New Age Islam
Thu Dec 12 2024, 09:44 PM

Urdu Section ( 13 May 2021, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Indian Muftis and the Subject of Eid Prayer during Lockdown ہندوستان کے مفتیان کرام اور لاک ڈاون میں عید کی نماز کا مسئلہ

نیو ایج اسلام اسٹاف رائٹر  

13 مئی 2021

لاک ڈاون میں عید کی نماز کے تعلق سے ہندوستان کے معروف مفتیان کرام کی اکثریت نے تقریبا  ایک جیسی بات کہی ہے کہ جتنے لوگوں کو مسجد میں عید کی نماز ادا کرنے کی اجازت ہے ، اتنے افراد اپنی اپنی جامع مسجد اور عید گاہ میں جماعت کے ساتھ عید کی نماز ادا کریں اور بقیہ لوگ اپنے اپنے گھروں پر نماز چاشت ادا کریں۔

 مفتی نظام الدین رضوی صاحب  نے گزشتہ سال جامعہ اشرفیہ مبارک پور سے ایک  اعلان جاری کیا تھا جو اس سال بھی نافذ العمل ہے ۔وہ اعلان حسب ذیل  پانچ پیراگراف پر مشتمل ہے :

۱۔ جامع مسجد اورعید گاہ کے ذمہ داروں سے گزارش ہے کہ وہ اپنے اپنے یہاں نماز عید کے وقت کا اعلان اچھی طرح کریں تاکہ سب لوگوں کو نماز عید کا وقت معلوم ہو جائے ۔

۲۔ عید کے دن مقررہ وقت پر پانچ پانچ افراد اپنی اپنی جامع مسجد یا عید گاہ میں معروف طریقے کے مطابق عید کی نماز کرکے شعار اسلام قائم کریں۔  چونکہ جتنے لوگوں کو اجازت ہے وہ سب عیدگاہ میں موجود ہوں گے ۔ان کے سوا کسی کو بھی آنے کی قطعا اجازت نہیں ، اس لیے جہاں ضرر کا خطرہ ہو وہاں اندر سے دروازہ بند کر سکتے ہیں، نماز عید صحیح اورشعار قائم ہو جائے گا ۔

۳۔ حکومت کی ممانعت اور ضرر کی وجہ سے باقی لوگوں پر نماز عید واجب نہیں۔ اس  لیے جماعت نماز میں شریک نہ ہونے کے باعث گنہگار نہ ہوں گے ، بلکہ انہیں جماعت عید میں حاضری کا ثواب ملے گا ، کیونکہ وہ حکومت کی طرف سے ممنوع و معذور ہیں۔

۴۔ ہر شہر اور ہر علاقے کے مسلمان اپنے یہاں نماز عید ہوجانے کے بعد اپنے اپنے گھروں میں چار رکعت شکرانے کی نماز، نفل کی نیت سے پڑھ لیں، یہ نماز در حقیقت چاشت کی نماز ہے جس کی احادیث میں بہت فضیلت آئی ہے ۔یہ نماز اللہ تعالی کو تنہا تنہا محبوب ہے ۔ گھر میں دو تین آدمی کی جماعت بھی کر سکتے ہیں۔سلام کے بعد ۳۴ بار اللہ اکبر پڑھیں، یہ تسبیح فاطمی کا ایک اہم ٹکڑا ہے ، آپ نے ایسا کر لیا تو ثواب بالائے ثواب ملے گا ۔

۵۔ یہ نماز ایک سلام سے پڑھیں ، قراءت  سری ہو، پست آواز سے ، چاروں رکعت میں سورہ بھی پڑھیں ، اس کے بعد خطبہ نہیں ہے ۔ ہاں گھر میں کوئی نعت خواں ہو تو نعت سنیں ، بچوں کو صالحین کے واقعات کے سنائیں اور نصیحت کریں ۔غم و افسوس سے دور رہیں ، سب کو خوش رکھیں ، مبارک باد دیں اور اگر کوئی مبارک باد دے تو جزاک اللہ کہیں ۔صاف ستھرے پرانے کپڑے پہننا بھی کافی ہے ۔محتاجوں کی حاجت روائی زیادہ سے زیادہ کریں ۔ سڑکوں  ، چوراہوں اور گلیوں میں بھیڑ لگانے سے بچیں ، درود شریف زیادہ سے زیادہ پڑھتے رہیں۔ ’’ (انتھی قولہ)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کیا عید کی نماز عیدگاہ اور مسجد کے علاوہ چند لوگ مل کر گھر میں ادا کر سکتے ہیں؟  ادارہ شرعیہ پٹنہ کے مفتی حسن رضا نوری ۹ مئی ۲۰۲۱  کو  جاری کردہ ایک پمفلٹ میں  اس سوال کا جواب دیتے ہوئے لکھتے ہیں : ‘‘عید کی نماز عیدگاہ اور مسجد کے علاوہ چند لوگ مل کر گھر میں ادا  نہیں کر سکتے  ہیں’’۔

اسی طرح لاک ڈاون میں عید کی نماز  کے تعلق سے وہ رقمطراز ہیں: ‘‘جمعہ کی نماز کا بدل ظہر ہے اور عیدین کی نماز کا کوئی بدل نہیں۔موجودہ صورت میں لاک ڈاون کی وجہ سے جمعہ کی نماز چند افراد مسجد میں ادا کرتے ہیں بقیہ لوگ اپنے اپنے گھروں میں ظہر کی نماز تنہا تنہا پڑھتے ہیں۔ عید میں بھی وہی طریقہ اختیار کریں کہ جتنے لوگوں کو نماز پڑھنے کی اجازت ہے وہ عید کی نماز پڑھیں، بقیہ حضرت معذور ہیں ان پر عید کی نماز واجب نہیں ، وہ لوگ اپنے اپنے گھروں میں چاشت کی نماز ادا کریں۔چاشت کی نماز کم از کم دو رکعت اور زیادہ سے زیادہ بارہ رکعتیں ہیں ۔واضح رہے کہ عید کی نماز کا وقت سورج طلوع ہونے کے بیس منٹ بعد سے شروع ہوتا ہے اس سے پہلے عید کی نماز ادا نہیں کی جا سکتی اور یہی وقت چاشت کی نماز کا بھی ہے ’’۔

دار العلوم دیوبند سے بھی گزشتہ سال  عید کی نماز کے تعلق سے ایک تحریری اعلان منظر عام  پر آیا تھا ، جس کا ایک اقتباس حسب ذیل ہے :

‘‘جن لوگوں کے نماز عید کی کوئی صورت نہ بن سکے ، عذر و مجبوری کی وجہ سے ان سے نماز عید معاف ہوگی ۔لہذا انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔البتہ یہ حضرات اگر اپنے اپنے گھروں میں انفرادی طور پر دو یا چار رکعت چاشت کی نماز پڑھ لیں تو بہتر ہے ، کیونکہ جنہیں عید کی نماز نہ مل سکے تو ان کے لیے فقہا نے دو یا چار رکعت چاشت کی نماز کو مستحب قرار دیا ہے ’’۔ 

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/indian-muftis-subject-eid-prayer/d/124822

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..