New Age Islam
Tue Mar 18 2025, 11:28 PM

Urdu Section ( 27 March 2023, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Thirty Lessons Of Ramadan: Fourth Lesson On The Fasting Of Ramadan And its Intention – Part 4 رمضان کے تیس اسباق: چوتھا سبق، روزہ اور نیت

مفتی عبد المالک مصباحی

چوتھی قسط

27 مارچ 2023

چوتھاسبق: روزہ اور نیت

روزہ کی تعریف: روزہ عرف شرع میں مسلمان کا بہ نیت عبادت صبح صادق سے غروب آفتاب تک اپنے کوقصدًاکھانے پینے اورجماع سے باز رکھناہے۔ ا س میں عورت کا حیض ونفاس سے خالی ہونابھی شرط ہے۔ (بہار شریعت)

روزہ کے درجے: روزے کے تین درجے ہیں ایک عام لوگوں کا روزہ کہ یہی پیٹ اور شرم گاہ کو کھانے پینے اور جماع سے روکنا ہے۔ دوسرا خواص کا روزہ کہ ان کے علاوہ کان آنکھ، زبان، ہاتھ، پاؤں اور تمام اعضا کو گناہ سے باز رکھنا ہے،اور تیسرا خاص الخاص کا کہ جمیع ماسوی اللہ سے اپنے کو بالکلیہ جدا کر کے صرف اسی کی طرف متوجہ رہناہے۔ (جوہرہ نیرہ)

نیت کا وقت: اداے رمضان اور نذر معین اور نفل کے روزوں کے لیے نیت کا وقت غر وب آفتاب سے ضحوۂ کبرٰی تک ہے اس وقت میں جب نیت کرلے یہ روزے ہو جائیں گے۔ لہٰذا آفتاب ڈوبنے سے پہلے نیت کی کہ کل روزہ رکھوں گا پھر بے ہوش ہو گیا اور ضحوۂ کبرٰی کے بعد ہوش آیا تو یہ روزہ نہ ہوا اور آفتاب ڈوبنے کے بعد نیت کی تھی تو ہو گیا۔ (در مختار و ردالمحتار)

مسئلہ۔ضحوۂ کبرٰی،نیت کا وقت نہیں بلکہ اس سے پہلے نیت ہوجانا ضروری ہے۔ اور اگر خاص اس وقت یعنی جس وقت آفتاب خط نصف النہار شرعی پر پہنچ گیا نیت کی تو روزہ نہ ہوا۔ (عامہ کتب فقہ)

 نصف النہار شرعی کا وقت معلوم کرنے کا طریقہ:

نصف النہا ر شرعی جاننے کا طریقہ یہ ہے کہ جس دن کا نصف النہار شرعی معلوم کرنا ہو اس دن کے صبح صادق سے لے کر غروب آفتاب تک کا وقت شمار کر لیجیے اور اس وقت کے دو حصے کر لیجیے، پہلا آدھا حصہ ختم ہوتے ہی ”نصف النہار شرعی“کا وقت شروع ہو جائے گا۔ مثلاًآج صبح صادق ٹھیک چار بجے ہے اور غروب آفتاب ٹھیک چھ بجے ہے تو دونوں کے درمیان کا وقت کل چودہ گھنٹے ہوئے۔ اب اسے دو حصوں میں تقسیم کرنے سے سات سات گھنٹے ہوئے اب چار بجے میں سات گھنٹے ملا لیجیے تو اس طرح گیارہ بجتے ہی نصف النہارشرعی کا وقت شروع ہوگیا۔ گویا اب گیارہ بجے کے بعد سے ان تین طرح کے روزوں کی نیت نہیں ہوسکتی۔ (رد المحتار ج۳۔ ص۱۴۳)

مسئلہ ۔ نیت دل کے ارادے کا نام ہے زبان سے کہنا شرط نہیں مگر زبان سے کہہ لینا مستحب ہے۔اگر رات میں روزہ رمضان کی نیت کریں تو یوں کہیں۔

 نَوِیْتُ اَنْ اَصُوْمَ غَدًا لِلّٰہِ تَعَالیٰ مِنْ فَرِضِ رَمْضَانَ ھٰذَا

ترجمہ:نیت کرتا ہوں میں کل اس فرض رمضان کا روزہ رکھو ں گا۔

مسئلہ۔ اگردن میں نیت کرے تو یوں کہے۔

 نَوِیْتُ اَنْ اَصُوْمَ ھٰذَا الْیَوْمِ لِلّٰہِ تَعَالیٰ مِنْ فَرِضِ رَمْضَانَ ھٰذَا۔

نیت کرتاہوں میں آج اس فرض رمضان کا روزہ رکھتاہوں۔ (ردالمحتار،ج:۳،ص:۲۳۳)

 مسئلہ۔عربی میں نیت کے کلمات ادا کرنے اسی وقت نیت شمارکئے جائیں گے جب کہ ان کے معنیٰ بھی آتے ہوں اور یہ بھی یاد رہے کہ زبان سے نیت کرنا خواہ کسی بھی زبان میں ہو اسی وقت کا ر آمد ہوگا جب کہ اس وقت دل میں بھی نیت موجود ہو۔

مسئلہ۔ نیت اپنی مادری زبان میں بھی کی جاسکتی ہے مگر شرط یہی ہے کہ عربی میں کریں خواہ کسی اور زبان میں نیت کرتے وقت دل میں بھی ارادہ موجود ہو ورنہ بے خیالی میں صرف زبان سے رٹے رٹائے جملے ادا کر لینے سے نیت نہ ہوگی ہاں اگر بالفرض زبان سے رٹی ہوئی نیت کہہ لی مگر بعد میں نیت کے لیے وقت کے اندر دل میں بھی نیت کرلی تو اب نیت صحیح ہے۔ (رد المحتار، ج:۳، ص:۲۳۳)

مسئلہ۔ اگر دن میں نیت کریں تو ضروری ہے کہ یہ نیت کریں کہ میں صبح سے روزہ دار ہوں۔ اگر اس طرح نیت کی کہ اب سے روزہ دار ہوں صبح سے نہیں تو روزہ نہ ہوا۔ (الجوہرۃ النیرۃ،ج۱۔ ص۰۷۱)

مسئلہ ۔رمضان کے ہر روزہ کے لیے نئی نیت کرنا ضروری ہے ایک دن کی نیت پورے مہینہ کے لیے کافی نہیں۔ (ایضاً)

۔۔۔(جاری)۔۔۔

----------------

مفتی عبد المالک مصباحی متعدد کتابوں کے مصنف اور مختلف مقامات پر تدریس و خدمات انجام دے چکے ہیں جن میں سے چند یہ ہیں: بحیثیت مفتی و شیخ الحدیث، دار العلوم غوثیہ ہبلی، کرناٹک، بانی رکن مفتی و صدر مدرس دار العلوم سلیمانیہ رحمانیہ، بیکانیر، بانی و مہتمم، مفتی و صدر مدرس دار العلوم غریب نواز بیکانیر، راجستھان، مفتی و صدر مدرس، مدرسہ ونوا لیبومسلم لیگ، فیجی(نزدآسٹریلیا)، بانی و جنرل سکریٹری مدینہ ایجوکیشنل سوسائٹی، سیتا مڑھی، بہار، ناظم اعلیٰ دارالعلوم رضاے مصطفی،بکھری،باجپٹی،سیتامڑھی،بہار، مفتی و صدر مدرس مدرسہ شاہ خالد،گیبرون،بٹسوانہ(افریقہ)، مفتی سنی دارالافتا،مدینہ مسجد،آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ، جنرل سکریٹری رضا فاؤنڈیشن،آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ، ڈائریکٹر دارین اکیڈمی (جہاں فی الحال دینی و عصری تعلیم دی جاتی ہے) آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ، بانی ادارہ افکار رضا،جمشیدپور،جھارکھنڈ، چیف ایڈیٹر دوماہی رضاے مدینہ(اردو،ہندی)،آزادنگر،جمشیدپور،جھارکھنڈ ۔

_____________

Part: 1 – Thirty Lessons of Ramadan: Welcome to Ramadan and First Lesson on the Virtues of Ramadan – Part-1 رمضان کے تیس اسباق: استقبال رمضان اور فضائل رمضان

Part: 2 – Thirty Lessons of Ramadan: Second Lesson on the Respect of Ramadan – Part 2 رمضان کے تیس اسباق: دوسرا سبق، رمضان المبارک کا احترام

Part: 3 – Thirty Lessons of Ramadan: Third Lesson on the horrific consequences of desecrating Ramadan – Part 3 رمضان کے تیس اسباق: تیسرا سبق، رمضان المبارک کی بے حرمتی کاانجام

URL: : https://newageislam.com/urdu-section/thirty-lessons-ramadan-fasting-intention-–-part--4/d/129417

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..