New Age Islam
Tue Jun 24 2025, 12:26 PM

Urdu Section ( 15 Feb 2024, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Ahmad Faraz: Poet of Mature Thought Ranging From Romanticism to Truthfulness احمد فراز: پختہ فکر کاشاعر، رومانیت سے حقانیت تک

ابوشحمہ فیض

11 فروری،2024

شاعری کی دہلیز پر نہ صرف رومانی احساس اور تصورات کی پرواز ہوتی ہے بلکہ انسانی تجربات،شعور او رگہرے سمجھ کا شفاف آئینہ بھی ہے،جہاں گل وپارینہ داستان ہوگی اور انسانی رنج ومحن کی آہ وفغاں بھی سنائی دینگی،خوبصورت خیال او رشگفتہ بیان کی شاعری اکثر اپنے سسکتے لمحوں او راپنے پرآشوب دور کی پابند سلاسل رہی ہے، حُسن، عشق او ررومان توشاعروں کے دلفریب شگوفے ہیں، شاعروں کا اصل سرمایہ تو عمر بھر کی ان کی اپنی ایذا نصیبی او ربے حد حساس طبع آزمائی ہے، ہر نکتہ خیال آفریں اور دل نشیں زبان وبیان کے شاعر احمد فراز کے ساتھ بھی یہی واقعہ او رماجرا پیش آیاہے، جسے فراز صاحب نے یوں ہی بڑے خوبصورت انداز میں کہا تھا۔’ایک قید پرندہ ہی جانتا ہے وہ کیوں نغمہ سرا ہے۔

میں کہ شاعر تھامیرے فن کی روایت تھی یہی

مجھ کو اک پھول بھی نظر آئے تو گلزار کہوں

احمد فراز نے زندگی کے پیچیدہ سوالوں او رالجھتے خیالوں کے بیچ اپنے سوزو سخن کو جس پیکر میں ڈھالاہے وہ انتہائی حسین اور پرکشش ہے،ان کے زبان وبیان کے ساتھ ایوان فکر میں بھی بلا کی مقناطیسیت ملے گی،

میں کہ دوروز کامہمان تیرے شہر میں تھا

اب چلا ہوں تو کوئی فیصلہ کر بھی نہ سکوں

فراز کی شاعری میں لفظوں اورجملوں کی لطافت کے ساتھ ترکیب وبندش میں جو سلاست ہے وہ ان کے کہنہ مشق قادر الکلام او ربلند پایہ سخنور ہونے کاثبوت ہے،یہی وجہ انہیں اپنے وقت (20 ویں صدی) کا غالب کہا گیا ہے فراز نے غم جاناں کے احساس او رغم دوراں کے تجربے کو اپنی شاعری کاموضوع بنایاہے۔

تو نے بخشا تھا میرے فن کو وہ اعجاز کہ جو

سنگ خار کو دھڑکنے کی ادا دیتاہے

احمد فراز کا اصلی نام احمد شاہ ہے،ان کی پیدائش 14جنوری،1931 میں اب کے پاکستان کے نوشہرہ شہر میں ہوئی تھی، ان کا تعلق ایک پختون سید گھرانے سے ہے، بعد میں وہ پشاور چلے آئے، جہاں انہوں نے اپنی باقی تعلیم (اردو فارسی زبان میں پوسٹگریجویٹ کی ڈگری) حاصل کی، احمد فراز نے اپنی شاعری کا آغاز دور طالب علمی میں ہی کردیا تھا، ان کے والد خود فارسی اور اردو کے ماہر شاعر تھے، جس کی وجہ سے ادب اور شاعری کی فنی خوبیاں انہیں وراثت ملی تھی، احمد فراز مرزا غالب او رمرزا بیدل سے بہت حد تک متاثر رہے، اس کے علاوہ ترقی پسند تحریک او را س تحریک پر ورد فیض احمد فیض اور علی سردار جعفری کی شاعری ان کے سامنے نمونہ تھی،ان کے یہاں رومانی شاعری کے ساتھ مزاحمتی انقلابی شاعری کا عنصر بھی شدّت سے غالب ہے، جیسا کہ انکی نظم ”ہم خواب کیوں بیچیں“ رومانی جذبوں کے توسط سے حاکم وقت کے سامنے گہرا احتجاج کیا۔

ہمارے خواب نے وقعت سہی

تعبیر سے عاری سہی

پردل زدوں کے خواب ہی تو ہیں

نہ یہ خواب زلیخا ہیں

کہ اپنی خواہشوں کے یوسفوں پر تہمتیں دھرتے

نہ یہ خواب عزیز مصر ہیں

تعبیر جن کی اس کے زندانی بیان کرتے

نہ یہ ان آمروں کے خواب

جو بے آسرا خلق خدا کو دار پر لائیں

نہ یہ غارت گروں کے خواب

جو اوروں کے خوابوں کو تہہ شمشیر کر جائیں

ہمارے خواب تواہل صفا کے خواب ہیں

حرف و نوا کے خوا ب ہیں

مہجور دروازوں کے خواب

محصور آوازوں کے خواب

او رہم یہ دولت نایاب کیوں بیچیں

ہم اپنے خواب کیوں بیچیں؟

فراز کی شاعری عام روش سے مختلف ہے،ان کی شاعری کلاسیکل درجہ رکھتے ہوئے جدیدیت کے پیرہن میں ڈھلتی چلی جاتی ہے، فراز نے اپنے عہد حاضر کے سفاک لمحوں پر جس طرح زور بیانی کی ہے اسی طرح ان کے کلا میں تاریخ کی حلاوات اور دور گزشتہ کی پامال قدروں کا نشاں ملتا ہے، اس کے ساتھ ہی فراز کی شاعری اپنے دور کے سماجی اور سیاسی حالات کی بھرپور عکاسی او رمنظر کشی کی دستاویز بھی ہی، ان کی بہت ہی مشہور ومعروف نظم ”محاصرہ“ ادب سماج اور سیاست کا مکمل آئینہ ہے جسے انہوں نے اس وقت کے وزیر اعظم ضیاء الحق کے نافذ کردہ مارشل لا اور سخت پالیسی کے منظر نامے پر چوٹ کرتے ہوئے رقم کیا تھا۔

احمد فراز حقیقت شناش شاعر ہیں، جن کا کلام شعور اور ادراک کی حسین ردعمل کا پیکر ہے، جن کی شاعری کا احساس انسان کا داخلی اور خارجی واردات قلب کی غمّاز ہے، ان کے فکر وفن میں حالات کی تنگ دستی پر گہری ضرب ہے، او رانداز تکلم میں شریں سخنوں کے حرف دشنام بھی ہیں۔

یہ میری غزلیں یہ میری نظمیں

تمام تیری حکایتیں ہیں

11 فروری،2024، بشکریہ: انقلاب،نئی دہلی

------------------

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/ahmad-faraz-poet-romanticism-truthfulness/d/131722

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..