New Age Islam
Mon Mar 27 2023, 10:07 AM

Urdu Section ( 19 Feb 2015, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Significance of Friday یوم جمعہ کی فضیلت

 

آفتاب احمد ، نیو ایج اسلام

20 فروری، 2015

جمعہ کا دن اسلام میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے ۔ اسلامی تاریخ کی کتابوں میں جمعہ کے دن سے متعلق اہم واقعات درج کئے جاتے ہیں ۔ مثال کے طور پر آدم علیہ السلام اسی دن تخلیق کئے گئے ، اسی دن انہیں بہشت میں داخل کیاگیا ، اسی دن انہیں بہشت سے نکالا گیا اور اسی دن قیامت واقع ہوگی۔کئی صحیح احادیث میں جمعہ کے دن کی فضیلت بیان کی گئی ہے۔ پیغمبر اسلام ؐ یوم جمعہ کو بڑے اہتمام سے مناتے تھے ۔ اس دن کو مسلمانوں کے لئے چھوٹی عید قرار دیاگیاہے۔ حضور پاک ؑ اس دن عسل فرماتے ، پاک صاف لباس زیب تن فرماتے اور خوشبو اور سرمہ لگاتے۔

جمعہ کی نماز کی بھی حدیثوں میں بڑی فضیلت آئی ہے۔ ایک حدیث میں حضور پاک ﷺ نے فرمایا:

’’جب جمعہ کا دن آتاہے مسجد کے ہردروازے پر فرشتے کھڑے ہوجاتے ہیں اور آنے والوں کے نام ترتیب وار لکھتے ہیں۔جب امام بیٹھ جاتے ہیں تو رجسٹر بند کردیا جاتاہے اور وہ خطبہ سننے کے لئے بیٹھ جاتے ہیں۔‘‘ (مسلم : 1984)

جمعہ کے دن درود شریف کثرت سے پڑھنے کی بھی فضیلت آئی ہے۔ یوں تودرود شریف پڑھنے کی تاکید خد ا قرآن میں بھی کرتاہے اور اس کے لئے کوئی دن اور وقت معین نہین ہے مگر جمعہ کے دن کثرت سے درود اور سلام بھیجنے کی تاکید کی گئی ہے ۔

قرآن میں بھی نماز جمعہ کا اہتمام کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ مندرجہ ذیل سورتوں میں جمعہ کے دن کی اہمیت بیان کی گئی ہے اور مومنوں کا اس کا خصوصی اہتمام کرنے کا حکم دیا گیاہے۔

’’اے ایمان والو، جب جمعہ کے دن اذان پکاری جائے ،اللہ کے ذکر کی تیاری کرو اوراپنا کاروبار چھوڑدو۔یہ تمہارے لئے بہتر ہے اور تم تو جانتے ہو۔ اور جب تم نماز پڑھ چکو توزمین پر پھیل جاؤ اور خدا کی نعمتیں تلاش کرو اور اللہ کو کثرت سے یاد کرو تاکہ تم کامیابی پاؤ۔‘‘(سورہ جمعہ : 9۔10)

قرآن کہتاہے کہ جمعہ کی نماز کی اذان سنتے ہی تمام دنیاوی کام اور کاروبار وہیں چھوڑ کر جمعہ کی نماز کی تیاری کرنی چاہئے ۔ جمعہ کی نماز اور اذان کے درمیان کوئی معمول کا دنیاوی کام نہ کیا جائے تاکہ اس کی تیاری اور اہتمام اس دن کی شان اور فضیلتوں اور نعمتوں کے شایان شان ہو۔اور جب نماز خشو ع و خضوع کے ساتھ پڑھ لی جائے تو پھر دنیاوی کاموں اور کاروبار کے لئے نکل جائیں اور کاروبار اور دیگر کاموں کے دوران بھی دل ہی دل میں خدا کا ذکر کرتے رہیں ۔ اس میں مومنوں کو کاروبار اور دنیاوی معاملوں میں کامیابی کی ضمانت دی گئی ہے اور آخرت میں بھی اجر کا وعدہ کیاگیاہے۔

مختصر طور پر کہاجاسکتاہے کہ جمعہ کا دن مسلمانوں کے لئے نہایت اہم ہے۔ اس کی فضیلت قرآن اور اسوہ رسول ﷺ سے ثابت ہے اس لئے اس دن کا خصوصی احترام اور اہتمام مسلمانوں پر واجب ہے۔

URL: https://newageislam.com/urdu-section/significance-friday-/d/101604

Loading..

Loading..