کنیز فاطمہ ، نیو ایج اسلام
دین کی پہچان نیک نیتی اور اخلاص ہے ۔دین کی اتباع کرنے کا دعوی تو ہر کوئی کرتا ہے لیکن اپنے دعوی میں کون سچا ہے اور کون جھوٹا اس کا علم اللہ علیم حکیم کو ہے ۔بحیثیت انسان ہمارے اوپر لازم ہے کہ ہم اخلاص اور نیک نیتی کے دامن کو زندگی کے ہر شعبے میں مضبوطی سے تھامے رکھیں۔ ہمارا ہر قول ہر عمل خلوص وللہیت کے ساتھ ہونا چاہیے۔ ایک بندہ کو چاہیے کو اپنے رب کی عبادت اور اس کے احکام واوامر کی اطاعت بجا لانے میں اخلاص ونیک نیتی کا مظاہرہ کرے ، ایک مخلوق کو چاہیے کو دوسرے مخلوق کے ساتھ معاملات وتعلقات کو بحسن وخوبی اور اخلاص ونیک نیتی کے ساتھ نبھائے ۔ایک شہری کی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنے ملک کے تئیں پوری وفاداری اور اخلاص ونیک نیتی کے ساتھ زندگی گزارے ، اس کی تعمیر وترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے ۔
غرض زندگی ہے ہر میدان میں اخلاص ونیک نیتی کا مظاہرہ ضروری ہے ، کیونکہ بغیر اخلاص عمل مقبول نہ ہوگا ۔امیر جب غریب کی مدد کرے تو اس میں اخلاص ضروری ہے ، دکھاوا نہیں ہونا چاہیے ۔دین کی دعوت وتبلیغ ہو تو اس میں اخلاص ضروری ہے ۔امن وشانتی کے فروغ واستحکام میں اخلاص ونیک نیتی ناگزیر ہے کہ جس کے بغیر کامیابی ممکن نہیں ۔رشتہ دار، اقربا ، پڑوسی ، یتیموں ، مسکینوں ، بچوں ، بوڑھوں ، عورتوں ، دنیا کے ہر ایک مخلوق کے تئیں جو فرائض وواجبات ہیں ان کی بجا آوری میں اخلاص ونیک نیتی لازم ہے ۔
قرآن وسنت نے متعدد مقامات پر اخلاص ونیک نیتی کی تعلیمات پر زور دیا ہے ۔اس سے قبل پہلی قسط میں ہم نے کچھ اسباق ملاحظہ فرمایا اب اسی خوبصورت کڑی کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید فرمودات وارشادات ملاحظہ فرمائیں ۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ نے ارشاد فرمایا : عمل کرنے سے زیادہ قبولیت عمل کی طرف توجہ دو کیا تم نے اللہ تعالی کا یہ ارشاد نہ سنا ‘‘انما یتقبل اللہ من المتقین’’ یعنی اللہ اسی سے قبول کرتا ہے جو متقین میں سے ہو ۔ (المائدہ :۲۷)
امام اعمش علیہ الرحمہ سے مروی ہے ، انہوں نے فرمایا : میں نے ابراہیم سے یہ کہتے ہوئے سنا : آدمی ایسا عمل کرتا ہے جو لوگوں کی نظر میں اچھا ہوتا ہے مگر اس عمل سے خدا کی خوشنودی اسے مطلوب نہیں ہوتی تو لوگوں کے نزدیک وہ عمل نفرت وعیب اور بے چینی کا سبب جاتا ہے اور کوئی شخص ایسا کام کرتا ہے جو لوگوں کی نظر میں ناپسند ہوتا ہے مگر وہ اس سے خدا کی رضا چاہتا ہے تو وہی عمل لوگوں کی محبت اور اچھائی کا سبب بن جاتا ہے ۔
ضمرہ بن حبیب سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
فرشتے اللہ کے بندوں میں سے کسی بندہ کے اعمال کو لے کر اوپر (آسمان) کی طرف جاتے ہیں اور اس عمل کو کثیر اور بہتر سمجھتے ہیں یہاں تک کہ رب تعالی کی سلطنت میں سے وہاں پہنچتے ہیںجہاں اس کی مشیت ہوتی ہے تو اللہ ان کی طرف وحی فرماتا ہے کہ تم میرے بندے کے عمل کے نگہبان ہو اور میں اسے دیکھتا ہوں جو اس کے دل میں ہوتا ہے (یعنی تم ظاہر دیکھتے ہو اور میں باطن پر نظر رکھتا ہوں) میرا یہ بندہ اپنے عمل میں مخلص نہیں تھا (اس نے یہ کام میری رضا کے لیے نہیں کیا) تو اس کے عمل کے سجین(وہ جگہ کفرو شرک اور دیگر گناہ مثلا فسق وفجور کو ڈال دیا جاتا ہے ) میں ڈال دو ۔
پھر حضو رﷺ نے ارشاد فرمایا: اور فرشتے بندوں میں سے کسی بندے کا عمل لے کر جاتے ہیں اور اسے کم اور حقیر سمجھتے ہیں حتی کہ جہاں اللہ نے چاہا وہاں پہنچتے ہیں تو اللہ تعالی ان پر وحی فرماتا ہے کہ تم میرے بندہ کے عمل کے نگہبان ہو اور میں اسے جانتا ہوں جو اس کے دل میں ہے تو اس کے عمل کو دوگنا کردو اور اسے علیین میں رکھ دو ۔(حدیث مرسل ، اسنادہ ضعیف )
حضرت فضیل بن عیاض رحمہ اللہ سے مروی ہے کہ آیت کریمہ ‘‘لیبلوکم ایکم احسن عملا ’’ یعنی تاکہ وہ تمہیں آزمائے کہ تم سے کون عمل میں بہتر ہے (الہود :۷) کرکے فرمایا یعنی وہ جو زیادہ خلوص اور درستی والا ہے ۔جب عمل میں اخلاص ہو اور درستی نہ تو وہ قابل قبول نہیں ہے اور اگر درستی ہو لیکن اخلاص نہ ہو تو بھی وہ مقبول نہیں ۔ عمل میں اخلاص اور درستی دونوں ہو جبھی مقبول ہوگا ۔اخلاص اس وقت ہوگا جب عمل خالص اللہ کے لیے ہو اور درستی اس وقت ہوگی جب سنت کے مطابق ہو۔
مندرجہ بالا اقوال وارشادات سے ہمیں اس بات کی رغبت ملتی ہے کہ ہم اپنے قول وفعل اور کردار وعمل میں اخلاص ونیک نیتی کا مظاہرہ کریں ۔ہمارا ہر عمل اللہ کی رضا کے لیے ہونا چاہیے اس میں بہت رحمت و برکت ہے ۔اسی طرح اگر ہم موجودہ دور کے ظالموں اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے وقت اخلاص ونیک نیتی کو پیش قلب ونظر رکھیں اور مقصود صرف رضائے الہی ہو تو ان شاء اللہ ضرور اس میں کامیابی وکامرانی ہوگی ورنہ ہمارا ہر قول بے معنی ہو کر رہ جائے گا ۔
اللہ تعالی ہمیں اخلاص ونیک نیتی کے ساتھ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔
URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/sincerity-good-intentions-–-concluding-part-/d/118813
New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Women in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Women In Arab, Islamophobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism