محمد یونس، نیو ایج اسلام
17 اگست 2017
(اشفاق اللہ سید کے ساتھ مشترکہ مصنف، اسلام کا اصل پیغام، آمنہ پبلکیشنز، امریکہ، 2009)
سماجی انصاف کے عنوان پر گزشتہ مضامین کی ہی طرح اس مضمون کا بھی مقصد قرآن کے پیغامات کو براہ راست قارئین کی خدمت میں پیش کرنا ہے، تاکہ اگر وہ اس کے کلام مقدس ہونے پر ایمان رکھتے ہیں تو وہ اس کے آسانی کے ساتھ سمجھ میں آ جانے والے پیغامات اور احکامات کو سمجھ سکیں اور ان پر غور و فکر کر سکیں۔
خلق خدا کے ساتھ شفقت اور مہربانی
قرآن کی آیت 4:36 کا آغاز ایک روحانی پیغام کے ساتھ ہوتا ہے جس میں خلق خدا کے ساتھ شفقت اور مہربانی کے تعلق سے قرآن کا سب سے اہم پیغام مضمر ہے:
"اور تم اللہ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ اور ماں باپ کے ساتھ بھلائی کرو اور رشتہ داروں اور یتیموں اور محتاجوں (سے) اور نزدیکی ہمسائے اور اجنبی پڑوسی اور ہم مجلس اور مسافر (سے)، اور جن کے تم مالک ہو چکے ہو، (ان سے نیکی کیا کرو)، بیشک اللہ اس شخص کو پسند نہیں کرتا جو تکبرّ کرنے والا (مغرور) فخر کرنے والا (خود بین) ہو"۔
المختصر، قرآن ہمیں درج ذیل لوگوں کے ساتھ شفقت اور مہربانی کرنے کا حکم دیتا ہے:
ہمارے والدین
ہمارے اعزاء و اقرباء جس میں ہمارے بچے، ہماری بیویاں اور ان کے اعزاء و اقرباء بھی شامل ہیں
ضرورت مند اور ایسے یتیم و نادار لوگ جن کا کوئی پرسان حال نہ ہو
ہمارے پڑوسی اگر چہ وہ اجنبی ہوں اور ہم ان کے مذہب، ان کی قومیت اور نسل سے ناواقف ہوں۔
وہ تمام لوگ جن کے ساتھ ہمارا ملنا جلنا ہے –خواہ وہ طالب علم ہو، پیشہ ور ساتھی ہو، ہم سفر ہو یا کوئی ایسا شخص ہو جس کے ساتھ عوامی سطح پر ہمارے معاملات مشترک ہوں۔
پریشان حال مسافر –اس زمرے میں آج کے تناظر میں بے گھر بار مسافر، پناہ گزین اور بے یار و مددگار لوگ شامل ہیں۔
ہمارے ماتحت –ہمارے ملازمین، گھریلو خادم، مزدور اور صاف صفائی کرنے والے مزدور وغیرہ۔ اور نزول قرآن کے زمانے میں اس زمرے میں غلام بھی داخل تھے، جب غلامی کا عام رواج تھا، جسے قرآن نے تدریجاً ختم کیا۔
والدین کے ساتھ مہربانی
والدین اپنے بچوں کی حفاظت کرتے ہیں اور ان کی دیکھ بھال کرتے ہیں یہاں تک کہ وہ اپنے بچوں کو کامیاب بنا دیتے ہیں۔ اور بچوں کی پرورش و پرداخت کے اس عمل میں بہت سارے سرمایہ دار والدین غربت و افلاس کا شکار ہو جاتے ہیں۔ لیکن یہی بچے جب ان کی باری آتی ہے تو وہ دھیرے دھیرے اپنے والدین سے جذباتی اور معاشی طور پر بھی دوری بنا لیتے ہیں ۔اسی لئے قرآن انسانوں کو اپنے معمر والدین کے ساتھ رحمت اور مہربانی کا معاملہ کرنے اور انہیں "اُف"، تک بھی نہ کہنے کا حکم دیتا ہے۔
"اور ہم نے انسان کو اس کے والدین کے بارے میں (نیکی کا) تاکیدی حکم فرمایا، جسے اس کی ماں تکلیف پر تکلیف کی حالت میں (اپنے پیٹ میں) برداشت کرتی رہی اور جس کا دودھ چھوٹنا بھی دو سال میں ہے (اسے یہ حکم دیا) کہ تو میرا (بھی) شکر ادا کر اور اپنے والدین کا بھی۔ (تجھے) میری ہی طرف لوٹ کر آنا ہے"۔ (31:14)
"اور آپ کے رب نے حکم فرما دیا ہے کہ تم اﷲ کے سوا کسی کی عبادت مت کرو اور والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کیا کرو، اگر تمہارے سامنے دونوں میں سے کوئی ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو انہیں ”اُف“ بھی نہ کہنا اور انہیں جھڑکنا بھی نہیں اور ان دونوں کے ساتھ بڑے ادب سے بات کیا کرو۔" (17:23)
دراصل، والدین کے ساتھ رحمت و شفقت کا معاملہ کرنا قرآن کا ایک لازمی حکم ہے اسی لے اس امر پر الگ سے گفتگو کی جائے گی۔لہٰذا، اب ہم یہ معاملہ ان لوگوں پر چھوڑتے ہیں جن کے ضعیف والدین ہیں کہ اگر قرآن کے کلام اللہ ہونے پر ایمان رکھتے ہیں تو وہ ان قرآنی آیات پر سنجیدگی کے ساتھ غور و فکر کریں۔
اس عنوان پر اس سے متعلق مرحلہ وار انداز میں قرآن کے پیغامات پیش کرنے والی دوسری آیتوں کو اس خاص گفتگو سے الگ رکھا گیا ہے۔ اس لئے کہ ایک ایک حصے میں بانٹ کر سلسلہ وار انداز میں مطالعہ کرنے پر لزومِ تکرار کی وجہ سے اس کے لسانی تقاضے اور اس کی معنوی خوبصورتی ختم ہو جائے گی، اور اس کا پیغام بھی متاثر ہو جائے گا۔
محمد یونس نے آئی آئی ٹی سے کیمیکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی ہے اور کارپوریٹ اکزی کیوٹیو کے عہدے سے سبکدوش ہو چکے ہیں اور90کی دہائی سے قرآن کے عمیق مطالعہ اور اس کے حقیقی پیغام کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان کی کتاب اسلام کا اصل پیغام کو 2002میں الاظہر الشریف،قاہرہ کی منظوری حاصل ہو گئی تھی اور یو سی ایل اے کے ڈاکٹر خالد ابو الفضل کی حمایت اور توثیق بھی حاصل ہے اور محمد یونس کی کتاب اسلام کا اصل پیغام آمنہ پبلیکیسن،میری لینڈ ،امریکہ نے،2009میں شائع کیا۔
URL for English article: http://www.newageislam.com/islam-and-spiritualism/muhammad-yunus,-new-age-islam/reflections-on-kindness-to-humanity-in-qur’anic-message-–-part-4/d/112229
New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Women in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Women In Arab, Islamophobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism