مجدد الف ثانیؒ
(ترجمہ: سید احمد عروج قادریؒ)
23 دسمبر 2022
دنیا آزمائش و ابتلا کی
جگہ ہے۔ اس کے ظاہر کو طرح طرح کی ملمع کاریوں سے مزین کیا گیا ہے دنیا آزمائش و
ابتلا کی جگہ ہے۔ اس کے ظاہر کو طرح طرح کی ملمع کاریوں سے مزین کیا گیا ہے۔ خیالی
و وہمی خال و خط اور زلف و خد سے آراستہ ہے۔ دیکھنے میں شیریں اور تروتازہ لیکن
حقیقت میں یہ دنیا ایک مُردار ہے۔ عطر لگایا ہوا، گندگیوں کا ایک ڈھیر ہے۔ مکھیوں
اور کیڑوں سے بھرا ہوا ایک سراب ہے۔ آب نما اور ایک مٹھاس ہے زہریلی۔ اس کا باطن،
ظاہر کے برعکس خراب و ابتر ہے، اور مزا یہ ہے کہ ان گندگیوں کے باوجود اس کا
معاملہ اپنے چاہنے والوں کے ساتھ نہایت بُرا ہے۔ اس کا فریفتہ، دیوانہ و مسحور ہے
اور اس کا گرفتار، فریب خوردہ و مجنون۔ جو بھی اس کے ظاہر پر ریجھا نقصانِ ابدی اس
کے پلّے پڑا، اور جو بھی اس کی حلاوت و طراوت پر مائل ہوا ندامت سرمدی [دائمی
ندامت]اس کے حصے میں آئی۔ سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: دنیا
اور آخرت سوکنیں ہیں۔ اگر ایک راضی ہوئی تو دوسری ناراض ہوجاتی ہے۔ لہٰذا جس نے
دنیا کو راضی کیا آخرت اس سے ناراض ہوئی۔ آخرت میں اس کا کوئی حصہ نہیں۔ اللہ
ہمیں اور تمہیں دُنیا اور دُنیاداروں سے پناہ میں رکھے۔ آمین!
اللہ تعالیٰ نے کمالِ
مہربانی سے تمہیں ابتدائے جوانی میں توبہ
کی توفیق عنایت کی تھی۔ مجھے معلوم نہیں کہ نفس و شیطان کے قبضے سے چھٹکارا پاکر
تمہیں توبہ پر ثبات و قرار میسر ہوا یا نہیں۔ بظاہر تو استقامت مشکل نظر آتی ہے
کیونکہ موسم عنفوان جوانی کا ہے، دنیا کے اسباب میسر ہیں، اور نامناسب دوستوں، ہم
نشینوں کی کثرت ہے۔ کام یہ ہے کہ فضول مباحات سے بچا جائے اور بقدر ضرورت پر اکتفا
کی جائے، اور مباحات کا بقدرِ ضرورت استعمال بھی جمعیت خاطر کی نیت سے ہونا چاہئے
تاکہ وظائف بندگی ادا کرنے میں تشویش پیدا نہ ہو۔ مثلاً کھانے کی غرض یہ ہے کہ
ادائیگی ٔ طاعات پر قوت و قدرت نصیب ہو، اور لباس کا مقصد یہ ہے کہ ا س سے جسم
ڈھانپنے اور سردی گرمی دفع کرنے کا کام لیا جائے۔ اسی قیاس پر تمام ضروری مباحات
کو سمجھنا چاہئے۔ اکابر نقشبندیہ قدس سرہم نے عزیمت کا عمل اختیار کیا ہے اور حتی
الامکان رخصت سے اجتناب کرتے رہے ہیں۔ عزیمتوں میں ایک عزیمت یہ بھی ہے کہ بقدرِ
ضرورت پر اکتفا کیا جائے اور اگر یہ دولت میسر نہ ہو تو مباحات کے دائرے سے نکل کر
مشتبہ اور حرام چیزوں کی طرف ہرگز نہ جانا چاہئے۔ اللہ تعالیٰ نے کمالِ کرم سے
مباحات اور نعمتوں کا دائرہ خود ہی بہت وسیع کردیا ہے۔ ان نعمتوں سے قطع نظر کون
سا عیش اس بات کے برابر ہے کہ بندے کا مولیٰ اس کے کردار سے راضی ہو، اور کون سی
جفا اس بات کے برابر ہوگی کہ اس کا آقا اس کے اعمال سے ناراض ہو۔ جنت میں اللہ کی
رضا جنت سے بہتر ہے، اور دوزخ میں اللہ کی ناراضی دوزخ سے بدتر ہے۔ اللہ نے انسان
کو اپنا بیٹا نہیں بنایا اور نہ اس کو پوری چھوٹ دے دی ہے کہ جو چاہے کرے۔ سوچنا
چاہئے اور اپنی عقلِ دُور اندیش کو کام میں لانا چاہئے۔ کل قیامت میں ندامت و
نقصان کے سوا کچھ ہاتھ نہ آئے گا۔ کام کا وقت
موسمِ جوانی ہے۔ جواں مرد وہ ہے جو اس وقت کو ہاتھ سے نہ جانے دے اور فرصت
کو غنیمت سمجھے۔ یہ بالکل ممکن ہے کہ اُسے بڑھاپا نہ ملے اور اگر بالفرض
بڑھاپے تک پہنچ گیا تو اطمینان میسر نہ
ہو، اور اگر یہ بھی ہو تو ضعف اور سُستی کی وجہ سے کام نہ کرسکے۔
اس وقت اسباب اطمینان
میسر ہیں۔ والدین کا وجود بھی اللہ کے انعامات میں سے ہے کہ اس نوجوان کی معیشت کی
فکر بھی انہی کے سر ہے۔ موسمِ فرصت ہے اور زمانۂ قوت و استطاعت، پھر کس عذر کی
بنا پر آج کو کل پر ٹالا جائے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ
ادائے طاعات میں تاخیر کرنے والے اور ’’عنقریب کروں گا، عنقریب کروں گا‘‘ کہنے
والے ہلاک ہوئے۔ ہاں، اگر مہمات و معاملات دنیا کو کل پر چھوڑ دیں اور آج کو
اعمالِ آخرت میں مشغول رکھیں تو کیا کہنا۔
عنفوان جوانی کے اس زمانے
میں کہ دشمنانِ دین ( نفس و شیطان ) کا غلبہ ہے، تھوڑے عمل کا بھی اتنا اعتبار ہے
کہ ان کا غلبہ نہ ہونے کی صورت میں اس سے ۱۰؍
گنا عمل کا بھی نہیں۔ فوجی قواعد میں بھی دشمنوں کے حملے و غلبے کے وقت کارگزار
سپاہیوں کی بڑی قدر ہے اور اس وقت ان کی تھوڑی دوڑ دھوپ اور کارگزاری بھی لائق
اعتبار و نمایاں ہوتی ہے۔
انسان جو موجودات کا
خلاصہ ہے، اس کی تخلیق کا مقصد نہ لہوولعب ہے اور نہ کھانا اور سونا، بلکہ اس کی
تخلیق کا مقصد اللہ کی بندگی، تواضع و انکسار، عجز و فقر اور بارگاہِ قدس میں
ہمیشہ التجا و تضرع ہے۔ اللہ کی بندگی و عبادت سے مراد وہ عبادتیں ہیں جن کی تعلیم
شریعتِ محمدیؐ نے دی ہے۔ ان عبادتوں کی منفعتیں اور مصلحتیں خود بندوں کو حاصل
ہوتی ہیں۔ ان سے خدا کو کوئی فائدہ نہیں
پہنچتا۔ اس لئے اوامر کی تعمیل اور نواہی سے پرہیز دل و جان کے جذبۂ احسان مندی
اور کامل اطاعت و انقیاد کے ساتھ ہونا چاہئے اور اپنی پوری سعی صرف کردینی چاہئے۔
اللہ تعالیٰ نے اپنے مکمل استغنا کے باوجود صرف ہمارے فائدے کے لئے ہمیں اوامر و
نواہی سے سرفراز فرمایا۔ ہم محتاجوں کو تو
اس نعمت کا شکریہ پورے طورپر ادا کرنا چاہئے۔
تم جانتے ہو، اگر دنیا کا
کوئی زیردست اپنے کسی زیردست کو کسی خدمت پر سرفراز کرتا ہے تو اس حقیقت کے باوجود
کہ اس خدمت کا نفع اس حاکم کو بھی ملنے والا ہے، وہ زیردست اس کے حکم کو کس قدر
عزیز رکھتا ہے۔ وہ سمجھتا ہے کہ ایک عظیم القدر شخص نے یہ خدمت اس کے سپرد کی ہے،
اس لئے کامل احسان مندی کے ساتھ اس کو بجا لانا چاہئے۔
کیا مصیبت ہے کہ انسان کو
رب ذوالجلال کی عظمت اس شخص کی عظمت سے بھی کم نظر آتی ہے کہ اس کے احکام کی
بجاآوری میں کوشش نہیں کرتا۔ شرم کرنی چاہئے اور اپنے کو خوابِ خرگوش سے بیدار
کرنا چاہئے۔ احکامِ الٰہی کی نافرمانی دو چیز سے خالی نہیں، یا شریعت کی خبروں کو
جھوٹ سمجھتا ہے اور باور نہیں کرتا، یا دنیا والوں کی عظمت کے مقابلے میں اللہ کی
عظمت حقیر نظر آتی ہے۔ اس بات کی شناعت اور خرابی پر اچھی طرح غور کرناچاہئے۔
ایک ایسا شخص جس کی کذب
بیانی کا بارہا تجربہ ہوچکا ہے، کہتا ہے کہ دشمنوں کی مسلح فوج فلاں قوم پر شب خون
مارنے والی ہے۔ یہ سنتے ہی اس قوم کے عقل مند اپنی محافظت میں لگ جاتے ہیں اور اس
بلا کو دفع کرنے کی فکر کرتے ہیں، حالانکہ وہ جانتے ہیں کہ خبردینے والا جھوٹ
بولنے کا عادی ہے، مگر ان کی دلیل یہ ہوتی ہے کہ جہاں خطرے کا وہم بھی ہو وہاں عقل
مندوں پر احتراز لازم ہے۔ لیکن مخبرصادق علیہ الصلوٰۃ والسلام نے پوری تاکید کے
ساتھ عذاب اُخروی سے خبردار کیا ہے، اس کے باوجود وہ کچھ بھی متاثر نہیں ہوتے اور
ہوتے بھی ہیں تو اس کو دفع کرنے کی فکر نہیںکرتے، حالانکہ اس کو دفع کرنے کی تدبیر
بھی مخبرصادق سے معلوم ہوچکی ہے۔ پس یہ کیسا ایمان ہے کہ سچے کی خبر، جھوٹے کی خبر
کے برابر بھی اعتبار نہیں رکھتی!
یقین حاصل کرنا چاہیے، کی
صرف صورت اسلام نجات بخش نہیں۔ یقین کہاں ہے، ظن بھی نہیں بلکہ وہم بھی نہیں ہے
کیونکہ عقل مند خطرے کے موقع پر وہم کا بھی اعتبار کرتے ہیں۔ اسی طرح اللہ نے
کلامِ مجید میں فرمایا ہے: ’’اللہ تمہارے اعمال کو دیکھ رہا ہے۔‘‘ (البقرہ :۹۶) اس کے باوجود لوگ بُرے
اعمال میں مشغول ہیں۔ اگر ان کو معلوم ہو کہ کوئی حقیر شخص بھی ان کے اعمال کو
دیکھ رہا ہے تو یہ ہرگز عمل شنیع اس کی نظر کے سامنے نہیں کرتے۔ اس کا سبب دوامر
سے خالی نہیں۔ اللہ کی خبر کو باور نہیں کرتے، یا اللہ کی اطلاع کا اعتبار نہیں
کرتے۔ اس قسم کا کردار، ایمان کی علامت ہے یا کفر کی نشانی؟
تم پر لازم ہے کہ ازسرِنو
تجدید ایمان کرو۔ نبی علیہ السلام نے فرمایا ہے:
’’کلمہ لا الٰہ الااللہ کے ذریعے اپنے ایمان کی تجدید کرتے رہو۔‘‘ نامرضیات
حق سے توبۂ نصوح کا ازسرِنو اعادہ کرو۔ جن امور کو حرام قرار دیا گیا ہے اور ان
سے نہی فرمائی گئی ہے، ان سے محترز و مجتنب رہو۔ پنج وقتہ نماز باجماعت ادا کرو،
اگر قیامِ لیل، تہجد ، میسر ہو تو زہے سعادت! مال کی زکوٰۃ دینا بھی ارکانِ اسلام
میں سے ہے، اسے ضرور ادا کرو۔ زکوٰۃ ادا کرنے کا سب سے زیادہ آسان طریقہ یہ ہے کہ
اپنے مال میں سے جو کچھ فقراء کا حق ہے ہر سال زکوٰۃ کی نیت سے الگ محفوظ کر دے
اور پورے سال اس کو مصارفِ زکوٰۃ میں صرف کرتا رہے۔ اس طرح ہر مرتبہ ادائے زکوٰۃ کی نیت ضروری و لازم نہ رہے گی،
یعنی ایک ہی دفعہ زکوٰۃ کی نیت کرکے اس کو علاحدہ کرنا کافی ہوگا۔ (تمام فرائض کی
طرح زکوٰۃ کی ادائیگی کا بھی اصل طریقہ یہی ہے کہ اس کو اجتماعی طور پر ادا کیا
جائے، لیکن جہاں کہیں اجتماعی نظم موجود نہ ہو، وہاں انفرادی طور پر ادا کرنے سے
بھی زکوٰۃ ادا ہوجاتی ہے۔ مترجم)
اسی طرح تمام عبادتوں میں
خیال رکھو، کسی عبادت کی ادائیگی میں اپنے نفس کو ڈھیل نہ دو۔ بندوں کے حقوق ادا
کرنے میں بھی سعیِ بلیغ کرو تاکہ کسی کا حق تمہارے ذمے باقی نہ رہ جائے۔ یہاں دنیا
میں ان کا ادا کرنا آسان ہے، کل قیامت میں یہ آسانی باقی نہ رہے گی۔ وہاں کی
جواب دہی مشکل اور ناقابلِ علاج ہے۔ احکامِ شرعیہ علمائے آخرت سے پوچھنے چاہئیں۔
ان کی باتوں میں تاثیر ہی دوسری ہے۔ ممکن ہے کہ ان کے کلام کی برکت توفیق عمل دے
دے۔ علمائے دنیا سے، جنہوں نے علم کو مال
اور جاہ و مرتبے کے حصول کا ذریعہ و وسیلہ بنا لیا ہے، دُور رہنا چاہیے۔ ہاں، جہاں
متقی علما موجود نہ ہوں وہاں بقدرِ ضرورت ان سے مسئلہ دریافت کرسکتے ہو۔
یہ مسئلے اور نصیحتیں
تمہیں پہلے سے معلوم ہوں گی لیکن مقصود عمل ہے نہ کہ صرف علم۔ جو بیمار اپنے مرض
کی دوا جانتا ہے وہ جب تک اسے استعمال نہ کرے، صحت یاب نہیں ہوسکتا۔ یہ مبالغہ و
تاکید بھی عمل ہی کے لیے ہے ورنہ علمِ بے عمل کے بارے میں تو یہ حدیث آئی ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
’’ قیامت میں سخت ترین
عذاب اس عالم پر ہوگا جس نے علم کے مطابق عمل نہیں کیا۔
(مکتوبات امام ربانی، ج۱،
زندگی، جولائی ۱۹۵۵ء)
23 دسمبر،2022، بشکریہ: انقلاب،نئی
دہلی
URL:
New Age Islam, Islam Online, Islamic
Website, African
Muslim News, Arab
World News, South
Asia News, Indian
Muslim News, World
Muslim News, Women
in Islam, Islamic
Feminism, Arab
Women, Women
In Arab, Islamophobia
in America, Muslim
Women in West, Islam
Women and Feminism