں اور پھر شام کو,سامان بیچ کر ٹرکوں کے نیچے چھپ کر افغانستان واپس جاتے ہیں۔ بعض اوقات وہ حادثے میں ہلاک بھی ہوجاتے ہیں۔ان سب کے باوجود افغانستان اور پاکستان میں آبادی میں اضافہ کو ابھی تک ایک قومی مسئلےکی طرح نہیں دیکھا جاتا اور اس کے متعلق کوئی پالیسی بنانے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی ہے۔

--------

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/big-family-affects-economic-conditions/d/129257

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..