New Age Islam
Sat Jan 25 2025, 03:56 AM

Urdu Section ( 22 Sept 2021, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Quranic Idioms in Urdu Language اردو زبان میں قرآنی محاورے

سہیل ارشد، نیو ایج اسلام

22 ستمبر،2021

اردوزبان کی تشکیل میں عربی زبان اور خصوصاً قرآن مجید کی زبان اور اسلوب کا اہم کردار ہے۔عربوں اور ہندوستان کے لوگوں کے درمیان تجارتی روابط ما قبل اسلام دور سے ہی تھے اس لئے ہندوستان کے عوام عربی زبان کے چند عام الفاظ سے واقف تھے۔ اسلام نے ہندوستان میں انہی تاجروں کے توسط سے متعارف ہوچکا تھا۔ بعد میں اسلامی فتوحات کے ذریعہ بھی خطہئ ہند میں اسلام اور قرآن مقبول ہوئے۔ بعد کے دور میں صوفیوں کے ذریعہ سے قرآن او رعربی زبان کی اشاعت مسلمان ہند میں ہوئی۔ اٹھارہویں صدی میں شاہ ولی اللہ او ران کے صاحبزادوں نے قرآن کا ترجمہ فارسی اور اردو میں کیا تو قرآن کی زبان او راس کے اسلوب نے ہندوستانی مسلموں کی زبان کو براہِ راست متاثر کیا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب اردو زبان کے تقوش واضح ہورہے تھے اور وہ مختلف ملکی او رغیر ملکی زبانوں سے الفاظ ا ور محاوروں کا ذخیرہ لے کر اپنے دامن کو وسیع کررہی تھی۔ چونکہ قرآن مسلموں کی زندگی سے براہ راست جڑُ ا ہوا تھا، قرآن کی عربی او راسلو ب نے اردو زبان کو متحمول کیا۔ اردو زبان میں عربی زبان کے الفاظ جتنے زیادہ ہیں اتنے کسی دوسری زبان کی نہیں ہیں۔ اردو سے اگر عربی کے الفاظ نکال دیئے جائیں تو اردو زبان بے مایہ ہوجائے گی۔ محبت، غم، مثال، قلم،شہاب قاقب، اساس، سحر، ساحر، محراب،موالی، علامات، ریا، کرب، شراب، صنم، تہلکہ،کرسی، میلہ، مال، لحاف، وزیر، سلسلہ، سلطان چند ایسے الفاظ ہیں جو عربی سے قرآن کے ذریعہ سے اردو زبان میں داخل ہوئے ہیں اور اردو زبان کا اٹوٹ حصہ بن گئے ہیں۔

اسی طرح بہت سے مقبول عام محاورے ہیں جو عربوں کی عام بول چال کا حصہ ہیں اور قرآن کے ذریعہ سے اردو زبان میں داخل ہوگئے۔ یہ محاورے گفتگو اور تحریر کو بلیخ بتانے کیلئے استعمال کئے جاتے ہیں۔ ذیل میں ایسے ہی محاورے پیش کئے جاتے ہیں تو قرآن کے ذریعہ سے اردو میں داخل ہوئے ہیں۔

جڑکٹ جانا۔ اس کا معنی ہے ہستی مٹ جانا باوجو د مٹ جانا۔

یہ محاورہ قرآن سے اردو میں آیا ہے۔ قرآن میں سورہ الانعام، سورہ الاعراف اور سورہ الحجر میں اس محاورے کا استعمال کیا گیا ہے۔

آنکھوں کی ٹھنڈک۔ قرۃ اعین:۔ کسی چیز کا باعث راحت قلب ہونا۔

اس محاورے کا استعمال سورۃ النحل،سورہ، سورہ السجدہ اور سورہ الاحزاب میں ہوا ہے۔ اردو میں بھی آنکھوں کی ٹھنڈک کا استعمال عام ہے۔

گدھے کی پیٹھ پر کتاب: یہ محاورہ اس کے لئے بولا جاتا ہے جو علم حاصل کرنے کے باوجود جاہلوں جیسی باتیں کرتا ہو اور اس کا علم اس کے طرز فکر اور عمل پر کوئی اثر نہ ڈال سکے۔ قرآن کی سورہ المدثر میں اس محاورے کا استعمال ایسے ہی لوگوں کیلئے کیا گیا ہے۔

آنکھوں پر پردہ پڑ جانا:۔ یہ محاورہ اردو میں اس وقت بولتے ہیں جب کوئی شخص کسی واضح حقیقت کو تسلیم خم کرے اور گمراہی میں پڑا رہے اور اس کی وجہ سے نقصان اٹھائے۔ یہ محاورہ بھی اردو میں عربی سے قرآن کے ذریعہ سے آیا ہے۔ یہ محاورہ قرآن کی سورہ البقرہ میں استعمال ہوا ہے۔

طو عاً کرھاً:۔ اس محاورے کا مطلب ہے کوئی کام بہ حالت مجبوری کرنا یا کسی جبریا دباؤ میں کرنا۔ یہ محاورہ اردو میں بہت عام ہے۔ یہ بھی اردو میں قرآن سے آیا ہے۔ اس محاورے کا استعمال قرآن کی سورہ حٰم سجدہ اور سورہ آل عمران میں استعمال ہوا ہے۔

رحماً بالغیب:۔ (اندھیرے میں پتھر مارنا) یہ محاورہ اس وقت بولتے ہیں جب کوئی شخص محض اٹکل پر کوئی بات کہے اور اس کے پاس اپنی بات کے ثبوت میں کوئی دلیل نہ ہو۔ اردو میں تھوڑی سی تبدیلی کے ساتھ ”اندھیرے میں تیر چلانا“ بولا جاتاہے۔ یہ محاورہ قرآن کی سورہ الکہف میں آیا ہے۔

ہوا نکل جانا:۔ یہ محاورہ اردو میں بہت مقبول ہے اورایسے میں بولا جاتاہے جب کوئی شخص یا قوم اپنے دعوے پر پورا نہیں اتر پاتی یا جب کوئی شخص یا قوم پسپا ہوجاتی ہے۔ یہ محاورہ سورہ الانفال میں استعمال ہوا ہے۔ یہ محاورہ کسی مخالف یادشمن کے خلاف طنز کے طور پر استعمال کیا جاتاہے۔

یہ تمام محاورے قرآن کے ذریعہ سے عربی زبان سے اردو میں داخل ہوکر اردو کے ذخیرہ کا حصہ بن گئے ہیں۔ ان محاوروں نے اردو کی بلاغت اور معنی خیز ی میں اضافہ کردیا ہے۔ ان محاوروں کے علاوہ بھی بہت سے الفاظ،محاورے اور ترکیبیں قرآن سے اردو زبان میں داخل ہوگئی ہیں جن سے اردو کے حسن میں اضافہ ہوا ہے جیسے رطب ویابس، تل بھر، ہزل (شاعری کی ایک صنف)،مزہ چکھنا، سیسہ پلائی ہوئی دیوار وغیرہ۔

لہٰذا قرآن نے ہندوستانی مسلمانوں میں نہ صرف ایک فکری اور روحانی انقلاب برپا کیا بلکہ ان کی زبان او راسلوب کی بھی متحمول بنایا او راسے فصاحت و بلاغت کے زیور سے آراستہ کیا۔

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/quranic-urdu-language/d/125411

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..