New Age Islam
Sun Oct 06 2024, 09:21 AM

Urdu Section ( 2 March 2022, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Is Russia's attack on Ukraine a war against the US and NATO? کیا روس کا یوکرین پر حملہ در اصل روس کی امریکہ اور نیٹو کے خلاف جنگ ہے؟

کیا روس کا مقصد دنیا میں امریکی ورلڈ آرڈر کو تبدیل کرنا ہے ؟

اہم نکات :

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ نے مانو امریکہ کے سپر پاور ہونے کے تصور کو یکسر بدل دیا ہو۔

روس یوکرین کو ایک پڑوسی ملک کی حیثیت سے قبول کرتا آیا ہے مگر نیٹو کو برداشت نہیں کر سکتا ۔آخر وجہ ؟

کیا چین کی تائید سے روس دنیا کو پیغام دینا چاہتا ہے کہ اب نیٹو اور امریکہ کی دنیا پر سردادی کے خاتمے کا وقت آ چکا ہے؟

۔۔۔

غلام غوث صدیقی ، نیو ایج اسلام

2 مارچ 2022

کچھ ہفتوں پہلے تک جب کبھی نیٹو اور امریکہ کا نام لیا جاتا تھا تو ملکوں اور لوگوں کے سامنے سپر پاور کا تصور سامنے آتا تھا ، مگر روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ نے مانو کہ اس تصور کو یکسر بدل دیا ہو ۔ جس چینلز کو دیکھیے ، جس آدمی کو سنیے ہر کوئی یہی کہتا نظر آ رہا ہے کہ روس کے سامنے امریکہ بے بس اور لاچار ہو چکا ہے ۔ دیکھیے جنگ اچھی چیز نہیں ہے ، پہلے جنگیں تلوار اور گھوڑوں پر لڑی جاتی تھیں جن میں عام شہریوں کی جان کا خطرہ کم ہوتا تھا لیکن آج کی جنگیں بم اور میزائیل جیسی خطرناک ہتھیاروں سے لڑی جاتی ہیں جن سے عام شہریوں کا نقصان زیادہ ہوتا ہے ۔ اگر بمباری دو ملکوں کی طرف سے ہو تو دونوں ملکوں کے عام شہری مارے جاتے ہیں ۔ جنگ کی پالیسی اور جنگ کی شروعات کرنے والے چند حکومت کے افراد ہوتے ہیں لیکن جنگ کا بھگتان عوام کو بھگتنا پڑتا ہے ۔

جنگ لڑنے کے مقاصد و اغراض مختلف ہوتے ہیں ۔ کسی کے جنگ لڑنے کا مقصد ظالم طاقتوں کے خلاف ظلم کا خاتمہ اور عدل و انصاف کا قیام ہوتا ہے ۔ کسی کے جنگ لڑنے کا مقصد جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کے ساتھ ساتھ دینی اور مذہبی آزادی کا اختیار حاصل کرنا ہوتا ہے ۔کسی کے جنگ لڑنے کا مقصد دنیا میں اپنے سپر پاور ہونے کا ثبوت پیش کرنا ہوتا ہے ۔ کسی کے جنگ لڑنے کا مقصد پہلے سے موجود کسی سپر پاور کی پاور کو شکست دے کر اپنے سپر پاور ہونے کی دلیل پیش کرنی ہوتی ہے تاکہ دنیا کے لوگ یہ یقین کر لیں اب پرانے سپر پاور کی جگہ نیا سپر پاور آ چکا ہے ۔ جب کوئی نئی سپر پاور دنیا کے سامنے ابھر کر سامنے آتی ہے تو دنیا بھر میں شکتی کی بھکتی والے بیانیہ پر عمل شروع ہو جاتا ہے ۔ معیشت ہو یا تجارت ، لین دین کے معاملات ہوں ، قوانین و شرائط کی بات ہو ، ہر مسئلہ میں اس نئے سپر پاور کی سنی اور مانی جاتی ہے ۔ ایک جملے میں کہیں تو اس نئے سپر پاور کو دنیا بھر کے ممالک پر ایک طرح کا تسلط حاصل ہو جاتا ہے ۔

روس اور یوکرین کے مابین جاری موجودہ جنگ کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ اس جنگ کا مقصد در اصل سپر پاور ہونے کا ٹیگ حاصل کرنا ہے ۔ روس نے یوکرین پر حملہ کرکے نیٹو او رامریکہ کو یہ پیغام دیا ہے کہ بس اب بہت ہو چکا ہے ، اب ہم تمہاری پاور کو مزید بڑھنے نہیں دیں گے ، کیونکہ تمہاری طاقت کے بڑھ جانے سے ہماری طاقت اور ہمارا وجود خطرے میں پڑ جائے گا ۔ جب یوکرین روس سے الگ ہوا تو روس نے یوکرین کو ایک پڑوسی ملک کی حیثیت سے قبول کر لیا لیکن جب یوکرین نے نیٹو سے روابط بڑھانے کی کوشش کی تو روس نے یوکرین پر حملہ کر دیا ۔ مطلب صاف ہے کہ روس یوکرین کو ایک پڑوسی ملک کی حیثیت سے تو قبول کر سکتا ہے لیکن نیٹو کو اپنے پڑوسی کی حیثیت سے قبول نہیں کر سکتا ۔

دوسری طرف نیٹو کا یوکرین کو اپنے ساتھ ملانے کا مقصد بھی بالکل ظاہر ہے کہ نیٹو اور اس کا سردار عالی امریکہ کی دیرینہ تمنا ہے کہ یوکرین کو اپنے ساتھ ملاکر یوکرین اور روس کے بارڈر پر اپنی فوج کو تعینات کرکے روس کو اپنے کنٹرول میں لائے ، لیکن روس اس بات کو کسی صورت پسند نہیں کرتا کیونکہ روس نیٹو اور امریکہ کی سرداری اور اس کی طاقت کے سامنے اپنا سر جھکانے کو تیار نہیں ۔ پچھلی چند دہائیوں پر نظر کریں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ امریکہ نے کمزور ممالک کے امن و شانتی اور عام شہریوں کو بڑی تعداد میں موت کے گھاٹ اتار کر دنیا بھر میں اپنے سپر پاور ہونے کا ثبوت پیش کیا ۔ کمزوروں پر حملہ کرنے میں اس نے ذرا بھی دیر نہیں لگائی ۔ ہر کوئی یہ بات کہتا ہے کہ طالبان کو امریکہ نے روس کے خلاف پیدا کیا اور پھر جب بعد میں اسی طالبان اور امریکہ میں دشمنی پیدا ہوئی اور پھر یہ ایک لمبی مدت تک قائم رہی ۔

یوکرین کے سامنے شکتی کی بھکتی پر عمل کرنے کے لیے دو بڑی طاقتیں تھیں ۔ ایک طرف تھا اس کا پڑوسی ملک روس جو کسی بھی صورت میں یوکرین کے نیٹو سے ملک جانے کو برداشت نہیں کر سکتا تھا ، اور دوسری طرف تھا نیٹو اور امریکہ ۔ یوکرین کو لگا کہ نیٹو اور امریکہ کا ساتھ دینا اس کے لیے بہتر متبادل ہوگا اور وہ یقین کر بیٹھا تھا کہ اگر نیٹو اور امریکہ سے روابط بڑھانے کی صورت میں روس نے اگر اس پر حملہ کیا تھا اس کا منھ بولا دوست امریکہ اور نیٹو اپنی سپر پاور میزائیل اور ہتھیار کے ساتھ حاضر خدمت ہو جائے گا ۔لیکن وہ یہ بھول گیا تھا کہ جب روس اس پر حملہ کرے گا تو امریکہ اور نیٹو ٹی وی اور نیوز پر محض تماشائی بنے رہیں گے ۔

روس کا یوکرین پر حملہ کرنا ، چین کا روس کے سپورٹ میں آنا اور امریکہ اور نیٹو کی دھمکیوں کا روس پر کوئی اثر نہ ہونا ، یہ سب اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ روس یوکرین پر حملہ کرکے نہ صرف یہ کہ یوکرین کو نیٹو کا حصہ بننے سے روکنا چاہتا ہے بلکہ چین کی تائید کے ساتھ ایک کھلا پیغام بھی دینا چاہتا ہے کہ اب نیٹو اور امریکہ کی دنیا پر سردادی کے خاتمے کا وقت آ چکا ہے ۔ چند ممالک جن میں روس اور چین سر فہرست ہیں وہ دنیا میں امریکی ورلڈ آرڈر کو بدلنا چاہتے ہیں اور ان سب کے بیچ روس کی نظر میں یوکرین کی اہمیت بہت زیادہ ہے ۔ نیٹو اور امریکہ کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہو چکی ہے کہ روس اور چین کبھی نہ کبھی اس کے مد مقابل آئیں گے اور اسی لیے یوکرین ان کے لیے بھی کافی اہم ہے ، کیونکہ یوکرین انتہائی ذر خیز ملک ہے اور روس پر نکیل کسنے کے لیے یوکرین ہی بہتر جگہ ہے لیکن موجودہ صورت حال میں نیٹو اور امریکہ ناکامی کی راہ پر جا رہا ہے ۔

کچھ دہائی پہلے امریکہ نے روس کے خلاف مسلم ممالک کو استعمال کیا تھا اور جب امریکہ کی بالادستی قائم ہوئی تو مسلم ممالک پر ہی اپنی قوت و طاقت آزمانے میں کوئی کسر نہ چھوڑا ۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ کہیں مسلمان پھر سے امریکہ اور نیٹو کے ہاتھوں کھلونا نہ بن جائیں اور پھر وہی غلطی دہرائیں جو مسلمانوں نے ماضی میں کی ہیں ۔ اس لیے روس اور یوکرین کی جنگ میں دنیا کے باقی ممالک کو چاہیے کہ کسی ایک کا ساتھ دینے کی بجائے وہ امن و شانتی کی راہ نکالنے کی تجاویز پیش کرتے رہیں ورنہ بہتر ہے وہ خاموش رہیں۔

یوکرین اور روس کے مابین جاری جنگ کی وجہ سے دنیا میں معیشت و تجارت اور اکسپورٹ اور امپورٹ کے مشکلات پیدا ہو سکتے ہیں۔ اگر یہ جنگ طوالت پکڑ گئی یا دیگر ممالک کو بھی اس میں ملوث ہونا پڑا، تو دنیا میں تباہی اور توانائی کا بحران پیدا ہو سکتا ہے ۔ اس لیے ضروری ہے کہ دنیا بھر کے ممالک کسی ایک کا ساتھ دے کر جنگ کو مزید بھڑکانے کی بجائے ، وہ دونوں طرف سے جنگ کو روکنے کی تجاویز پیش کرتے رہیں ، تاکہ عام شہریوں ، بچوں ، بوڑھوں ، عورتوں اور کمزوروں کی جان ، مال اورعزت و آبرو کی حفاظت ہو سکے ۔

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/russia-attack-ukraine-war-nato/d/126490

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..