ڈاکٹرمحمد نجیب قاسمی سنبھلی
، نیو ایج اسلام
5 اگست 2020
(سنبھل، 5 اگست 2020) یو پی ایس سی 2019 کے نتائج کا اعلان ہوگیا ہے۔ 829 کامیاب امیدواروں میں 44 مسلمان ہیں، جس میں سنبھل (دیپاسرائے) کے سیف اللہ بھی ہیں، جنہوں نے دہلی یونیورسٹی (DU) سے بی کام کرکے اسی سال (DU) سے ایل ایل بی کی ہے۔ سیف اللہ نے 623 ویں رینک حاصل کی ہے۔ سنبھل کے محلہ دیپا سرائے، جہاں بہت بڑی تعداد میں ترک برادری آباد ہے، سے پہلی مرتبہ کسی امیدوار نے ملک کے سب سے اہم امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے، جس کی وجہ سے پورے شہر سے مبارک باد پیش کرنے کے لئے سیف اللہ کے گھر پر لوگوں کا تانتا لگا ہوا ہے۔ اس سے قبل دیپاسرائے کے ہی جناب ناصر کمال صاحب نے بھی بڑی کامیابی حاصل کی تھی مگر اُن کا رجسٹریشن سنبھل کے بجائے دہلی سے تھا۔ سنبھل کے مشہور عالم دین ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے بھی سیف اللہ کے گھر جاکر سیف اللہ اور ان کے والدین کو مبارک باد پیش کی۔ ڈاکٹر نجیب قاسمی سے گفتگو کے دوران سیف اللہ نے اپنی کامیابی کے لئے والدین (شمیم احمد ایڈووکیٹ اور فرزانہ بیگم)، نانا صاحب (انصار احمد وکیل)، بڑے بھائی (سعدین احمد) جنہوں نے جلدی ہی CA پاس کیا ہے اور دیگر رشتہ داروں کی سرپرستی اور دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا۔ سیف اللہ کے والد شمیم احمد ایڈووکیٹ نے یہ بھی بتایا کہ ان کے بیٹے نے پہلی ہی کوشش میں اس امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یو پی ایس سی کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد سیف اللہ نے اس نئے عہدہ کے ذریعہ لوگوں کی خدمت کرنے کا عزم مصمم کیا۔ ملک کے اس اہم امتحان میں کامیابی چاہنے والوں کے لئے اپنے پیغام میں سیف اللہ نے پختہ ارادہ، لگن کے ساتھ محنت اور مثبت سوچ رکھنے کو کہا۔ ڈاکٹر نجیب قاسمی نے بھی سیف اللہ سے درخواست کہ وہ اپنے والدین کا ہمیشہ خیال رکھیں، شہر سنبھل کے لئے تعلیمی کام کریں کیونکہ تعلیمی میدان میں شہر سنبھل کافی پسماندہ ہے اور اخروی زندگی کے لئے بھی کوشاں رہیں۔ سیف اللہ جامعہ ملیہ اسلامیہ (نئی دہلی) کے کوچنگ سینٹر (RCA) سے جڑے ہوئے تھے۔ اس موقع پر انہوں جامعہ ملیہ اسلامیہ (نئی دہلی) کی انتظامیہ اور کوچنگ سینٹر کے اسٹاف ممبر کا بھی شکریہ ادا کیا۔ سیف اللہ نے ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی کے ذریعہ سنبھل میں النور پبلک اسکول کے قیام کو سراہتے ہوئے سنبھل میں مزید تعلیمی پروجیکٹوں پر کام شروع کرنے کا ارادہ کیا۔ سنبھل کی عوام کا اپنے سیاسی ومذہی قائدین سے ہمیشہ مطالبہ رہا ہے کہ سنبھل میں اچھے کالجوں واسکولوں کا قیام کیا جائے۔
URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/congratulations-saifullah-sanbhal-his-success/d/122553