New Age Islam
Thu Jan 16 2025, 02:19 PM

Urdu Section ( 13 Jun 2018, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Shabe Qadr – 27TH Night of Ramadan شبِ قدر۔۔۔۔ستائیسویں رات

 

نثار مصباحی

اللہ عزوجل نے شبِ قدر میں قرآن کریم آسمانِ دنیا پر اتارا۔ (سورۃ القدر، تفسیر الطبری)

قرآن کریم میں یہ بھی ہے کہ رمضان میں قرآن اتارا گیا۔  اس سے یہ بات طے ہو جاتی ہے کہ شبِ قدر رمضان ہی میں ہے۔

 مگر یہ رمضان کی کون سی شب ہے اس کی صراحت اور تعیین کے ساتھ آقائے کریم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے صحابہ کے سامنے عام اعلان نہیں فرمایا۔ البتہ کئی صحیح حدیثوں میں اللہ کے رسول صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے رمضان کے آخری عشرے (دس دن) کی طاق راتوں(21,23,25,27,29) میں شبِ قدر تلاش کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس لیے شبِ قدر کی تعیین میں 400 سے زیادہ اختلافی اقوال کے باوجود اب یہ بات اہلِ اسلام کے نزدیک تقریبا متفق علیہ ہو چکی ہے کہ رمضان کی اِنہی پانچ راتوں میں سے کوئی ایک رات شبِ قدر ہے۔

مگر اِن پانچ راتوں میں سے خاص کون سی رات شبِ قدر ہے اس میں تھوڑا اختلاف ہے۔ 21, 23, 25, اور 29 کو بھی کہا گیا ہے۔

 مگر امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ اور جمہور یعنی علما و ائمۂ اسلام کی اکثریت کی یہ راے ہے کہ "رمضان کی ستائیسویں رات شبِ قدر ہے۔"

یہی راے ابتدا ہی سے امت میں زیادہ مقبول اور مشہور رہی ہے۔

کئی اکابر صحابہ سے یہی منقول ہے۔

 بلکہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ و علی آلہ وسلم کا ارشاد موجود ہے کہ "شبِ قدر ستائیسویں رات ہے۔"

اس لیے سبھی طاق راتوں میں سب سے زیادہ اسی رات کے شبِ قدر ہونے کی امید ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان اس شب میں تلاوتِ قرآن،نوافل، اذکار اور عبادات کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔

 نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے جن صحابہ سے ستائیسویں رات کے شبِ قدر ہونے کی صراحت منقول ہے اُن کے نام یہ ہیں:

1- حضرت عمر 2- حضرت علی 3- حضرت عبد اللہ بن مسعود 4- حضرت أبی بن کعب 5- حضرت حذیفہ بن یمان (راز دارِ رسول)  6- حضرت امیر معاویہ  7- حضرت عائشہ صدیقہ  8- حضرت عبد اللہ بن عباس  9- حضرت عبد اللہ بن عمر  10-حضرت انس بن مالک ، اور بھی چند صحابۂ کرام۔  (رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین)

 ان تمام صحابۂ کرام کے اقوال کی تفصیل پیش کرنا یہاں مشکل ہے اس لیے ہم چند ایسی احادیث لکھ رہے ہیں جن سے ستائیسویں شب کا شبِ قدر ہونا صراحت سے معلوم ہوتا ہے۔

01- صحیح مسلم میں ہے:  حدثنا محمد بن مهران الرازي حدثنا الوليد بن مسلم حدثنا الأوزاعي حدثني عبدة عن زِر قال سمعت أبي بن كعب يقول -وقيل له: إن عبد الله بن مسعود يقول من قام السنة أصاب ليلة القدر.- فقال أبي: والله الذي لا إله إلا هو إنها لفي رمضان -يحلف ما يستثني- و والله إني لأعلم أي ليلة هي، هي الليلة التي أمرنا بها رسول الله صلى الله عليه وسلم بقيامها هي ليلة صبيحة سبع وعشرين."

ترجمہ :  "حضرتِ اُبَی بن کعب رضی اللہ تعالی عنہ سے کہا گیا کہ حضرتِ عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ کَہتے ہیں کہ جو پورے سال عبادت کرے گا وہ شبِ قدر پا جائے گا۔ حضرتِ ابی بن کعب نے فرمایا: اللہ کی قسم جس کے سوا کوئی معبود نہیں یقینا یہ رمضان ہی میں ہے. اللہ کی قسم مَیں یقین کے ساتھ جانتا ہوں یہ کون سی رات ہے۔ یہ وہی رات ہے جس میں قیام کا ہمیں حکم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دیا ہے۔ یہ ستائیسویں رات ہے۔"

02- سنن ابو داؤد میں ہے: حدثنا عبيد الله بن معاذ، حدثنا أبي، حدثنا شعبة، عن قتادة، أنه سمع مطرِّفا، عن معاوية بن أبي سفيان، عن النبي صلى الله تعالى عليه وسلم في ليلة القدر، قال: "[ليلة القدر] ليلة سبع و عشرين"

 ترجمہ : امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم سے روایت فرماتے ہیں کہ شبِ قدر کے بارے میں آپ نے فرمایا: "شبِ قدر ستائیسویں رات ہے" (سنن ابو داؤد, حدیث 1381، تحقيق: محمد عوّامة)

نوٹ: اس حدیث کی سند صحیح ہے۔   امام ابو داؤد نے اسے لکھ کر "سکوت" کیا۔ امام منذری نے بھی سکوت کیا۔ اور حدیث کے طالب علموں کو بھی معلوم ہے کہ امام ابوداؤد کا "سکوت" خود اُن کی نظر میں حدیث کے "صحیح" ہونے کی دلیل ہے۔

وہابیوں کے امام، قاضی شوکانی نے بھی تسلیم کیا ہے کہ:  "اس حدیث کی سند کے سبھی راوی "صحیح" کے راوی ہیں" (نیل الاوطار فی شرح منتقی الأخبار, جلد 7, ص 209, باب الاجتہاد فی العشر الأواخر)

یہی حضرت امیر معاویہ والی روایت "صحیح ابن حِبان" (حدیث 36800) میں, امام بیہقی کی سنن کبری (4/312) میں, اور امام طبرانی کی "المعجم الکبیر" (19/813 حدیث 16170) میں امام ابو داؤد ہی کی سند کے ساتھ مروی ہے۔

 مشہور محقق شعیب الأرناؤط نے صحیح ابن حبان کی تعلیقات میں اس کی سند کو شیخین کی شرط پر صحیح قرار دیا ہے۔

03- مسند أبو یعلی میں ہے: 53355- حَدَّثَنَا أَبُو خَيْثَمَةَ ، حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ أَبِي بُكَيْرٍ ، حَدَّثَنَا الْمَسْعُودِيُّ ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ عَمْرِو بْنِ جَعْدَةَ ، عَنْ أَبِي عُبَيْدَةَ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ ، قَالَ : سُئِلَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ لَيْلَةِ الْقَدْرِ ، فَقَالَ :" أَيُّكُمْ يَذْكُرُ لَيْلَةَ الصَّهْبَاوَاتِ ؟ " ، قَالَ : فَقَالَ عَبْدُاللَّهِ : أَنَا بِأَبِي أَنْتَ وَأُمِّي يَا رَسُولَ اللَّهِ ، وَبِيَدِي تُمَيْرَاتٌ أَتَسَحَّرُ بِهِنَّ ، وَأَنَا مُسْتَتِرٌ مِنَ الْفَجْرِ ، حَتَّى طَلَعَ الْفَجْرُ ، وَذَلِكَ لَيْلَةَ سَبْعٍ وَعِشْرِينَ إِنْ شَاءَ اللہ۔

المعجم الکبیر للطبرانی میں ہے: 102899 - حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ زَكَرِيَّا الْغَلَابِيُّ، ثنا عَبْدُ اللهِ بْنُ رَجَاءٍ، أنا الْمَسْعُودِيُّ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ عَمْرِو بْنِ جَعْدٍ، عَنْ أَبِي عُبَيْدَةَ، عَنْ عَبْدِ اللهِ قَالَ: سُئِلَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ لَيْلَةِ الْقَدْرِ، فَقَالَ: «أَيُّكُمْ يَذْكُرُ الصَّهْبَاوَاتِ؟» فَقَالَ عَبْدُ اللهِ: أَنَا بِأَبِي وَأُمِّي يَا رَسُولَ اللهِ، حِينَ طَلَعَ الْقَمَرُ وَذَلِكَ لَيْلَةَ سَبْعٍ وَعِشْرِينَ.

ترجمہ : "رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم سے شبِ قدر کا سوال ہوا تو آپ نے فرمایا: "تم میں سے کسے "صہباوات" کی رات یاد ہے؟" حضرت ابن مسعود نے عرض کی: "مجھے، یا رسول اللہ! آپ پر میرے ماں باپ قربان!  (حدیث کے آخر میں ہے) اور وہ ستائیسویں رات ہے." (مسندِ ابو یعلی 5335, المعجم الکبیر 102899)

04- حافظ ابن رجب حنبلی "لطائف المعارف" میں لکھتے ہیں : في مسند الإمام أحمد عن ابن عباس رضي الله عنهما أن رجلا قال: يا رسول الله إني شيخ كبير عليل يشق علي القيام فمرني بليلة يوفقني الله فيها لليلة القدر قال: "عليك بالسابعة" وإسناده على شرط البخاري۔

 حضرتِ عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالی عنہما فرماتے ہیں کہ ایک صاحب نے عرض کی: یا رسول اللہ!! مَیں عمر دراز بیمار بوڑھا ہوں، قیام اللیل میرے لیے مشکل ہوتا ہے لہذا مجھے ایک ایسی رات بتا دیجیے جس میں اللہ مجھے شبِ قدر کی توفیق دے دے۔ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ساتویں رات اپنے اوپر لازم کر لو۔ (ساتویں رات کا مطلب آخری عشرے کی ساتویں یعنی رمضان کی ستائیسویں رات ہے)

اس حدیث کی سند امام بخاری کی شرط کے مطابق صحیح ہے۔  (لطائف المعارف لابن رجب)

05- امام احمد بن حنبل اپنی مسند میں روایت فرماتے ہیں :  حدثنا يزيد بن هارون أنبأنا شعبة عن عبد الله بن دينار عن ابن عمر رضي الله عنهما قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: "من كان منكم متحريها فليتحرها ليلة سبع وعشرين"

ترجمہ: حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا : تم میں کا جو شخص شبِ قدر پانا چاہے تو ستائیسویں رات پانے کی کوشش کرے۔ (مسند امام احمد 66299)

06- امام طبرانی کی معجم کبیر میں امیر معاویہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا :  "شبِ قدر ستائیسویں رات میں پانے کی کوشش کرو۔" (المعجم الکبیر 161711)

07- امام طبرانی کی المعجم الصغیر میں حضرت جابر بن سمرہ سے مروی ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا : "شبِ قدر ستائیسویں رات میں تلاش کرو." (المعجم الصغیر 2866)

08- امام نسائی کی السنن الکبری (6/519, حدیث 11690) میں حضرت زِر بن حُبَیش سے مروی ہے. انھوں نے فرمایا:  "لَوْلَا سُفَهَاؤُكُمْ لَوَضَعْتُ يَدَيَّ فِي أُذُنَيَّ فَنَادَيْتُ: أَنَّ لَيْلَةَ الْقَدْرِ سَبْعٌ وَعِشْرُونَ، نَبَأُ مَنْ لَمْ يَكْذِبْنِي، عَنْ نَبَأِ مَنْ لَمْ يَكْذِبْهُ، يَعْنِي أُبَيَّ بْنَ كَعْبٍ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ"

ترجمہ: "اگر تمھارے یہ بےوقوف نہ ہوتے تو مَیں اپنے کان پر ہاتھ رکھتا اور اعلان کر دیتا کہ شبِ قدر ستائیسویں رات ہے. مجھے اِس کی خبر اُس نے دی جس نے جھوٹ نہیں کہا, اُن سے روایت کی جنھوں نے جھوٹ نہیں کہا. یعنی مجھ سے ابی بن کعب نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کی روایت کی۔

غالباً یہ روایت صحیح ابن خزیمہ اور مسند امام احمد میں بھی ہے.

 یہ تمام احادیث اور اس طرح کی مزید روایات ہیں جن سے پوری صراحت اور وضاحت کے ساتھ معلوم ہو جاتا ہے کہ شبِ قدر ستائیسویں رات ہے۔ اگرچہ احادیث 23 ویں شب کے بارے میں بھی ہیں، بلکہ 27 ویں کے بعد اگر کسی شب کے بارے میں کچھ واضح روایات ہیں تو وہ تیئیسویں شب ہے، مگر جس طرح کے جزم و یقین کے ساتھ ستائیسویں شب کے بارے میں احادیث وارد ہیں ایسا کسی اور شب کے بارے میں نہیں ہے۔ پھر درجنوں صحابہ اور جمہور علماے امت کا اتفاق بھی اسی پر ہے کہ ستائیسویں شب ہی شبِ قدر ہے۔

اللہ عزوجل ہمیں شبِ قدر کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اللهم آمين بجاه الحبيب الرؤوف الرحيم العليم الكريم، عليه وعلى آله وصحبه أفضل الصلاة وأكرم التسليم۔

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/shabe-qadr-–-27th-night/d/115531


New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


 

Loading..

Loading..