New Age Islam
Sat May 17 2025, 05:56 AM

Urdu Section ( 10 Sept 2022, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Developing Into a Strong Believer Requires Excellence in Modern Education Concluding Part طاقتور مومن بننے کیلئے ضروری ہے کہ عصری تعلیم میں بھی کمال و امتیاز حاصل کیا جائے

مولانا خالد سیف اللہ رحمانی

(آخری حصہ)

9 ستمبر 2022

اللہ تعالیٰ کے اس ارشاد اور رسول اللہ ﷺ کے اس فرمان میں آج ہمیں اپنی تصویر دیکھنی چاہئے، ہندوستان میں ہم ایک ایسی اقلیت ہیں، جو دوسری بڑی اکثریت ہونے کے باوجود سیاسی حصہ داری، معاشی ترقی، تہذیبی و ثقافتی تشخص ہر میدان میں محرومی کا شکار ہے۔ اقلیتیں اگر سماج میں با عزت مقام حاصل کرنا چاہتی ہیں تو اُن کے لئے ضروری ہے کہ وہ اکثریت کے برابر یا اُس سے بڑھ کر محنت کریں، پندرہ فیصد مسلمانوں میں پائے جانے والے نو جوان جب تک اتنی محنت نہ کریں کہ ان کی محنت بحیثیت مجموعی اکثریت کے برابر ہو جائے یا اُن سے بھی بڑھ جائے، تب تک وہ دوسری قوموں کی برابری میں نہیں آ سکتے، اُنہیں اپنے حصے سے بڑھ کر کام کرنا ہوگا، تب ہی وہ اُس قوم کی برابری کر سکتے ہیں، جو تعداد و مقدار کے اعتبار سے اُن سے بڑھی ہوئی ہے۔ ہندوستان میں جتنے سرکاری و غیر سرکاری کمیشن بنے ہیں اور اُنہوں نے مسلمانوں کے حالات کا تجزیہ پیش کیا ہے، وہ سب اس بات پر متفق ہیں کہ مسلمانوں کا سب سے بڑا مسئلہ تعلیم سے محرومی ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ مسلمان بچوں میں ذہانت نہیں ہوتی بلکہ حقیقت یہ ہے کہ مسلمان بچے تعلیم کا ایک مرحلہ پورا کر کے دوسرے مرحلے میں قدم رکھنے کا حوصلہ ہی نہیں پاتے، وہ درمیان میں سلسلۂ تعلیم کو ختم کر دیتے ہیں اورجب وہ تعلیم میں پیچھے ہوتے ہیں تو آہستہ آہستہ زندگی کے تمام گوشوں میں پسماندہ ہوتے چلے جاتے ہیں۔

 تعلیم میں پسماندگی کا بنیادی سبب تعلیمی تسلسل کو برقرار نہ رکھ پانا ہے۔ مسلمان بچوں کی بڑی تعداد ساتویں آٹھویں کلاس تک پہنچ کر تعلیم ترک کر دیتی ہے اور میٹرک تک بھی اُن کے پہنچنے کی نوبت نہیں آتی۔ اُس کے بعد ایک بڑی تعداد جو میٹرک کرتی ہے، وہ اُس سے آگے نہیں بڑھتی۔ ہر مرحلہ پر یہی صورت حال پیش آتی ہے، یہاں تک کہ اعلیٰ تعلیم میں اُن کا تناسب کم سے کم ترین ہو جاتا ہے۔ تعلیمی تجزیہ کاروں نے لکھا ہے کہ آئی اے ایس، آئی پی ایس وغیرہ میں مسلمانوں کی تعداد اِس لئے کم نہیں ہوتی کہ اُن کی کامیابی کا تناسب اکثریتی فرقہ کے طلبہ سے کم ہوتا ہے؛ بلکہ یہ تعداد اِس لئے کم ہوتی ہے کہ اِن امتحانات میں شرکت کرنے والے مسلمان طلبہ کی ہی تعداد کم ہوتی ہے۔ جب وہ کم تعداد میں شریک ہوں گے تو ظاہر ہے کہ کامیابی میں بھی اُن کا تناسب کم ہوگا۔ اس تعلیمی انقطاع کو روکنا مسلمانوں کے لئے ایک قومی فریضہ ہے، یہ اللہ کا شکر ہے کہ مسلمانوں میں بھی حصول تعلیم کا جذبہ بڑھ رہا ہے، سلَم آبادیوں میں زندگی گزارنے والے غریب مسلمان بھی اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کرنے لگے ہیں؛ لیکن مشکل یہی ہے کہ چند ہی زینوں پر چڑھنے کے بعد طلب ِعلم کا یہ مسافر حوصلہ کھو دیتاہے اور اپنے تعلیمی سلسلہ کو جاری نہیں رکھ پاتا، اِس کے بنیادی اسباب دو ہیں:

 (۱) غریب ماں باپ چاہتے ہیں کہ جلد سے جلد اُن کا بچہ پچیس پچاس روپئے کمانے لگے اور اپنے ماں باپ کے ہاتھ مضبوط کرے، پنکچر کی دکان سے لے کر موٹر میکانک تک کی دکانوں کو دیکھ جائیے، نیز ہوٹلوں اور ڈھابوں کا جائزہ لیجئے کہ وہاں میزیں صاف کرنے، برتن دھونے اور موٹا جھوٹا کام کرنے والے کم عمر بچے کس قوم سے تعلق رکھتے ہیں؟ ہرجگہ نوے فیصد سے زیادہ مسلمان بچے ملیں گے ۔

(۲) فقر و محتاجی اور مفلسی، کتابوں کی قیمت، تعلیم کی فیس، یونیفارم کی خریداری، سال دو سال تو غریب مزدور کسی طرح برداشت کر لیتے ہیں؛ لیکن پھر اُن کی ہمت جواب دے جاتی ہے اور اُن کو یقین ہو جاتا ہے کہ ہمارے باغ میں جو غنچہ آیا ہے، کھِلنا اور پھول بننا اُس کے لئے مقدر نہیں ہے، جس طرح ہم نے اپنی زندگی گزاری ہے، اِن کو بھی کانٹوں کے اِسی بستر پر اپنی زندگی گزارنی ہے۔  یہ دو بنیادی اسباب ہیں جو مسلمان بچوں کو تعلیم میں پست سے پست تر کرتے جا رہے ہیں۔  اس بیماری کا علاج کیا ہو؟ بنیادی طور پر اس سلسلہ میں تین نکات کو ملحوظ رکھنے کی ضرورت ہے:

 (الف) مسلمانوں کے غریب اور مزدور طبقے کی تربیت کرنا اور اُن کو سمجھانا کہ فاقوں کو گوارا کر لو، پھٹے پرانے کپڑوں پر عید و بقر عید گزار لو، ذاتی مکان کے بجائے کرائے کی جھونپڑی میں اپنا سر چھپا لو، سادگی سے شادی کی تقریب انجام دو  لیکن کسی قیمت پر اپنے بچوں کو تعلیم سے محروم نہ رہنے دو؛ تاکہ بالآخر تم غربت سے مرفّہ الحالی کی طرف اور پستی سے بلندی کی طرف سفر کر سکو۔ مدینہ میں فاقوں کی نوبت تھی، بدر میں جو جنگی قیدی آئے آپ ﷺ اُن کو مالی فدیہ دینے پر مجبور کر سکتے تھے؛ لیکن آپؐ نے بچوں کی تعلیم کو فوقیت دی اور جو لوگ لکھنا پڑھنا جانتے تھے اُن کے لئے دس دس مسلمان بچوں کی تعلیم کو فدیہ قرار دیا۔ اس میں سبق ہے کہ مسلمان فاقہ مستی کو تو گوارا کر لے؛ لیکن علم سے محرومی کو گوارا نہ کرے ۔

 (ب) دوسری ضروری بات یہ کہ مسلمانوں میں تعلیمی کفالت کا مزاج پیدا ہو۔ جو لوگ اصحابِ ثروت اور ارباب ِگنجائش ہوں، وہ اپنے خاندان، اپنے سماج اور اپنے پڑوس کے ایسے ایک دو بچوں کی کفالت اپنے ذمہ لے لیں، جن کا سلسلۂ تعلیم غربت کی وجہ سے منقطع ہو رہا ہو۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنے چچا حضرت ابو طالب کی مالی حالت کو دیکھتے ہوئے حضرت علیؓ کی پرورش اپنے ذمہ لے لی تھی، اسی طرح حضرت عباسؓ نے حضرت ابوطالب کے ایک اور صاحبزادے حضرت جعفرؓ کی پرورش اپنے ذمہ لے لی تھی۔ یہ تعلیم و تربیت کے لئے کفالت کی ایک مثال ہے اور اس مثال کو مسلمانوں میں عام کر نے کی ضرورت ہے، اس طرح بہت سے بچے علم کے زیور سے آراستہ ہو سکتے ہیں اور اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھ سکتے ہیں ۔

(ج) تیسرا ضروری کام یہ ہے کہ اِس وقت بچوں کی تعلیم کے سلسلہ میں حکومت کی طرف سے جو سہولتیں دی گئی ہیں اور اقلیتوں کے لئے جو خصوصی رعایتیں کی گئی ہیں، غریب اور ناواقف مسلمانوں کے لئے اُن سے فائدہ اُٹھانے کا انتظام کیا جائے اور معلومات فراہم کی جائیں۔ بدقسمتی یہ ہے کہ ایسی اسکیموں تک مسلمانوں کی رسائی نہیں ہو پاتی اور وہ اپنے جائز حق سے فائدہ نہیں اُٹھا پاتے؛ حالانکہ آج کل بہت سی ایسی سہولتیں پیدا ہو گئی ہیں کہ غریب سے غریب انسان بھی اپنے بچوں کو ضروری حد تک تعلیم دلا سکتا ہے اور غربت اُس کے عزم و ارادہ کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی ۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ اپنی قوم کو طاقتور مؤمن بنائیں، اُس کو ضعف و کمزوری اور پستی سے باہر لائیں، اُس کے لئے باعزت اور آبرو مندانہ زندگی فراہم کریں تو ہمارے لئے ضروری ہے کہ جہالت اور علم سے محرومی کی اس بیماری کو دُور کرنے کے لئے اُمت کا ایک ایک فرد اس طرح اُٹھ کھڑا ہو جیسے کسی جاں بلب انسان کو بچانے کے لئے ہر سلیم الفطرت انسان دوڑ پڑتا ہے۔ کاش! یہ دعوت کانوں اور آنکھوں سے گزر کر دلوں تک پہنچ سکے اور قلب کی گہرائیوں میں اُتر سکے۔

9 ستمبر 2022، بشکریہ: انقلاب، نئی دہلی

Urdu Article Part: 1 – We Should Develop Into a Well-Informed Nation Backed By Science and Technology Part-1 ہمیں علم سے آراستہ اور سائنس و ٹکنالوجی سے پیراستہ اُمت بننا چاہئے

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/believer-requires-modern-education-concluding-part/d/127916

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism

 

Loading..

Loading..