New Age Islam
Mon Mar 16 2026, 06:29 AM

Urdu Section ( 18 Sept 2023, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

The Right Concept of Reciting the Quran قرآن کی تلاوت کا صحیح تصور

سہیل ارشد، نیو ایج اسلام

18 ستمبر،2023

قرآن پاک ایک آسمانی صحیفہ ہے جو پیغمبرآخرالزماں حضرت محمد ﷺ پر نازل ہوا۔ اس میں نہ صرف احکامات خداوندی ہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے سے متعلق عقل ودانش کی باتیں بھی ہیں۔ اس لئے قرآن کا پڑھنا ، پڑھانا اور اس کو یاد کرنا کارِ ثواب ہے۔ قرآن اور احادیث مبارکہ میں قرآن کی تلاوت کی فضیلت بیان کی گئی ہے۔ اللہ فرماتا ہے: "اور ہم نے قرآن کو ذکر کے لئے آسان کردیا۔ پھر ہے کوئی سوچنے والا۔۔"(القمر :17)۔

اللہ انسانوں کو قرآن پڑھنے اور اس کی آیتوں پر غور کرنے کا حکم دیتا ہے۔ سورة المزمل میں قرآن کو ترتیل سے پڑھنے کی تلقین کی گئی ہے۔

احادیث میں بھی تلاوت قرآن کی فضیلت بیان کی گئی ہے اور تلاوت کرنے کے ساتھ ساتھ قرآن کو یاد کرنے یعنی حفظ کرنے کی بھی تلقین کی گئی ہے۔

"ہم سے یحی بن بکیر نے بیان کیا کہا مجھ سے لیث بن سعد نے انہوں نے عقیل سے انہوں نے ابن شہاب سے کہا مجھ کو ابو سلمہ بن عبدالرحمن نے خبر دی۔ انہوں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے وہ کہتے تھے اللہ تعالے اتنا متوجہ ہوکر کسی چیز کو نہیں سنتا جتنا قرآن کی طرف متوجہ ہوکر سنتا ہے جب پیغمبر ﷺ اس کو خوش آوازی سے پڑھتا ہے۔ ابو سلمہ راوی کا ایک دوست (عبدالحمید بن عبدالرحمن ) کہتا تھا اس حدیث میں یتغنی بالقرآن سے یہ معاد ہے کہ پکار کر اس کو پڑھے۔( اچھی آواز سے) سے"۔

(فضائل قرآن بخاری شریف 15)۔

ایک دوسری حدیث میں تلاوت قرآن کی فضیلت یوں بیان کی گئی ہے۔

"ہم سے ابولیمان نے کہا ہم کو شعیب نے خبر دی انہوں نے زہری سے کہا مجھ سے سالم بن عبداللہ نے بیان کیا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ نے کہا میں نے آنحضرت ﷺ سے سنا آپ فرماتے تھے صرف دو شخصوں پر رشک ہوسکتا ہے۔ ایک تو وہ شخص جس کو اللہ تعالی نے قرآن دیا ہے وہ راتوں کو بھی اس کو پڑھا کرتا ہے (دن کو بھی ) دوسرے وہ شخص جس کو اللہ تعالی نے مال دیا ہے وہ رات اور دن محتاجوں پر خیرات کرتا رہتا ہے۔"(فضائل قرآن:صحیح بخاری17)۔۔

چند دیگر احادیث میں بھی قرآن کی تلاوت اور اس کو حفظ کرنے کی فضیلت بیان کی گئی ہے۔ لیکن قرآن کا مطلب پورا قرآن سورۃ  الفاتحہ سے سورہ الناس تک 114 سورتیں۔ آج کل بہت سے لوگ چند مخصوص سورتوں کو دنیاوی فائدوں کے لئے پڑھتے ہیں۔ ان مخصوص سورتوں پر مشتمل کتابیں دستیاب ہیں جن کو لوگ ہدایت یا دین کے علم کے لئے نہیں بلکہ دنیاوی فائدے کے لئے پڑھتے ہیں۔ اسی طرح کی ایک کتاب سولہ سورہ ہے جس میں قرآن پاک کی سولہ سورتوں کو جمع کردیا گیا ہے ۔ اس میں ان سورتوں کی تلاوت کے دنیاوی فائدے بیان کر دئیے گئے ہیں۔ لوگ اس کتاب کو خرید کر لے آتے ہیں اور قرآن کو طاق پر رکھ دیتے ہیں۔وہ صرف سولہ سورہ کی ہی تلاوت کرتے ہیں۔ ان میں سے کسی سورہ کو دنیاوی حاجت براری کے لئے، کسی سورة کو بیماریوں اور وباؤں سے بچنے کے لئے ، کسی سورة کو تسخیرات جن کے لئے ، کسی سورة کو زبان بندی و تیغ بندی کے لئے اور کسی سورة کو جادو ٹونے کے اثرات کو زائل کرنے کے لئے پڑھا جاتا ہے۔

قرآن پاک مسلمانوں کی ہدایت کے لئے نازل کیا گیا۔ یہ علم وحکمت کا سرچشمہ ہے ۔اس میں مسلمانوں کو پورے قرآن کو پڑھنے ، اس کے احکام کو سمجھنےاور ان پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ مذکورہ بالا سورتوں کا فائدہ صرف ان لوگوں کو ہی ملےگا جو بلا ناغہ قرآن کی تلاوت سلسلہ وار کرتے ہیں۔ یعنی سورہ فاتحہ سے شروع کرکے سورةالناس پر ختم کرتے ہیں۔ کتابوں میں مذکورہ سورتوں کی فضیلت انہی لوگوں کے لئے بیان کی گئی ہیں جو مکمل قرآن کی تلاوت کرتے ہیں۔ صحابہ کرام مکمل قرآن کی تلاوت فرماتے تھے۔

لہذا مسلمانوں کو چاہئے کہ قرآن پاک کو مکمل پڑھیں اور اس کے معانی و مفاہیم کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ تب ہی قرآن کی تلاوت کا حق ادا ہوگا۔

---------------

URL: https://newageislam.com/urdu-section/right-concept-reciting-quran/d/130701

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism

 

Loading..

Loading..