New Age Islam
Thu Apr 17 2025, 09:08 PM

Urdu Section ( 29 Dec 2022, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

The Taliban: Will They Ever Change? کیاطالبان کبھی بدلیں گے؟

پرویز حفیظ

29 دسمبر 2022

افغانستان میں طالبان حکومت نے سیکنڈری اسکولوں کے دروازے لڑکیوں پر پہلے ہی بند کر رکھے تھے اب وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے بھی محروم کردی گئی ہیں۔پچھلے ہفتے ایک نیا فرمان جاری کرکے یونیورسٹیوں میں خواتین کے داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے۔جب علم حاصل کرنا عورت اور مرد دونوں پر فرض ہے  تو پھر افغانستان کی عورت کو اس فرض کی ادائیگی سے محروم کیوں کیا جارہا ہے؟گزشتہ چند ماہ سے افغانستان سے جو خبریں آرہی ہیں وہ منفی اور مایوس کن ہیں۔ لوگوں کو سر عام کوڑے مارے جانے کی سزا دوبارہ متعارف کرادی گئی ہے۔حال میں جنوب مغربی صوبہ فرح میں قتل کے ایک مجرم کو قانون نے سزا دینے کے بجائے مقتول کے باپ کے ہاتھوں میں بندوق تھما کر اسے شوٹ کرنے کا حکم دے دیا تاکہ وہ اپنا انتقام خود لے سکے۔ ایک فٹ بال اسٹیڈیم میں ایک انسان کی وحشیانہ ہلاکت کے اس ہولناک نظارہ کو دیکھنے کے لئے انتظامیہ کی دعوت پر سیکڑوں تماش بین اکٹھا ہوئے۔

 طویل عرصے تک چلی جنگ، خانہ جنگی اور دہشت گردی سے تباہ حال ملک میں دہشت گردانہ حملوں کا سلسلہ بھی دوبارہ چل نکلا ہے۔ پچھلے چند ماہ میں مدرسوں اور اسکولوں میں ہوئے بم دھماکوں میں درجنوں معصوم لڑکے لڑکیاں فوت ہوچکے ہیں۔طالبان کے ہمدرد سمجھے جانے والے پاکستان، روس اور چین کے سفارت خانوں پر حملے ہوئے ہیں۔ایک جانب جنون اور وحشت کا یہ کھیل جاری ہے اور دوسری جانب معیشت ہچکیاں لے رہی ہے۔ طالبان اقوام عالم کی خوشنودی حاصل کرنے کے بجائے ایسا قدم اٹھا رہے ہیں جیسے انہوں نے ساری دنیا کو مزید بدگمان اور برگشتہ کرنے کا عہد کر رکھا ہو۔

 2020ء میں دوحہ میں امریکہ کے ساتھ کئے گئے معاہدے میں طالبان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ حقوق انسانی خصوصاً خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔اگست 2021ء میں امریکی افواج کے انخلا کے بعدجب طالبان نے افغانستان کا اقتدار اپنے ہاتھوں میں لیا تھا اس وقت ان کے لیڈروں نے دنیا کو یہ بھروسہ دلایا تھا کہ وہ ملک میں ایک نیا اعتدال پسندانہ اور منصفانہ نظام قائم کریں گے جہاں تمام شہریوں کے ساتھ بلا تفریق نسل وزبان اور مسلک و نظریہ مساویانہ سلوک کیا جائے گا۔ خواتین کے تئیں ان کے دیرینہ رویے کی وجہ سے مغرب میں پائے جانے والے خدشات کو دور کرنے کی خاطر طالبان نے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ لڑکیوں کو اسکول اور کالج جانے اور ملازمت کرنے کی آزادی دی جائے گی۔ لیکن انہوں نے اپنا وعدہ نہیں نبھایا۔

 امریکہ اور برطانیہ ہی نہیں سعودی عرب، ترکی، قطر اور متحدہ عرب امارات جیسے اسلامی ممالک نے بھی خواتین کی اعلیٰ تعلیم پر پابندی کے فیصلے کی سخت تنقید کی اور افغان حکومت کو ہوش کے ناخن لینے کی صلاح دی۔ سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ طالبان افغان خواتین کو ان کے تمام جائز اختیارات فراہم کریں جن میں سب سے اہم تعلیم کا حق ہے جس کے ذریعہ ملک میں سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی آئے گی۔اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کے نمائندے کے مطابق طالبان کا یہ فیصلہ نہ صرف بنیادی انسانی حقوق بلکہ اسلامی تعلیمات کی بھی خلاف ورزی کرتاہے۔ترکی کے وزیر خارجہ نے بھی پابندی کو غیر اسلامی اور غیر انسانی قراردیا۔

 1996ء میں طالبان کی حکومت کو سب سے پہلے سعودی عرب نے تسلیم کیا تھا اور قدم قدم پر ان کی سرپرستی اور حمایت کی تھی۔ طالبان کو سعودی عرب سے ہی کچھ سبق لینا چاہئے جہاں تعلیم نسواں کو حکومت فروغ دیتی ہے۔ سعودی عرب کی یونیورسٹیوں میں طالبات کا تناسب ہندوستان، چین اور میکسکو جیسے ممالک سے بھی زیادہ ہے۔ افغانستان کے علاوہ دنیا کے کسی بھی مسلم ملک میں لڑکیوں یا خواتین کے اسکول یا کالج جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

 افغان لڑکیوں کوحصول تعلیم کا کس قدر شوق ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ طالبان کا حالیہ فیصلہ سن کر وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں۔کم لوگ اس حقیقت سے واقف ہوں گے کہ 1996ءمیں طالبان کی آمد سے قبل کابل یونیورسٹی میں طلباء اور طالبات کی تعداد برابر تھی اور 60؍فیصد اساتذہ خواتین تھیں۔ اسکولوں میں 70؍فیصد ٹیچرز اور اسپتالوں میں 40؍فیصد ڈاکٹر خواتین تھیں۔ پچھلے بیس برسوں میں ملک میں لڑکیوں کی شرح خواندگی دوگنی ہوگئی ہے اور اسکولوں میں لڑکیوں کی تعداد 35؍لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ دوحہ مذاکرات کے دوران اور کابل پر فتح کا پرچم لہرانے کے بعد طالبان نے عام معافی کا اعلان کرکے دنیا کو یہ تاثر دیا تھا کہ وہ اپنی پرانی روش ترک کرکے اپنے دوسرے دور حکومت میں ایک اعتدال پسند اور پرامن نظام قائم کریں گے جس میں جبر کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ لیکن پچھلے سترہ ماہ میں طالبان نے یہ واضح کردیا ہے کہ ان کے وعدوں اور دعووں کے برعکس نہ ان کے سیاسی اور معاشرتی انداز فکرمیں کوئی تبدیلی آئی ہے اور نہ ہی ان کے اخلاقی رویوں میں۔ وہ پورے ملک میں پرانی شدت پسند انہ پالیسیاں نافذ کرنے پر مصر ہیں۔ یہ وہی رجعت پسندانہ اقدام ہیں جن کا مشاہدہ دنیا نے ان کے پہلے پانچ سالہ دور اقتدار (1996ء تا 2001ء)میں کیا تھاجن میں موسیقی سننے سے لے کر داڑھی منڈوانے تک پر پابندی تھی۔

  پہلے بھی طالبان کے رجعت پسندانہ اقدام سے خواتین ہی سب سے زیادہ متاثر ہوئی تھیں اور ابھی بھی سب سے زیادہ مصائب کا سامنا ان ہی کو کرنا پڑ رہا ہے۔وزیر اعلیٰ تعلیم ندا محمد ندیم نے یونیورسٹیوں میں خواتین کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کی وجہ یہ بتائی کہ وہ ایسے لباس پہن کر کالج آتی تھیں گویا شادی میں شرکت کے لئے آئی ہوں۔اب اس طالبانی انداز فکرکے سامنے کیا عقل و استدلال کی کوئی گنجائش رہ جاتی ہے؟ کیا خواتین کو تعلیم سے محروم رکھناطالبان کا کوئی خصوصی ایجنڈا ہے؟کیا طالبان کو حقوق نسواں کی پامالی کالائسنس ملا ہوا ہے؟ اور سوال یہ بھی ہے کہ طالبان کی نگاہ میں تمام بندشوں اور پابندیوں کی مستحق صرف خواتین ہی کیوں ہیں؟

 طالبان کے تاناشاہی فیصلے پر دنیا بھر میں تنقید کی جارہی ہے۔ طالبان افغانستان کی سفارتی تنہائی دور کرنے اور عالمی قبولیت حاصل کرنے کیلئے جد و جہد کررہے ہیں۔ کیا انہیں یہ اندازہ نہیں ہے کہ ان کے حالیہ اقدام سے ان کی راہ اور زیادہ مشکل ہو جائے گی؟کیا انہیں علم نہیں ہے کہ عالمی برادری کا باضابطہ رکن بننے کی توقع وہ تب تک نہیں کرسکتے ہیں جب تک وہ تمام افغان شہریوں خصوصاً خواتین کے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا احترام نہیں کرتے ہیں؟

29 دسمبر،2022، بشکریہ: انقلاب،نئی دہلی

URL:  https://newageislam.com/urdu-section/taliban-will-ever-change/d/128738

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..