New Age Islam
Fri Jan 17 2025, 04:33 PM

Urdu Section ( 16 Dec 2021, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Islam is Not Dependent on Us اسلام ہمارا محتاج نہیں

بلال احمد پرے ، نیو ایج اسلام

16 دسمبر 2021

اسلام دینِ فطرت و دینِ مبین ہے۔ یہ اخوت و رواداری کا دین ہے۔ یہ مساوات اور عدل و انصاف کا دین ہے ۔ یہ اطاعت کا نام ہے۔ یہ اجتماعیت کا درس دیتا ہے- یہ حقیقی معبود کی عبادت کے لئے رہ نمائی کرتا ہے۔ یہ شریعت کو بنیاد بنا کر زندگی بسر کرنے کے اصول سکھلاتا ہے۔ یہ اپنے منفرد اوصاف کی بدولت ہی دنیا کے دیگر مذاہب سے نرالا اور بالا تر ہے۔ یہ وقت کے تقاضوں کے عین مطابق انسانیت کو مخاطب کرکے ہدایات پیش کرتا ہے۔

دینِ اسلام تمام رشتوں کے حقوق کا پاسبان ہے۔ یہ رشتہ داروں، دوستوں، مسافروں اور ہمسایوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم افراد کے حقوق کا بھی ضامن ہے۔ حتیٰ کہ چرند و پرند ہی نہیں پیڑ پودوں، پانی و دیگر وسائل زندگی کا تحفظ فراہم کرنے والا دین ہے۔ یہ امیر و غریب، تندرست و بیمار ، مرد و زن ، چھوٹوں و بڑوں کے بازآبادکاری کے لئے کوشاں ہے۔ یہ انسانیت کا علمبردار ہے جو بے سہارا و بے بس اور ضرورت مندوں کو تنہا نہیں چھوڑتا ۔ جہاں نہ صرف حقوق اللہ کی پاسداری کی جاتی ہے بلکہ حقوق العباد کا پاس و لحاظ رکھا جاتا ہے -

دینِ اسلام اپنے ماننے والوں کو ہر حال میں، ہر جا، ہر وقت اور ہر موسم میں رہ نمائی کرتا رہا ہے۔ اسلام ماضی میں اپنی اتباع کرنے والوں کی رہنمائی کرنے میں کامیاب دین رہا ہے- اور اب نہ صرف حال میں بلکہ مستقبل میں آنے والے تمام قسم کے پیدا شدہ صورتحال، حالات و واقعات (circumstances)، مسائل (Issues) وغیرہ کو حل کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے والا دین ہے ۔ اپنی اسی منفرد خصوصیات کے ساتھ دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ پھیلنے والا مذہب دین اسلام ہی ہے۔ جس کے پیروکار آئے روز بڑھتے جا رہے ہیں۔

زلزلہ ہو یا طغیانی، سیلاب ہو یا طوفان، قدرتی آفات ہو یا انسانی، بادل پھٹ جائے یا زمین دھنس جائے، کوروناوائرس ہو یا ٹڈی دل، فقیر ہو یا مسکین، بیوہ ہو یا یتیم، مقروض ہو یا مسافر، غرض ہر قسم کے مسائل کا حل پیش کرنے میں دینِ اسلام ہی سب سے آگے درس دینے والا دین نظر آئے گا۔ اس دین کی یہ بھی ایک خوبی ہے کہ مال و دولت کو گردش (circulation) میں رکھنے کی تلقین کرتا ہے - تاکہ سماج میں ایک توازن برقرار رکھا جائے -

بچے کے تولد سے لے کر قبر تک اور قبر سے لے کر حشر تک پوری زندگی کی رہ نمائی کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے والا مذہب صرف دینِ اسلام ہی ہے۔ جہاں عدل و انصاف کے پیمانے سے سماج کے زاویہ نگاہ کو برقرار رکھا جاتا ہے - جو حقیقت، سچائی، بھائی چارگی اور راست گوئی پر اپنے فلسفہ کی بنیاد رکھتا ہے- جہاں موت کے بعد کی آخری منزلیں واضح بیان کی گئی ہے تاکہ اس کے ماننے والوں کو بامقصد زندگی جینے کا سلیقہ سکھلایا جائے - یہ اپنے ماننے والوں کو ایک خالق سے جوڑنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے میں سب سے اعلٰی و بالاتر دین ہے۔

اسلام وہ حیرت انگیز معلومات فراہم کرنے والا دین ہے جس کے تابع دنیا کے تمام علوم ہیں حتٰی کہ جدید سائنس بھی - اسلام نے چودہ سو سال پہلے کئیں اہم حقائق سے پردہ اٹھایا جس سے انسان نے صدیوں کی مسلسل غور و فکر اور تحقیق و جستجو کرنے کے بعد ہی جاں لیا ہے - جس میں خصوصاً پودوں کی آواز، چیونٹیوں کا آپسی گفتگو، دو دریاؤں کا آپس میں نہ ملنا، وغیرہ قابل ذکر ہے - قرآن کریم دینِ اسلام کی کسوٹی اور میزان ہے -

دین اسلام کسی چارلی ہیبڑو جیسے عداوت پسند شخص کا محتاج نہیں، نہ ہی یہ کسی مسلم نام کے وسیم جیسے کذاب اور ناپاک خیالات کو رکھنے والے شخص کا محتاج ہے - یہ نام نہاد مسلمان حکمرانوں کے اخلاقی تنزلی کے شکار جیسے کٹھ پتلی بادشاہوں سے بھی مٹنے والا دین نہیں ہے نہ کسی پبلشنگ ہاوس کے ناپاک سازشوں سے اس کے ماننے والوں میں زرا بھی کمی دیکھنے کو ملے گی - بلکہ دنیا میں آئے ہوئے انسان ہی اپنے مالک کی حقیقی بندے ہونے کے لئے محتاج ہیں -

اللہ کے آخری نبی اکرمﷺ کا مبارک و برحق فرمان ہے کہ یہ دین ہر اس جگہ تک پہنچ کر رہے گا جہاں دن و رات کا چکر چلتا ہے اور اللہ کوئی کچا و پکا گھر ایسا نہیں چھوڑے گا جہاں اس دین کو داخل نہ کر دے گا خواہ اس سے عزت کے ساتھ قبول کیا جائے یا اس سے رد کر کے ذلت قبول کر لی جائے - یہی وجہ ہے کہ اکیسویں صدی کی ایک تحقیق کے مطابق فی صدی اور دنیاوی پھیلاؤ کے حوالے سے اسلام سب سے زیادہ تیزی کے ساتھ پھیلنے والا دین قرار دیا گیا ہے -

فانوس بن کے جس کی حفاظت ہوا کرے

وہ شمع کیا بجھے جس سے روشن خدا کرے

یہ دنیا میں آئے ہوئے لوگوں کی فلاح و بہبود ، اخلاقی ترقی، حقیقی مالک کا عرفان حاصل کرنے کی رہ نمائی کا دین ہے - رب الزوجلال نے دین کے خاطر ایسے بندوں سے کام لیا جن سے لوگوں کا گمان بھی نہیں تھا اور ایسے بندوں کو گمراہی میں دھکیل دیا جو اپنے آپ کو ذہین و فطین تصور کرتے ہوئے تھکتے نہیں تھے - ارشاد باری تعالٰی ہے کہ " اللہ جس کو راہ دکھائے، وہی راہ پانے والا ہے اور جس کو وہ گمراہ کر دے تو وہی بٹھکنے والے ہیں - " (الاعراف؛ ۱۷۸)

رب العالمیین نے کئیں اقوام کے نام و نشان مٹا دئے اور کئیں اقوام کو عزت، وقار، بلندی، عروج ، حکمت و دانائی اور بادشاہت عطا فرمائی جنہوں نے کبھی اس کے بارے میں سوچا بھی نہیں تھا - یہ سب دینِ اسلام کے بدولت ہی انہیں نصیب ہو پایا -

الغرض دینِ اسلام ہمارے نہ ماننے سے ذرا بھر رُکنے والا دین نہیں ہے نہ اپنی رفتار کسی طرح سے بند کرنے والا ہے - یہ اُس بندے کی خوش قسمتی ہے جس سے دینِ اسلام کی بے لوث دولت نصیب ہو جائے اور بالآخر اُس کی زندگی کا خاتمہ اِسی پر ہو سکے - اللہ پاک ہمیں دین اسلام پر استقامت عطا فرمائے- آمین

----------

(جناب بلال احمد پرے نیو ایج اسلام کے ایک مستقل کالم نگار ہیں ۔ آپ کا تعلق ریاست جموں و کشمیر کے جنوبی علاقہ ترال سے ہے ۔ انہوں نے کشمیر یونیورسٹی سے اسلامیات میں ماسٹرس کیا ہے۔ آپ کے مضامین اکثر اسلامی سماجی مسائل پر ریاست کے متعدد روزناموں میں انگریزی و اردو زبان میں شائع ہوتے رہتے ہیں۔)

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/islam-dependent/d/125970

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism

 

Loading..

Loading..