New Age Islam
Sun May 18 2025, 06:38 PM

Urdu Section ( 23 Dec 2024, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

The Spritual Relations Between Sir Syed Ahmad Khan And Narendra Modi سر سید احمد خان اور نریندرمودی کا روحانی رشتہ

سہیل ارشد، نیو ایج اسلام

23دسمبر،2024

روحوں کی دنیا پراسرار ہوتی ہے اور زمانہ ء قدیم سے ہی انسان روحوں کے اسرار سمجھنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔ مختلف قوموں اور مختلف خطوں کے عوام میں روحوں کے متعلق مختلف عقائد و نظریات زمانہء قدیم سے ہی پائے جاتے ہیں۔ انسان روحوں کی حقیقت جاننے کی کوشش کرتا رہا ہے اور اس موضوع پر تحقیق بھی کی گئی ہے۔جدید دور میں روحوں کے اسرار کو حل کرنے اور ان کے طرز عمل پر تحقیق میں شدت آگئی ہے اور مغرب اور مشرق کے ریسرچر اور اسکار اس موضوع پر تحقیق میں مصروف ہیں .اس تحقیق کے نتیجے میں روحوں کے متعلق حیرت انگیز حقائق سامنے آرہے ہیں۔ یہ حقائق اتنے پختہ ہیں کہ ان کی تردید یا انکار مشکل ہے۔ نیز ، روحوں پر زیادہ شدت اور سنجیدگی سے تحقیق کا کام مغربی سائنس داں کررہے ہیں۔ ان میں جو سب سے زیادہ نمایاں محقق اور سائنس داں ہیں ان کا نام ڈاکٹر والٹر سیم کیو ایم ڈی (Walter Samkew) ہے۔ ڈاکٹر سیم کیو ماہر نفسیات ہیں اور انہوں نے اپنے مریضوں کے نفسیاتی امراض کا علاج کرتے کرتے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ان کی بیماری کا تعلق ان کے پچھلے جنم سے ہوسکتا ہے۔ لہذا ، انہوں نے پنر جنم یا نشاة الآول کی تھیوری کا مطالعہ کرنا شروع کیا۔ ہندوستانی مذاہب میں پنرجنم میں عقیدہ ایک بنیادی عقیدہ ہے جس کو کچھ ہندوستانی اسکالر اور دانشور ہی غیر سائنسی مانتے ہیں لیکن مغرب میں جدید تحقیقات کے نتیجے میں پنر جنم یا نشاة الآخر کو ایک حقیقت تسلیم کرلیا گیا ہے۔ اور ڈاکٹر والٹر سیم کیو کو اس علم کا ماہر تسلیم۔کرلیا گیا ہے۔ انہیں  اس موضوع پر منعقدہ عالمی  کانفرنسوں  اور سیمیناروں میں بحیثیت مقرر بلایا جاتا ہے ۔

سر سید احمد خان اور نریندرمودی

------------

والٹر سیم کیو نے دنیا کے مشہور سیاست دانوں ، سائنسدانوں ، فلمی ہستیوں سماجی شخصیات اور ادیبوں کے پچھلے جنم پر تحقیق کرکے یہ پایا کہ ماضی کی مشہور شخصیات  دوسرا جنم لے کر اس دور میں بھی سماجی ،سیاسی اور سائنسی میدانوں میں نمایاں موام حاصل کیا ہے یعنی ماضی کے جارج واشنگٹن ، شکیسپئیر ، امبیڈکر ، گاندھی وغیرہ آج بھی ہمارے درمیان دوسرا جنم لے کر بدلے ہوئے نام،  شکل اور مذہب کے تحت موجود ہیں ۔

والٹر سیم کیو نے اس موضوع پر تحقیق کرکے دو کتابیں تصنیف کیں۔ ایک کا نام ریٹرن آف ریولیوشنریز یعنی انقلابی شخصیات کی واپسی اور دوسری کتاب کا نام بورن اگین یعنی پنرجنم ہے۔ پنر جنم 2011ء میں شائع ہوئی تھی۔ اس کتاب میں امیتابھ بچن ، راجیوگاندھی ، نانا,صاحب، اندراگاندھی ، بھیم راؤ امبیڈکر ، ہری ونش رائے بچن کے پچھلے جنم کی مشہور شخصیات سے روحانی رشتہ دکھا یا گیا ہے۔ مثال کے طور پر انیسویں صدی کے انگلینڈ کے سب سے بڑے ٹھئٹر اداکار ایڈون بوتھ نے ہی آج کے امیتابھ بچن کی شکل۔میں جنم لیا ہے۔ایڈوین بوتھ کو بھی ان کے دور میں بگ بی کہا جاتا تھا۔ آزادی کی تحریک میں شامل نانا صاحب نے اندرا گاندھی کی شکل میں جنم لیا۔ بھیم راؤ امبیدکر نے کسی یوروپی ملک میں ایک خاتون سوشل ورکر کے روپ میں جنم۔لیا ہے  اور شیکسپئر بھی ایک انگریز ادیب کی شکل میں اکیسویں صدی میں ,موجود ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ میر و غالب بھی ہمارے درمیان یا دنیا کے کسی دوسرے ملک میں نام اور مذہب بدل کر موجود ہوں۔

والٹر سیم کیو نے اپنی کتاب میں دعوی کیا ہے کہ انہیں  روحوں کے پچھلے جنم کی شکل کے متعلق علم اور حقائق ایک قدیم روح اہتون رے سے حاصل۔ہوا ہے۔ اہتون رے مصر کی ایک روح ہے جس سے والٹر سیم کیو رابطہ قائم کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اہتون رے سوال جواب سیشن کے دوران ایک انسان کے جسم۔میں داخل ہوتی ہے اور والٹر سیم کیو کے سوالوں کے جواب دیتی ہے۔اسی کی مدد سے والٹر سیم کیو نے مشہور شخصیات کے پچھلے جنم کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ان معلومات کو کتابی شکل میں پیش کرکے روحوں کے متعلق انسانی۔معلومات میں اضافہ کیا۔

چونکہ سیم کیو کی کتاب 2011ء۔میں شائع ہوئی تھی۔ اس لئے اس کتاب میں بہت سی موجودہ شخصیات کے پنر جنم  کا ذکر نہیں آسکا تھا۔ لہذا، انہوں نے دیگر عالمی شخصیات پر تحقیق کرکے ان کے پچھلے جنم کی تفصیلات اپنے ویب سائٹ پر ڈالی ہیں۔ ان شخصیات میں ایلون مسک (Elon Musk) ، جو بائیڈن (Joe Biden) ، ڈونالڈ ٹرمپ (Donald Trump) ، پوتن (Putin)اور پرینکا چوپڑہ (Priyanka Chopra) کے علاوہ ہندوستان کے موجودہ وزہراعظم مودی کے پچھلے اوتار کا بھی ذکر ہے۔موجودہ دور کے ایلون مسک ماضی کے مشہور سائنس داں تھامس ایڈیسن  (Thomas Edison)ہیں۔موجودہ دور کی فلمی اداکارہ پرینکا چوپڑہ  مشہور فرانسیسی اداکارہ موسی دورا( Musi Dora ) ہیں اور اس دور میں ان کے ساتھی اداکار فرناند ہرمین  (Fenand Hermann) موجودہ دور میں ان کے شوہر نک جوناس  (Nick Jonas )ہیں۔جو بائیڈن قدیم رومن شہنشاہ تھیڈوسیئس اول (Theodosius I) ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ اور روسی صدر پوتن بھی رومن شہنشاہوں کی موجودہ شخصیت ہیں۔

سب سے چونکا دینے والا اور حیرت انگیز دعوی سیم کیو نے یہ کیا ہے کہ انیسویں صدی کے عظیم مسلم دانشور ، ادیب اور علی گڈھ مسلم۔یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خان نے ہی  بیسیوں صدی میں  نریندر مودی کی شکل میں جنم لیا ہے اور یہ جان کاری انہیں انکے روحانی گائیڈ اہتون رے نے دی ہے۔  سیم کیو لکھتے ہیں:

۔اہتون رے نے مجھے بتایا کہ نریندر مودی ایک نمایاں ہندوستانی مسلم سیاست داں تھے جنہوں نے سب سے پہلے ایک خود مختار مسلم ریاست کی تجویز پیش کی تھی جو بالآخر پاکستان کی تشکیل پر منتج ہوئی۔کچھ تحقیق کے بعد "اہتون رے نے اس بات کی توثیق کی کہ نریندر مودی ہی سید احمد خان لا نیا اوتار ہیں۔سید احمد خاں ایک مسلم تھے جبکہ نریندر مودی ہندو مذہب کے پیروکار ہیں ۔ اس بات کا علم کہ روحیں ایک جنم۔سے دوسرے جنم میں منتقل ہونے پر مذہب ، نسلی وابستگی اور قومیت بدل سکتی ہیں ایک۔مزید پرامن دنیا کی تعمیر میں معاون ہوسکتا ہے کیونکہ زیاہ تر تصادمات انہی ثقافتی اختلافات اور تفریق پر مبنی ہوتے ہیں۔"۔

بہت سے مسلمان سیم کیو کے اس دعوے کو مسترد کردیں گے  اور اسے کسی روحانی مخلوق کی گمراہ کن باتوں سے تعبیر کریں گے ۔ بہر حال ، خود ہندوستان میں آج بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو یہ دعوی کرتے ہیں کہ انہیں اپنا پچھلا جنم معلوم ہے بلکہ وہ اپنے پچھلے جنم۔کے گھر اور اپنے عزیزوں کو بھی جانتے ہیں  اور اس گھر اور خاندان کے بارے میں ساری باتیں بتاتے ہیں۔ ہندو صحیفوں میں یہ لکھا ہوا ہے کہ جو لوگ اپنے پچھلے جنموں کے بارے مہں جانتے ہیں ان کو جات سمر کہا جاتا ہے۔ اس کا معنی جنم کو یاد رکھنے والا۔ شری کرشن جات سمر تھے۔وہ ارجن سے کہتے ہیں کہ۔میں اپنے تمام پچھلے جنموں کو جانتا ہوں۔ آج بھی ایسے سائیکک ہیلر ہیں جو اپنے پچھلے جنموں کے بارے میں جانتے ہیں۔

روحوں کے طرز عمل پر تحقیقات کے مطابق  روحیں اپنے دوسرے جنم میں قومیت ، مذہب ، جنس ، زبان  اور ملک بدل سکتی ہیں۔ کچھ روحیں پچھلے جنم میں ہونے والے واقعات اور صدمات کی بنا پر انتقامی مزاج بھی رکھتی ہیں۔ پچھلے جنم میں حاصل ہونے والی نیکیوں کی بدولت انہیں دوسرے جنم۔میں اعلی رتبہ یا عہدہ ملتا ہے یا پچھلے جنم میں حاصل ہونے والے علم۔اور ہنر کی بدولت کوئی شخص دوسرے جنم میں کسی خاص شعبے یا فن میں ماہر ہوتا ہے۔ اسی لئے کچھ لوگ بچپن سے ہی کسی کھیل میں یا فن میں ماہر ہوتے ہیں جبکہ وہ فن انہیں کوئی نہیں سکھاتا۔ اس فن کا علم اس کے حافظے یا شعور میں جمع ہوتا ہے جو عمر کے ساتھ ظاہر ہوتا ہے۔ پچھلے جنم کی ادھوری خواہشیں بھی اس جنم میں انسان کو اس خواہش کی تکمیل کے لئے جدوجہد کی طرف مائل کرتی ہیں۔

سرسید اور نریندر مودی کے درمیان سیم کیو کے بیان کی روشنی میں جو روحانی رشتہ ہے اس کا تجزیہ مشکل نہیں ہے۔جوتشی شویتا تیواری نے نریندر مودی اور سرسید کی شخصیتوں میں امتیازات کے ساتھ ساتھ مماثلت کا بھی ذکر کیا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ سرسید اور مودی دونوں کا بنارس سے خاص رشتہ ہے۔ نوکری کے دوران سید احمد کو بنارس ٹرانسفر کیا گیا تھا اور مودی نے بنارس سے ہی انتخاب لڑا اور جیتے۔ سید احمد نے اپنے نظریات کی اشاعت کے لئے رسالے جاری  کئے اورمودی نے بھی میڈیا کا بھرپور استعمال کیا ہے۔

سرسید اپنے زمانے کے مطابق جدید طرز فکر رکھتے تھے اور اپنی قوم کے تئیں فکر مند بھی تھے۔ وہ مسلمانوں کی دقیانوسی سوچ میں اصلاح لانا چاہتے تھے اور انہیں جدید دور کے ساتھ چلنے کی ترغیب دیتے تھے۔ وہ کئی۔معاملوں میں مسلمانوں کے طرز عمل سے متفق نہیں تھے جس کی وجہ سے انہیں مسلمانوں کی مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ انہیں  خود مسلمانوں نے برا بھلا کہا ۔ ظاہر ہے مسلمانوں کے اس سلوک سے ان کی روح اندر ہی اندر پیچ تاب کھاتی ہوگی۔ ان کے اندر قوم کے اس سلوک سے دکھ اور درد پل رہا ہوگا اور یہی دکھ اور درد وہ اپنے دل میں لئے دنیا سے رخصت ہوئے ہونگے۔

والٹر سیم کیو کی اس ساری تحقیق اور خاص کر مودی اور سرسید کے درمیان اس روحانی رشتے  کے دعوے میں کتنی سچائی ہے  یہ کہنا مشکل ہے لیکن  اس تحقیق نے روحوں کے معاملات کو حل کرنے کے بجائے اور بھی زیادہ پراسرار بنادیا ہے اور روحوں کے متعلق انسانوں کے تجسس میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ۔مستقبل میں روحوں پر اور بھی حیرت انگیز انکشافات ہونگے۔

بہر حال ، اس تحقیق سے دنیا میں نسلی ، مذہبی ،لسانی اور علاقائی تعصب اور اختلافات کو ختم کرنے میں مدد ملے گی ۔ جب انسان کو معلو م ہوگا  کہ وہ پچھلے جنم میں ہندو تھا اور اس جنم میں مسلمان ہے اور اگلے جنم میں کسی اور مذہب کا پیروکار ہوگا تو اس کے اندر سے مذہبی تعصب اور کٹرتا ختم ہوگی ۔

---------------------

URL: https://newageislam.com/urdu-section/sir-syed-ahmad-khan-spritual-relations/d/134107

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism

 

Loading..

Loading..