New Age Islam
Sun Mar 16 2025, 12:29 PM

Urdu Section ( 7 March 2024, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

US Policy Not Sincere in Just Solutions to Israeli-Palestinian Conflict امریکہ اسرائیل فلسطین تنازعہ کا منصفانہ حل نہیں چاہتا

غلام غوث صدیقی، نیو ایج اسلام

انگریزی سے اردو ترجمہ :مصباح الہدی ، نیو  ایج اسلام

اس مضمون میں اسرائیل فلسطین تنازعہ کو انصاف کے ساتھ حل کرنے میں امریکہ کی ناکامی پر روشنی ڈالی گئی ہے، کیونکہ اگر امریکہ واقعی کوئی حل چاہتا تو وہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق عمل کرتا اور اسرائیل پر انسانی اقدار اور شہری حقوق کو برقرار رکھنے کا دباؤ ڈالتا۔ اس مضمون میں اسرائیل-فلسطین تنازعہ کے حوالے سے امریکہ کی جو پالیسی رہی ہے اس کے نتیجے میں وہاں کے شہریوں میں بڑھتی ہوئی ’انتہاپسندی‘ پر امریکہ کو جو تشویش لاحق ہے اسے بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ مزید برآں، جیسا کہ صرف خدا ہی سب سے زیادہ طاقتور ہے اور جبر و تشدد کو سخت ناپسند فرماتا ہے، انسانی حقوق اور انصاف کے دفاع میں خلوص کے ساتھ طویل مدتی قیادت کو یقینی بنانےکے لیے خدا کی اطاعت ضروری ہے۔ اس دنیا میں کسی کا بھی ظلم زیادہ دنوں تک قائم نہیں رہ سکا۔ اور مضمون کے اختتام پر یہ بتایا گیا ہے کہ ہر قسم کا ظلم اور ناانصافی بالآخر خدا کی رحمت سے مٹا دی جائے گی۔

اہم نکات

 1. اگر چہ ہمیں اس بات کا پختہ یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت فلسطین پر ظلم کا خاتمہ کر دے گی، لیکن امریکی پالیسی اسرائیل اور فلسطین تنازع کو اب تک زندہ رکھے ہوئے ہے۔

 2. امریکہ اپنے شہریوں کے درمیان ممکنہ طور پر بڑھتی ہوئی ’بنیاد پرستی ‘سے فکر مند ہے، اور اسے اس بات کا خوف ہے کہ اگر ہماری پالیسی اسرائیل کے حق میں زبانی طور پر حمایت سے آگے بڑھی تو ہمیں اپنے ہی ملک میں انتہا پسندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

 3. سلطنت عثمانیہ، جو کبھی عدل و انصاف کے لیے جانی جاتی تھی، اس وقت اقتدار سے بے دخل کر دی گئی جب ان کے درمیان نافرمانی، بدعنوانی، بغاوت اور ناانصافی بڑھ گئی۔

 4. اسرائیل فلسطین تنازعہ نے بڑے پیمانے پر انسانوں کو تباہ کیا ، جبکہ حضرت ابراہیم، حضرت  موسیٰ، حضرت سلیمان، حضرت عیسیٰ اور حضور سید الانبیا محمد (علیہم  الصلوۃ والسلام)   اور ساری کائنات کا  خدا  ایک ہی ہے اور وہ خدا  زمین پر فتنہ و فساد اور انسانوں پر ناحق ظلم و ستم سے سخت نفرت کرتا ہے۔

 ------

 حقیقت یہ ہے کہ امریکہ اسرائیل فلسطین تنازعہ کو طول دیتا رہا ہے اور ان دونوں ممالک کا مسئلہ حل کرنے کے بجائے انہیں جنگ کی آگ میں جھونکے رکھنا چاہتا ہے، اور اس سے یہ بات عیاں ہو جاتی ہے کہ وہ بس دکھاوا کر رہا  ہے اور امن و آشتی کو فروغ دینے میں مخلص نہیں ہے۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو اب تک ان دونوں ممالک کے درمیان پرامن سرحدوں کا قیام عمل میں لانے کی کوششیں  کی جا چکی ہوتیں۔ اسرائیل کی فلسطین کو ایک آزاد اور با اختیار ملک بنانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے کیونکہ وہ پورے فلسطین کو ناجائز طور پر ہڑپنا چاہتا ہے۔ اور اسرائیل اپنے اس منصوبے کو لیکر پرعزم ہے کیونکہ اس کا خیال ہے کہ "سپریم پاور" امریکہ اس کے پلے میں ہے۔

 امریکہ انصاف کے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتا اگر اس نے فلسطین و اسرائیل تنازعہ کا صحیح معنوں میں کوئی حل تلاش کرنے کی کوشش کی ہوتی۔ اگر امریکہ قیام امن کو لیکر مخلص ہوتا، تو ضرورت پڑنے پر اس کی مضبوط پالیسیاں اسرائیل پر دباؤ ڈالتیں، کیونکہ ایسے طاقت کا استعمال بھی بعض اوقات انسانی اقدار کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہو جاتا ہے جو زندگی کے حق اور جانوں کے تحفظ کی بھرپور حمایت کرتی ہیں، بشمول ماؤں، بہنوں، خواتین، بیٹیوں، عورتیں، اور معصوم بچوں کے، جن کی زندگی ہنسی خوشی گزر رہی ہوتی ہے۔

 تاہم، اسرائیل کی پشت پناہی کے نتیجے میں، امریکہ اپنے شہریوں میں بڑھتی ہوئی ’بنیاد پرستی‘ کا خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہے۔ امریکہ پریشان ہے کیونکہ امریکی شہریوں کا ایک بڑا حصہ فلسطین کی حمایت میں کھڑا ہے، اور اگر امریکہ اسرائیل کی زبانی حمایت سے آگے بڑھ کر حقیقی اور عملی طور پر اس کی حمایت کرتا ہے تو اس کے اپنے ملک کے اندر ہی ’انتہا پسندی‘ کی ایک آندھی اٹھ کھڑی ہوگی۔ اس کے دانشورانہ محکمے نے ہمیشہ اپنے شہریوں کے جذبات کو مدنظر رکھ کر ہی اپنا کوئی بھی قدم اٹھایا ہے۔

 فلسطین میں روزانہ کی بنیاد پر قتل کیے جانے والے انسانوں کی جان کا تحفظ کبھی بھی امریکہ کی حقیقی ترجیح نہیں رہا ہے۔ بلکہ یہ ہمیشہ اپنے مطلب کا پجاری رہا ہے کیونکہ یہ’ بنیاد پرستی‘ کے پھیلاؤ سے ہمیشہ ڈرتا رہا ہے اور حتمی، طویل مدتی حکومت کے لیے جو تحفظ درکار ہے ہمیشہ اس کے لیے فکر مند رہتا ہے۔

تاہم، جو طاقت ظلم کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اس کا زوال یقینی ہے۔ اگر خدا نے آپ کو سپر پاور بنایا ہے تو آپ کے پاس دو راستے ہیں۔ آپ خدا کا شکر ادا کر سکتے ہیں اور ایسے کام کر سکتے ہیں کہ جس سے آپ کو مزید تائید الہی حاصل اور مالک حقیقی آپ سے خوش ہو اور آپ کی بالا دستی ایک طویل عرصے تک قائم رہے۔ آپ کو سمجھنا ہوگا کہ خدا کی تائید ان کوگوں کے ساتھ ہے جو انصاف پسند اور سچے ہیں، اور اس کی خلق اور نسل انسانی کی حفاظت کے لیے مخلص اور پرعزم ہیں۔

 جبکہ آپ کے پاس یہ اختیار بھی ہے کہ آپ اللہ کے اس احسان کی ناشکری کریں جس نے آپ کو اقتدار اور طاقت عطا کی ہے، اور ظالمانہ روش اختیار کریں یا ظالموں کی حمایت کریں، جو کہ ایسا طرز عمل ہے جس سے اللہ سب سے زیادہ نفرت کرتا ہے۔ جب اللہ تعالیٰ کسی سے بہت زیادہ غضبناک ہو جاتا ہے تو اس سے اقتدار کی باگ ڈور چھین کر اقتدار کی کرسی پر کسی اور کو بیٹھا دیتا ہے۔ سلطنت عثمانیہ کو ہی دیکھ لیں۔ سلطنت عثمانیہ جب تک عدل و انصاف پر قائم رہی، اقتدار ان کے پاس تھی، اور اس وقت اقتدار سے بے دخل کر دی گئی جب ان کے درمیان نافرمانی، بدعنوانی، بغاوت اور ناانصافی بڑھ گئی۔

 اسرائیل فلسطین تنازعہ نے بڑے پیمانے پر انسانوں کو تباہ کیا ہے۔ جبکہ حضرت ابراہیم، حضرت  موسیٰ، حضرت سلیمان، حضرت عیسیٰ اور حضور سید الانبیا محمد (علیہم  الصلوۃ والسلام)   اور ساری کائنات کا  خدا  ایک ہی ہے اور زمین پر فتنہ و فساد، انسانوں پر ناحق ظلم و ستم سے سخت نفرت کرتا ہے۔ وہی خدا اس دنیا کے اندر ہر قسم کے شر اور فتنہ و فساد کو ناپسند کرتا ہے۔ وہ انسانوں کے ناحق خون بہانے کو ہرگز پسند نہیں کرتا  بلکہ ظالموں پر دیر سویر اپنا غضب نازل فرمائے گا۔

 واقعی، خدا صرف ایک ہے، جو تمام عالمی طاقتوں کا خالق ہے۔ خدا اپنے بندوں کا امتحان لیتا ہے، انہیں سخت امتحان میں ڈالتا ہے کہ آیا وہ حقیقی طور پر امن و ہم آہنگی کو قائم رکھتے ہوئے اور انسانی اقدار اور خدائے تعالیٰ کی مخلوقات کے احترام کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس آزمائش میں کامیاب ہو رہے ہیں یا ناکام ۔ جو فلسطینی شہریوں کے دکھ درد میں شریک ہیں ، اور ظلم و زیادتی کے خلاف اپنی آوازیں بلند کرکے انسانیت دوستی کا ثبوت پیش کر رہے ہیں ، انہیں اللہ تعالی کی رحمت پر کامل اور پختہ یقین رکھنا چاہیے کہ یقینا اللہ تعالی کی  دیر سویر غیبی مدد آئے گی اور ظلم و ستم کا خاتمہ ہوگا ۔

English Article: US Policy Not Sincere in Just Solutions to Israeli-Palestinian Conflict

 URL: https://newageislam.com/urdu-section/us-solutions-israeli-palestinian-conflict/d/131866

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..