New Age Islam
Thu Dec 12 2024, 10:15 PM

Urdu Section ( 14 May 2012, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Fatwas Are Not Quranic Words فتویٰ قرآن کی عبارت نہیں ہے

ڈاکٹر ظفر الاسلام خان (ازہری) ،  صدر مسلم مجلس مشاورت

6اپریل، 2012

بعض مفتیان کرام نے حالت نشہ میں دی گئی طلاق کے جواز پر اعتراض کرنے والوں کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے یہاں تک کہہ ڈالا ہے کہ’’قرآن کی لکھی ہوئی عبارت کبھی غلط نہیں ہوتی‘‘۔

یہ انتہائی غلط بیان اور تعصب کی بات ہے۔مذکورہ فتوی کسی بھی صریح آیتِ قرآنی پر مبنی نہیں ہے ورنہ کسی مؤمن کے لئے اس کے بارے میں اعتراض کی گنجائش نہیں تھی۔  معاملہ ایک فقہی رائے کا ہے جس پر امت کا اجماع نہیں ہے۔  جہاں امام مالکؒ اور امام ابوحنیفہؒ نشہ کی حالت میں طلاق کے جوازکے قائل ہیں وہیں امام احمدؒ ، امام شافعیؒ اپنے ایک قول میں اور ظاہری اس قسم کی طلاق کے جواز کے قائل نہیں ہیں۔ اور ان کا استدلال یہ ہے کہ جب حالت نشہ میں نماز جائز نہیں ہے تو حالت نشہ میں طلاق کیسے جائز ہوگی۔ امام بخاریؒ بھی اس رائے کے قائل ہیں ، اور ان کے مطابق یہی حضرت عثمانؓ بن عفان، حضرت عبداللہ بن عباسؓ اور حضرت عمربن عبدالعزیزؒ وغیرہ کی بھی رائے ہے کہ پاگل پن اور نشہ کی حالت میں طلاق نہیں پڑتی ہے۔ شیخ الاسلام ابن تیمیہ اور ابن القیم وغیرہ کی بھی رائے ہے کہ نشہ کی حالت میں طلاق واقع نہیں ہوتی ہے کیونکہ طلاق دینے والا غیر عاقل ہوتاہے اور اس حالت میں اس کے دوسرے تصرفات بھی جائز نہیں ہوتے جیسے خرید و فروخت اور ہبہ وغیرہ۔

مصر میں، جہاں قدیم ترکی اثر کی وجہ سےعدالتوں میں فقہ حنفی پر عمل ہوتا ہے ، ستمبر ۲۰۰۱ء میں قاہرہ کی ایک عدالت نے نشہ کی حالت میں طلاق کو باطل قرار دیا تھاجس کی وجہ سےمصری صحافت میں یہ مسئلہ چھڑگیا تھا۔ ازہر کے اغلب علماء کی رائے یہ تھی کہ نشہ کی حالت میں طلاق اسی طرح باطل ہے جیسے مجبور کئے جانے پر طلاق (طلاق المکرہ)، سونے کی حالت میں طلاق (طلاق النائم) اور غصہ کی حالت میں طلاق(طلاق الغضبان) وغیرہ۔  اسلامی فقہ اکیڈمی نے بھی قاضی مجاہد الاسلام قاسمیؒ کے زمانے میں اکثریتِ رائے سے نشہ کی حالت میں طلاق کو باطل قرار دیا تھا۔

علماء کو چاہئے کہ ایسے مسائل میں، جن کے بارے میں امت میں اختلاف رہا ہے، ایسے تعصب کا مظاہرہ نہ کریں ،اُسے اسلام اور کفر کا مسئلہ نہ بنائیں اور جہاں تک ہوسکے امت کے لئے آسانی پیدا کرنے کی کوشش کریں۔

بشکریہ ملّی گزیٹ

URL: https://newageislam.com/urdu-section/fat-quranic-words-/d/7323

Loading..

Loading..