New Age Islam
Wed Feb 12 2025, 10:38 AM

Urdu Section ( 1 Sept 2016, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Unfortunate Stand of OIC او آئی سی کا افسوس ناک موقف

 

 

 

شکیل شمسی

23 اگست، 2016

اسلامی ممالک میں آپسی تعاون کو بڑھانے کےلئے بنائی جانے والی تنظیم آرگنائزیشن آف اسلامک کنٹریز (جس کو عربی میں منظمۃ التعاون الاسلامی کہا جاتا ہے) نےاپنے ایک متنازعہ بیان میں کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی موقف کی تائید کرکے کروڑوں ہندوستانی مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ کل اسلام آباد میں پاکستانی حکومت کے خارجی امور کے مشیر سر تاج عزیز کے ساتھ ایک ملاقات میں او آئی سی کےسیکریٹری جنرل ایادبن امین المدنی نے یہ کہہ کر سب کو حیران کردیاکہ کشمیر ہندوستان کا داخلی معاملہ نہیں ہے اور کشمیر کی خراب ہوتی صورتحال پر بین الاقوامی برادری کو توجہ دینا چاہئے ۔ خیال رہے کہ المدنی سعودی عرب کی کابینہ میں کئی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں او رمجلس شوریٰ کےرکن بھی رہے ہیں وہ پہلے ایسے سعودی ہیں جن کو اس عہدے پر کام کرنے کا موقع ملا۔

 سعودی عرب سے ہندوستان کے کافی قریبی تعلقات رہے ہیں اس لئے ان سے اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ بیان کی امید کسی کو نہیں تھی ۔واضح ہو کہ اسرائیلی افواج کے ساتھ چھ روزہ معرکہ آرائی میں شام، مصر اور اردن کی فوجوں کے شکست کھانے کےبعد دنیا بھر کے مسلمانوں کو یہ خیال آیا کہ ان کی بھی ایک تنظیم ہو جو آپس میں تعاون کرے۔ اس تنظیم کے قیام کےوقت ہی سے تقریباً تمام مسلم ممالک اس کے ممبر ہیں ۔ ان میں کئی ایسے ممالک بھی ہیں جن کی کل آبادی ہندوستان میں آباد مسلمانوں کے مقابلے میں آدھی یا ایک چوتھائی ہے۔ بلکہ یوں کہا جائے تو درست ہوگا کہ انڈونیشیا اور پاکستان کے بعد مسلم آبادی کے لحاظ سے ہندوستان تیسرا ملک ہے۔ اسی سبب سے ہندوستان کو بھی اس میں ممبر بنایا جانا چاہئے تھا، لیکن او آئی سی نے اس کو منظور نہیں کیا ویسے بھی یہ تنظیم ایک کاغذ کے پلندے کے سوا کچھ نہیں ہے، کیونکہ مسلمانوں کےدرمیان کسی مسئلے کو حل کرنے میں اس کا کوئی رول نہیں رہا۔ اس تنظیم کی سرگرمیاں صرف کانفرنسوں کے انعقاد تک محدود رہی ہیں ۔ 1969 ء میں مراکش میں ہونے والی پہلی کانفرنس سےلے کر آج تک اس تنظیم کے 13عام اجلاس اور پانچ ہنگامی اجلاس منعقد ہوئے ہیں ، لیکن کاغذی کارروائی کے علاوہ آج تک اس تنظیم نے کچھ نہیں کیا۔

بیان دینے کے علاوہ کوئی دوسرا کام یہ تنظیم کرنے کے قابل ہے بھی نہیں ۔ اس کے زیادہ تر ممبر ان مغرب نواز ہیں اس لئے کبھی یہ تنظیم امریکہ اور اسرائیل کے خلاف کوئی سخت بات نہیں کہہ سکی ۔ اس کے ممبر ایک دوسرے پر حملے کرتے رہے اور او آئی سی تماشہ دیکھنے کے علاوہ کچھ نہیں کر سکی یا اگر بہت کیا تو امریکہ کی پالیسی کےمطابق بیان جاری کریا۔ اسی طرح دہشت گردی سے نمٹنے میں بھی کوئی پہل نہیں کر سکی یہ تنظیم؟ مسلمانوں کی فلاح اس کے منشور میں کبھی نہیں رہی۔ کیا اس نے کبھی اس بات کی کوشش کی کہ مسلم ممالک میں رہنے والے مسلمان ایک دوسرے کے یہاں اسلامی قوانین کےمطابق آئیں اور جائیں؟ کیا ویزہ اور پاسپورٹ پر مبنی بدعتی اور غیر اسلامی امیگریشن نظام ختم کر کےسفر اور ہجرت کے اسلامی قوانین نافذ کرنے پر کبھی اس تنظیم نے غور کیا؟ مسلمانوں کی فلاح و بہبود کی طرف دھیان دینے کے بجائے یہ تنظیم سیاسی بیان بازی میں مصروف رہتی ہے، کشمیر پر بیان بھی اسی کا حصہ ہے۔

 اس سیکریٹری جنرل سے کوئی پوچھے کہ ترکی کے جنوب مشرق حصہ میں بھی بالکل کشمیر کےجیسے حالات ہیں، وہاں بھی کئی دہائیوں سےعلاحدگی پسندانہ تحریک چل رہی ہے، لیکن او آئی سی نے ترکی سے کبھی کیوں نہیں کہا کہ یہ اس کا داخلی معاملہ نہیں ہے؟ بلوچی مسلمان بھی پاکستان سے آزادی چاہتے ہیں مگر او آئی سی مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ صرف کشمیر کا مسئلہ اس کو بین الاقوامی مسئلہ کیوں لگتا ہے؟ کیا او آئی سی سے ہندوستان کےساڑھے 17 کروڑ مسلمانوں کو یہ بات پوچھنے کا حق نہیں ہے کہ کشمیر پر اس کا کوئی حق کیوں نہیں ہے اور پاکستان کے 18 کروڑ 20 لاکھ مسلمانوں کا حق کیوں ہے؟ کیا کشمیریوں کی 70 اور 60 فیصد آبادی کو ہندوستانی انتخابات میں حصہ لینا اس بات کی دلیل نہیں ہے کہ کشمیریوں کی اکثریت ہندوستان کےساتھ الحاق کو تسلیم کر چکی ہے؟ ہم جانتے ہیں کہ او آئی سی ہندوستانی مسلمانوں کی فلاح و بہبود کےلئے کوئی قدم اٹھانے کے قابل نہیں ہے لیکن کم سے کم وہ اس طرح کے بیانات دے کر مسلمانوں کے خلاف چل رہی منافرت کی لہر کو مزید زہر یلا تو نہ کرے۔

23 اگست، 2016 بشکریہ : انقلاب ، نئی دہلی

URL: https://newageislam.com/urdu-section/unfortunate-stand-oic-/d/108425

New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Womens in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Womens In Arab, Islamphobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism,

 

Loading..

Loading..