New Age Islam
Sat May 02 2026, 06:34 PM

Urdu Section ( 11 May 2024, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Embracing Spiritual Diversity روحانی تنوع کو اپنانا: انفرادی اور اجتماعی ترقی کا راستہ

ادیس دودیریجا، نیو ایج اسلام

25 اپریل 2024

روحانیت، اپنے جوہر میں، یک سنگی کی دعوت نہیں، بلکہ اپنے اندر اور دوسروں کے اندر کے ،تنوعات کو قبول کرنے کی دعوت ہے۔ تنوعات کی اسی قبولیت اور قدردانی کے ذریعے ہی انفرادی اور اجتماعی ترقی پروان چڑھتی ہے۔

------

روحانیت، بنیادی طور پر، ایک انتہائی انفرادی اور تبدیلی بھرا سفر ہے، جو یک سنگی سے ماوراء ہے ۔ یہ ہمارے اندر اور دوسروں کے اندر کے  تنوعات کی فراوانی کو قبول کرتا ہے۔ تاہم، جیسا کہ پراسیس ریلیشنل  تھیولوجین بروس ایپرلی نے کہا، جب ہم اپنے اندر موجود تنوع کو تسلیم کرنے اور اسے قبول کرنے میں ناکام ہوتے ہیں، تو ہم اکثر اپنے اردگرد موجود تنوعات سے انکار کرنے پر آمادہ ہو جاتے ہیں۔ حقیقی معنوں میں روحانی راستے پر گامزن ہونے کے لیے، ہمیں اپنے وجود کی کثیر جہتی فطرت کو سمجھنااور قبول کرنا، اور اسی قبولیت کو دوسروں تک پہنچانا چاہیے۔ ایسا کر کے، ہم ایک ایسا ماحول قائم کر سکتے ہیں، جہاں انفرادی اور اجتماعی ترقی ممکن ہو۔

اپنے اندر کے تنوعات کو تسلیم کرنا

روحانیت ہمیں اپنے وجود کی گہرائیوں کو تلاش کرنے کی دعوت دیتی ہے، یہ تسلیم کرتے ہوئے، کہ ہم فطری طور پر کثیر جہتی اور پیچیدہ افراد ہیں۔ ہم میں سے ہر ایک کے اندر تجربات، جذبات، معتقدات  اور نقطہ ہائے نظر کی ایک کثرت موجود ہے۔ اپنے اندر اس تنوع کو قبول کرنے کا مطلب ہے، اپنے اندر کی تاریکی اور روشنی، اپنی طاقت اور کمزوریوں، اپنی خوشیوں اور غموں کو تسلیم کرنا۔

اپنے اندر موجود تنوعات کو قبول کرتے ہوئے، ہم خود شناسی اور خودقبولیت کے سفر کا آغاز کرتے ہیں۔ ہم اپنی شناخت کے تمام پہلوؤں کو قبول کرنا سیکھتے ہیں، خواہ وہ ثقافت، نسل اور صنف سے متعلق ہوں یا روحانیت سے متعلق۔ یہ عمل ہمیں اپنے متنوع تجربات اور معتقدات کو یکجا کرنے کے قابل بناتا ہے، جس سے ایک زیادہ مستند اور مکمل وجود کی تشکیل ہوتی ہے۔

دوسروں میں تنوعات سے انکار کا فتنہ

جب ہم اپنے اندر موجود تنوعات سے انکار کرتے ہیں، تو ہم نادانستہ طور پر ایک ایسی رکاوٹ پیدا کر لیتے ہیں، جو دوسروں میں تنوعات کو قبول کرنے کی ہماری صلاحیت کو ختم کر دیتی ہے۔ اور یہ انکار، نامعلوم کے خوف، ناواقف کے ساتھ تکلیف، اور سخت عقائد ونظریات کو برقرار رکھنے کی خواہش سے، پیدا ہوتا ہے۔ اور اس کا اظہار تعصب، امتیازی سلوک اور ان لوگوں کے ساتھ تعامل میں ہچکچاہٹ کی شکل میں ہو سکتا ہے، جو ہم سے کسی بھی طرح سے مختلف ہیں۔

دوسروں میں تنوع سے انکار کرنا، ہم سے بامعنی روابط اور ترقی کا موقع چھین لیتا ہے۔ یہ تقسیم کو برقرار رکھتا ہے، غلط فہمی کو فروغ دیتا ہے، اور محبت اور ہمدردی کی نشوونما کو روکتا ہے۔ اس فتنے کا شکار ہو کر ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی ترقی کو محدود کر لیتے ہیں۔

تنوع کو گلے لگانے کی طاقت

اپنے اندر اور دوسروں میں، تنوع کو اپنانا، ایک تبدیلی بھرا عمل ہے، جو انفرادی اور اجتماعی ترقی کے دروازے کھولتا ہے۔ جب ہم اپنے وجود کے متنوع پہلوؤں کو قبول کرتے ہیں، تو ہم اپنی خود آگاہی کو وسعت دیتے ہیں، دنیا کے بارے میں اپنی سمجھ کو گہرا کرتے ہیں، اور محبت و ہمدردی کا ایک مضبوط احساس پیدا کرتے ہیں۔ یہ ہمیں اپنے تجربات کی فراوانی سے فائدہ اٹھانے کے قابل بناتا ہے، جس سے ہم اپنے معاشروں اور پوری دنیا کے لیے، زیادہ مستند طریقے سے تعاون کرنے کے قابل بنتے ہیں۔

اسی طرح، دوسروں میں تنوع کو اپنانے سے، جامعیت اور احترام کی ثقافت پروان چڑھتی ہے۔ اس سے ہمارا نقطہ نظر وسیع ہوتاہے، ہمارے پہلے سے قائم شدہ تصورات کو چیلنج ملتاہے، اور باہم مربوط ہونے کا احساس فروغ پاتا ہے۔ مختلف عقائد رکھنے والے، مختلف پس منظر سے آنے والے، اور منفرد نقطہ ہائے نظر رکھنے والے افراد کے ساتھ مشغول ہو کر، ہم انسانی تجربے کے حوالے سے، اپنی سمجھ کو بہتر بناتے ہیں۔ اس سے، بدلے میں، سماجی تانے بانے کو مضبوطی ملتی ہے، ہم آہنگی کا فروغ ہوتا ہے، اور ایک مزیدمنصفانہ اور ہمدردی بھرے معاشرے کی راہ ہموار ہوتی ہے۔

کشادہ ذہنی اور قبولیت کی پرورش و پرداخت

کشادہ ذہنی اور قبولیت کو فروغ دینے کے لیے، ہمیں خود احتسابی، تعلیم اور مکالمے کا ایک دائمی سفر شروع کرنا چاہیے۔ اس میں ہمارے اپنے تعصبات کو چیلنج کرنا، اپنے مراعات کی جانچ کرنا، اور مختلف نقطہ ہائے نظر کو فعال طور پر تلاش کرنا شامل ہے۔ اس کا تقاضا ہے کہ ہم کسی بات کو گہرائی سے سنیں، بامعنی گفتگو میں مشغول ہوں، اور ایسا ماحول قائم کریں، جس میں تنوع کی قدر اور اس کا احترام ہو۔

مزید برآں، روحانی معمولات مثلاً توجہ ، مراقبہ اور غور و فکر، تنوعات کو اپنانے کی ہماری کوششوں میں معاون ہو سکتے ہیں۔ یہ طرز عمل ہمیں خود آگاہی، ہمدردی، اور باہم مربوط ہونے کا گہرا احساس پیدا کرنے کے قابل بناتے ہیں۔ یہ طریقے، اختلافات سے قطع نظر ، ہر فرد کی فطری قدر اور خوبصورتی کو پہچاننے میں ہماری مدد کرتے ہیں۔

روحانیت، اپنے جوہر میں، یک سنگی کی دعوت نہیں، بلکہ اپنے اندر اور دوسروں کے اندر تنوعات کو قبول کرنے کی دعوت ہے۔ تنوعات کی اسی قبولیت اور قدردانی کے ذریعے ہی انفرادی اور اجتماعی ترقی پروان چڑھتی ہے۔خود شناسی کے سفر کا آغاز کر کے، ہم ہمدردی، محبت اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کی بنیاد رکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، اپنے آس پاس کے لوگوں تک اس قبولیت کو پھیلا کر، ہم ایک ایسی دنیا بناتے ہیں جس میں  انسانی تجربات کی کثرت کا احترام کیا جاتا ہے۔

ایک ایسی دنیا میں جو تقسیم اور پولرائزیشن سے جوجھ رہی ہے، روحانی تنوعات کو اپنانا، ایک ضروری اور تبدیلی کا عمل بن جاتا ہے۔ یہ ہم سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہم یہ تسلیم کریں، کہ ہمارے اختلافات رکاوٹیں نہیں، بلکہ ترقی، رابطے،اور اجتماعی فلاح و بہبود کا سبب ہیں۔ جب ہم اس راستے پر چلنا شروع کریں، تو ہمیں یاد رکھنا چاہیے،  کہ حقیقی روحانی ترقی ہمارے اپنے تنوعات کو قبول کرنے، اور راستے میں ملنے والے تمام لوگوں کے لیے، قبولیت اور اتفاق  و اتحاد  کا ہاتھ بڑھانے میں مضمر ہے۔

English Article: Embracing Spiritual Diversity: A Path to Personal and Collective Growth

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/embracing-spiritual-diversity-collective-growth/d/132300

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..