New Age Islam
Sat Apr 01 2023, 02:31 PM

Urdu Section ( 15 Jun 2016, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Prove Yourself a Muslim, Not a Kafir to Others دوسروں کو کافر نہیں خود کو مسلماں ثابت کیجئے

 

 

 

شکیل شمسی

16 جون، 2016

آج دہشتگردی کو جس طرح اسلام سےوابستہ کردیا گیا اور دہشتگردوں کی طرف سے اسلام کےنام پر جتنے غیر انسانی اور غیر اسلامی کام انجام دئے جارہےہیں اس نے دنیا کے طول و عرض میں آباد مسلمانوں کو زبردست قسم کے ذہنی تناؤ میں مبتلا کرد یا ہے۔ بہکے ہوئے اوراسلام سے خارج مسلمانوں کی وجہ سے آج تمام مسلمانوں کو بدامنی پھیلانے کا ذمہ دار قرار دے کر دنیابھر میں اسلام مخالف بیان بازی کی دوڑ سی چل رہی ہے۔ اسی بیان بازی کی وجہ سے امریکہ میں ڈونالڈٹرمپ جیسے نسل پرست کو اتنی مقبولیت ملی کہ صدارتی نامزدگی کی ریس میں سے رپبلیکن پارٹی کے سب امیدوار باہر ہوگئے۔ ایک ڈونالڈ ٹرمپ کیا امریکہ میں نائن الیون کے بعد سے اب تک مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کے گیارہ ہزار ایسے واقعات ہوچکے ہیں جن کی ڈپارٹمنٹ آف جسٹس تک شکایت پہنچی ہیں اور فلوریڈا میں نائٹ کلب پر حملے کے بعد امریکی مسلمانوں کو جس نفرت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔ادھر ہمارے ملک میں بھی صورتحال کوئی اچھی نہیں یہاں بھی زہر افشانی کرنے والا ٹولہ مسلسل سر گرم ہے، اگر مسلمانوں کے خلاف دئے جانے والے بیانات کا کوئی ریکارڈ یہاں موجود ہوتاتو زہر افشانی کے واقعات کی تعداد لاکھوں میں پہنچ جاتی ۔ ایسے حالات میں ہم سب پر واجب تھاکہ اپنے کردار او رعمل سے دہشتگردوں کے عمل کی تردید کرتے اور اسلام کی اصلی تصویر دنیا کے سامنے پیش کر کے زہر یلی زبانوں کو بند کرتے، مگر افسوس کی بات کہ دہشتگردی کی مخالفت کرنے کے بجائے مسلمانوں کو مسلکوں او رمکتبوں کی بحث میں الجھا یا جارہاہے ۔

اس کاذکر اس لئے کررہا ہوں کہ چند روز قبل مجھے وہاٹس ایپ پر ایک پمفلٹ ایسا بھیجا گیا جس میں ایک مسلک کے لوگوں کو قرآن اور حدیث سے کافرثابت کیا گیا تھا اور ان سے کوئی رابطہ نہ رکھنے کی اپیل کی گئی تھی۔اتفاق سےیہ اپیل مجھے سادھوی پراچی کے ‘‘مسلم مکت بھارت’’ نعرے والا بیان چھپنے کے تین دن بعد ملا تھا۔ مسلکی نفرت پرمبنی وہ پمفلٹ دیکھ کر میں سوچنے لگا کہ آج جب فسطائی طاقتیں مسلمانوں کا جینا دشوار کرنے کی کوشش میں لگی ہیں تو کون سے ایسے اسلام کے ہمدرد مولوی پیدا ہوگئے ہیں جو اس وقت مسلکی بحث چھیڑ کر اپنے مسلک کو فلک کی بلندیوں پر لے جاناچاہتے ہیں؟ سچ کہوں تو میرے دل میں پہلا خیال یہی آیا کہ پمفلٹ بانٹنے والوں کی کہیں فسطائی طاقتوں سے ساز باز تو نہیں، کہیں مسلم مکت بھارت ابھیان کا یہ بھی کوئی حصہ تو نہیں کہ مسلمانوں کو آپس میں لڑایا جائے؟ ایک قابل غور بات یہ ہے کہ مسلمانوں میں پھوٹ ڈالنے والے یہ پرچے مغربی اتر پردیش کے ایک شہر سےجاری ہوئے ہیں اور آپ تو جانتےہیں کہ آج کل مغربی یوپی کے کیرانہ کا ندلا علاقوں پر بھگوا برگیڈ کی مہربانیاں کچھ زیادہ ہی ہیں ۔

 میں یہی سوچ رہاتھا کہ پمفلٹ چھاپنے والوں نے کیا کبھی سنگھ پریوار کے عقائد کی مخالفت میں پرچہ چھاپنے کا حوصلہ دکھایا ہے؟ کیا دہشتگردوں کے خلاف ایک سطر میں لکھ کر تقسیم کرنےکی ہمت کبھی مسلکی بخار میں مبتلا لوگوں نے دکھائی ہے؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ خود کو مسلمان ثابت کرنے میں ناکام ہونے کی وجہ سے دوسروں کو کافر کہہ کر اپنے دل کو بہلا رہا ہو مفسدوں کا ٹولہ ؟ ہم سب جانتے ہیں کہ چھ سات دہائی قبل دنیا میں تکفیری فرقے نےجنم لیا ہے اور یہ فرقہ اپنے علاوہ تمام مسلمانوں کو کافر سمجھتا ہے ۔ اسی فرقے کے بطن سے داعش ، النصر ہ اور بوکو حرام جیسی دہشت گرد تنظیمیں پیدا ہوئی ہیں، کہیں ایسا تو نہیں کہ تکفیری فرقہ ہندوستان میں بھی کسی مسلک کا نام اوڑھ کر اسلام کی جڑیں کھودنے کےلئے نکل پڑاہو؟یہ بات بھی قابل غور ہےکہ ہندوستان میں اس وقت وہ مسائل کیوں اٹھائے جارہے ہیں جو چودہ سو سال سےحل نہیں ہوسکے؟ صدیوں سےایک دوسرے کی رد میں موٹی موٹی کتابیں او ر مناظرے پر مبنی ضخیم رسالے مسلم علما لکھ رہے ہیں ، لیکن ان سے نہ تو کوئی فرقہ ختم ہوا اورنہ کسی ایک مسلک نے دوسرے کے دلائل کو تسلیم کیا۔ اب ہندوستان کے کچھ شہروں میں اردو یا ہندی تحریر کئے گئے چند پرچوں سےمعاشرے میں فساد پھیلنے کےعلاوہ کون سی تبدیلی رونما ہو جائے گی؟ آخر میں پھر دوہرا دوں کہ دوسرے مسلمانوں کو کافر کہہ کر خود کو کوئی بھی فرد مسلمان ثابت نہیں کرسکتا، نہ یہاں اور نہ آخرت میں ۔

16 جون 2016 بشکریہ : انقلاب ،نئی دہلی

URL: https://newageislam.com/urdu-section/prove-yourself-muslim,-kafir-others/d/107651

New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Womens in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Womens In Arab, Islamphobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism,

 

Loading..

Loading..