New Age Islam
Tue Dec 03 2024, 01:56 PM

Urdu Section ( 12 March 2013, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Innocent Muslims of Pakistan پاکستان کے سادہ مسلمان

 

طیبہ ضیاء چیمہ

6 مارچ ، 2013

آج کا مسلمان تعلیم انگلینڈ میں حاصل کرنا چاہتا ہے ،ملازمت امریکہ میں کرنا چاہتا ہے ،رہنا کینیڈا میں چاہتا ہے ،بات انگریزی میں کرنا چاہتا ہے ،کھانا چائنز رائس،اٹالین پیزااور رشین سلاد چاہتا ہے ،مصنوعات جاپانی استعمال کرنا چاہتا ہے ،چھٹیاں یورپ میں گزارنا چاہتا ہے فلمیں ہالی ووڈ کی دیکھنا چاہتا ہے ،گانے بالی ووڈ کے سننا چاہتا ہے لیکن زندگی کے اختتام پر مرنا مکہ میں چاہتا ہے ،تدفین مدینہ میں چاہتا ہے اور موت کے بعد جنت میں جانا چاہتا ہے۔آج کا مسلمان بڑا سادہ ہے ۔اور” یتیم ریاست“ کا مسلمان تو اس قدرسادہ ہے کہ گنڈے بھی کھاتاہے اور چھِتر بھی مگر ووٹ پھر ا نہی پالتوؤں کو دے آتا ہے،جن کی گردنوں میں ”میڈ ان امریکہ“ کا پٹہ بندھا ہوا ہے۔ پاکستان کا یہ سیدھا سادہ مسلمان سب کچھ دیکھتا ،سنتا،سمجھتا،محسوس کرتا ہے مگر کچھ کرنے کی حیثیت میں نہیں رہا۔

ذہنی و جسمانی معذور ہو چکا ہے حتیٰ کہ اپنے بنیادی حقوق کے لئے لڑنے سے بھی محروم ہو چکا ہے۔امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کی خبر پڑھ کر پرانے زخم پھر ہرے ہو گئے۔یتیم ریاست کی بے بسی پر رحم آتاہے۔جس شخص کی اپنے ملک میں دو ٹکے کی عزت نہیں،اس نے بھی پاکستان کو آگے لگا رکھا تھا۔یتیم ریاست کی آبرو کو پیروں تلے روندتا ہوا پاک فوج اور حکومت کے کاندھوں پر سوار تھا۔پاکستان میں دو افراد کا مبینہ قاتل امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کو اس کے اپنے ملک کی عدالت نے ایک امریکی پر تشدد کے الزام میں دو سال کی قید سنا دی ہے۔ریمنڈ ڈیوس نے پاکستان سے واپسی پر 2011میں امریکہ کے ایک شاپنگ مال میں ایک امریکی کو معمولی تنازعہ پر تشدد کا نشانہ بنایا جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا تھا ۔عدالت نے امریکی جاسوس کو دو سال قید کی سزا اورغصہ پر قابو پانے کی خصوصی کلاسز لینے کا حکم سنا یا ہے۔

ریمنڈ ڈیوس کو امریکہ میں کوئی نہیں جانتا مگر اس جاسوس کو پورا پاکستان جانتا ہے۔پاکستان میں تعینات امریکہ کے اس جاسوس نے لاہور کی ایک معروف شاہراہ پر دو موٹر سائیکل سواروں کو فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کردیا اور تیسرے نوجوان کو اپنی گاڑی تلے روند ڈالا۔مبینہ قتل کے بعد بڑی ڈھٹائی سے فرار ہو ا ۔میڈیا نے معاملہ اٹھایا تو اسے گرفتار کر نا پڑا اور پھر جو ہوا ،وہ پاکستان کی تاریخ میں ایک شرمناک باب بن گیا۔امریکہ کے ایک معمولی اہلکار ریمنڈڈیوس کی امریکہ میں گرفتاری اور سزا کی خبر پاکستانی اخبارات سے ملی جبکہ امریکہ میں اس شخص کی حیثیت ایک عام شہری سے زیادہ نہیں ۔ جب یہ شخص پاکستان میں تھا تو اس کی رہائی کےلئے امریکہ کے صدر نے استثنیٰ کا حکم صادر فرمایا تھا۔ ریمنڈ ڈیوس پاکستان میں ‘‘امریکی چودھراہٹ’’ کی علامت سمجھا جاتاہے۔

امریکہ کا ایک کمیّ بھی پاکستان میں چودھری ہوتا ہے اور پاکستان کے سچی مچی کے چودھری بھی امریکہ کی نظر میں کمی کمین ہوتے ہیں۔ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے لئے اسلامی شق کا سہارا لیا گیا۔ اسلام میں دی گئی خون بہا کی شرعی سہولت کو تسلیم کر کے امریکہ نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا کاغذی ثبوت دیا ۔پاکستان کے حکمرانوں کا اسلام بھی مفاد پرستی تک محدود ہے۔ایک امریکی نے کہا تھا کہ پاکستانی ڈالروں کی خاطر اپنی ماں کا سودا بھی کر سکتے ہیں۔پاکستان میں اب وہ کچھ ہوتا ہے جسے قیامت کی علامات کہا جاتا تھا۔اس ظالم دور میں والدین پیسوں کی خاطر اپنے بچوں کو بیچ سکتے ہیں تو بچوںکا خون بہا کیوں نہیں لے سکتے؟ امریکہ کا پاک فوج پر دبا تھا،حکومت پاکستان کے تعاون سے ریمنڈ ڈیوس کو رہا کرا لیا گیا ،اس کے عوض پاکستان کو خون بہا ادا نہیں کیا گیا بلکہ خون کی مزید ندیاں بہادی گئیں۔

ریمنڈ ڈیوس کا طیارہ فضاءمیں پرواز کرتے ہی امریکہ نے شمالی وزیرستان پر حملہ کر دیا۔ ریمنڈ ڈیوس جیساکمّی کمین بھی پاکستان میں چودھری ہوتا ہے جبکہ پاکستان میں اپنے لوگوں کے ساتھ جانوروںسے بھی بد تر سلوک کیا جاتا ہے۔ جاپان میں دو امریکی فوجیوںکوایک جاپانی عورت کے ساتھ زیادتی کے جر م میں دس سال کی سزا سنا دی گئی ۔پاکستان میں امریکی اہلکار بے گناہوں کامبینہ قتل بھی کر دے تو اسے پروٹوکول کے ساتھ رہا کر دیا جاتا ہے۔ پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک انیکر صاحب فرما رہے تھے کہ پاکستان کو اسلامی جمہوریہ کس بنیاد پر کہا جاتا ہے جبکہ نہ اب وہ اسلام رہا اور نہ ہی پہلے جیسے عملی مسلمان رہے۔غلاموں کو خریدنے اور آزاد کرنے کا اسلام اب نہیں رہاوغیرہ۔انہیں کوئی بتائے کہ جو خود غلام ہو وہ غلام کیوں کر خرید سکتا ہے ؟ جو مسلمان غلام خریدا کرتے تھے،وہ آزاد مسلمان تھے جبکہ دور حاضر کا مسلمان خواہ بادشاہ بن جائے ،نفسیاتی غلام ہے ۔یتیم ریاست پاکستان میں ہر دوسرا شخص کسی نہ کسی صورت میں غلامی میں جکڑا ہواہے۔پاکستان آج جس شرمناک اور المناک صورتحال سے دوچار ہے ،اس کی وجہ ہماری غلامانہ ذہنیت ہے ۔پاکستان کا مسلمان سب دیکھ ،سن،سمجھ رہا ہے اس کے باوجود”وزیر اطلاعات دہشت گردی“مسٹر رحمان ملک کی طرح بے بس دکھائی دیتا ہے۔ پاکستان کا مسلمان بڑا سادہ اور معصوم ہے۔

6 مارچ ، 2013 بشکریہ : روز نامہ نوائے وقت ، لاہور

URL:

https://newageislam.com/urdu-section/innocent-muslims-pakistan-/d/10739 

Loading..

Loading..