New Age Islam
Tue Jan 21 2025, 09:46 PM

Urdu Section ( 27 Aug 2018, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Terrorism is not the Result of Unemployment Rahul G! !دہشت گردی بیروزگاری کا نتیجہ نہیں ہے راہل جی

شکیل شمسی

25اگست،2018

جرمنی کے دورے پر گئے راہل گاندھی نے وہاں ایک جلسے میں جہاں مودی حکومت کی ناکامیاں گنائیں وہیں انہوں نے ایک عجیب و غریب بیان بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری ہے اور جب لوگوں کو روزگار نہیں ملے گا تو ان کو بہکانے والی طاقتیں بھی سرگرم ہوسکتی ہیں، انہوں نے مثال کے طور پر داعش کانام لیا اور کہا کہ امریکہ نے جب عراق پر حملہ کیا تو تکریت کے لوگوں کو بہت نظر انداز کیا جس کا وہاں کے نوجوانوں پر منفی اثر مرتب ہوا اور وہ داعش کی طرف متوجہ ہوگئے ۔ راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ جب آپ اپنے نوجوانوں کا خیال نہیں رکھیں گے تو دوسرے ان کو بہکاسکتے ہیں ۔ہمیں راہل گاندھی کابیان سن کر بہت حیرانی ہوئی اور ہم سوچنے لگے کہ جو شخص ملک کا وزیر اعظم بننے کا دعوایدار ہے اور تنی سطحی سوچ رکھتا ہے؟ کیاراہل گاندھی کو نہیں معلوم کہ اسامہ بن لادین نے اربوں ڈالر کا کاروبار چھوڑ کر دہشت گردی کادامن تھاما تھا؟ مصر کے مشہور سرجن ایمن الظواہری نے دہشت گردی کو کیوں اپنایا کیا ان کی پریکٹس نہیں چل رہی تھی؟ نائین الیون کے حملے میں شامل تمام 19لوگوں کیا غربت وافلاس کی وجہ سے اتنے بڑے حملے پر آمادہ ہوگئے تھے؟ کیا سری لنکا کی اینٹ سے اینٹ بجا دینے والے دہشت گرد پربھاکرن نے روزی روٹی کے فقدان میں دہشت گردی اختیار کی تھی؟ خیر غیر ممالک کی بات توچھوڑئیے ہمارے ملک میں مکہ مسجد ، مالیگاؤں ، اجمیر کی درگاہ اور سمجھوتہ ایکسپریس میں دھماکے کرنے والی بھگوا تنظیم ابھینو بھارت کو آرڈی ایکس سپلائی کرنے والے کرنل پروہت کو کیابیکاری نے دہشت گرد بنایا تھا ؟

کیا ابھینو بھارت کی سربراہ سادھوی پرگیہ ٹھاکر اور اس کے ساتھی مالی تنگی کاشکار تھے؟ کیا راجیو گاندھی کو کچھ بیروزگاروں نے مارا تھا؟ کیا جرنیل سنگھ بھنڈران والے کے پاس پیسوں کی کمی تھی ؟ کیا ہماری بری فوج کے سابق سربراہ جنرل اے یس وید یا کو ہرجندر سنگھ اور سکھ دیو سنگھ سکھا نے کام کاج نہ ملنے کی وجہ سے مارا تھا؟ راہل گاندھی آپ کی دادی اندرا گاندھی کو قتل کرنے والادہلی پولس کا سب انسپکٹر اور اور سپاہی کیا بیروزگار تھے؟ یہ جو سناتن سنستھا کے لوگ مہاراشٹر میں بموں کے ساتھ پکڑے جارہے ہیں کیا ان کو روزگار نہیں ملا؟ گوری لنکیش ، کلبرگی، پنسارے اور دابولکر کوکیا ایسے لوگوں نے مارا جن کے پاس کام نہ تھا ؟ کاش راہل گاندھی سمجھ پاتے کہ آج دنیا بھر میں دہشت گرد خون کی جو ندیاں بہاتے پھرتے ہیں وہ بیروزگار نہیں ہے اور صرف مسلمان نہیں ہیں، اگر راہل گاندھی آر ایس ایس اور بی جے پی پر تنقید کرتے وقت داعش کے بجائے سناتن سنستھا یا ابھینوبھارت کی مثال دیتے تو زیادہ مناسب ہوتا،لیکن جب ان کو اس بات کا ہی علم نہیں ہے کہ دہشت گردی کیوں پنپ رہی ہے تو ان سے ہم کیا امید کرسکتے ہیں؟راہل گاندھی نے دہشت گردی کاذکر کر تے وقت مسلم نام والی تنظیم کانام لے کر یہ بات تو صاف کر ہی دی کہ وہ بھی دہشت گردی کو مسلمانوں کے ساتھ ہی جوڑ کر دیکھتے ہیں۔

افسوس کی بات تو یہ ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ داعش یا النصر ہ جیسی تنظیمیں کچھ ایسے لوگوں نے بنائی تھیں جن کو سماجی طور پر نظر انداز کردیا گیا تھا؟ تعجب ہے کہ ان کو یہ بھی نہیں معلوم کہ داعش اورالنصر ہ یا دوسری دہشت گرد تنظیموں میں شامل لوگ جہاد کے نام پر مغربی ممالک سے اپنے بہترین کاروبار چھوڑ کر شام اور عراق پہنچے تھے اور ان کو بکتر بندگاڑیاں اور بہترین اسلحہ دے کر میدان میں اتارنے والا خود امریکہ ہی تھا۔ کاش راہل گاندھی اتناغیر ذمہ دارانہ بیان دینے سے پہلے سوچتے کہ اگر عراق میں اہل تکریت کانظر انداز کیا گیاتھا تو داعش نے شام پر حملہ کیوں کیا؟ ہمیں حیرانی اس بات پر ہے کہ راہل گاندھی کو یہ بھی نہیں معلوم کہ امریکہ نے اس وقت داعش پر حملہ نہیں کیا جب تک اس نے امریکہ کے مخالفین کو تہہ تیغ کیا اور امریکہ سے داعش نے تعلقات صرف اس وقت خراب ہوئے جب اس نے کردوں، عیسائیوں اور ایزدیوں پر نشانہ لگانا شروع کیا ۔ ہم راہل گاندھی صاحب سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کچھ وقت صرف کر کے دہشت گردی کی اصل وجوہات جاننے کی کوشش کریں اور خود بھی اس بات کایقین کرلیں کہ دہشت گردی کا اصل جڑ بیروزگاری نہیں مذہبی انتہا پسندی ہے۔

25اگست،2018، بشکریہ: انقلاب ، نئی دہلی

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/terrorism-result-unemployment-rahul-g/d/116201

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


 

Loading..

Loading..