New Age Islam
Wed Jun 17 2026, 12:59 AM

Urdu Section ( 17 Feb 2025, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Quran's Teachings and Islamic Society قرآن کی حاکمیت اور اسلامی معاشرہ

سہیل ارشد، نیو ایج اسلام

17فروری،2025

اللہ نے دنیا میں انسانوں کو پیدا کیا اور انکی تعلیم وتربیت اور رہنمائی کے لئے نبی اور رسول بھیجے۔ انسانی معاشرہ جب ارتقاء کی منزلیں طئے کرتا ہوا لکھنا پڑھنا سیکھ گیا تو اللہ نے اس کی رہنمائی کے لئے صحیفے نازل کئے۔ ان صحیفوں میں انسانی معاشرے کے لئے سماجی ، سیاسی اور معاشی اصول متعین کئے گئے۔ اللہ نے لاکھوں انبیا اور رسول انسانوں کی تربیت اور رہنمائی کے لئے مبعوث کئے اور انہیں شریعت اور قانون عطا کیا۔ زبور ، تورات ، انجیل اور قرآن اللہ کی نازل کی ہوئی کتابیں ہیں۔

انسانی نسل نے تاریخ کے مختلف ادوار میں ان صحیفوں سے رہنمائی حاصل کی۔ یہ صحیفے اس وقت کی قوموں کے لئے بنیادی اصول حیات ، عقائد اور طرز زندگی کا تعین کرتے تھے اور ان کے انبیاء ان صحیفوں کی تعلیمات کی ترسیل و تشریح کا فریضہ انجام دیتے تھے۔

قرآن بھی مذہب اسلام کی بنیادی اور مرکزی کتاب ہے ۔ اسلامی شریعت کی بنیاد قرآن پر ہے ۔ قرآن حضرت محمد پر نازل ہوا۔ آپ نے قرآن کی تعلیمات کی تشریح اور تبلیغ کی ۔ قرآن کی ہی تعلیمات اور اس میں متعین کئے گئے اصول اور حدود کے مطابق زندگی گزارنا مسلمانوں کے لئے لازم قرار دیا گیا۔ اس طرح قرآن کی حاکمیت مسلمانوں پر مقدم کی گئی۔ قرآن میں کئی مقام پر قرآن کی حاکمیت کا ذکر کیا گیا ہے۔ مسلمان اجتماعی اور عائلی زندگی کے تمام معاملات میں قرآن کی حاکمیت کو تسلیم کریں گے اور اسی کے تحت اپنے معاملات طئے کریں گے۔ ایک مومن قرآن کے علاوہ کسی بھی دوسرے حاکم کی حاکمیت کو تسلیم نہیں کرے گا اورآس کے عقائد ، اعمال اور نظریات قرآن کے متعین کردہ حدود سے باہر نہیں ہونگے۔

لیکن وقت کے ساتھ ساتھ قرآن کی حاکمیت کا تصور بدلتا گیا اور مختلف مکاتب اور دبستانوں نے قرآن کے اصولوں اور تعلیمات کی الگ الگ تعبیر و تشریح کی جس کے نتیجے میں مسلمانوں میں نئے نئے عقائد ، نظریات اور افکار وجود میں آنے لگے ۔ ہر مکتب فکر نے اپنی پیش کردہ تشریح کو ہی درست اور قابل تقلیدو عمل قرار دیا اس طرح مسلمانوں میں مختلف فرقے اور مسلک وجود میں آنے لگے۔اس فرقہ بندی کے نتیجے میں قرآن کی حاکمیت پس پشت چلی گئی اور فرقوں اور مسلکوں کی حاکمیت مقدم سمجھی جانے لگی۔ہر فرقے اور مسلک کے اپنے اپنے عقائد ظہور میں آگئے اور انہی عقائد پر عمل آوری اور تبلیغ کو قرآن کی حاکمیت تصور کیا جانے لگا۔ فرقوں اور مسلکوں کے عقائد کی تبلیغ واشاعت کو قرآن کی تبلیغ واشاعت سمجھاجانے لگا۔ اسلام کی اشاعت فرقوں اور مسلکوں کی کتابوں کی روشنی میں کی جانے لگی قرآن کی بنیادی تعلیمات کی روشنی میں نہیں۔ کسی بھی سماجی یا مذہبی مسئلے پر اپنے اپنے فرقے یامسلک کی کتابوں کا حوالہ دیا جانے لگا اور قرآن کے حکم یا مؤقف کو نظرانداز کیا جانے لگا جبکہ اللہ بار بار مسلمانوں سے کہتا ہے کہ دین کے معاملات میں صرف قرآن کو حاکم بناؤ۔ مندرجہ ذیل آیتیں قرآن کی حاکمیت پرروشنی ڈالتی ہیں۔

اس واسطے نہیں اتارا تجھ پر قرآن کہ تو محنت میں پڑے مگر نصیحت کے واسطے اس کی جو ڈرتا ہے۔۔(طہٰ :٣).

جس نے حکم بھیجا (فرضَ) تجھ پر قرآن کاوہ پھیر لانے والا ہے تجھکو پہلی جگہ۔(القصص :٧٠)

اور خبردار کردے اس قرآن سے ان لوگوں کو جن کو ڈر ہے اس کا کہ وہ جمع ہونگے اپنے رب کے سامنے اس طرح پر کہ اللہ کے سوا کوئی ان کا حمایتی ہوگا اور نہ سفارش کرنے والا تاکہ وہ بچتے رہیں۔ (الانعام :٥١)

یہ تو محض ذکر ہے جہان والوں کے واسطے۔(الانعام :٩٠

اور یہ قرآن کتاب ہے جو ہم۔نے اتاری برکت والی تصدیق کرنے والی ان کی جواس سے پہلے ہیں۔اور تاکہ تو ڈرا دے مکہ والوں کو اور اس کے آس پاس والوں کو اور جن کو یقین ہے آخرت کا وہ اس پر ایمان لاتے ہیں اور وہ ہیں اپنی نماز سے خبردار۔(الانعام : ٩٢

اور اترا ہے مجھ پر یہ قرآن تاکہ اس سے تم۔کو خبردار کروں اور جس کو یہ پہنچے۔(الانعام :١٩

اور چھوڑ دے ان کو جنہوں نے بنا رکھا ہے اپنے دین کو کھیل تماشا اور دھوکا دیا ان کو دنیا کی زندگی نے اورنصیحت کر ان کو قرآن سےتاکہ گرفتار نہ ہو جائے کوئی اپنے کئے میں۔ (الانعام :٧٠)

ان آہتوں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ مسلمانوں اور دیگر قوموں کو اسلامی تعلیمات سے آگاہ کرانے کا واحد ذریعہ قرآن کو بتایا گیا ہے۔ اسلامی تعلیمات اور عقائد کا بیان صراحت کے ساتھ قرآن میں موجود ہے اس لئے انسانوں کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لئے قرآن کی مدد لینے کی تلقین کی گئی ہے کسی مکتب ، مسلک یا فرقے کی کتابوں کی نہیں ۔ دنیا میں بہت سی لسانی قومیتیں ایسی ہیں جو اسلام کو سمجھنے کے لئے قرآن کا ہی مطالعہ کرتی ہیں کیونکہ ان کے پاس دیگر ثانوی مآخذ دستیاب نہیں ہوتے۔ یہ قومیتیں قرآن کو زیادہ بہتر طور پر سمجھتی ہیں کیونکہ وہ مسلکی تعصب سے پاک ہوتی ہیں۔آج دنیا میں لاکھوں لوگ قرآن کا براہ راست مطالعہ کررہے ہیں اور اسلام۔کی بنیادی تعلیمات و عقائد سے آگاہ ہورہے ہیں جبکہ مسلمانوں کا ایک بڑا طبقہ مسلکی عقائد و نظریات میں الجھ کر قرآن کی بنیادی تعلیمات سے دور جا پڑا ہے۔

---------------

URL: https://newageislam.com/urdu-section/quran-teachings-islamic-society/d/134642

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism

 

Loading..

Loading..