New Age Islam
Sat May 17 2025, 04:32 AM

Urdu Section ( 18 Feb 2023, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

The Afghan Taliban's Decision to Deny Women Modern Education Violates Islamic Principles افغان طالبان کا عورتوں کو عصری علوم حاصل کرنے سے روکنے کا فیصلہ اسلام سے متصادم ہے

کنیز فاطمہ ، نیو ایج اسلام 

18 فروری 2023

افغان طالبان نے افغان خواتین پر مزید پابندیوں کی جانب نیا قدم اٹھاتے ہوئے لڑکیوں کے لیے یونیورسٹی کی تعلیم پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے سے ملک کو دھچکا لگا اور اس کی بین الاقوامی سطح پر شدید مذمت کی گئی اور اب تک یہ سلسلہ جاری ہے ۔ بیشتر مسلم ممالک بالخصوص ترکیہ ، سعودی عرب وغیرہ نے کھل کر طالبان کے اس فیصلے کی مذمت کی ۔ لیکن طالبان کے اس فیصلے نے بہت سے سوشل میڈیا پر ایکٹیو رہنے والے افراد کے اندر یہ سوال پیدا کر دیا ہے کہ کیا اسلام عورتوں کو تعلیم کی اجازت نہیں دیتا ہے ۔ جب اسلام کا چولہ پہن کر لوگ عورتوں کو تعلیم سے روکیں گے تو لوگوں کے اذہان میں سوال کا پیدا ہونا لازمی ہے ۔ اس سلسلے میں قرآن اور حدیث میں جو کچھ پڑھا ہے اس سے تو یہی بات سمجھ میں آتی ہے کہ اسلام مرد و عورت دونوں کی علم حاصل کرنے کا حکم دیتا ہے ۔ علم خواہ عصری علم ہو یا دینی علم ، علم ہی کہلاتا ہے ۔ لہذا قرآن و سنت میں کہیں بھی عورتوں کو عصری علوم حاصل کرنے سے منع نہیں کیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں مسلم علما کی اکثریت اس بات کو تسلیم کرتی ہے عورتیں دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم بھی حاصل کر سکتی ہیں۔ 

کچھ مہینے قبل شیخ الازہر احمد الطیب نے افغانستان میں لڑکیوں اور خواتین سے متعلق دنیا کو ایک پیغام دیا تھا ۔ اس پیغام میں انہوں نے کہا تھا کہ افغانستان میں طالبان کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کو یونیورسٹی کی تعلیم سے روکنے کا فیصلہ شریعت سے متصادم ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ جامعہ الازہر کو افغان لڑکیوں کو یونیورسٹی کی تعلیم سے روکنے کے لیے افغان حکام کے فیصلے پر گہرا افسوس ہے ۔ یہ ایک ایسا فیصلہ ہے جو اسلامی قانون کے خلاف ہے اور جو مردوں اور عورتوں کو مہد سے لحد تک علم حاصل کرنے کے واضح مطالبے کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کی دعوت نے اسلام کی سائنسی، سیاسی اور ثقافتی تاریخ میں باصلاحیت خواتین میں عظیم ذہن پیدا کیے ہیں اور یہ آج بھی ہر اس مسلمان کے لئے باعث فخر بات ہے جو اللہ اور رسول اور شریعت کا وفادار ہے۔

شیخ االازھر نے سوال کیا کہ طالبان کے اس فیصلے سے معلوم ہوتا ہے کہ آخر طالبان نے اہل سنت کی مستند ترین کتابوں میں موجود دو ہزار سے زائد احادیث پر توجہ کیوں نہیں دی جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ مومنین کی ماں عائشہ رضی اللہ عنہا نے روایت کی ہیں؟

انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ "طالبان سائنس، تعلیم، سیاست، اور اسلامی معاشروں کے عروج و زمانہ، ماضی اور حال کے میدانوں میں پیش پیش خواتین اور مردوں کی مسلمانوں کی تاریخ کو کیسے بھول گئے؟"

مزید برآں شیخ الازھر نے کہا کہ مسلمانوں اور غیر مسلموں کے ضمیروں کے لیے یہ چونکا دینے والا فیصلہ کسی مسلمان کی طرف سے جاری نہیں ہونا چاہیے تھا ۔

انہوں نے کہا کہ وہ جامعہ الازہر کے علمائے کرام جو پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں کے ساتھ ملکر ہم طالبان کے اس فیصلے کی تردید کرنے میں فخر محسوس کر رہے ہیں ۔ ہم اسے ایسا فیصلہ سمجھتے ہیں جو شریعت اسلامیہ کی نمائندگی نہیں کرتا اور قرآن کریم کی دعوت سے یکسر متصادم ہے ۔

جامعہ الازہر کے شیخ نے مسلمانوں اور غیر مسلموں کو طالبان کے اس عقیدہ، خیال یا وہم سے خبردار کیا جس کے مطابق عورتوں اور لڑکیوں کو تعلیم دینا حرام ہے ۔

انہوں نے افغانستان کے حکمرانوں سے مطالبہ بھی کیا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں اور کہا کہ ہم سب کو یہ یاد دہانی کرنی چاہیے کہ قیامت کے دن اللہ کی طرف سے کوئی چیز ہمارے کام نہیں آئے گی، نہ پیسہ، نہ عزت اور نہ سیاست ۔

لیکن المیہ ہے کہ دوسری طرف طالبان نے اپنے فیصلے کو درست قرار دیا ۔ طالبان حکومت کے ہائیر ایجوکیشن کے وزیر ندا محمد ندیم نے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکم نامہ اس لئے جاری کیا گیا ہے تاکہ مردوں اور خواتین کے درمیان اختلاط سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں میں کچھ مضامین کی تعلیم بھی دی جارہی ہے جو اسلام کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں ۔ طالبان نے یہ واضح نہیں کیا کہ آخر وہ کیا اصول ہیں جو اسلام سے متصادم ہے ۔

خلاصہ یہ ہے کہ طالبان امت مسلمہ کی خواتین کو تعلیم سے روکنا چاہ رہے ہیں اور اس کے لیے وہ طرح طرح کے حیلے بنا رہے ہیں جبکہ اسلام خواتین کی تعلیم کی وکالت کرتا ہے ۔

۔۔۔

کنیز فاطمہ عالمہ و فاضلہ  اور نیو ایج اسلام کی باقاعدہ کالم نگار ہیں۔

URLhttps://www.newageislam.com/urdu-section/afghan-taliban-women-modern-education-islamic/d/129136

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..