شکیل شمسی
5ستمبر2019
ان دنوں سو شل میڈیا ر پھیلے مسلم حلقوں اور اردو پریس کے ایک سیکشن میں جمعیۃ علما ء کے سربراہ مولانا ارشد مدنی اور آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کی ملاقات کو لے کر کافی رائے زنی ہورہی ہے۔ کچھ لوگ مولانا ارشد مدنی کی مخالفت کررہے ہیں تو کچھ لوگ ان کی حمایت کررہے ہیں۔ کچھ لوگ اس کو قومی مفاد کا سودا کرنے سے تعبیر کررہے ہیں توکچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ موجودہ حالات میں سنگھ پریوار سے ان مو ضو عات پر گفتگو کرنا ضروری ہے جو آج ہندوستانی مسلمانوں کو درپیش ہیں۔ کچھ افراد کا یہ بھی کہناہے کہ ہندوستان میں اقلیتوں پر ہونے والے حملوں کی وجہ سے دنیا بھر میں آر ایس ایس کی شبیہ خراب ہورہی ہے اور اب آر ایس ایس اپنی امیج کو درست کرنے کے لئے جمعیۃ علما ء کا سہار ا لے رہی ہے۔ سنگھ کے سربراہ چاہتے ہیں کہ دنیا بھر کے مسلمانوں میں یہ پیغام جائے کہ آر ایس ایس مسلمانوں کے ساتھ ساتھ میل ملاپ کی خواہشمند ہے،لیکن اس بات کی تردید کرنے والے گروہ کا کہناہے کہ آر ایس ایس تو موجودہ حالات میں بالکل خاموش ہے، اس کی طرف سے تو دل آزار بیان جارہی نہیں ہورہے ہیں بلکہ اس سے کہیں زیادہ زہریلے لہجے میں تو وہ افراد بول رہے ہیں جو حکمراں جماعت کے ممبر ہیں۔ بات سچ بھی ہے، بی جے پی کے ممبر ان اور عہدیداران آج کل جس قسم کے بیانات دے رہے ہیں ان کی وجہ سے ملک کے حالات زیادہ خراب ہو رہے ہیں۔
کبھی کوئی ہندو لڑکوں سے کہتا ہے کہ وہ اب کشمیری گوری لڑکیوں کو دلہن بنا کر لائیں، کبھی کوئی کہتاہے کہ پورے ملک میں این آر سی نافذ کی جائے گی، کبھی کوئی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو نشانہ بناتا ہے، کبھی بی جے پی والے جمعہ کی نماز کے جواب میں سڑکوں پر ہنومان چالیسا پڑھ کر راستہ جام کرنے لگتے ہیں۔ کبھی بی جے پی کا ہی کوئی ایم پی دہلی میں سرکاری زمینوں پر مسجدیں تعمیر کئے جانے کا جھوٹا قضیہ اٹھاتا ہے، کبھی عشق و محبت میں ہونے والے قتل کو ہندو مسلم کا قضیہ بناتے ہیں۔کبھی بابری مسجد کے وکیل کو دھمکی دی جاتی ہے تو کبھی بابری مسجد کیس کے مدعی اقبال انصاری پر حملہ کرنے کے لئے کسی خاتون کو بھیجا جاتا ہے۔ اس لیے اگر یہ مان بھی لیا جائے کہ آر ایس ایس اپنی شبیہ ٹھیک کرنے کے لئے ایک بڑی مسلم جماعت سے ملاقات کررہی ہے توکیا واقعی یہ امیج ٹھیک ہوگی؟ ہمیں حیرانی تو اس بات پر ہے کہ دن کی روشنی میں ہونے والی اس ملاقات پر لوگ سوالیہ نشان لگارہے ہیں، جبکہ کتنے ہی لوگ اندر ہی اندر ملاقاتیں کرنے میں ماہر ہوچکے ہیں۔ کوئی روی شنکر سے چھپ چھپ کر ملتا ہے تو کوئی بابری مسجد کی سودے بازی کے لئے ایودھیا کے اکھاڑٰوں اور سادھوؤں سے خفیہ ملاقاتیں کرتا ہے۔ کم سے کم مولانا ارشد مدنی نے اتنی ہمت تو کی کہ کھلے عام ملے۔ ہمارے خیال میں آر ایس ایس والوں سے بات کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، کیونکہ اس وقت ملک میں جس قسم کی فضا ہے اس کے کسی وقت بھی ایک طوفانی شکل اختیارکر لینے کاپورا امکان ہے۔
ہمیں لگتا ہے کہ آر ایس ایس سے بات کرنے سے مسلمانوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا، اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ جمعیۃ علما ء ایک قابل اعتبار مسلم تنظیم ہے۔ اس تنظیم نے آج تک کوئی کام ایسا نہیں کیا ہے جس سے مسلمانوں کو نقصان پہنچا ہو۔ اس تنظیم نے دہشت گردی کے معاملات میں مسلمانوں کے مقدموں کی جس طرح پیروی کی ہے اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ بابری مسجد کے معاملے میں بھی دوسری مسلم تنظیموں کے ساتھ مل کر جس طرح جمعیۃ علماء مقدمہ لڑ رہی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ اس تنظیم کی خاص بات یہ ہے کہ اس نے آج تک کوئی ایسی بات نہیں کی جس سے مسلمانوں میں اختلاف پھیلے یا ہندوؤں او رمسلمانوں کے درمیان کوئی تنازع کھڑا ہو۔ ہم ان لوگوں کی جذبات کی بھی قدر کرتے ہیں جو اس ملاقات کے منفی نتائج نکلنے کی امید جتا رہے ہیں، کیونکہ ایک جمہوری ملک میں رہنے والوں کی ایک جیسی رائے ہو یہ ممکن نہیں،مگر جو لوگ بدتہذیبی کا مظاہرہ کرہیں او ربلا چے سمجھے مولانا ارشد مدنی صاحب یا جمعیۃ علما ء کو نشانہ بنا رہے ہیں وہ یقینا زیادتی کررہے ہیں، کیونکہ گفتگو کے نئے دروازے کھولنے سے کم سے کم یہ پیغام توعام ہندوستانیوں میں جائے گا ہی کہ مسلمان اس قدر شدت پسند نہیں ہیں کہ وہ آر ایس ایس سے بات چیت کے بھی قائل نہیں ہیں۔ ہم تو یہی سمجھتے ہیں کہ اس بات چیت کو آگے بڑھایا جائے اور گفتگو ہو اس کا بالکل خفیہ نہ رکھا جائے اور بات جب آگے بڑھے تو دوسری بڑی مسلم تنظیموں کوبھی اس میں شامل کیا جائے۔
5ستمبر،2019، بشکریہ: انقلاب، نئی دہلی
URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/maulana-arshad-madani-mohan-bhagwat/d/119656
New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Women in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Women In Arab, Islamophobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism