New Age Islam
Sat Feb 15 2025, 12:57 PM

Urdu Section ( 12 Jan 2021, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Urdu Language Facing Great Oppression In India - Concluding Part ہندوستان میں اردو کے ساتھ بڑا ظلم-آخری قسط

جسٹس (ر) مارکنڈے کاٹجو

11 جنوری ، 2021

صدیوں سے فارسی ہندوستان کی درباری زبان تھی۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ فارسی نے فردوسی ، حافظ ، سعدی ، رومی ، عمر خیام وغیرہ جیسے قلمکاروں کی وجہ سےفارس میں ثقافت ،نازک پن اورنفاست کی زبان کے طور پرکافی ترقی کی تھی اور یہ مشرقی دنیا کے بڑے حصے میں پھیل گئی تھی۔ مغل ترک تھے ، فارسی نہیں تھے ، لیکن اگرچہ ان کی مادری زبان ترک تھی ، لیکن انہوں نے فارسی کو عدالتی زبان کے طور پر قبول کیا کیونکہ یہ ترک سے کہیں زیادہ ترقی یافتہ زبان تھی۔ اس طرح ، اگرچہ بابر نے اپنی سوانح عمری ’ تزک بابری‘ ترک زبان میں لکھی ، لیکن اس کے پوتے اکبر نے اس کا فارسی میں ترجمہ کیا اور اس کا نام بابر نامہ رکھا گیا۔ ابوالفضل کی تصنیف کردہ اکبر کی سوانح عمری فارسی میں ہے اور اسی طرح ان کے بیٹے جہانگیرکی سوانح عمری جہانگیر نامہ اور شاہجہان کی سوانح عمری شاہجہاں نامہ بھی فارسی میں ہے۔ فارسی کئی صدیوں تک ہندوستان کی درباری زبان تھی ، اور اسی وجہ سے اس نے شہروں کی مشترکہ زبان کھری بولی پر اپنا اثر مرتب کیا۔ پھر اردوزبان کیسے وجود میںآئی؟ یہ ایک دلچسپ سوال ہے اور میں اس کا جواب دینے کی کوشش کروں گا۔ اورنگ زیب کے بعد مغل صرف نام کے شہنشاہ رہ گئے تھے ، حقیقت میں وہ کمزور تھے ۔ انہوں نے اپنی سلطنت کو انگریزوں ، مراٹھوں اور اپنے گورنروں کے ہاتھوں کھو دیا تھا ، جو واقعی آزاد حکمران بن چکے تھے ۔جیسےکہ اودھ اور حیدرآباد کےنواب۔ ان کے دور میں درباری زبان آہستہ آہستہ فارسی کے بجائے اردو ہوگئی۔ سوال ہے کہ عظیم مغلوں کے دور میںجب زبان فارسی تھی تو بعد کے مغلوں کے دور میں اردو کیوں بن گئی؟ اس کی وجہ یہ تھی کہ بعد میں مغل حقیقی شہنشاہ نہیں تھے بلکہ عام آدمی کی تمام مشکلات کے ساتھ عام لوگوں کے قریب اورمفلس ہوگئے تھے۔ اس لئے انہیں عام آدمی سے قریب زبان کا سہارا لینا پڑا۔

 ان کی عدالت کی زبان کھری بولی کیوں نہیں بنی ؟ جو شہروں میں عام آدمی کی زبان تھی؟ اس کی وجہ یہ تھی کہ بعد کے مغلوں ، اور ان کے عہدیداروں ، نوابوں اور ویزیروں نے مفلسی کے بعدبھی اپنے وقار ، ثقافت اور عزت نفس کو برقرار رکھا۔ وہ اس کے باجودبھی خود کو شہزادہ تیموریہ یعنی تیمور کی اولادکہلانے پر فخر کرتے تھے۔اردو کے سب سے بڑے شاعر غالب کی مشہور کہانی یہ ہے کہ انتہائی مالی پریشانی کے باوجود انہوں نے ملازمت سے صرف اسلئے انکار کردیا کیونکہ جب وہ اپنی خدمات پیش کرنے گئے تو کوئی بھی ان کے استقبال کیلئے  موجود نہیں تھا۔ اردو کےاجزا یعنی اس میں جو جذبات اور خیالات بیان کیے گئے ہیں وہ عام آدمی کے ہیں ، لیکن اس کی اظہار کی شکل اشرافیہ کی ہے۔ دوسرے لفظوں میں ، اردو عام آدمی کی پریشانیوں ، غم ، اضطراب اور امیدوں اور امنگوں کا اظہار کرتی ہے لیکن اس کا انداز  بیان عام آدمی کا نہیں بلکہ اشرافیہ کا ہے۔ مثال کے طور پر ، اردو کے عظیم شاعر غالب خود کو اشرافیہ میں  شمار کرتے تھےاور ان کی شدید خواہش تھی کہ وہ عام لوگوں سے مختلف ہوجائیں ، اور ان کی شاعری میں اصل اور غیر روایت پن ہے۔ غالب کا یقین کامل تھا کہ شاعری کی زبان بولی جانے والی زبان کی طرح نہیں ہونی چاہئے۔اس لئے وہ اکثر اپنے خیالات کا ظہار براہ راست نہیں بلکہ اشارے اورکنائے سے کرتے تھے۔اردو کے دوسرے بہت سے شعراء کا بھی یہی حال ہے۔ وہ اکثر اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار سادہ ، سیدھی زبان میں نہیں بلکہ رموز ، اشارے ، کنائےاور گھما پھراکر کرتے ہیں۔ اس کا مقصد یہ ہےان کی زبان نفاست سے بھرپوراور اشرافیہ کی طرح نظر آئے۔ تاہم ، اس سے بعض اوقات اشعار کو سمجھنا مشکل ہوجاتا ہے ۔ جب تک ہندوستان میں مغل شہنشاہ طاقتورتھے ، فارسی عدالت کی زبان تھی اور اردو کو کبھی بھی عزت نہیں دی جاتی تھی ، اور وہ شمالی ہندوستان میں کبھی بھی دربار کی زبان نہیں بن سکتی تھی ، لیکن اس کی بجائے اسے جنوبی ہندوستان اور گجرات میںاس کو پناہ ملی جہاں یہ اشرافیہ کی زبان تھی۔ ایک لحاظ سے اردو کی ابتداء جنوبی ہند میں ہوئی اور وہیں عظیم مغلوں کے دور میں مقبول ہوئی۔ اسے گولکونڈہ ، بیجاپور ، احمد نگر ، وغیرہ کی جنوبی سلطنتوں میں سرپرستی حاصل ہوئی جہاں یہ عدالت کی زبان بن گئی۔

 اس طرح یہ بات دلچسپ ہے کہ عظیم مغلوں کے دور میں جنوبی ہند اور گجرات میں اردو عدالت کی زبان بن گئی لیکن جب تک مغل شہنشاہ مضبوط تھے تب تک یہ شمال میں کبھی بھی فارسی کوہٹا نہیں سکی۔ حقیقت میں اس وقت تک اسے کمتر زبان سمجھا جاتا تھا ، اور فارسی کو مثالی زبان سمجھا جاتا ۔یہ وہی وقت کا تھا جب بعد کے مغلوں کا دور (۱۷۰۷ء میں اورنگ زیب کی موت کے بعد) شروع ہوا تھا کہ اردو نے آہستہ آہستہ فارسی کو عدالتی زبان کے طور پر بے دخل کردیا، حالانکہ یہ کام بادل نخواستہ کیا گیا۔  اس کی ایک مثال غالب ہے جنہوں نے اپنی فارسی شاعری کو ترجیح دی اور اپنی اردو شاعری کوکمتر سمجھتےتھے۔حالانکہ غالب اردو شاعری کی وجہ سے ہی عظیم ہوئے۔ اس طرح وہ اپنے دوست منشی شیو نارائن آرام کو خط میں لکھتے ہیں’میرے دوست ، میں اردو میں کیسے لکھ سکتا ہوں؟ کیا میرا رتبہ اتنا کم ہے کہ مجھ سے اس کی توقع کی جانی چاہئے؟ ” اس طرح اردو میں لکھنے کوکمتر  سمجھا جاتا تھا ، اور اس وقت کے تمام قابل احترام لکھاری فارسی میں لکھتے ۔اورنگ زیب کے دور میں۱۷۰۰ءمیں ولی دکنی جنوبی ہندسےدہلی آئے تھے ۔ اس وقت دہلی اور آگرہ کے شاعر ہمیشہ اپنی شاعری فارسی میں لکھتے تھے ، جبکہ ولی اردو میں لکھتے تھے ، جس کو سمجھنا آسان تھا۔

۱۹۴۷ء تک ہی اردو عدالتوں ، اور ہندوستان کے بڑے حصوں میں تعلیم یافتہ لوگوں کی زبان تھی۔ اس کے ساتھ ہی ، اس کی دوہری قسم کی وجہ سے ، یہ شہری علاقوں میں عام آدمی کی زبان (کھری بولی) بھی تھی۔ شہری ہندوستان کے بڑے حصےمیں عام آدمی کی زبان ہونے کی وجہ سے اردونے ہر زبان سے الفاظ مستعار لئے اور دوسری زبان کے الفاظ پر کبھی بھی اعتراض نہیں کیا۔ یوں ، عظیم شاعر اکبر الہ آبادی نے اپنی شاعری میں انگریزی کے بہت سے الفاظ استعمال کیے۔ چونکہ اردو عام آدمی کی زبان تھی اس کو عام آدمی پسند کرتا تھا ، اور آج بھی اس سے پیار کیا جاتا ہے۔ آج بھی ہندی فلمی گانے اردو میں ہیں ، کیونکہ دل کی آواز اپنی زبان میں ہی ہوتی ہے ، تاہم بہت سے لوگ اسے دبانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ ہندوستان میں ریلوے اسٹیشن کی کتابوں کی دکانوں پر جو کتابیں فروخت ہوتی ہیں وہ غالب ، میر ، فیض ، جوش ، فراق ، حالی ، داغ ، مجاز ، ذوق ، وغیرہ (آج کل دیووناگری رسم الخط میں) کی ہوتی ہیں نہ کہ ہندی شاعروں کی۔ ہندی قلمکار جن کا اردو پس منظر ہے جیسےپریم چند ، کشن چند ، راجندر سنگھ بیدی ، پروفیسر گوپی چند اور ملک رام ہندی دنیا میں بھی سب سے زیادہ قبول کیے جاتے ہیں۔ اردو کو ہندوستانی عوام بہت پسند کرتے ہیں کیوں کہ یہ لوگوں میں کافی فروغ پا گئی ہے۔ اردو ادب عام آدمی کی مصیبتوں اور ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کا ادب ہے۔ اردو شاعری نے رسم و رواج ، رسم پرستی اور جابرانہ یا قدیم سماجی رسم و رواج کے خلاف احتجاج کیا ہے ۔ جدید ہندوستان میں اردوکا عام آدمی کی زبان ہونا مکمل طور پر سیکولر ہے۔ اردو ادب پر صوفیوں اثر ہے۔ صوفی مسلمانوں میں لبرل تھے ، اور متعصب نہیں۔ انہوں نے تمام انسانوں میں محبت کاآفاقی پیغام بلا لحاظ مذہب اور ذات پات کے پھیلا یا۔ میر اور نذیر جیسے اردو کے کچھ قلمکاروں نے ہولی ، دیوالی ، راکھی اور دیگر ہندو تہواروں اور رسومات پر خوبصورت نظمیں لکھی ہیں ، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اردو کسی خاص مذہب کی زبان نہیں تھی۔ ہندوؤں کی ایک بڑی تعداد نے اردو ادب کی پہلی صف میں اپنے نام پیدا کئے۔ جیسے،فراق ، چکبست ، رتن لال سرشار وغیرہ۔ ولی کی شاعری میں گنگا ، جمنا ، کرشنا ، رام ، سرسوتی ، سیتا ، لکشمی وغیرہ الفاظ کثرت سے آتے ہیں۔ اردو کو سب سے زیادہ نقصان ۱۹۷۴ءکی تقسیم ہند نے کیا تھا۔ تب سے ہندوستان میں اردو کو غیر ملکی اور صرف مسلمانوں کی زبان بتایا جانے لگا۔یہ اس قدر بڑھ گیاکہ خود ہندوستانی مسلمان نےبھی اپنی حب الوطنی دکھانے اور ہندو بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے اردو پڑھنا چھوڑ دیا۔تاہم ، تمام معاندانہ کوششوں کے باوجود جو زبان دل کی آواز میں بات کرتی ہےاس کو اس وقت تک ختم نہیں کیا جاسکتا جب تک لوگوں کے پاس دل ہے۔ آج بھی ہندوستانیوں کے دلوں میں اردو آبادہے اوراس کا ثبوت حیرت انگیز طور پر مشاعروں میںبڑے ہجوم کی شکل دیکھا جا سکتا ہے جس میں تمام طبقات کے لوگ شامل ہوتےہیں۔اگر اردو غیر ملکی زبان ہے تو یہ بہت حیرت کی بات ہے کہ ہندوستان کے عوام اس سے اس قدر پیار کرتے ہیں۔ آخر میں میں اردو مقلمکاروں سے گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ وہ آسان زبان استعمال کریں۔اس میں عربی اورفارسی کا کم استعمال کریں۔ادب کو عوام کی جدوجہد میں ان کی حوصلہ افزائی کرکے بہتر زندگی کیلئے ترغیب دینا چاہئے اور یہ آسان زبان استعمال کرکے کیا جاسکتا ہے جسے عام لوگ سمجھ سکتے ہیں۔ جیسے ونسٹن چرچل کی جنگ کے وقت کی تقریریں ، یا پریم چند ،سرت چندر ، فیض یا منٹو کےتخلیقات وغیرہ۔

11 جنوری ، 2021،بشکریہ:انقلاب، نئی دہلی

Part-1: Urdu Language Facing Great Oppression In India- Part-1 ہندوستان میں اردو کے ساتھ بڑا ظلم -حصہ اول

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/urdu-language-facing-great-oppression-concluding-part/d/124046


New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..