New Age Islam
Sat Apr 01 2023, 02:25 PM

Urdu Section ( 7 Apr 2016, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Selfishness of Kashmiri Extremists کشمیری انتہا پسندوں کی خود غرضی

 

 

 

شکیل شمسی

7 اپریل، 2016

ہم سب جانتے ہیں کہ کشمیر میں ایک طبقہ ایسا ہے جس نے کبھی ہندوستان کو اپنا وطن نہیں مانا اور اس کے دل میں ہندوستان کی محبت نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مغلوں کے زمانے میں جموں کشمیر ہندوستان کا حصہ رہا ہو لیکن حکومت برطانیہ کے ماتحت آنے کے بعد اس کو پرنسلی اسٹیٹ کا درجہ مل گیا تھا اور اس کو 1935ء کے Instrument of Accession کے تحت اس بات کا اختیار بھی تھا کہ وہ ہندوستان یا پاکستان کے ساتھ الحاق کرے یا پھر ایک آزاد ریاست رہے۔ اسی شق کے وجہ سے اگست سے اکتوبر تک کشمیریوں نے الحاق کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا، مگر اچانک پاکستان کی افواج نے قبائلیوں کے ساتھ مل کر 22 اکتوبر 1947 ء کو کشمیر پر حملہ کر کے اس کو بزور طاقت پاکستان میں شامل کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد کشمیر کے راجہ ہری سنگھ نے اپنی ریاست کو بچانے کےلئے ہندوستان کے وزیر اعظم پنڈت نہرو سے مدد مانگی تو انہوں نے مدد دینے سے قبل شرط رکھی کہ جمو ں کشمیر کی حکومت پہلے ہندوستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کرے ۔ اس طرح پاکستانی حملے کے بعد ہندوستان کو کشمیر بغیر مانگے ہی مل گیا ۔ اگر قبائلی حملہ نہ ہوتا تو شاید کشمیر کی آج وہی حیثیت ہوتی جو نیپال کی ہے، مگر قسمت کے لکھے کو کون ٹال سکتا ہے۔

 جس خطہ کو بر صغیر کی جنت کہا جاتا تھا وہ منافرت ، تشدد، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے باعث جہنم میں تبدیل ہوگیا۔ فوج ، پولیس ، جنگجو اور دہشت گرد اس خطہ کا مقدر بن گئے ۔ عام انسان کا جینا دو بھر ہوگیا ،مگر کوئی کشمیر کی آگ کو بجھا نہیں سکا۔ وہاں کا ایک طبقہ پاکستان کے ساتھ الحاق کا حامی اس بنیاد پر تھا کہ پاکستان کا قیام مسلمانوں کے نام پر ہوا تھا ، کشمیر کو الگ کرنے کےلئے اسلام کا نام استعمال کیا جانے لگا، مگر کتنی مضحکہ خیز بات ہے کہ ہندوستان کے 20 کروڑ مسلمان کشمیر کے انتہا پسندو ں کو کبھی نظر نہیں آئے ۔ ان کو صرف کراچی کے مینار او رلاہور کی بادشاہی مسجد نظر آتی رہی دہلی کی جامع مسجد اور آگرہ کا تاج محل نظر نہیں آیا۔ انہوں نے کشمیر سے آگے بڑھ کر دیکھا ہی نہیں ۔ ان کو کبھی اس بات کا اندازہ ہی نہیں ہوا کہ ان کی ہنددشمن حرکتوں کی وجہ سے ہندوستان میں رہنے والے مسلمانوں کے لئے کس قسم کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں؟ وہاں کے علاحدگی پسندوں کو پاکستان میں مرنے والے مسلمان تو مسلمان لگتے ہیں ، لیکن ہندو ستانی مسلمانوں کی موت وزیست سے ان کو کوئی سروکار نہیں ۔ کبھی وہ داعش کے جھنڈے اٹھا لیتے ہیں او رکبھی پاکستان کی مخالفت میں جوگری ہوئی حرکت کی اس سے ان کو تو کوئی فائدہ نہیں ہوا البتہ مسلمانوں پر غداری کا الزام لگانے والے فرقہ پرست ٹولے کو مزید موقع ضرور مل گیا ۔

 انڈیا اور پاکستان کےدرمیان کریکٹ میچ ہو اور اگر کشمیر کے علاحدگی پسند لوگ اس کی حمایت کریں تو پھر بھی کہا جاسکتا ہے کہ جن لوگوں نے اس ملک کو اپنا وطن مانا ہی نہیں ان سے کیا شکایت ، لیکن انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ ہو او راس میں ویسٹ انڈیز جیت جائے اور اس کو لے کر کشمیر علاحدگی پسند سری نگر کے این آئی ٹی میں فتح کا جلوس نکالیں تو اس حرکت کو کیا کہا جائے گا؟ کیا یہ کام ہر اس شخص کو دلی تکلیف پہنچانے کے لئے نہیں کیا گیا تھا جو ہندوستان کو اپنا وطن مانتا ہے ؟ این آئی ٹی کے کیمپس میں رہنے والے غیر کشمیری لڑکوں او رمحب وطن طبقے کی اس حرکت پر ناراضگی بالکل فطری سی بات ہے۔ ان کی طرف سے قومی پرچم لے کر احاطے میں مارچ کرنابھی ایک مثبت رد عمل ہے۔ تشویشناک بات تو یہ ہے کہ اب وہاں ایسے حالات پیدا کئے جارہے ہیں کہ تمام غیر کشمیر ی لڑکے خوف میں مبتلا ہوکر اپنے اپنے گھر لو ٹنے کی فکر کر رہے ہیں ۔ ادھر ہمارے نیوز چینل اس آگ کو بجھانے کے بجائے اس میں گیس کا سلینڈر لگا رہے ہیں اور بات بہت بڑھا چڑھا کر پیش کررہے ہیں ، شاید انتہا پسندوں کے ساتھ ساتھ ان غیر ذمہ دار نیوز چینلوں کی خواہش یہی ہے کہ سرینگر کے واقعات کا ملک کے دوسرے علاقوں میں ردعمل ہو اور ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم کشمیری طالب علموں کے خلاف بھی مقامی فرقہ پرستی عناصر اٹھ کھڑے ہوں ۔

7 اپریل، 2016 بشکریہ : انقلاب، نئی دہلی

URL: https://newageislam.com/urdu-section/selfishness-kashmiri-extremists-/d/106912

New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Womens in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Womens In Arab, Islamphobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism,

 

Loading..

Loading..