مفتی عسجد رضا قادری
کروناوائرس کی تباہ کاریوں کے سبب ملک میں جاری لاک ڈاون کو اب ۳ مئی ۲۰۲۰ تک بڑھا دیا گیا ہے ، اس لاک ڈاون کے کچھ ایام ماہ رمضان المبارک میں بھی آرہے ہیں جس کی وجہ سے نماز تراویح اور زکوۃ وصدقات کی ادائیگی کے تعلق سے عوام وخواص کش مکش کے شکار ہین ، اس سلسلے میں مسلمانوں کو چاہیے کہ اپنی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے درج ذیل ہدایات کی روشنی میں فرائض وواجبات اور دیگر عبادات انجام دیں :
(۱)انتظامیہ کی طرف سے جتنے افراد کو مساجد میں نماز کی اجازت ملے وہی تراویح باجماعت کا اہتمام کریں کہ تراویح میں جماعت سنت کفایہ ہے چند لوگوں کا جماعت سے پڑھ لینا کافی ہے ، باقی حضرات اپنے گھروں میں اگر باجماعت یا تنہا تنہا پڑھیں ، اعلی حضرت فاضل بریلوی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
‘‘اصل یہ ہے کہ ہمارے نزدیک بیس رکعت تراویح سنت عین ہے کہ اگر کوئی شخص مرد یا عورت بلا عذر شرعی ترک کرے مبتلائے کراہت و اساءت ہو اور ان کی جماعت کی مساجد میں اقامت سنت کفایہ کہ اگر اہل محلہ اپنی اپنی مسجدوں میں اقامت جماعت کریں اور ان میں بعض گھروں میں تراویح تنہا یا باجماعت پڑھیں تو حرج نہیں ’’
(۲)سننے میں آیا ہے بعض مقامات پر لوگوں نے مساجد میں تالا ڈال کر امام وموذن کو بلا تنخواہ رخصت دے دی ہے یا ملازمت سے ہی برخواست کر دیا ہے ، ایسے نازک وقت میں ائمہ وموذنین کے ساتھ یہ نازیبا سلوک نہایت ہی غیر مناسب ہے (یہ عمل شرعا جائز نہیں) ارکان مسجد کو چاہیے کہ انہیں پوری تنخواہ دیں۔
(۳)اعتکاف سنت کفایہ ہے کہ اگر سب ترک کر دیں تو سب گنہگار ہوں اور اگر شہر میں ایک نے بھی کر لیا تو سب بری الذمہ ہو گئے ، لہذا لاک ڈاون میں زیادہ لوگ اعتکاف میں بیٹھ کر اپنے آپ کو کسی مشکل میں نہ ڈالیں۔
(۴)لاک ڈاون کے سبب بے شمار مزدور ، یومیہ کاروبار کرنے والے افراد ، ان کے علاوہ بھی بہت سے لوگ مالی امداد کے مستحق ہیں ، حسب حیثیت آپ ان کا بھی تعاون کریں لیکن اس موقع پر نمائش وریاکاری اور فوٹوبازی کرکے ان کی عزت نفس کو مجروح نہ کریں۔
اللہ تعالی تبارک وتعالی اپنے حبیب پاک صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے صدقے تمام عالم اسلام کو اس مہلک مرض سے محفوظ ومامون اور مریضوں کو شفا یاب فرمائے ، آمیں بجاہ طہ ویسین صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وصحبہ وسلم
فقیر محمد عسجد رضا قادری غفر لہ
URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/ramadan-taraweeh-prayer-itekaaf-our/d/121636
New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Women in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Women In Arab, Islamophobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism