ذوالفقار شیخ
20 اگست 2015
سوال: کیا اسلام تشدد، قتل و غارت اور ظلم کو فروغ نہیں دیتا ہے، اس لیے کہ مسلمانوں کے لیے قرآن کا فرمان ہے کہ وہ جہاں کہیں کبھی (غیر مسلم) کفار کو پائیں انہیں قتل کر دیں؟
جواب
اس روایت کو برقرار رکھنے کے لئے کہ اسلام تشدد کو فروغ دیتا ہے اور اپنے پیروکاروں کو دائرہ اسلام سے خارج لوگوں کو مارنے کی تلقین کرتا ہے، اکثر قرآن کی کچھ منتخب آیات کا غلط حوالہ پیش کیا جاتا ہے۔
1۔ سورہ توبہ کی آیت
سورہ توبہ کی مندرجہ ذیل آیت کو اکثر اسلام کے ناقدین یہ ثابت کرنے کےلیے نقل کرتے ہیں کہ اسلام تشدد، قتل و غارت اور ظلم کو فروغ دیتا ہے:
"مشرکوں کو قتل کر دو جہاں کہیں بھی تم ان کو پاؤ۔" [9:5]
2۔ یہ آیت میدان جنگ کے سیاق و سباق میں نازل ہوئی ہے
در اصل اسلام کے ناقدین اس آیت کا حوالہ اس کے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرتے ہیں۔ سیاق و سباق کو سمجھنے کے لئے، ہمیں اس سورہ کو آیت نمبر 1 سے پڑھنے کی ضرورت ہے۔ اس میں اس بات کا ذکر ہے کہ مسلمانوں اور مشرکین مکہ کے درمیان ایک امن معاہدے قائم کیا گیا تھا۔ اس معاہدے کی خلاف ورزی مشرکین مکہ نے کی تھی۔ مشرکین مکہ کو مصالحت کے لیے چار ماہ کا وقت بھی دیا گیا تھا۔ بصورت دیگر ان کے خلاف جنگ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ سورہ توبہ کی آیت نمبر 5 کا بیان ہے کہ:
"پھر جب حرمت والے مہینے گزر جائیں تو تم (حسبِ اعلان) مشرکوں کو قتل کر دو جہاں کہیں بھی تم ان کو پاؤ اور انہیں گرفتار کر لو اور انہیں قید کر دو اور انہیں (پکڑنے اور گھیرنے کے لئے) ہر گھات کی جگہ ان کی تاک میں بیٹھو، پس اگر وہ توبہ کر لیں اور نماز قائم کریں اور زکوٰۃ ادا کرنے لگیں تو ان کا راستہ چھوڑ دو۔ بیشک اللہ بڑا بخشنے والا نہایت مہربان ہے۔" [9:5]
اس آیت کا حوالہ جنگ کے دوران دیا جاتا ہے۔
3۔ امریکہ اور ویت نام کے درمیان جنگ کی مثال
ہمیں یہ معلوم ہے کہ ایک مرتبہ امریکہ اور ویت نام میدان جنگ میں آمنے سامنے تھے۔ فرض کریں کہ امریکہ کے صدر یا امریکی فوج کے جنرل جنگ کے دوران امریکی فوجیوں کو یہ کہتے کہ: "تم جہاں کہیں بھی ویتنامیوں کو پاؤ ان کو مار دو"۔ اور اگر آج میں سیاق و سباق کا حوالہ دئے بغیر یہ کہوں کہ امریکی صدر نے کہا ہے کہ "تم جہاں کہیں بھی ویتنامیوں کو پاؤ ان کو مار دو" تو میں انہیں ایک قصائی کی شکل میں پیش کروں گا۔ لیکن اگر میں یہی بات سیاق و سباق کے ساتھ پیش کروں کہ امریکی فوج کے جنرل نے جنگ کے دوران امریکی فوجیوں کو یہ حکم دیا تھا تو یہ بات منطقی معلوم ہوگی، اس لیے کہ وہ امریکی فوجیوں کے حوصلے بلند کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
4۔ یہ آیت 9:5 لڑائی کے دوران مسلمانوں کے حوصلے بلند کرنے کے لیے نازل کی گئی تھی
اسی طرح سورہ توبہ کی آیت 9:5 کو قرآن میں ایک جنگ کے دوران مسلمان سپاہیوں کے حوصلے بلند کرنے کے لئے یہ حکم دیا گیا ہے کہ "مشرکوں کو قتل کر دو جہاں کہیں بھی تم ان کو پاؤ"۔ قرآن مسلمان سپاہیوں کو صرف یہ بتا رہا ہے کہ جنگ کے دوران ڈرو مت؛ دشمن کو جہاں بھی پاؤ مار ڈالوں۔
5۔ شوری نے آیت 5 کے بعد آیت 7 کا حوالہ پیش کیا
ارون شوری ہندوستان میں اسلام کے سخت ترین ناقدین میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے اپنی کتاب 'The World of Fatwahs' کے صفحہ 572 پر سورہ توبہ کی آیت 5 کا حوالہ دینے کے بعد سیدھا آیت نمبر 7 کو نقل کیا ہے۔ کوئی بھی سمجھدار شخص اس بات کو سمجھ لے گا کہ آیت 6 کو چھوڑ دیا گیا ہے۔
6۔ سورہ توبہ کی آیت 6 میں اس کا جواب موجود ہے
سورہ توبہ کی آیت 6 اس الزام کا جواب دیتی ہے کہ اسلام تشدد، ظلم اور قتل و غارت کو فروغ دیتا ہے۔ اس کا فرمان ہے:
"اور اگر مشرکوں میں سے کوئی بھی آپ سے پناہ کا خواست گار ہو تو اسے پناہ دے دیں تاآنکہ وہ اللہ کا کلام سنے پھر آپ اسے اس کی جائے امن تک پہنچا دیں، یہ اس لئے کہ وہ لوگ (حق کا) علم نہیں رکھتے۔" [9:6]
قرآن نہ صرف اس بات کا حکم دیتا ہے کہ اگر جنگ کے دوران کوئی مشرک پناہ تلاش کرے تو اسے پناہ دی جائے بلکہ اسے ایک محفوظ جگہ پر پہنچا دیا جائے۔ موجودہ عالمی منظر نامے کے تحت ہو سکتا ہے کہ جنگ کے دوران ایک مہربان اور امن پسند فوجی جنرل امن چاہنے والے دشمن فوجیوں کو آزاد کر دے۔ لیکن کون سا ایسا فوجی جنرل ہوگا جو اپنے سپاہیوں کو یہ حکم دے کہ اگر کوئی دشمن فوجی جنگ کے دوران امن چاہے تو اسے نہ صرف یہ کہ آزاد چھوڑ دیا جائے بلکہ اسے سلامتی کی جگہ پر بھی پہنچا دیا جائے؟
دنیا میں امن کو فروغ دینے کے لیے قرآن مجید میں اللہ کا فرمان یہی ہے۔
جواب من جانب ڈاکٹر ذاکر نائیک۔
ماخذ:
irf.net/index.php?option=com_content&view=article&id=493%3Adoes-islam-promote-violence&catid=72%3Amcq-who-have-some-knowledge-about-islam&Itemid=199
speakingtree.in/spiritual-blogs/seekers/faith-and-rituals/does-islam-quran-teach-to-kill-kafir-nonmuslim
URL for English article: https://newageislam.com/islamic-ideology/islam-teach-kill-non-muslim/d/104326
URL for this article: https://newageislam.com/urdu-section/islam-teach-kill-non-muslim/d/105080