New Age Islam
Wed Mar 22 2023, 02:47 AM

Urdu Section ( 6 Feb 2018, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Terrorism In The Name Of Quran قرآن کے نام پر دہشت گردی

باسل حجازی، نیو ایج اسلام 

عام طور پر دہشت گردی ان ممالک میں ظہور پذیر ہوتی ہے جہاں آسمانی مذاہب کے ماننے والے عددی اکثریت میں رہتے ہیں، روز مرہ کے دھماکے وقتل وغارت گری اور خوف اللہ کا عذاب ہی قرار دیا جاسکتا ہے کیونکہ ان مذاہب کے ماننے والوں نے مذہب کو اصلاح کے بجائے سلاح یعنی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا لہذا اس کا خمیازہ بھی انہیں ہی بھگتنا ہے کہ آخر دین میں تحریف کا ارتکاب بھی انہوں نے ہی کیا اور آسمانی کتابوں کے حقیقی معانی کو بدل کر انہیں ذاتی وسیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، پاکستان میں ضیاء الحق کا دور اس کی ایک دردناک مثال ہے، اس خوفناک دور میں سائنسی کانفرنسوں میں "جنات سے توانائی" پیدا کرنے کے "سائنسی" مقالے پیش کیے گئے، باقی حالات کا قاری خود اندازہ لگا سکتا ہے۔

ارشادِ باری تعالی ہے:

مندرجہ بالا قرآنی آیات سے معلوم ہوتا ہے کہ آسمانی مذاہب کے ماننے والوں میں سب سے پہلے یہودی دہشت گردی کے مرتکب ہوئے، انہوں نے اپنے ہی مذہب کے ماننے والے قیدیوں پر مظالم ڈھائے، جزیہ لیا اور خون بہایا اور اس ضمن میں اللہ سے کیے گئے عہد سے مکر گئے اور اپنے ہی اصولِ دین میں جاہل قرار پائے، خانہ جنگی اور دہشت گردی کی بنیادی وجہ جو کسی سے بھی اب ڈھکی چھپی نہیں رہی مذہبی انتہاء پسندی ہے، اسلام کے دائرے کے مختلف گروہ وفرقوں کا وجود اپنی جگہ مسلم مگر ان گروہوں وفرقوں نے دینی تربیت کے ضمن میں آسمانی کتابوں کے آفاقی اسباق کو نظر انداز کر کے تاریخ وثقافت کے جھوٹے فسانوں پر مذہبی تربیت کو استوار کیا اور ایک مکمل دہشت گرد امت تشکیل دینے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا.

ارشادِ باری تعالی ہے:

دہشت گرد قرآنِ مجید کا جاہلانہ استعمال کرتے ہیں، یہ لوگ قرآنی آیات سے جہادانہ ودہشت گردانہ معانی زبردستی کشید کراتے ہیں اور مغربی ممالک کے مفادات پر یہ سوچتے ہوئے حملے شروع کر دیتے ہیں کہ اس سے ان کا (یک طرفہ) دشمن ڈر جائے گا اور اس کے دل میں ان کا خوف بیٹھ جائے گا تاہم زمینی حقیقت یہ ہے کہ اس کا اثر الٹا ہوا، بجائے اس کے کہ یہ دشمن ڈرتا خود انہیں خوف وڈر کا سامنا کرنا پڑ گیا، مغرب نے امریکی قیادت میں افغانستان پر حملہ کر دیا اور نقصان افغانی قوم کو اٹھانا پڑا، وجہ ظاہر ہے القاعدہ کی یک طرفہ، انفرادی اور حد درجہ بچگانہ حرکت تھی جس کے لیے ظالموں نے اول وآخر قرآن کی اس آیت کو بطور استدلال کے پیش کیا:

اگر مندرجہ بالا آیات کی سنجیدہ تشریح کی جائے تو معلوم ہوگا کہ ان آیات کا دور تک کسی جہادی عمل سے کوئی علاقہ نہیں ہے بلکہ اس کے برعکس یہ آیات تو محض یہ بتا رہی ہیں کہ کس طرح عسکری سیاست کو مذہب کے مفاد میں استعمال کیا جائے نا کہ جہاد کے، مقصد ان آیات سے جہاد نہیں بلکہ اپنے دفاع کے لیے عسکری تیاری ہے، یقیناً جنگ کے لیے عسکری تیاری جنگ کو روکنے کا سبب بن سکتی ہے، ان آیات میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ تلقین کی جا رہی ہے کہ وہ جنگ کے کسی بھی مبینہ خطرے سے نبرد آزما ہونے کے لیے تمام تر اسلحے سے خود کو لیس کر لیں اور اپنے ساتھیوں کو لڑائی کی تربیت دیں، وجوہات مندرجہ ذیل ہیں:

ان تیاریوں سے قریش مدینے میں کوئی "سرجیکل سٹرائیک" انجام دینے سے باز رہیں گے

3- ان عسکری تیاریوں سے ایک عسکری سیاست تشکیل پائے گی جسے اسلام کے مفاد میں استعمال کیا جاسکے گا اور بہت سارے اہلِ کتاب اور عرب مشرکین نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ امن معاہدے قائم کریں گے یا ان کے ساتھ اتحاد تشکیل دیں گے اور حقیقتاً یہی ہوا بھی، بنو قریضہ اور بنو النضیر نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اتحاد قائم کیا جس میں کچھ دیگر عرب قبائل بھی آن شامل ہوئے، تو ثابت ہوا کہ یہ آیات عسکری سیاست کی تشکیل چاہتی ہیں جسے عسکری قوت ہی پیدا کر سکتی ہے نا کہ جہاد چاہتی ہیں، اور یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے اللہ تعالی کے ارشادات کے مقاصد کیا تھے اور دہشت گرد انہی آیات کو کس طرح موڑ توڑ کر اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

دنیا الزام لگاتی ہے کہ دہشت گردی قرآن سے برآمد ہوتی ہے اور میں یہ ماننے کے لیے بالکل تیار نہیں ہوں، یہ سچ ہے کہ جاہلانِ اسلام نے جہاد کی توجیہ کے لیے قرآنی آیات کو غلط وناموزوں مقامات پر استعمال کیا تاکہ بے قصور لوگوں کو قتل کر کے انہیں ذہنی آسودگی مل سکے۔

دیکھیے کہ کس طرح ایک آدھی آیت لاکھوں بے قصوروں کی جان لے سکتی ہے، آخر قوموں کی بربادی میں جاہلوں کا بھی کوئی نہ کوئی کردار تو ضرور ہوتا ہے۔

ارشادِ باری ہے:

عراق میں القاعدہ نے اس آیت کو ٹکڑے کر کے استعمال کیا اور لوگوں کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی، ملاحظہ کریں:

سورہ مائدہ کی آیت 51 کا صرف اتنا سا حصہ پیش کر کے القاعدہ نے عوام کو اکسایا اور لوگ امریکیوں وغیر ملکیوں پر ٹوٹ پڑے کیونکہ وہ "نصاری" ہیں اور اسلام میں ان کے خلاف جہاد واجب ہے، پھر بے قصور عراقی عوام کے قتل کے لیے اسی آیت کے ایک اور ٹکڑے کا استعمال کیا گیا "وَمَن يَتَوَلَّهُم مِّنكُمْ فَإِنَّهُ مِنْهُمْ" اور یوں صرف ایک ٹکڑا پیش کر کے پوری عراقی عوام کو "مرتد" قرار دے دیا گیا اور بم دھماکوں اور قتل وغارت گری کا وہ سلسلہ شروع ہوا جس نے لاکھوں بے قصور عراقیوں کی جانیں لیں اور اللہ کی زمین پر گویا ایک فساد برپا ہوگیا۔

یہی وہ تکنیک ہے جو یہ عقل کے دشمن اپنی انسان دشمنی کی پیاس بجھانے کے لیے استعمال کرتے ہیں اور اس کے لیے قرآن کو ٹکڑوں میں بانٹ کر اس سے معاذ اللہ تباہی پھیلانے کا کام لیتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ عام لوگ ایسی گمراہ کن تاویلات سے صرف نظر کریں اور بس اتنا یقین رکھیں کہ اللہ نے اپنا دین اپنی ہی زمین پر فساد برپا کرنے کے لیے نہیں اتارا۔

https://newageislam.com/urdu-section/terrorism-name-quran-/d/114195

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism

 

Loading..

Loading..