New Age Islam
Wed Mar 22 2023, 03:16 AM

Urdu Section ( 4 Oct 2009, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Faisalabadi Crocodile فیصل آبادی مگر مچھ


آپ اگر فیصل آباد میں شیخوپورہ روڈ پر جائیں تو آپ دس منٹ بعد گٹ والا پہنچ جاتے ہیں یہ فیصل آباد کے شہریوں کا پکنک پوائنٹ ہے یہ پوائنٹ آربی نہر پر واقع ہےاس میں ایک چھوٹی سی جھیل او ر چھوٹا سا چڑیا گھر بھی ہے فیصل آباد کی بے شمار فیملیز چھٹی کے دن یہاں پکنک مناتی ہیں، پنجاب کے محکمہ وائلڈ لائف نے لوگوں کی دلچسپی دیکھتے ہوئے یہاں مگر مچھوں کا ایک چھوٹا سا تالات بنادیا تھا، اس تالات میں 24مگر مچھ تھے، یہ تالاب خانو والہ نہر کے منسلک ہے، نہر کا پانی تالاب میں آتا ہے اور تالاب سے نہر میں واپس چلاجاتا ہے اور مگر مچھ اس پانی میں تیرتے رہتے ہیں ۔مگر مچھوں کے اس تالاب سے دودن قبل ایک دس فٹ لمبا مگر مچھ غائب ہوگیا یہ ایک خوفناک سنسنی خیز اور پریشان کن خبر تھی کیونکہ مگرمچھ خونخوار جانور ہوتا ہے اور یہ سالم گائے تک نگل جاتا ہے اور ایسے خونخوار جانور کاغائب ہوجابا  حقیقتاً پریشان کن تھا۔ مگر مچھ کہاں چلا گیا؟ اس کے بارے میں تین امکانات ہوسکتے ہیں ،یہ مگر مچھ تالاب سے نہر میں پہنچ گیا جس وجہ سے نہر کے کناروں پرموجود تمام گاؤں خطرے کا شکار ہوگئے۔ دو یہ مگر مچھ تالاب سے نکل کر جھاڑیوں میں چھپ گیا جس کی وجہ سے یہ پورے فیصل آباد کیلئے خطرہ بن  گیا ا ور تین وائلڈ لائف کےکسی اہلکار نے یہ مگر مچھ تالاب سے نکال کرکسی ضرورت مند کو فروخت کردیا اور یہ ضرورت مند اب اس کی چربی سے تیل بنائے گا اسے اپنے کسی سیاسی مخالف پر چھوڑ دے گا یا پھر اسے ذاتی تالاب میں رکھ کر پوری زندگی اس کے ساتھ کھیلتا رہے گا بہر حال فیصل آباد پولیس فیصل آباد کا وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ اور فیصل آباد کے شکاری بڑی شدومد کے ساتھ مگر مچھ کو تلاش کررہے ہیں، نہر کے کنارے واقع تمام دیہات میں بھی بار بار اعلان کرایا جارہا ہے ‘‘ آپ نہر کے کنارے جانے اور اپنے جانوروں کونہر لے جانے سے پرہیز کریں ’’فیصل آباد کے لوگوں کو بھی خطرے سے آگاہ کیا جارہا ہے اور وائلڈ لائف کے اہلکار بڑی سرگرمی کے ساتھ مگر مچھ کو جھاڑیوں ‘ٹوے بٹوں ’ جانوروں کے باڑوں اور حتیٰ کہ درختوں پر تلاش کررہے ہیں۔

مجھے یقین ہے یہ مگر مچھ وائلڈ لائف کے اہلکار وں ،فیصل آباد کی پولیس اور پنجاب بھر کے شکاریوں کونہیں ملے گا کیونکہ یہ لو گ اس کو غلط جگہ تلاش کررہے ہیں، یہ مگر مچھ اب تک نہ صرف اسلام آباد یا لاہور پہنچ چکا ہو گا بلکہ یہ چینی مافیا، آٹا فیا ،رینٹل پاور پلانٹس مافیا او راین آر اومافیا جو ائن کرچکا ہوگا چنانچہ اگر وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ اسے واقعی تلاش کرنا چاہتا ہے تو اسے فیصل آباد کی بجائے اسلام آباد اور لاہور جانا چاہئے اور مگرمچھ کا پتہ میاں منظور احمد وٹو سے پوچھنا چاہئے کیونکہ ملک میں جب سے چینی کا بحران پیدا ہوا ہے اس وقت سے ملک کے تمام مگرمچھ روزانہ میاں منظور احمد وٹو کے دربار میں حاضری دیتے ہیں اور جب تک میاں صاحب انہیں اجازت نہیں دے دیتے یہ دائیں بائیں ہونے کا رسک نہیں لیتے ۔محکمہ وائلڈ لائف کو اگر یہ مگر مچھ میاں صاحب کے دفتر سے نہ ملے تو محکمے کو فو راً راجہ پرویز اشرف سے رابطہ کرنا چاہئے کیونکہ جب وہ رینٹل پاو ر پلانٹس کا سلسلہ شرو ع ہوا ہے تمام بڑے بڑے مگر مچھ راجہ صاحب کے دفتر اور رہائش گاہ پر بھی رینگتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں چنانچہ ہوسکتا ہے یہ مگر مچھ بھی منہ میں کوئی نہ کوئی رینٹل پاور پلانٹ دبا کر راجہ صاحب کے دربار میں بیٹھا ہو لیکن اگر بد قسمتی سے یہ راجہ صاحب کے دربار میں بھی دکھائی نہ دیا تو پھر آپ اسے نہیں پکڑ سکتے کیونکہ یہ پھر این آر او کے تالاب میں پہنچ چکا ہوگا اور این آر او کے تالاب کو آئینی تحفظ حاصل ہے چنانچہ آپ اسے اس تالاب سے باہر نہیں لاسکیں گے مگر یہاں پر ابھی چند امکانات اور بھی موجود ہیں، آپ کو یہ مگرمچھ رحمٰن ملک کے چڑیا گھر میں بھی مل سکتا ہے کیونکہ ہو سکتا ہے یہ مگر مچھ ای سی ایل پر ہو اور ملک سے باہر جانے کیلئے اسے رحمٰن ملک کی ضرورت ہو اور ملک صاحب اپنا سو ٹ استری کروارہے ہوں چنانچہ مگرمچھ ان کےدفتر میں بیٹھ کر ان کا انتظار کررہا ہو ، ہوسکتا ہے مگر مچھ ویزے کے بغیر دوسرے ملک جانا چاہ رہا ہو یہ مستقبل کے وزیر اعظم حسین حقانی سے ملاقات کیلئے واشنگٹن جانے کا خواہاں ہو یا پھر یہ رچرڈ ہالبروک کے عملے میں بھرتی ہونا چاہتا ہو اور ظاہر ہے اس قسم کے مشکل ٹاسک کیلئے بھی رحمٰن ملک آخری علاج گاہ ہیں چنانچہ مگر مچھ ان کے دفتر میں دھرنا دے کر بیٹھ گیا ہو۔ یہ امکان بھی موجود ہے مگر مچھ وزیر اعظم ہاؤس چلا گیا ہو اور یہ وزیر اعظم صاحب نے اس وزیر کا نام اور پتہ معلوم کررہا ہو جس نے بارہ کلو گوشت کی رشوت لی تھی یا وہ وزیر جو اپنے موبائل میں دوہزار روپے کا ایزی لوڈ کیلئے اپنے اسٹاف کو صبح چھ بجے جگا دیتی ہے یا اس وزیر کا نام معلوم کررہا ہو جس نے کابینہ کے اجلاس میں امریکا زندہ باد کی قرار داد پاس کرانے کی کوشش کررہا ہو جس نے کابینہ کے 64ارکان کیلئے سوا ارب روپے کی بلٹ پرو ف گاڑیاں فراہم کرنی ہیں ۔ یہ امکان بھی موجود ہے مگر مچھ ضمنی الیکشن کا مستقبل معلوم کرنے کیلئے پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے پاس لاہور چلا گیا ہو یا یہ پنجاب کے اگلے وزیر اعلیٰ کا پتہ معلوم کرانے کیلئے راجہ ریاض کے دفتر پہنچ گیا ہو یا یہ پنجاب میں دست بدست لڑائی کی تاریخ کا اندازہ لگانے کیلئے گورنر ہاؤس میں داخل ہوگیا ہو اور یہ امکان بھی موجود ہے مگر مچھ چند آنسو ادھار لینے کیلئے بریگیڈ یئر امتیاز یاشیخ رشید احمد کے پاس چلا گیا ہویا پھر چاند کی اصل تاریخ معلوم کرنے کیلئے ریلوے کے دفاقی وزیر غلام احمد بلور کے پاس پہنچ گیا ہو۔

یہ مگر مچھ کہا ں ہے؟ اس نے اب تک کون سی پارٹی کون سا مافیا جوائن کیا ہوگا چندلمحو ں کیلئے اس بحث کو روکتے ہیں اور نقطے پر غور کرتے ہیں اگر کیری لوگر بل پاس ہونے سے پہلے یہ مگر مچھ نہ ملا تو کیا ہوگا؟ مجھے خطرہ ہے مگر مچھ کی وجہ سے امریکا کو فیصل آباد پر ڈرون حملوں کا جواز مل جائے گا کیونکہ ہیلری کلنٹن ، رچرڈ ہالبروک اور پاکستان میں امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن کسی بھی وقت مگر مچھ کو القاعدہ اور طالبان کارہنما قرار دے سکتی ہیں اور کیری لوگر بل کی وجہ سے حکومت پاکستان سے پاس اس الزام کو تسلیم کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہو گا چنانچہ جس طرح پرانے زمانے کے بادشاہ چوہے مارنے کیلئے پورے شہر کو آگ لگا دیا کرتے تھے بالکل اسی طرح امریکی فوج مگر مچھ مارنے کیلئے فیصل آباد پر ڈرو نز کی بارش کردے گی اور آخر میں معلوم ہوگا مگر مچھ دو سال پہلے ایران شفٹ ہوگیا تھا جس کے بعد امریکا ‘‘سوری بڈی’’کہہ کر ہماری امداد میں تین ملین ڈالر ز اضافہ کر دے گا، یہ امکان بعید از قیاس نہیں کیونکہ جب امریکن اتھارٹیز لیاری میں رحمٰن ڈکیت کو مارنے کیلئے سٹیلائٹ ٹیکنالوجی کی آفر کرسکتی ہیں ،طالبان رہنما بیت اللہ محسود کو اس کے سیکورٹی کارڈ کے ہاتھوں قتل کروا سکتی ہیں اور بلوچستان میں کوئٹہ شوریٰ ڈسکور کرسکتی ہیں تو یہ فیصل آباد کے مگر مچھ کو ٹھکانے لگانے کی ذمہ داری کیوں نہیں اٹھا سکتیں ؟آخر پاکستان امریکا کی 51ویں ریاست ہے اور اس ریاست کو اصلی مگر مچھوں سے بچانا بھی امریکا کی ذمہ داری ہے چنانچہ مجھے یقین ہے یہ مگر مچھ اگر چند دنوں میں نہ پکڑا گیا تو حکومت کو فیصل آباد پر ڈرون حملو کی اجازت دینا پڑجائے گی اور ان حملوں میں مگر مچھ کو کچھ ہو یا نہ ہو لیکن فیصل آباد نہیں بچے گا کیونکہ ڈرون کا فلسفہ ہے ‘‘جب تک کپاس کے پورے کھیت کو آگ نہیں لگ جاتی اس وقت تک سنڈ یوں کا خاتمہ ممکن نہیں ’’۔

نوٹ: مگر مچھ گزشتہ روز مل گیا ہے چنانچہ اب لاہور اور اسلام آباد آنے کی ضرورت نہیں ۔

URL for this article:

https://newageislam.com/urdu-section/faisalabadi-crocodile-/d/1849 

Loading..

Loading..